اتوار : 23 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انڈونیشیا میں آتش فشاں کے پھٹنے اور سونامی سے 222 ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا کے آبنائے سُنڈا میں پیدا ہونے والی سونامی سے کم از کم 222 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امکاناً یہ سونامی کوہ اناک کراکاٹوا کے پھٹنے کے نتیجے میں پیدا ہوئی تھی۔ زخمیوں کی تعداد 843 بتائی گئی ہے۔ لاپتہ افراد کی تعداد 28 ہے۔ سونامی نے آبنائے سُنڈا کے دونوں اطراف کو اپنی لپیٹ میں لیا اور وسیع علاقہ زور دار لہروں کی لپیٹ میں آ گیا۔ آتش فشاں پہاڑ جاوا اور سماٹرا جزائر کے درمیان سے گزرنے والی آبنائے میں واقع ہے۔ جس وقت آتش فشاں پھٹا، اُس وقت سمندر میں پورے چاند کی وجہ سے پہلے ہی شدت پائی جاتی تھی۔ انڈونیشیا کے ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

[pullquote]افغان صدر نے داخلہ اور دفاع کے نئے وزراء نامزد کر دیے[/pullquote]

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنی کابینہ میں داخلہ اور دفاع کے محکموں کے نئے وزراء کی نامزدگیاں کر دی ہیں۔ وزارت داخلہ کے لیے نئے وزیر امر اللہ صالح ہوں گے جب کہ اسد اللہ خالد کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ دونوں نامزد وزرا ماضی میں افغان خفیہ ادارے کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ اب ان وزراء کی توثیق افغان پارلیمنٹ نے کرنی ہے۔ اس توثیق کے بعد ہی دونوں وزراء اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا سکیں گے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے مبصرین کی ٹیم کے سربراہ صنعاء پہنچ گئے[/pullquote]

یمن کے بندرگاہی شہر حدیدہ میں شروع ہونے والی فائربندی کی نگرانی کرنے والے مبصرین کی ٹیم کے سربراہ ڈچ ریٹائرڈ جنرل پیٹرک کیمیرٹ حوثی ملیشیا کے زیر کنٹرول یمنی دارالحکومت صنعاء پہنچ گئے ہیں۔ صنعاء شہر پہنچنے پر سابق جنرل کا استقبال حوثی ٹیم کے سربراہ علی المشکی نے کیا۔ وہ چند گھنٹے صنعا میں گزارنے کے بعد حدیدہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ ڈچ جنرل نے صنعاء پہنچنے کے بعد وہاں موجود رپورٹرز کے ساتھ کوئی بات نہیں کی۔ ہفتہ بائیس دسمبر کو جنرل کیمیرٹ نے یمنی متحارب فریقین سے اپیل کی تھی کہ وہ فائربندی ڈیل کا احترام کریں۔

[pullquote]کیوبا کے نئے مجوزہ دستور کی پارلیمنٹ سے منظوری[/pullquote]

کیوبا کی نیشنل اسمبلی نے نئے مجوزہ دستور کی انتہائی بھاری اکثریت کے ساتھ منظوری دے دی ہے۔ نئے دستور کے حق میں 602 رکنی ایوان میں سے 583 اراکین نے ووٹ ڈالا۔ انیس ارکان اجلاس سے غیر حاضر تھے۔ اس طرح مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔ ریفرنڈم میں منظوری کے بعد نیا دستور سن 1976 میں نافذ کیے جانے والے دستور کی جگہ لے گا۔ نئے دستور میں سب سے اہم بات ملک میں سے ’کمیونسٹ معاشرے‘ کا ہذف کیا جانا ہے۔ نئے دستور میں بھی کمیونسٹ پارٹی کے کردار کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔ اب اس مجوزہ دستور کی عوامی منظوری کے لیے ریفرنڈم کا انتظام کیا جائے گا، جو اگلے برس چوبیس فروری کو ہو گا۔

[pullquote]حماس نے محمود عباس کے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اعلان کو مسترد کر دیا[/pullquote]

فلسطین کی انتہا پسند تنظیم حماس نے فلسطینی صدر محمود عباس کے اُس فیصلے کی مذمت کی ہے، جس کے تحت انہوں نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حماس نے اس مناسبت سے اپنے بیان میں کہا کہ محمود عباس نے پارلیمنٹ تحلیل کر کے جانبدارانہ مفاد کو تحفظ دیا ہے۔ محمود عباس نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا فیصلہ فلسطینی دستوری کونسل کے ایک فیصلے کی روشنی میں کیا۔ حماس نے اس عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدالت بھی عباس کے ایک ذاتی فیصلے کی پیداوار ہے۔ حماس کے مطابق محمود عباس کو تنظیم کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ملاقات کی دعوت کو قبول کرنا چاہیے تھا تا کہ فلسطینیوں میں پیدا تقسیم کا خاتمہ ہو سکتا۔

[pullquote]شام سے فوج کی واپسی پر خصوصی امریکی سفیر بھی مستعفی[/pullquote]

جہادی گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف قائم عالمی اتحاد کے امریکی سفیر بریٹ مک گرُوک نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شام سے فوج بلانے کے اعلان پر احتجاجاً استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس سے قبل وزیر دفاع جیمز میٹس بھی ٹرمپ انتظامیہ سے اسی بنیاد پر علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔ چند روز قبل بریٹ مک گرُوک نے کہا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا کوئی بھی فیصلہ انتہائی لاپرواہی ہو گا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا فیصلہ انتہائی حیران کُن ہے اور اِس نے اتحادیوں کو پریشان بھی کر دیا ہے۔ بریٹ مک گرُوک کو سابق امریکی صدر اوباما نے سن 2015 میں یہ ذمہ داری سونپی تھی۔

[pullquote]چین میں کینیڈین شہریوں کی گرفتاری، کینیڈا کی اتحادیوں سے مدد طلب[/pullquote]

کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے اپنے اتحادیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چین میں گرفتار دو کینیڈین شہریوں کی رہائی کے معاملے میں مدد کریں۔ انہوں نے ان افراد کی گرفتاری کو بین الاقوامی کمیونٹی کے لیے ایک پریشان کن معاملہ قرار دیا ہے۔ ان گرفتار شدگان میں ایک سابق سفارت کار مائیکل کوورِگ اور کنسلٹنٹ مائیکل سپاوور شامل ہیں۔ کینیڈین وزیر خارجہ کے مطابق ان افراد کی گرفتاری صرف اُن کے ملک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اتحادی ممالک کے لیے بھی پریشانی کا باعث ہے۔ کرسٹیا فری لینڈ نے ایک مرتبہ پھر چین سے کہا ہے کہ وہ اِن دونوں شہریوں کو فوری طور پر رہا کرے۔

[pullquote]چاڈ میں فرانسیسی فوجیوں سے صدر ماکروں کی ملاقات[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے افریقی ملک چاڈ پہنچ کر وہاں متعین اپنے فوجیوں سے ملاقات کی ہے۔ یہ فوجی انسدادِ دہشت گردی کے فرانسیسی ’مِشن بارخانے‘ کے تحت وہاں تعینات کیے گئے ہیں۔ اس مشن میں ساڑھے چار ہزار فرانسیسی فوج شریک ہیں۔ چاڈ کے دارالحکومت اینجامینا میں ایک ہزار فوجیوں سے فرانسیسی صدر نے خطاب بھی کیا اور اُن کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگلے چند ماہ فیصلہ کن ہوں گے۔ ماکروں نے یہ بھی کہا کہ اُن کا ملک مکمل فتع تک ساحل خطے کے ملکوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے اس مشن میں امریکی تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس خطے میں دیگر سرگرم ملکوں میں برطانیہ، اسپین، جرمنی اور ایسٹونیا شامل ہیں۔

[pullquote]سوڈان: مہنگائی اور اشیائے ضرورت کی قلت کے خلاف شدید احتجاج[/pullquote]

سیاسی و اقتصادی عدم استحکام کے حامل افریقی ملک سوڈان میں مہنگائی اور اشیائے ضرورت کی شدید قلت کے خلاف عوامی مظاہروں کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے۔ ان مظاہروں کو انتیس برس سے برسراقتدار صدر عمرالبشیر کے لیے شدید خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ ان مظاہروں کے شرکاء صدر عمر البشیر کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ ہفتہ بائیس دسمبر کو خرطوم حکومت نے اپوزیشن کے 16 رہنماؤں کو گرفتار کیا ہے، جن میں چودہ کا تعلق بائیں بازو سے بتایا گیا ہے۔ سوڈانی صدر نے ان مظاہروں کے تناظر میں صوبہ گاداریف کے گورنر کو فوری طور پر برخاست بھی کر دیا ہے۔

[pullquote]کینیڈین وزیراعظم اچانک دورے پر مالی پہنچ گئے[/pullquote]

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹِن ٹروڈو ایک اچانک دورے پر افریقی ملک مالی پہنچے۔ انہوں نے وہاں اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل اپنے ملک کے فوجیوں سے کرسمس سے قبل خصوصی ملاقات کی۔ مالی کے دورے پر ٹروڈو کے ہمراہ اُن کے وزیر دفاع اور فوج کے سربراہ بھی گئے تھے۔ مالی کے وزیراعظم نے اپنے کینیڈین ہم منصب سے خصوصی ملاقات بھی کی ہے۔ ٹروڈو نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ کینیڈین مرد اور خواتین فوجی اپنی قربانیوں سے اپنے ملک اور عوام کو محفوظ رکھنے کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ٹروڈو نے اپنے پیغام میں اپنے فوجیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں کرسمس کی نیک تمنائیں بھی دیں۔

[pullquote]وارسا کے یہودی بستی کی بغاوت کا آخری زندہ شخص انتقال کر گیا[/pullquote]

پولستانی دارالحکومت وارسا کی یہودی بستی کی نازی قبضے کے دوران کی جانے والی بغاوت کا زندہ بچ جانے والا آخری شخص چورانوے برس کی عمر میں وفات پا گیا ہے۔ رحلت پانے والے یہودی شخص کا نام سیماچا کازیک روٹم تھا۔ وہ اس بغاوت کے دوران گرفتار کر کے اذیتی مرکز روانہ کر دیا گیا تھا۔ تمام تر مشکلات کے باوجود زندہ رہنے والا روٹم اِن دنوں یروشلم میں مقیم تھا۔ اسرائیل کے صدر ریُووین ریولِن اور وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے روٹم کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کو خراجٍ عقیدت پیش کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے