ہفتہ : 22 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا، جاپان اور یورپی یونین کا مستقبل چین چرانا چاہتا ہے، امریکی صدارتی مشیر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتصادی مشیر پیٹر نووارو نے جاپانی اخبار نیکئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ حکومت ’ میڈ ان چائنا 2025‘ نامی حکمت عملی کے تحت امریکا، جاپان اور یورپی یونین کے مستقبل کو چرانے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو طریقے چینی حکومت نے بین الاقوامی تجارت میں اپنا رکھے ہیں، اُن سے امریکا و چین کا تجارتی تنازعہ حل ہونے کا بظاہر امکان کم ہی ہے۔ نووارو کے مطابق اس وقت چین ہر طرح کی ٹیکنالوجی کے حصول کی کوشش میں ہے۔ امریکی حکومت پہلے ہی چین پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے حصول کے لیے سائبر دخل اندازی کا مرتکب ہوا ہے۔

[pullquote]شام میں امریکی فوج کی موجودگی ایک غلطی تھی، ایران[/pullquote]

شام سے امریکی فوج کے انخلاء پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تہران حکومت نے کہا ہے کہ شام میں امریکی فوج کی موجودگی ایک غلطی ہونے کے علاوہ نظریاتی کشیدگی کا باعث بھی بنی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روز اول سے شام میں امریکی فوج کی موجودگی کو کسی بھی طرح جائز قرار نہیں دیا جا سکتا اور اس کی وجہ سے سارا علاقہ عدم استحکام کا شکار ہو کر رہ گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انخلاء کے فیصلے کے بعد کہا تھا کہ شام سے امریکی فوج کے انخلاء پر روس، ایران، شام اور دوسرے کئی ممالک کسی بھی طور پر مسرت کا اظہار کرنے سے قاصر رہیں گے۔

[pullquote]عراقی صدر کی امریکی وزیر خارجہ سے علاقائی صورت حال پر گفتگو[/pullquote]

عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ عراقی وزیراعظم کے دفتر سے ہفتہ بائیس دسمبر کو جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ امریکی وزیرخارجہ نے شام سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد کی صورت حال پر تفصیل سے گفتگو کی۔ اس بات چیت میں امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے واضح کیا کہ امریکا عراق کے اندر جہادی تنظیم داعش کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے خاتمے کے لیے اپنی فوجی کمٹمنٹ کو ادھورا نہیں چھوڑے گا۔ اس ٹیلی فونک رابطہ کاری میں پومپیو نے عراق کو ایران سے تیل و گیس کے حصول کے لیے دیے گئے استثنیٰ پر بھی بات کی۔

[pullquote]ڈیزل اسکینڈل: اگلے برس مزید دو ارب یورو خرچ کیے جائیں گے، فولکس ویگن[/pullquote]

دنیا کے سب سے بڑے کار ساز ادارے فولکس ویگن کے مطابق ڈیزل اسکینڈل کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اگلے برس مزید دو بلین یورو خرچ کیے جائیں گے۔ یہ بات اس ادارے کے چیف فنانشل افسر فرانک وِٹر نے ایک جرمن کاروباری میگزین کو بتائی ہے۔ رواں برس کے دوران بھی اس اسکینڈل کے تناظر میں فولکس ویگن کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ ادارے کو مجموعی طور پر ساڑھے پانچ بلین یورو یا سوا چھ ارب ڈالر کی ادائیگیوں کا سامنا ہے۔ سن 2015 ميں اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اپنی ساکھ کو بچانے کے لیے يہ کمپنی اب تک تفتیش کاروں اور اپنے گاہکوں میں ستائیس بلین یورو خرچ کر چکی ہے۔

[pullquote]برونڈی کا دارالحکومت تبدیل کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

افریقی ملک برونڈی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وسطی قصبے گیٹیگا کو نیا دارالحکومت بنانے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ اعلان برونڈی کے صدر پیئر اینکُورن زیزا کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ برونڈی کے نئے دارالحکومت کے لیے ایک دہائی پہلے صدر اینکُورن زیزا نے صدارتی الیکشن کی مہم کے دوران وعدہ دیا تھا۔ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ دارالحکومت بُوجُم بُورا کی حیثیت ملک کے مالیاتی مرکز کی ہو گی۔ بُوجُم بُورا براعظم افریقہ میں واقع دنیا کی دوسری گہری ترین جھیل ٹانگا نیکا کے شمال مشرقی ساحلی کنارے پر آباد ہے۔ نیا دارالحکومت محض تیس ہزار آبادی کا شہر ہے جب کہ بوجم بورا ایک ملین سے زائد نفوس کا شہر ہے۔

[pullquote]کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید چھ باغی ہلاک کر دیے[/pullquote]

بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں باغیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں کم از کم چھ باغیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ تازہ جھڑپ ترال کے جنوبی علاقے میں ہفتہ بائیس دسمبر کو ہوئی۔ سکیورٹی فورسز نے اطلاع کی بنیاد پر جب ایک ٹھکانے کو گھیرے میں لیا، تو وہاں چھپے ہوئے باغیوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جھڑپ میں چھ افراد کے ہلاک ہونے کی خبر پھیلنے کے بعد ترال قصبے میں بھارت مخالف مظاہرے بھی ہوئے۔ اس احتجاج میں پولیس کے ساتھ سینکڑوں مظاہرین کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مقامی پولیس نے ان جھڑپوں میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے کوئی رپورٹ جاری نہیں کی۔

[pullquote]انقرہ حکومت شام میں داعش کے خلاف کارروائی سنبھالے گی، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ شام سے امریکی دستوں کے انخلا کے بعد انقرہ حکومت اس شورش زدہ ملک میں داعش کے خلاف کارروائی کا ذمہ سنبھال لے گی۔ ایردوآن کے مطابق ترک فورسز شام میں داعش کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گی، جو کئی مقامات پر مضبوط بھی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوج کے مکمل انخلا تک شمالی شام میں کرد باغیوں کے خلاف کارروائی مؤخر کی جا رہی ہے۔ امریکی صدر کی طرف سے شام سے اپنی فورسز واپس بلانے کے اچانک فیصلے پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں کار بم دھماکا، سترہ افراد ہلاک[/pullquote]

صومالی دارالحکومت موغا دیشیو میں ہفتے کے دن ہوئے ایک کار بم دھماکے کی وجہ سے سترہ افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ حملہ صدراتی محل کے نزدیک کیا گیا، جس کے نتیجے میں پچیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ ہلاک شدگان میں سات پولیس اہلکار، ایک معروف صومالی صحافی اور متعدد شہری بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کو نقصان بھی پہنچا۔ مسلم انتہا پسند گروہ الشباب نے اس خونریز کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]عالمی ادارے کے معائنہ کاروں کی ٹیم عدن پہنچ گئی[/pullquote]

یمنی بندر گاہی شہر حدیدہ میں ہوئی سیز فائر کی نگرانی کی خاطر اقوام متحدہ کے مبصرین کی ایک ٹیم عدن پہنچ گئی ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ اس ٹیم کی سربراہی ڈچ ریٹائرڈ جنرل پیٹرک کیمریٹ کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ شہر حدیدہ روانہ ہونے سے قبل اقوام متحدہ کے مبصرین کی ٹیم عدن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں کرے گی۔ جمعے کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس سیز فائر کی نگرانی کی خاطر بین الاقوامی ٹیم یمن روانہ کرنے کی منظوری دی تھی۔

[pullquote]’اسانج کو ایکواڈور کا سفارتخانہ چھوڑنے کی اجازت دی جائے‘[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے لندن حکومت پر زور دیا ہے کہ جولیان اسانج کو گرفتاری کے خوف کے بغیر ایکواڈور کے سفارتخانے سے نکلنے کی اجازت دی جائے۔ خفیہ معلومات منظر عام پر لانے والی ویب سائٹ وکی لیکس کے بانی گزشتہ چھ برسوں سے اس سفارتخانے میں موجود ہیں۔ اسانج نے سویڈن سپردگی کے خوف سے ایکوڈور کے سفارتخانے میں پناہ لی تھی۔ سویڈش حکومت جنسی حملے کے الزام کے تحت اسانج سے تفتیش کرنا چاہتی تھی تاہم اب یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔

[pullquote]حکومت نے نکارا گوا میں ٹیلی وژن چینل بند کر دیا[/pullquote]

نکاراگوا کے حکام نے ایک ٹیلی وژن چینل کے صدر دفتر میں چھاپہ مارتے ہوئے اس کی نشریات بند کر دی ہیں۔ یہ چینل حکومت پر تنقید کرتا تھا۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب گزشتہ ہفتے ہی ملکی فورسز نے بین الاقوامی این جی اوز اور ایک اخبار کے دفاتر پر چھاپے مارے تھے۔ صدر ڈینیل اوٹیگا کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹیلی وژن چینل ’نفرت انگیزی‘ کا باعث بنا۔ تاہم کئی حلقے اس وسطی امریکی ملک میں آزادی صحافت کی صورتحال پر تشوش کا اظہار کر رہے ہیں۔

[pullquote]امریکا، جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن شروع[/pullquote]

امریکا میں آج ہفتے کے دن سے جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔ کانگریس میں وفاقی اخراجات پر اختلاف رائے کی وجہ سے جمعے کے دن بجٹ پر اتفاق نہ ہو سکا، جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میکسیکو کے ساتھ دیوار کی تعمیر کی خاطر پانچ بلین کے حکومتی فنڈز مختص کرنا چاہتے ہیں، جس پر اپوزیشن نے اعتراض کیا ہے۔ رواں سال کے دوران یہ تیسرا حکومتی شٹ ڈاؤن ہے اور یہ کتنا طویل ہو گا، اس بارے میں ابھی کوئی علم نہیں۔ اس پیش رفت سے آٹھ لاکھ وفاقی حکومتی اہلکار متاثر ہوں گے۔

[pullquote]لندن کا گیٹ وِک ایئر پورٹ آج مکمل طور پر بحالی ہو جائے گا[/pullquote]

لندن کے گیٹ وِک ایئر پورٹ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ آج ہفتے کے دن سے یہ ہوائی اڈہ معمول کے شیڈول کے مطابق کام شروع کر دے گا۔ کرسمس کی چھٹیوں سے قبل کئی دن تک اس ایئر پورٹ پر ایئر ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔ تاہم مسافروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ پروازوں میں کچھ تاخیر کے لیے تیار رہیں کیونکہ آپریشنز کی مکمل بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ اس ایئر پورٹ کے نزدیک بغیر پائلٹ کے ڈرون طیاروں کی پرواز کی وجہ سے یہ اہم ہوائی اڈہ شدید متاثر ہوا۔ پولیس نے اس تناظر میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ جرمنی کا دورہ کرنا چاہتے ہیں، امریکی سفیر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جرمنی کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ جرمنی میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے برلن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ دراصل ٹرمپ اپنے آبائی گھر کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ امریکی صدر کے ننھیال کا تعلق جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینم کے ایک گاؤں سے تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک مرتبہ جرمنی آ چکے ہیں جبکہ چانسلر انگیلا میرکل دو مرتبہ امریکا کا دورہ کر چکی ہیں۔

[pullquote]چین کینیڈین شہریوں کو رہا کرے، امریکا اور کینیڈا کا مطالبہ[/pullquote]

امریکا اور کینیڈا نے بیجنگ حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ گرفتار کیے جانے والے دو کینیڈین شہریوں کو رہا کرے۔ چینی پولیس نے بزنس مین مائیکل سپاوور اور سباق سفارتی اہلکار مائیکل کوورگ کو گزشتہ ہفتے حراست میں لیا تھا۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ چین کی قومی سلامتی کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کینیڈا میں چینی ٹیلی کام کمپنی ہُوا وائی کی اعلیٰ اہلکار مینگ وانجو کی گرفتاری کے بعد ان دونوں کینیڈین شہریوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ وانجو کا معاملہ چین اور کینیڈا کے مابین سفارتی تناؤ کا باعث بھی بن چکا ہے۔

[pullquote]موغادیشو میں کام بم دھماکا، پندرہ افراد مارے گئے[/pullquote]

صومالی دارالحکومت موغادیشو میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم پندرہ افراد مارے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ آج ہفتے کے دن رونما ہوا، جس میں چار افراد زخمی بھی ہوئے۔ روئٹرز نے فوجی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حملے کے بعد ایک اور دھماکا بھی ہوا تاہم اس کی نوعیت معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ اس کارروائی کی ذمہ داری شدت پسند گروہ الشباب نے قبول کر لی ہے۔ موغادیشو میں ماضی میں بھی اس طرح کے حملے ہوتے رہتے ہیں، جن کا الزام مسلم عسکریت پسندوں پر عائد کیا جاتا ہے۔

[pullquote]نیپال میں بس حادثہ، ہلاک شدگان کی تعداد 23 ہو گئی[/pullquote]

نیپال میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد تئیس ہو گئی ہے۔ مقامی طبی ذارئع کے مطابق اس حادثے میں زخمی ہونے والا ایک انیس سالہ لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج ہفتے کے دن ہلاک ہو گیا۔ یہ حادثہ جمعے کے دن پہاڑی علاقے تلسی پور کے قریب رونما ہوا تھا۔ متاثرہ بس جس میں طلبہ اور اساتذہ سوار تھے، سڑک سے سات سو میٹر گہرائی میں جا گری تھی۔ اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیشی عمل جاری ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے