پیر : 10 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہجرت پر عالمی معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی[/pullquote]

مراکش ميں منعقدہ اقوام متحدہ کی ايک کانفرنس ميں مہاجرين کے حوالے سے عالمی معاہدے کو آج بروز پير حتمی شکل دے دی گئی۔ مراکش ميں اس دو روزہ کانفرنس کے آغاز پر تقريباً ڈيڑھ سو ممالک کے نمائندگان نے اس معاہدے پر دستخط کيے۔ يہ معاہدہ دنيا بھر ميں غير قانونی ہجرت کی روک تھام کے علاوہ پناہ گزينوں کے حالات بہتر بنانے کے ليے تيئس اہداف واضح کرتا ہے۔ ہجرت کے حوالے سے عالمی سطح پر منظور ہونے والا يہ پہلا معاہدہ ہے۔ امريکا اس معاہدے سے دستبردار ہو چکا ہے۔

[pullquote]برطانيہ يکطرفہ طور پر بريگزٹ روک سکتا ہے[/pullquote]

يورپی عدالت برائے انصاف نے آج بروز پير فيصلہ سنايا ہے کہ لندن حکومت بريگزٹ کے عمل کو يکطرفہ طور پر روک سکتی ہے۔ فيصلے کے تحت برطانيہ کو اس ممکنہ اقدام کے ليے يورپی يونين کی رکن رياستوں کی توثيق کی ضرورت نہيں۔ يہ فيصلہ ايک ايسے اہم وقت پر سامنے آيا، جب منگل کو برطانوی پارليمان ميں بھی بريگزٹ ڈيل پر رائے دہی ہونا ہے۔ يورپی عدالت برائے انصاف کے اس فيصلے کو برطانيہ ميں يورپ نواز قوتوں کے ليے ايک کاميابی قرار ديا جا رہا ہے گو کہ وزير اعظم ٹيريزا مے يہ واضح کر چکی ہيں کہ وہ بريگزٹ سے پيچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہيں رکھتيں۔

[pullquote]امریکی اسلحے کی پیداوار میں اضافہ[/pullquote]

دنیا بھر میں اسلحے سے متعلق ساز و سامان کی نصف تعداد امریکی کمپنیاں تیار کر رہی ہیں۔ یہ بات اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ SIPRI کی تازہ رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی لاک ہِیڈ مارٹن بدستور دفاعی ساز وسامان تیار کرنے والی دنیا کی 100 سب سے بڑی کمپنیوں میں سرفہرست ہے۔ اس امریکی کمپنی نے سال 2017 کے دوران 44 بلین ڈالرز کا ساز وسامان فروخت کیا۔ جرمنی کی کوئی بھی کمپنی سرفہرست 10 کمپنیوں میں شامل نہیں جبکہ روسی کمپنی الماز-آنتے پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین کی لسٹ میں شامل ہوئی ہے۔ سپری کے مطابق چینی کمپنیاں بھی بڑی مقدار میں اسلحہ فروخت کر رہی ہیں تاہم ان کے بارے میں بہت کم اعداد و شمار جاری کیے جاتے ہیں۔

[pullquote]’کم ہی ممالک پيرس معاہدے کے اہداف کے ليے کام کر رہے ہيں‘[/pullquote]

عالمی سطح پر سبز مکانی گيسوں کے اخراج ميں نوے فيصد کے حصہ دار چھپن ممالک ميں شامل امريکا اور سعودی عرب ميں ايسی زہريلی گيسوں کے اخراج کو روکنے کے ليے سب سے کم اقدامات کيے جا رہے ہيں۔ يہ بات محققين نے آج بتائی ہے۔ غير سرکاری تنظيموں ’جرمن واچ‘ اور ’نيو کلائميٹ انسٹی ٹيوٹ‘ کے مطابق موسمياتی تبديليوں اور عالمی درجہ حرارت ميں اضافے سے بچنے کے ليے اقدامات صرف چند ممالک ہی کر رہے ہيں۔ غير موثر اقدامات کرنے والے ملکوں کی فہرست ميں ايران، جنوبی کوريا، آسٹريليا، کينيڈا، روس، ترکی اور جاپان بھی نماياں ہيں۔

[pullquote]’مجھے سانس نہیں آ رہا‘، جمال خاشقجی کے آخری الفاظ[/pullquote]

استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے آخری الفاظ تھے ’’میں سانس نہیں لے پا رہا۔‘‘ یہ بات امریکی ٹیلی وژن سی این این نے ایک ایسے ذریعے کے حوالے سے بتائی ہے جس نے خاشقجی کے قتل کے ثبوت پر مبنی آڈیو ٹیپ سنی ہے۔ اس ذریعے کے مطابق ٹیپ سے اندازہ ہوتا ہے کہ خاشقجی کو پہلے سے کی گئی منصوبہ بندی کے تحت کی قتل کیا گیا۔ یہ آڈیو ٹیپ ترک حکام نے امریکا سمیت بعض اہم ممالک کو ثبوت کے طور پر فراہم کی تھی۔ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں دو اکتوبر کو قتل کیا گیا تھا۔ اس قتل کے سلسلے میں سعودی حکومت شدید دباؤ کی زد میں ہے۔

[pullquote]نوبل انعامات کی تقسيم آج[/pullquote]

اس سال نوبل امن انعام کے شريک حقدار قرار پانے والے کانگو کے ڈاکٹر ڈينس مکويگے اور يزيدی کارکن ناديہ مراد کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو ميں آج ہونے والی ايک تقريب کے دوران باقاعدہ طور پر يہ انعام ديا جائے گا۔ بعد ازاں ميڈيسن، فزکس، کيمسٹری اور اکنامکس کے شعبوں ميں نوبل انعامات اسٹاک ہوم ميں ہی ہونے والی ايک اور تقريب ميں ديے جائيں گے۔ ڈينس مکويگے اور ناديہ مراد کو رواں سال کا نوبل امن انعام جنگوں اور مسلح تنازعات ميں جنسی زيادتی کے بطور ہتھيار استعمال کو روکنے کے ليے ان کی کوششوں پر ديا جا رہا ہے۔ يہ نوبل انعامات سويڈن کے صنعت کار ايلفرڈ نوبل کی ياد ميں ديے جاتے ہيں۔

[pullquote]عراق: داعش کے خلاف کاميابی کو ايک سال، ملک بھر ميں خوشياں[/pullquote]

عراق ميں اسلامک اسٹيٹ کے خلاف کاميابی اور اس سے ملک کو چھٹکارا دلوائے جانے کو ايک سال مکمل ہونے کے سلسلے ميں آج خوشياں منائی جا رہی ہيں۔ بغداد حکومت نے پچھلے سال دسمبر ميں اس شدت پسند تنظيم کے خلاف عسکری کاميابی کا اعلان کيا تھا۔ آج بروز پير پورے ملک ميں عام تعطيل ہے۔ دارالحکومت ميں تمام چيک پوائنٹس کو سجايا گيا ہے جب کہ اسلامک اسٹيٹ کی کارروائيوں ميں ہلاک ہونے والوں کی ياد ميں شام کے وقت ايک تقريب ميں چند لمحوں کے ليے خاموشی بھی اختيار کی جائے گی۔ اپنے عروج پر داعش نے عراق کے بڑے حصے پر کنٹرول قائم کر ليا تھا۔

[pullquote]پناہ گزينوں پر تشدد، آسٹريلوی حکومت پر مقدمہ[/pullquote]

آسٹريليا کی اعلٰی ترين عدالت ميں آج دائر کردہ دو مختلف مقدمات ميں حکومت پر الزام عائد کيا گيا ہے کہ اس کی جانب سے سياسی پناہ کے متلاشی افراد کو تشدد کا نشانہ بنايا گيا۔ يہ مقدامات ان بارہ سو سے زائد افراد کی نمائندگی کرتے ہوئے دائر کيے گئے، جو پاپوا نيو گنی اور ناؤرو جزائر پر حراستی مراکز ميں پانچ سال سے زائد عرصے سے بند ہيں۔ يہ مقدمات نيشنل جسٹس پراجيکٹ نامی غير سرکاری تنظيم نے دائر کيے ہيں۔ اس ادارے نے موقف اختيار کيا ہے کہ جن حالات ميں پناہ گزينوں کو رکھا گيا، وہ ان کے ليے ذہنی و جسمانی تشدد کی وجہ بنے۔

[pullquote]جرمنی میں ٹرین سروس کی ہڑتال[/pullquote]

جرمنی بھر میں تمام طویل فاصلے کی ٹرینیں آج پیر کی صبح منسوخ کر دی گئیں۔ جرمنی کی سب سے بڑی ریلوے کمپنی ڈوئچے بان کی طرف سے یہ اعلان ریلوے اینڈ ٹرانسپورٹ یونین EVG کے ارکان کی طرف سے ہڑتال پر جانے کے بعد سامنے آیا۔ یہ ہڑتال جرمن وقت کے مطابق صبح نو بجے تک جاری رہے گی۔ تاہم ریلوے کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ دن بھر جاری رہنے کی توقع ہے۔ ریلوے ورکرز یہ ہڑتال تنخواہوں میں اضافے کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات میں ناکامی کے بعد کر رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے