[pullquote]شام کے مشرقی حصے میں داعش کے آخری گڑھ میں شدید لڑائی[/pullquote]
داعش اور امریکی حمایت یافتہ کُردش سیریئن جنگجوؤں کے درمیان شام کے مشرقی حصے میں دہشت گرد گروپ داعش کے زیر قبضہ آخری علاقے میں شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے ایک ترجمان احمد محمد نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ ان کے جنگجو ہجین نامی شہر کے علاقے ہاؤما پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ خراب موسم کے باعث ان کے جنگجوؤں کو آگے بڑھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حالیہ چند ماہ کے دوران تیل کی دولت سے مالامال دیر الزور میں داعش اور سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے درمیان کئی مرتبہ جھڑپیں ہو چکی ہیں۔
[pullquote]تیونس: تنخواہوں میں اضافے کے لیے ہزارہا اساتذہ کا مظاہرہ[/pullquote]
عرب ملک تیونس میں ہزارہا اساتذہ نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے آج ملک گیر مظاہرے کیے ہیں۔ اس شمالی افریقی ملک میں تنخواہوں میں اضافے کے لیے یہ تازہ ترین مظاہرے ہیں۔ یہ مظاہرے ایک ایسے وقت پر ہوئے ہیں جب حکومت نے ایسے اساتذہ کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی ہے جنہوں نے تنخواہوں کے تنازعے کے سبب پیر کے روز سے شروع اسکولوں کے امتحانات لینے سے انکار کر دیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق اساتذہ ملک کے مختلف شہوں میں شعبہ تعلیم کے دفاتر کے باہر جمع ہوئے اور انہوں نے نعرہ بازی کی۔
[pullquote]یمن میں تین ماہ کے دوران 1500 سویلین ہلاکتیں ہوئیں، اقوام متحدہ[/pullquote]
جنگ کے شکار عرب ملک یمن میں رواں برس اگست سے لے کر ستمبر تک قریب 1500 عام شہری ہلاک ہوئے۔ یہ بات اقوام متحدہ کی مہاجرین سے متعلق ایجنسی نے آج جمعہ کے روز بتائی ہے۔ یہ رپورٹ ایک ایسے وقت پر جاری ہوئی ہے جب یمن میں چار برس میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے فریقین کے درمیان بات چیت ہو رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی کوششوں سے سویڈن میں ہونے والے ان مذاکرات کا آج جمعہ کو دوسرا دن ہے۔
[pullquote]ہیتھر نوئرٹ کو اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مقرر کیا جائے گا، ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ہیتھر نوئرٹ کو اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد کریں گے۔ ۔ ٹرمپ نے آج وائٹ ہاؤس سے روانہ ہوتے ہوئے کہا کہ ہیتھر نوئرٹ بہت لائق، اسمارٹ اور ہوشیار ہیں اور انہیں امید ہے کہ انہیں تمام لوگوں کی طرف سے عزت افزائی حاصل ہو گی۔ نوئرٹ اس وقت امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیں۔ ہیتھر نوئرٹ اقوام متحدہ میں موجودہ امریکی سفیر نِکی ہیلی کی جگہ لیں گی، جنہوں نے اکتوبر میں یہ عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ نوئرٹ اپریل 2017ء میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل فوکس نیوز کی نمائندہ بھی رہ چکی ہیں۔
[pullquote]انسانی حقوق عالمی نظم وضبط کی بنیاد ہیں، جرمن صدر کا چین میں خطاب[/pullquote]
جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے چینی طالب علموں سے خطاب میں کہا ہے کہ انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی طرف سے طے کردہ قواعد و ضوابط بین الاقوامی نظم وضبط کی بنیاد ہیں۔ آج جمعے کے دن صوبہ چینگڈو کی یونیورسٹی آف سیچوان میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ستر برس قبل یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کو اختیار کیا جانا دراصل ’ایک تاریخی خوش قسمتی‘ ہے۔ شٹائن مائر اس وقت چین کے چھ روزہ دورے پر ہیں۔
[pullquote]بحیرہ روم میں امدادی کارروائیاں ترک کرنے پر مجبور ہوئے، امدادی ادارے[/pullquote]
امدادی اداروں ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز اور ایس او ایس میڈیٹیرین نے کہا ہے کہ وہ بحیرہ روم میں اپنی امدادی سرگرمیاں ترک کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ یہ ادارے سمندر میں مہاجرین کے لیے امدادی مشن کو چلا رہے تھے تاہم اکتوبر سے ان کا ایکوائریس نامی بحری جہاز فرانسیسی بندرگاہ مارسے پر لنگر انداز ہے کیونکہ اس کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ ماہ ہی اٹلی نے ان امدادی اداروں کی کارروائیوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان کے امدادی بحری جہاز کو پکڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ایکوائریس نے اپنے تین سالہ مشن میں کم ازکم تیس ہزار مہاجرین کو امداد فراہم کی ہے۔
[pullquote]غیر ملکی فوجی اڈہ نہیں بنے گا، کمبوڈین وزیر اعظم[/pullquote]
کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک میں کسی غیر ملکی فوجی اڈے کی تعمیر کی اجازت نہیں دے گی۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب میڈیا میں ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ جنوب مشرقی ایشیائی ملک کمبوڈیا ایک بحری اڈے کی خاطر چین سے رابطے میں ہے۔ اطلاعات ہیں کہ چین خلیج تھائی لینڈ میں ایک فوجی اڈہ بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے، جس کی خاطر کمبوڈین صوبے کوہ کونگ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
[pullquote]میرکل کی جگہ سی ڈی یو کے نئے سربراہ کا انتخاب آج[/pullquote]
جرمن حکمران سیاسی پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے جمعے کے دن ووٹنگ کی جا رہی ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں چانسلر انگیلا میرکل کی جگہ کسی اور سیاستدان کو سی ڈی یو کا نیا سربراہ چنا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق میرکل کی اتحادی آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر اس اہم عہدے کے لیے منتخب کی جا سکتی ہیں۔ جرمن شہر ہیمبرگ میں سی ڈی یو کے ایک ہزار ممبران رائے دہی کے عمل میں حصہ لیں گے۔ انگیلا میرکل نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر پارٹی کی سربراہ نہیں بننا چاہتی ہیں۔
[pullquote]عالمی رہنما اقوام متحدہ کے مائیگریشن پیکٹ کی منظوری کے لیے پرعزم[/pullquote]
عالمی رہنما اقوام متحدہ کے مائیگریشن پیکٹ کی منظوری کے لیے پرعزم ہیں۔ توقع ہے کہ پیر سے مراکش میں شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں اس عالمی ڈیل کی منظوری دے دی جائے گی۔ اٹھارہ ماہ کے طویل مذاکراتی عمل کے بعد جولائی کے مہینے میں اقوام متحدہ نے اس پیکٹ کو حتمی شکل دی تھی۔ امریکا نے اس ڈیل کا حصہ بننے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد ہنگری نے بھی اس کی مخالف کی تھی۔ اس کے علاوہ متعدد یورپی ممالک اس پیکٹ پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔
[pullquote]افغان صوبے ہرات میں حملے، چودہ افغان فوجی ہلاک[/pullquote]
افغان صوبے ہرات میں طالبان عسکریت پسندوں کے دو حملوں میں چودہ افغان فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ جمعے کے دن حکام نے بتایا کہ رات کو کی گئی اس کارروائی کے دوران شدت پسندوں نے اکیس فوجیوں کو قیدی بھی بنا لیا۔ صوبائی کونسل کے رکن نجیب اللہ کے مطابق جمعرات کی رات طالبان نے دو فوجی چیک پوائنٹس پر حملہ کیا، جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے مابین چھ گھنٹے تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری طرف وزارت دفاع نے اس حملے میں ہلاک شدگان فوجیوں کی تعداد دس بتائی ہے۔
[pullquote]ہواوے کمپنی کی اعلیٰ عہدیدار کی گرفتاری پر کینیڈین وزیر اعظم کی وضاحت[/pullquote]
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی اعلیٰ اہلکار مینگ وانژو کی گرفتاری میں ریاست کا کوئی کردار نہیں ہے۔ بیجنگ کی طرف سے شدید ردعمل کے بعد جسٹن ٹروڈو نے واضح کیا ہے کہ اس خاتون کو حراست میں لیے جانے کی کوئی سیاسی وجہ نہیں۔ وانژو کو جمعے کے دن عدالت میں پیش کیا جائے گا تاہم ان پر لگائے گئے الزامات کو ابھی عام نہیں کیا گیا ہے۔ ہواوے کمپنی نے کہا ہے کہ اسے معلوم نہیں کہ ان کی چیف فنانشل آفیسر کو کس وجہ سے حراست ميں ليا گيا ہے۔
[pullquote]بش سینئر کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں[/pullquote]
سابق امریکی صدر جارج بش سینئر کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔ جمعرات کے دن ٹیکساس میں منعقد ہوئی ایک خصوصی تقریب میں کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے دونوں بیٹے جارج بش اور جیب بش بھی موجود تھے۔ بش سینئر امریکا کے اکتالیسویں صدر کے عہدے پر فائز رہے تھے۔ وہ طویل علالت کے بعد گزشتہ ہفتے چورانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال پر عالمی سطح پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
[pullquote]حماس کی مذمت کے لیے پیش کی گئی قرار داد مسترد[/pullquote]
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی جنگجو تنظیم حماس کی مذمت کے لیے پیش کی گئی ایک قرار داد کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی تعاون سے تیار کردہ یہ قرارداد مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل نہ کر سکی۔ ستاسی ممبران نے اس کے حق میں ووٹ دیا جبکہ اٹھاون نے اس کی مخالفت کی۔ بتیس ممالک غیرجانبدار رہے اور سولہ نے ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا۔ امریکا اور یورپی یونین دونوں نے ہی غزہ پٹی میں فعال حماس کو دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔
[pullquote]یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے مابین مکالمت کا سلسلہ[/pullquote]
یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے مابین سویڈن میں مکالمت کا سلسلہ جاری ہے۔ اقوام متحدہ نے جمعرات کو شروع ہونے والے اس مذاکراتی عمل کو ’انتہائی مشکل اور اہم‘ قرار دیا ہے۔ یمن میں قیام امن کی خاطر جاری عالمی کوششوں کے سلسلے میں ان دونوں فریقین کے مابین دو برس بعد پہلی مرتبہ براہ راست ملاقات ہو رہی ہے۔ عالمی ادارے کے سربراہ انٹونیو گوٹیرش نے دونوں فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات سے قبل ہی اپنے مطالبات کی منظوری کی خاطر شرائط عائد نہ کریں۔
[pullquote]خاشقجی قتل کیس، میٹس بھی زیر عتاب آ گئے[/pullquote]
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر عوامی تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ ابھی تک اس حساس معاملے پر ان کی غیرجانبداری کو سراہا جا رہا تھا۔ میٹس نے خاشقجی کے قتل کی متعدد مرتبہ مذمت کی ہے اور انہوں نے زور دیا ہے کہ اس قتل میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سعودی صحافی خاشقجی کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں ہلاک کر دیا گیا تھا، جس پر ریاض حکومت کو بھی شدید دباؤ کا سامنا ہے۔