جمعرات : 06 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت: بابری مسجد کے انہدام کی 26ویں برسی، سکیورٹی انتہائی سخت[/pullquote]

بھارت میں ہندوؤں کے ہاتھوں بابری مسجد کے انہدام کی چھبیسویں برسی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ممکنہ جھڑپوں کے پیش نظر بھارتی پولیس کے تقریبا دو ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ انتہاپسند ہندوؤں نے سن انیس بانوے میں ایودھیا کی اس مسجد پر حملہ کرتے ہوئے اس کو منہدم کر دیا تھا۔ اس کے بعد شروع ہونے والے فسادات میں ہزاروں افراد مارے گئے تھے، جن میں زیادہ تر تعداد مسلمانوں کی تھی۔ ہندو اس مسجد کی جگہ ایک مندر تعمیر کرنا چاہتے ہیں، جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ماضی میں اس منصوبے کی حمایت کر چکے ہیں۔ یہ مقدمہ ابھی تک عدالت میں بھی زیر سماعت ہے۔

[pullquote]یمن امن مذاکرات، قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق سویڈن میں شروع ہونے والے امن مذاکرات میں فریقین نے قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کر لیا ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ کی ثالثی میں ان مذاکرات کا آغاز کرتے ہوئے سویڈن کی وزیر خارجہ مارگوٹ والشٹروئم نے فریقین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ یمن میں خون خرابے کا خاتمہ ممکن بنائیں۔ سعودی حمایت یافتہ یمنی عسکری اتحاد اور ایرانی حمایت یافتہ باغیوں کی اس چار سالہ جنگ میں اب تک دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت یمن کو دنیا کے بدترین انسانی المیے کا سامنا ہے۔

[pullquote]پوپ فرانسس ابوظہبی کا دورہ کریں گے[/pullquote]

مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس ابوظہبی کا دورہ کریں گے۔ ویٹی کن سٹی سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وہ آئندہ برس فروری میں ہونے والی ایک بین المذاہب کانفرنس میں شرکت کے لیے وہاں جائیں گے۔ یہ کانفرنس تین سے پانچ فروری تک جاری رہے گے۔ پوپ فرانسس کو اس میں شرکت کا دعوت نامہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔ اس ملک میں کیتھولک مسیحیوں کی ایک چھوٹی سی کمیونٹی آباد ہے۔

[pullquote]افغان پارلیمانی انتخابات: کابل صوبے میں ڈالے گئے تمام ووٹ کالعدم قرار[/pullquote]

افغانستان کے مرکزی صوبے کابل میں ڈالے گئے تمام ووٹوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔ افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد اکتوبر میں کیا گیا تھا۔ آزاد انتخابی کمیشن کے اس فیصلے کو افغانستان کے لیے ایک زور دار دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ افغان الیکشن کمیشن نے اس کی متعدد وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران بڑے پیمانے پر ووٹوں میں ہیر پھیر کی گئی تھی۔ اس صوبے میں دس لاکھ سے زائد افغان شہریوں نے ووٹ ڈالے تھے۔ دوبارہ انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ فی الحال نہیں کیا گیا۔ ممکنہ طور پر اب یہ پارلیمانی انتخابات اپریل کے اواخر میں صدارتی انتخابات کے ساتھ کروائے جا سکتے ہیں۔

[pullquote]ایران: چابہار میں بم حملہ، کم از کم تین افراد ہلاک[/pullquote]

ایران میں ایک پولیس چوکی پر کیے جانے والے حملے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ ایران کے جنوب مشرق میں واقع بندرگاہی شہر چابہار میں کیا گیا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے اس حملے کو ’دہشت گردانہ کارروائی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ایرانی نیوز ایجنسی ارنا نے اسے ایک کار حملہ قرار دیا ہے۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک شدید دباؤ میں[/pullquote]

تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ویانا میں اس تنظیم کے رکن ممالک تیل کی پیداوار میں ممکنہ کمی کے حوالے سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بدھ کی شام ایسے اشارے سامنے آئے تھے کہ اوپیک اور روس کی طرح خام تیل پیدا کرنے والے دیگر ممالک مستقبل میں زمین سے کم تیل نکالیں گے۔ اکتوبر کے بعد سے عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں تیس فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کی پیداوار میں کمی نہ کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ سعودی عرب مشکل صورتحال سے دوچار ہے کیوں کہ خاشقجی قتل کے بعد ریاض حکومت امریکا کو مزید ناراض نہیں کرنا چاہتی۔

[pullquote]قطر تنازعے کے باوجود خلیجی عرب بلاک مضبوط ہے، یو اے ای[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کے مطابق قطر تنازعے کے باوجود خلیج تعاون کونسل کا وجود برقرار رہنا چاہیے اور یہ اتحاد ابھی تک مضبوط ہے۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے یہ بيان اس اتحاد کے سالانہ اجلاس سے ایک ہفتہ قبل جاری کیا گیا ہے۔ گزشتہ جون سے سعودی عرب، یو اے ای، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر رکھے ہیں۔ اس چھ رکنی خلیجی کونسل کا قیام سن انیس سو اسی ميں بڑے ہمسایہ ممالک ایران اور عراق کے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر عمل میں لایا گیا تھا۔

[pullquote]عالمی سطح پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں اضافہ[/pullquote]

نئی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں سبز مکانی گیسوں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ تحقیقی ادارے ’گلوبل کاربن پروجیکٹ‘ کے مطابق سن دو ہزار اٹھارہ میں جلائے جانے والے تیل اور گیس کی وجہ سے ضرر رساں گیسوں میں دو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب دو سو ممالک کے وفود پولینڈ میں ہونے والی سالانہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شریک ہیں۔ اس کا مقصد سن دو ہزار پندرہ کے دوران پیرس میں ہونے والے عالمی ماحولیاتی معاہدے پر عمل درآمد ممکن بنانا ہے۔

[pullquote]حماس کے بارے میں مذمتی قرارداد پر جنرل اسمبلی ميں رائے دہی آج[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ميں آج ايک ایسی قرارداد پر رائے دہی ہو رہی ہے، جس ميں اسرائيل پر راکٹ حملے کرنے کی وجہ سے حماس کی مذمت کی گئی ہے۔ اس قرارداد کے مسودے ميں يہ مطالبہ بھی کيا گيا ہے کہ حماس سمیت فلسطينی علاقوں ميں سرگرم تمام جنگجو قوتيں تمام اشتعال انگيز سرگرمياں ترک کريں۔ قرارداد ميں مغربی کنارے اور غزہ پٹی کو فلسطينی اتھارٹی کے تحت متحد کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اگر يہ قرارداد منظور ہو جاتی ہے، تو يہ پہلا موقع ہو گا کہ 193 رکنی جنرل اسمبلی حماس کی مذمت ميں کوئی قرارداد منظور کرے گی۔

[pullquote]یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے نئے امن مذاکرات کا آغاز[/pullquote]

یمن میں جاری خانہ جنگی کو تقریبا چار برس مکمل ہونے والے ہیں اور اب اقوام متحدہ کی ثالثی میں نئے امن مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے۔ سویڈن میں ہونے والے ان مذاکرات میں حکومتی اور حوثی باغیوں کے نمائندے شریک ہیں۔ چار برس سے جاری خانہ جنگی کے دوران دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت یمن کو دنیا کے بدترین انسانی المیے کا سامنا ہے۔ اس ملک میں صدر منصور ہادی کو سعودی عرب جب کہ ان کے خلاف لڑنے والے حوثی باغیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔

[pullquote]پہلی مرتبہ میکسیکو شہر کی خاتون سربراہ منتخب[/pullquote]

بائیں بازو کی خاتون سیاستدان کلاؤڈیا شائن باوم کو میکسیکو شہر کی میئر منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ اس لاطینی امریکی شہر کی تاریخ میں پہلی خاتون مئیر ہوں گی۔ اس چھپن سالہ خاتون کی تقریب حلف برداری میں میکسیکو کے صدر بھی شریک ہوئے۔ صدر لوپیز اوبراڈور سن دو ہزار سے سن دو ہزار پانچ تک کروڑوں کی آبادی والے اس شہر کے مئیر رہ چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان ميں امن مذاکرات سے قبل تشدد ميں اضافہ ممکن، نيٹو[/pullquote]

نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اشٹولٹن برگ نے خدشہ ظاہر کيا ہے کہ افغانستان ميں قيام امن کے مذاکرات سے قبل تشدد ميں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے يہ بات برسلز ميں مغربی دفاعی اتحاد کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ايک اجلاس سے اپنے خطاب ميں بدھ کی شب کہی۔ اشٹولٹن برگ کے بقول امن مذاکرات ميں مضبوط پوزيشن کی خواہش ميں مختلف فريق اپنی اپنی پر تشدد کارروائياں بڑھا ديتے ہيں۔ نيٹو کا مشن افغان حکومت کو سالہا سال سے معاونت فراہم کر رہا ہے۔

[pullquote]کابل ميں رائے دہی کے نتائج غير موثر، افغان اليکشن کميشن[/pullquote]

افغانستان کے اليکشن کميشن (IECC) نے اکتوبر ميں ہونے والے پارليمانی انتخابات کے دوران دارالحکومت کابل ميں ہونے والے رائے دہی کے عمل کو غير موثر قرار دے ديا ہے۔ اس بارے ميں اعلان جمعرات چھ دسمبر کی صبح کيا گيا۔ فی الحال اس بارے ميں مزيد تفصيلات دستياب نہيں۔ شورش زدہ ملک افغانستان ميں پارليمانی انتخابات بيس اکتوبر کو ہوئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے