یورپی یونین اور اٹلی کے درمیان بجٹ تنازعہ حل ہو گیا
یورپی کمیشن کے مطابق اطالوی حکومت کے ساتھ سالانہ بجٹ کے معاملے پر سمجھوتا طے پا گیا ہے۔ یورپی کمیشن کے نائب صدر والڈیس ڈوم بورو وِسکس (Valdis Dombrovskis) نے واضح کیا کہ بظاہر اس معاہدے کو شان دار قرار نہیں دیا جا سکتا لیکن اس کی وجہ سے اٹلی کے خلاف قانونی ایکشن کا اب کوئی امکان نہیں رہا۔ کمیشن نے اطالوی حکومت کے نئے مالیاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اس ڈیل پر یورپی کمشنر برائے اقتصادیات پیئر ماسکویسی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی کمیشن اطالوی عوام کا دشمن نہیں ہے۔ دوسری جانب اٹلی کی حکومت نے بھی اس ڈیل کا خیر مقدم کیا ہے۔
یمن میں قیدیوں کا تبادلہ، سولہ ہزار افراد کی رہائی ممکن ہے، ریڈ کراس
انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس نے کہا ہے کہ یمن میں فائربندی کی ڈیل کے تحت متحارب فریقین کے رہائی پانے والے افراد کی تعداد سولہ ہزار ہو سکتی ہے۔ سویڈن کے قصبے ریمبو میں ایران نواز حوثی ملیشیا اور سعودی عسکری اتحاد کی حمایت یافتہ صدر منصور ہادی کی حکومت کے درمیان فائربندی کی ڈیل تیرہ دسمبر کو طے پائی تھی۔ اس ڈیل کے تحت فریقین ہزاروں مقید افراد کو اگلے ماہ رہا کر دیں گے۔ دونوں جانب سے فراہم کیے گئے گرفتار شدگان کی فہرست میں آٹھ آٹھ ہزار افراد کے نام شامل ہیں۔ قیدیوں کی رہائی سے منتقلی تک کے تمام انتظامات ریڈ کراس کو تفویض کیے گئے ہیں۔ اس میں تمام قیدیوں کا میڈیکل چیک اپ بھی شامل ہیں۔
اکثریتی روسی شہری سوویت یونین کے زوال پر دکھی ہیں، سروے رپورٹ
رائے عامہ کے ایک جائزے کے مطابق روس کے دو تہائی لوگ سابقہ کمیونسٹ سوویت یونین کے انہدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ سروے رپورٹ ایک آزاد ادارے لیواڈا سینٹر نے مکمل کی ہے۔ اس میں روس بھر سے عوام کی رائے جمع کی گئی ہہے۔ رواں برس ہونے والے سروے میں چھیاسٹھ فیصد لوگوں نے سابقہ سوویت یونین کے زوال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ سن 2017 میں کیے جانے والے سروے میں ایسا ہی اظہار کرنے والوں کی تعداد اٹھاون فیصد تھی۔ لیواڈا سینٹر کے کارکنوں نے لوگوں کی رائے اُن کے گھروں تک پہنچ کر جمع کی۔
افغانستان سے امریکی فوجوں کی واپسی پر بات چیت ہو ئی ہے، طالبان
طالبان نے کہا ہے کہ امریکی خصوصی مندوب کے ساتھ ان کی بات چیت میں افغانستان سے نیٹو فورسز کی واپسی، قیدیوں کی رہائی اور افغان فورسز کی طرف سے سویلین پر حملے روکنے جیسے معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔ افغانستان کے لیے خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد ان دنوں متحدہ عرب امارات میں طالبان کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہیں۔ ان مذاکرات میں پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے شریک ہیں۔ افغان حکومت نے اپنا مذاکراتی وفد ابوظہبی روانہ کیا تھا مگر اس نے مذاکرات میں حصہ نہیں لیا۔
برلن کی کرسمس مارکیٹ پر حملے کے دو سال
آج جرمن دارالحکومت برلن میں دو سال قبل ایک کرسمس مارکیٹ پر ہوئے حملے میں ہلاک ہونے والوں اور اس سے متاثرہ افراد کو یاد کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق برلن کے میئر مشائیل مؤلر ایک تقریب میں برائٹ شائڈ پلاٹز پر ہلاک شدگان کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے۔ ساتھ ہی ٹھیک حملے کے وقت یعنی رات آٹھ بج کر دو منٹ پر شہر بھر میں گھنٹیاں بجائی جائیں گی۔ انیس دسمبر 2016ء کو انیس عامری نامی ایک شخص نے ٹرک کے ذریعے اس کرسمس مارکیٹ پر حملہ کرتے ہوئے کم از کم بارہ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کی طرف سے فلسطینیوں کے لیے امداد میں کمی کا اعلان
اقوام متحدہ کے خوراک کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی علاقوں غزہ اور مغربی کنارے کے رہائیشوں کے خوراک کی امداد میں کمی کر رہا ہے۔ اس کٹوتی کے سبب قریب 190,000 فلسطینی متاثر ہوں گے۔ یہ تعداد اُن فسلطینیوں کی تعداد کا تقریباﹰ نصف بنتی ہے جنہیں اقوام متحدہ کا یہ ادارہ خوراک فراہم کر رہا تھا۔ امداد میں کمی کا آغاز یکم جنوری سے ہو جائے گا۔ اس فیصلے کی وجہ اس ایجنسی کے پاس فنڈز کی کمی بتائی گئی ہے۔
روسی انٹیلیجنس ایجنسی نے داعش کے ارکان کو ہلاک کر دیا
روس کی اعلیٰ ترین داخلی انٹیلیجنس ایجنسی نے مبینہ طور پر دہشت گردی کا منصوبہ تیار کرنے والے داعش کے ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔ روس کی فیڈرل سکیورٹی سروس FSB کے مطابق اس کے کمانڈوز نے جنوب مغربی شہر اسٹاوروپول میں داعش کے مشتبہ ارکان کا کھوج لگایا اور جب انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ بیان کے مطابق جوابی فائرنگ میں یہ مشتبہ افراد مارے گئے۔ اس بیان میں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے افراد مارے گئے یا یہ واقعہ کب پیش آیا۔
حزب اللہ نے گائیڈڈ میزائلوں کی فیکٹریاں بند کر دی ہیں، نیتن یاہو
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے گائیڈڈ میزائل تیار کرنے والی فیکٹریاں بند کر دی ہیں جن کے بارے میں اسرائیل رواں برس ستمبر میں معلومات منظر عام پر لایا تھا۔ نیتن یاہو کے مطابق اس وقت حزب اللہ کے پاس زیادہ سے زیادہ چند درجن اس نوعیت کے میزائل موجود ہوں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک اکنامک فورم سے خطاب میں کہا کہ یہ فیکٹریاں بیروت ایئرپورٹ کے قریب زیر زمین واقع تھیں تاہم اب انہیں بند کر دیا گیا ہے۔ ان کا تاہم کہنا تھا کہ حزب اللہ ایسی فیکٹریاں دیگر جگہوں پر کھولنے کی کوشش میں ہے۔
سعودی عرب میں بے روزگاری کی شرح میں کمی کی توقع
سعودی عرب میں آئندہ برس کے آغاز سے بے روزگاری کی شرح میں کمی ہونا شروع ہو جائے گی۔ یہ بات سعودی عرب کے اقتصادی اور منصوبہ بندی کے وزیر محمد التویجری نے سالانہ ملکی بجٹ پیش کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہی ہے۔ سعودی عرب میں اس وقت بے روزگاری کی شرح 12.9 فیصد ہے۔ سعودی وزیر کے مطابق روزگار کی منڈی میں سعودی شہریوں کی شرکت اس وقت 42 فیصد ہے۔
ایس 400 میزائل کی فروخت کے لیے ترکی کو قائل کر رہے ہیں، ماسکو
کریملن نے کہا ہے کہ روسی ساختہ جدید ایس 400 دفاعی میزائل نظام کی ترکی کو فروخت کے معاملے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ یہ روسی اعلان امریکا کی طرف سے ایسے ہی دفاعی میزائلوں کی انقرہ حکومت کو فروخت کی اجازت دیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ پینٹاگون کی طرف سے منگل کے روز اعلان کیا گیا تھا کہ امریکی دفتر خارجہ نے نیٹو اتحادی ترکی کو پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت کے 3.5 بلین ڈالرز مالیت کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ ماسکو حکومت کے ترجمان دیمتری پیشکوف کے مطابق میزائلوں کی اس فروخت کو دو مختلف سودوں کے طور پر دیکھا جائے۔
بیلجیم کے وزیر اعظم نے بادشاہ کو استعفی پیش کر دیا
بیلجیم کے وزیراعظم چارلس مشیل نے بادشاہ فلیپ کو اپنا استعفی پیش کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بادشاہ نے ابھی تک اس استعفے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق معاہدے کی وجہ سے مشیل کا چار جماعتی حکومتی اتحاد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس موقع پر حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس صورتحال میں بادشاہ فلیپ وزیراعظم سے عبوری طور پر حکومتی انتظام چلانے کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔ بیلجیم میں آئندہ برس مئی میں انتخابات ہونا ہیں۔
20 لاکھ شامی بچے اسکولوں سے محروم، یونیسیف
اقوام متحدہ کے بچوں کی بہبود کے ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ شام میں اس وقت دو ملین سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ یونیسیف کی سربراہ ہینریتا فورے کے مطابق سات سالہ خانہ جنگی کے باعث ہونے والے نقصان کے بعد شام میں ان بچوں کے لیے تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔ فورے کے مطابق یونیسیف کو رواں برس 95 ملین ڈالرز فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے ان فنڈز کی فراہمی کے لیے اپیل بھی کی ہے۔
ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک کی اشیاء کے حوالے سے یورپی یونین میں اتفاق رائے
ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک کی اشیاء مثلاﹰ پلیٹیں، کپ یا اسٹرا وغیرہ پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے یورپی یونین میں اتفاق ہو گیا ہے۔ تاہم اس معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے لیے ابھی اس کی یونین میں شریک تمام ممالک اور پھر یورپی پارلیمان کی طرف سے توثیق ہونا لازمی ہے۔ رواں برس مئی میں یورپی کمیشن نے تجویز دی تھی کہ ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک کی ایسی اشیاء پر پابندی عائد کر دی جائے جن کے نعم البدل پہلے سے موجود ہیں۔ کمیشن کے مطابق سمندروں میں موجود کوڑا کرکٹ کا 80 فیصد پلاسٹک پر مبنی ہے۔
جنیوا میں شام کے موضوع پر اجلاس، جرمن وزیر خارجہ کے تحفظات
جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے شام کے موضوع پر ہونے والے ایک تازہ اجلاس کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ماس کے بقول جرمنی شام کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتا ہے تاہم صرف آئینی کمیٹی سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ گزشتہ روز جنیوا میں ہونے والے اس اجلاس میں روس، ترکی اور ایران کے نمائندے شریک تھے۔ اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ اگلے برس جنوری سے ایک آئینی کمیٹی اپنا کام شروع کرے گی۔ اس کا مقصد اس تنازعے کو سیاسی طور پر حل کرنا ہے۔
خصوصی امریکی نمائندے کا دورہ شمالی کوریا
شمالی کوریا کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب آج بدھ کے روز پیونگ یانگ پہنچ رہے ہیں۔ سفارتی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اسٹیفن بِیگن چار روز تک شمالی کوریا میں موجود رہیں گے۔ ان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب واشنگٹن اور پیونگ یانگ کے درمیان جوہری مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ رواں برس جون میں شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات میں شمالی کوریا نے اپنا جوہری پروگرام ترک کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی تاہم اس بارے میں اب تک بہت معمولی پیشرفت ہوئی ہے۔
وسطی امریکا کے لیے ترقیاتی منصوبہ
امریکا اور میکسیکو نے وسطی امریکا کے لیے ایک ترقیاتی منصوبہ پیش کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا گوئٹے مالا، ہنڈوراس اور ایل سلواڈور میں 5.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضامند ہے۔ یہ رقم ان ممالک میں اصلاحات اور اقتصادی شعبے کی ترقی پر خرچ کی جائے گی۔ میکسیکو کے وزیر خارجہ مارسیکو ابرارد نے بتایا کہ اسی طرح جنوبی میکسیکو میں4.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس منصوبے کا مقصد وسطی امریکا اور جنوبی میکسیکو سے امریکا کی جانب ہجرت کو روکنا ہے۔
جرمن شہر ہائیڈل برگ میں تین افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا
جرمنی کے جنوب مغربی شہر ہائیڈل برگ کی ایک عمارت سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان میں دو مردوں اور ایک خاتون کی لاش ہے۔ ان ہلاکتوں کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقاتی عمل جاری ہے تاہم پولیس کا خیال ہے کہ شاید خاندانی چپقلش اس کی وجہ بنی اور یہ کہ قاتل بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔ منگل کی شب فائرنگ کی آوازیں سننے کے بعد ایک ہمسائے نے پولیس کو مطلع کیا۔ نصف شب کے قریب پولیس جب اپارٹمنٹ میں داخل ہوئی تو اسے وہاں تین لاشیں اور ایک ہتھیار ملا۔