جمعہ : 14 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اقوام متحدہ نے شام کے لیے امدادی ساز و سامان کی فراہمی میں ایک برس کی توسیع کر دی[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کے لیے امدادی ساز وسامان کی ترسیل کے سلسلے میں ایک برس کی توسیع کر دی ہے۔ یہ فیصلہ روسی مخالفت کے باوجود کیا گیا ہے۔ روس کا مؤقف تھا کہ توسیع ایک برس کی بجائے چھ ماہ کے لیے کی جائے۔ اقوام متحدہ کے مطابق شامی حکومت کے کنٹرول والے علاقوں میں قریب 43 لاکھ افراد کو امداد کی ضرورت ہے۔ ان میں تیس لاکھ ایسے شامی شامل ہیں جنہیں صرف سرحد پار آپریشنز کے ذریعے ہی یہ امداد پہنچائی جا سکتی ہے۔ شامی جنگ اب تک تین لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کی وجہ بن چکی ہے۔

[pullquote]کوسووو کی پارلیمان کی جانب سے سکیورٹی فورسز کو باقاعدہ فوج بنانے کی منظوری[/pullquote]

کوسووو کی پارلیمان نے جمعے کے روز موجودہ سکیورٹی فورسز کو ایک باقاعدہ فوج بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ کوسووو کی جانب سے یہ فیصلہ نیٹو کے انتباہ کے باوجود سربیا کے ساتھ جاری کشیدہ تعلقات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ جمعے کے روز اس سلسلے میں ہونے والی رائے شماری میں کوسووو کی 120 رکنی پارلیمان میں فقط سرب قانون سازوں نے اس منظوری کی مخالفت کی تاہم دیگر تمام جماعتوں نے اس پر اتفاق کیا۔ کوسووو میں اس وقت تین ہزار سکیورٹی اہلکار موجود ہیں، جنہیں فوج میں تبدیل کیا جائے گا، جب کہ حکومتی منصوبہ ہے کہ اگلے دس برسوں میں کوسووو کی فوج پانچ ہزار اہلکاروں پر مبنی فوج ہو گی۔

[pullquote]اسڑاس برگ حملے کی ذمہ داری قبول کرنا داعش کی موقع پرستی ہے، فرانسیسی وزیر[/pullquote]

فرانسیسی وزیرداخلہ کرسٹوف کاسٹنر نے کہا ہے کہ داعش کی جانب سے اسٹراس برگ حملے کی ذمہ داری قبول کرنا ایک ’مکمل موقع پرستی‘ ہے۔ اس سے قبل دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے میں ملوث شخص اس کا جہادی تھا۔ کاسٹنر نے گزشتہ روز حملے کا نشانہ بننے والی مارکیٹ کے دورے کے موقع پر کہا کہ داعش کے اس دعوے سے کچھ بھی بدلنے والا نہیں۔

[pullquote]برطانوی حکومت بریگزٹ معاملے کا حل نکال لے گی، ترجمان[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے کی ایک ترجمان نے کہا ہے کہ لندن حکومت یورپی یونین سے بریگزٹ معاملے پر یقین دہانیاں حاصل کر لے گی۔ جمعے کے روز اپنے بیان میں اس ترجمان کا کہنا تھا کہ بریگزٹ معاملے کے حل کی تلاش کا عمل جاری ہے تاکہ برطانوی پارلیمان کو مطمئن کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یورپی یونین اور برطانیہ نے بریگزٹ ڈیل کو حتمی شکل دی تھی، جسے یورپی یونین تو منظور کر چکی ہے، تاہم برطانوی پارلیمان سے اس کی توثیق ہونا باقی ہے۔

[pullquote]امریکا، افریقہ میں چین اور روس کا بڑھتا اثرورسوخ روکے گا، بولٹن[/pullquote]

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ امریکا براعظم افریقہ میں چین اور روس کے بڑھتے اثر ورسوخ کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس دونوں ممالک کی کاروباری سرگرمیاں ’بدعنوانی‘ اور ’استحصال‘ سے عبارت ہیں۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم ہیریٹیج فاؤنڈیشن میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکا کی پہلی ترجیح یہ ہو گی کہ وہ افریقی اقوام کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط کو بہتر بنائے۔

[pullquote]بریگزٹ پر یورپی یونین سے مدد کی اپیل، ٹیریزا مے برطانیہ میں تنقید کی زد میں[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے کی جانب سے یورپی یونین سے بریگزٹ کے معاملے پر مدد کی اپیل پر انہیں داخلی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ٹیریزا مے نے برسلز میں یورپی یونین کے رہنماؤں سے اپیل کی تھی کہ وہ انہیں قانونی اور سیاسی ضمانتیں دیں، جن کی مدد سے وہ برطانوی قانون سازوں کو بریگزٹ ڈیل کے حق میں ووٹ ڈالنے پر قائل کر سکیں۔ تاہم جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر ماکروں نے گزشتہ ماہ طے پانے والے بریگزٹ معاہدے میں کسی بھی تبدیلی کو خارج از امکان قرار دیا تھا۔ برطانوی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ٹیریزا مے کے اس اقدام سے برطانیہ کی تضحیک ہوئی ہے۔

[pullquote]اسٹراس برگ حملہ آور پولیس فائرنگ سے ہلاک[/pullquote]

فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں منگل کی شام فائرنگ کرنے والا مشبہ شخص فرانسیسی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔ اسٹراس برگ کی مرکزی کرسمس مارکیٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ 14 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ فرانسیسی وزیر داخلہ کرسٹوف کاسٹنر نے جمعرات کی شب تصدیق کی کہ 29 سالہ شریف سی اسٹراس برگ ہی میں اُس وقت مارا گیا جب اس نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کردی۔ حکام کے مطابق اس شخص کے پاس ایک پستول اور ایک چاقو موجود تھا۔

[pullquote]برازیل میں اٹلی کو مطلوب شخص کی گرفتاری کا حکم[/pullquote]

برازیل کی ایک عدالت نے اٹلی میں ستر کی دہائی میں چار افراد کو قتل کرنے کے جرم میں مطلوب بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایک سابقہ عسکریت پسند کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ برازیلین عدالت کے حکم کے مطابق سیزارے بتیستی کو اٹلی کے حوالے کرنے کے لیے حراست میں لے لیا جائے۔ 63 سالہ بتیستی کی حوالگی کے لیے اٹلی برازیل سے کئی مرتبہ درخواست کر چکا ہے۔ برازیل میں بائیں بازو کے سابق صدر لولا ڈی سِلوا نے بتیستی کو تحفظ فراہم کر رکھا تھا۔ برازیل میں انتہائی دائیں بازو کے نومنتخب صدر ژائر بولسونارو نے تاہم بتیستی کی اٹلی حوالگی کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]گولن تفتیش، ترکی میں 219 فوجی گرفتار[/pullquote]

ترک استغاثہ نے جلاوطن مبلغ فتح اللہ گولن سے تعلق کے شبے میں 219 فوجیوں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ جمعے کے روز ترک خبر رساں ادارے انادولو کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ گرفتاریاں جولائی 2016ء میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے سلسلے میں جاری تفتیش کا حصہ ہیں۔ ترک اخبار حریت کے مطابق ان گرفتاریوں کے لیے ترک پولیس نے جمعرات اور جمعے کی شب مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے تمام فوجی حاضر سروس ہیں، جن میں چار کرنل بھی شامل ہیں۔

[pullquote]اردن میں ٹیکسوں کے خلاف بڑے مظاہرے[/pullquote]

اردن کے دارالحکومت عمان میں سینکڑوں افراد حکومت کی جانب سے نئے ٹیکسوں کے نفاذ اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کے دفتر کے قریب بعض مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، جس میں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔ حالیہ کچھ عرصے میں ہر جمعرات کی شام اردن میں اس انداز کے مظاہرے دیکھے جا رہے ہیں، تاہم مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ موسم گرما میں ایسے ہی مظاہروں کے تناظر میں وزیراعظم ہانی الملکی کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔

[pullquote]یمنی خانہ جنگی کے فریق الحدیدہ میں فائربندی پر راضی[/pullquote]

یمنی خانہ جنگی کے فریقوں نے یمن کے اہم بندرگاہی شہر الحدیدہ پر فائربندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ یمن میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے الحدیدہ کو اہم ترین راستہ قرار دیا جاتا ہے۔ فریقین کے درمیان یہ اتفاق رائے اقوام متحدہ کی ثالثی میں سویڈن میں ہونے والی امن بات چیت میں طے پایا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اگر حدیدہ پر جنگ بندی پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد ہو گیا، تو یمن میں بھوک اور قحط سے متاثرہ 14 ملین افراد تک امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے یہ ایک بڑی پیش رفت ہو گی۔ سویڈن میں یمنی امن کانفرنس کے ساتویں اور آخری روز یمنی وزیرخارجہ خالد الیمنی اور حوثی مذاکرات کار محمد عبدالسلام نے مصافحہ بھی کیا۔

[pullquote]آسٹریلیا کا شمالی ساحل شدید سمندری طوفان کی زد میں[/pullquote]

آسٹریلیا کے شمال مشرقی ساحلی علاقے شدید سمندری طوفان کی زد میں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس طوفان کی وجہ سے موسلادھار بارشوں اور تباہ کن ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ آسڑیلوی ریاست کوئنزلینڈ کے ساحلی حصے سے ٹکرانے والے اس سمندری طوفان کو کیٹیگری چار میں رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس سمندری طوفان کی وجہ سے ہفتے کے روز کئی علاقوں میں مٹی کے تودے کر سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس طوفان کے ہم راہ دو سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ گزشتہ ماہ اسی آسٹریلوی ریاست میں جنگلاتی آگ کی وجہ سے وسیع تباہی ہوئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے