بدھ : 12 دسمبر 2012 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی فوج نے شمالی شام میں مبصر چوکیاں قائم کر دیں[/pullquote]

امریکی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اُس کی افواج نے شمالی شام میں مبصر چوکیاں قائم کر دیں ہیں۔ اس اعلان میں ان چوکیوں کی تعداد اور مقامات کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ اسی علاقے میں شامی کردوں کی ملیشیا وائی پی جی ایک بڑے علاقے پر قابض ہے۔ ترکی کو یقین ہے کہ اِس ملیشیا کے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔ ان چوکیوں کو قائم کرنے پر ترک حکومت نے اعتراض بھی کیا تھا۔ ترکی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی فوج کی چوکیاں کے قیام کا مقصد کرد ملشیا کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

[pullquote]سری لنکا کے برخاست وزیراعظم پر پارلیمان کا اعتماد[/pullquote]

رواں برس اکتوبر میں برخاست کیے جانے والے سری لنکن وزیراعظم رانیل وکرمے سنگھے نے پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے۔ آج بدھ کو ہونے والی رائے شماری میں 225 رکنی ایوان میں وکرمے سنگھے کی حمایت میں 117 اراکین نے ووٹ ڈالا۔ اس کا امکان ہے کہ آج کی رائے شماری سے صدر میتھری پالا سری سینا پر رانیل وکرمے سنگھے کی دوبارہ بحالی اور ملک میں پیدا سیاسی بحران کو ختم کرنے کے دباؤ میں اضافہ ہو جائے گا۔ صدر سری سینا یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ وکرمے سنگھے کو وزیراعظم نامزد نہیں کریں گے۔

[pullquote]نوبل انعام یافتہ ایزدی خاتون کی عراق آمد[/pullquote]

امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی انسانی حقوق کی سرگرم کارکن نادیہ مراد نے اپنے ملک عراق پہنچ کر ملکی صدر براہم صالح سے ملاقات کی ہے۔ وہ سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہولم میں نوبل انعام وصول کرنے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے ملک گئی ہیں۔ صدارتی محل میں نادیہ مراد نے غیر ملکی سفیروں اور کمیونٹی لیڈروں کے ایک اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ نادیہ مراد کا تعلق عراق کی اقلیتی آبادی ایزدی سے ہے۔ انہوں نے عراقی حکومت سے لاپتہ ایزدی خواتین کی تلاش کا مطالبہ بھی کیا۔ دہشت گرد تنظیم داعش نے سن 2014 میں شمالی عراق میں فوج کشی کے دوران سات ہزار خواتین اور لڑکیوں کو غلام بنایا تھا اور اُن میں وہ بھی شامل تھیں۔

[pullquote]کرد سیاستدان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے کی کارروائی کا آغاز[/pullquote]

ترکی کے مرکزی کرد سیاستدان صلاح الدین دیمیرتاس کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے کی عدالتی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ وہ نومبر سن 2016 سے جیل میں مقید ہیں۔ یہ مقدمہ دارالحکومت انقرہ کی عدالت میں شروع ہوا ہے۔ استغاثہ کرد لیڈر پر الزامات ثابت کرنے میں کامیاب ہو گیا تو انہیں 142 برس تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ دیمیرتاس کے وکیل کے مطابق انہیں کمرہٴ عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔ ان پر عائد الزامات میں ایک دہشت گرد تنظیم کی سرپرستی کرنا بھی شامل ہے۔ صلاح الدین دیمیرتاس انسانی حقوق کے وکیل ہیں اور ان کا تعلق مشرقی ترکی سے ہے۔

[pullquote]برطانوی وزیراعظم کو عدم اعتماد کی قرارداد کا سامنا[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مَے کی سیاسی جماعت کنزرویٹو پارٹی میں اُن کے مخالفین تحریک عدم اعتماد لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ پارٹی کے ایک سینیئر رہنما گراہم براڈی کے مطابق عدم اعتماد کی قرارداد پیش کرنے کے لیے مطلوبہ پندرہ فیصد اراکین متفق ہو گئے ہیں۔ اس مناسبت سے پارلیمنٹ میں رائے شماری آج بدھ بارہ دسمبر کی شام چھ سے آٹھ بجے کے درمیان متوقع ہے۔ گراہم براڈی کے مطابق قرارداد کے حوالے سے دارالعوام میں ہونے والی ووٹنگ کے بعد نتیجہ فوری طور پرعام کر دیا جائے گا۔ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مَے کو یورپی یونین سے اخراج کی ڈیل پر پارٹی کے کئی اراکین کی مخالفت کا سامنا ہے۔

[pullquote]یمن امن مذاکرات: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل شریک ہوں گے[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران سویڈن میں جاری یمن امن مذاکرات کے اختتامی سیشن میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش شرکت کریں گے۔ سویڈن کے قصبے ریمبو میں امن مذاکرات کا اختتامی سیشن جمعرات تیرہ دسمبر کو ہو گا۔ اس مذاکراتی عمل میں اب تک قیدیوں کے تبادلے پر متحارب فریقین رضامند ہوئے ہیں۔ اس پر اتفاق نہیں ہو سکا کہ حدیدہ اور تعز شہروں میں جاری جنگی صورت حال میں کا خاتمہ کیا جائے۔ قیدیوں کے تبادلے کے تحت فریقین نے ایک دوسرے کے تقریباﹰ سولہ ہزار قیدیوں کے تبادلے کے لیے بیس جنوری کی تاریخ پر اتفاق کر لیا ہے۔ قیدیوں کے اس تبادلے کی نگرانی ریڈکراس کی انٹرنیشنل کمیٹی کرے گی۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں سیاسی تصادم، دو افراد ہلاک، درجنوں زخمی[/pullquote]

بنگلہ دیش میں دو سیاسی گروپوں کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں کم از کم دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ سیاسی تصادم میں شریک کارکنوں کا تعلق حکمران عوامی لیگ اور اپوزیشن سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی سے تھا۔ دونوں سیاسی جماعتوں نے ہنگامہ آرائی کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا ہے۔ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق عوامی لیگ سے ہے۔ مقامی پولیس نے پینتالیس افراد کے خلاف ہنگامہ آرائی کی رپورٹ درج کر لی ہے۔ بنگلہ دیش میں رواں مہینے کی تیس تاریخ کو پارلیمانی الیکشن ہونے والے ہیں اور اس باعث سیاسی کشیدگی میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

[pullquote]یورپی پارلیمان کی طرف سے انسانی حقوق کا سخاروف ایوارڈ یوکرائنی فلم ساز کے نام[/pullquote]

یورپی پارلیمان رواں برس کا اپنا انسانی حقوق کا ایوارڈ روس میں قید یوکرائنی فلم ساز اولیگ سینٹسوف (Oleg Sentsov) کو آج بدھ کے روز دے رہی ہے۔ یہ ایوارڈ ایک ایسے وقت پر دیا جا رہا ہے جب یورپ اور روس کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ ہیں۔ سینٹسوف 2014ء میں روس کی طرف سے کریمیا کو اپنے ساتھ شامل کرنے کے سخت ناقد ہیں۔ انہیں 2015ء میں کریمیا میں دہشت گردانہ حملوں کے لیے سازش کے الزام میں بیس برس قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔ یورپی پارلیمان نے سینٹسوف کی رہائی کا مطالبہ بھی کر رکھا ہے۔

[pullquote]چینی ٹیلی کام کمپنی کی اعلیٰ اہلکار کی کینیڈا میں ضمانت پر رہائی[/pullquote]

ٹیلی کام سیکٹر کی بڑی چینی کمپنی ہُوواوائی کی خاتون چیف فنانشل افسر مینگ وان ژُو کو ایک کینیڈین عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ چینی خاتون کو امریکی درخواست پر گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے تین روزہ سماعت کے بعد ضمانت دینے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے چینی خاتون کو دس ملین کینیڈین ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جن میں سے سات ملین کینیڈین ڈالر نقد جمع کرانے ہیں۔ عدالت نے چینی خاتون کو اپنا پاسپورٹ بھی کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے حکام کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مجموعی طور پر مینگ وان ژُو کو ضمانت کے لیے ایک درجن عدالتی شرائط کا سامنا ہے۔

[pullquote]بھارتی وزیراعظم کی سیاسی جماعت کو ریاستی انتخابات میں حیران کن شکست[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی قوم پرست سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو چھتیس گڑھ ریاست کی اسمبلی کے الیکشن میں واضح شکست ہوئی ہے۔ اس ریاستی اسمبلی میں کانگریس کو حکومت سازی کے لیے مطلوبہ نشستیں حاصل ہو گئی ہیں۔ بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق مودی کی سیاسی جماعت کو راجستھان اور مدھیا پردیش کی ریاستی اسمبلیوں میں بھی کانگریس سے شکست ہوئی ہے۔ ان اسمبلیوں میں کانگریس صرف ایک ووٹ کی کمی سے اکثریتی جماعت نہیں بن سکی۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ راہول گاندھی کی قیادت میں فعال ہوتی کانگریس چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مدھیا پردیش اور راجستھان میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ یہ تینوں ریاستیں بی جے پی کا گڑھ تھیں۔

[pullquote]اسٹراس برگ میں فائرنگ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ 14 دیگر زخمی ہو گئے۔ اسٹراس برگ کے مرکزی حصے میں فائرنگ کا یہ واقعہ ایک کرسمس مارکیٹ کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام فائرنگ کرنے والے کی تلاش میں ہیں جسے سکیورٹی کے ادارے مشتبہ خطرے کے طور پر جانتے تھے۔ فرانسیسی استغاثہ کے مطابق دہشت گردی کے تناظر میں اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ جس وقت فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا اسٹراس برگ میں واقعہ یورپی پارلیمان کا سیشن جاری تھا۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل کو سزا آج سنائے جائے گی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن کو ٹیکس جرائم کا ارتکاب کرنے پر نیویارک سٹی کی ایک عدالت آج سزا سنائے گی۔ کوہن پر یہ الزام بھی ہے کہ اُنہوں نے کانگریس کے سامنے بیان دیتے ہوئے جھوٹ کا سہارا لیا تھا۔ کوہن نے عدالت میں جرح کے دوران اس کا بھی اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ تعلقات کو مخفی رکھنے کے لیے دو خواتین کو رقوم بھی ادا کی تھیں۔ عدالت میں ٹرمپ کے سابق وکیل کے خلاف عدالتی کارروائی رواں برس اگست میں مکمل کی گئی تھی۔ امریکی صدر نے عدالتی کارروائی شروع ہونے کے بعد اپنے سابق ساتھی پر سخت تنقید بھی کی تھی۔

[pullquote]متنازعہ جاپانی مزار میں آگ لگانے کے الزام میں ایک چینی شہری گرفتار[/pullquote]

جاپانی حکام نے بتایا ہے کہ ایک ایسے چینی شہری کو حراست میں لیا گیا ہے، جس نے دوسری عالمی جنگ میں ہلاک ہونے والے جاپانی فوجیوں اور شہریوں کی یاد میں قائم مزار میں آگ لگانے کی کوشش کی تھی۔ اس شخص پر الزام ہے کہ اس نے اخبارات کو جمع کر کے جنگی مزار یاسُوکونی میں آگ لگانے کی کوشش کی۔ گرفتار ہونے والے چینی شہری کی عمر پچپن برس بتائی گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اس نے سن 1937 میں چینی شہر نانجنگ میں جاپانی فوج کی طرف سے قتل عام کی مذمت کا بینر بھی اٹھایا ہوا تھا۔ یہ جنگی مزار دوسری عالمی جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے پچیس لاکھ افراد کی یاد میں تعمیر کیا گیا ہے۔

[pullquote]یمنی متحارب گروپوں کے درمیان 15 ہزار قیدیوں کے تبادلے کی تاریخ طے پا گئی[/pullquote]

یمنی حکومت اور حوثی باغیوں نے 15,000 قیدیوں کے تبادلے کے لیے 20 جنوری کی تاریخ پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس بات کا اعلان اقوام متحدہ کی کوششوں سے سویڈن میں ہونے والے مذاکرات کے دوران منگل کی شام میں کیا گیا۔ سعودی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے مطابق اس نے 82,00 قیدیوں کی ابتدائی فہرست حوثی باغیوں کے حوالے کر دی ہے۔ ایران نواز حوثیوں کی طرف سے فراہم کی گئی ایسی ہی فہرست میں ساڑھے سات ہزار قیدیوں کے نام شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے حکام نے اس پیشرفت کو ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ قیدیوں کے اس تبادلے کی نگرانی ریڈکراس کی انٹرنیشنل کمیٹی کرے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے