بہاولپور: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں انتقامی کارروائی کے طور پر ایک نوبیاہتا جوڑے کو فائرنگ کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ ان کا شوہر شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ بہاولپور کی تحصیل حاصل پور کے نواحی علاقے نور پور میں پیش آیا، جہاں ملزم شاہد نے مبینہ طور پر فائرنگ اور تشدد کرکے نوبیاہتا دلہے مجاہد کو شدید زخمی کردیا جبکہ خاتون زکیہ ملزم کے تشدد سے جاں بحق ہوگئیں۔
واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد اپنی سابقہ سالی زکیہ سے شادی کرنا چاہتا تھا تاہم خاتون نے مجاہد نامی شخص سے شادی کرلی، جس کے بعد انتقام کی نیت سے ملزم نے نوبیاہتا جوڑے پر حملہ کرتے خاتون کو ہلاک کردیا۔
دوسری جانب خاتون کی لاش اور زخمی شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔