جمعرات : 27 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا اور چین کے مابین تجارتی تنارعے کی شدت میں مزید کمی کا امکان[/pullquote]

امریکا اور چین کے مابین تجارتی تنارعے کی شدت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ چینی سرکاری نشریاتی ادارے ’سی جی ٹی این‘ نے چینی وزارت تجارت کا بیان جاری کیا ہے، جس کے مطابق دونوں ممالک کے نمائندے جنوری میں ملاقات کر رہے ہیں۔ تاہم حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکا اور چین تجارتی تنازعےکے موضوع پر مسلسل ٹیلیفون پر رابطے میں ہیں۔ رواں برس کے دوران دونوں ممالک ایک دوسرے کی اشیاء پر اربوں ڈالر کے اضافی محصولات عائد کر چکے ہیں۔

[pullquote]امریکا کو سابقہ سوویت سونین سے سبق سیکھنا چاہیے، افغان طالبان[/pullquote]

افغان طالبان نے آج جمعرات کو امریکا سے فوری پر افغانستان سے فوری طور پر نکل جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق امریکا کو سابقہ سوویت یونین کی شکست سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ان کے بقول افغان شہریوں کی مشکلات سے نبرد آزما ہونے کی اس صلاحیت کو دوبارہ سے آزمانےسے باز رہے، جو پہلے ہی ثابت ہو چکی ہے۔ ان کا یہ بیان افغانستان پر سوویت یونین کے حملے کے انتالیس برس پورے ہونے پر جاری کیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان میں موجود امریکی دستوں کی تعداد میں کمی کا اعلان کر چکے ہیں۔

[pullquote]جرمن فوج میں دیگر یورپی ممالک کے شہری بھرتی کرنے پر غور[/pullquote]

جرمن فوج میں دیگر یورپی ممالک کے شہریوں کو بھرتی کرنے کے بارے میں سوچا جا رہا ہے۔ ملکی فوج کے سربراہ جنرل ایبرہارڈ زورن کے مطابق یہ تجویز متنازعہ بھی ہے کیونکہ اسے ’کرائے کی فوج‘ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی جمہوریہ جرمنی کی فیڈرل آرمی کے لیے نئی تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہر قسم کی ممکنہ تجاویز کا بڑے غور سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

[pullquote]آج دمشق میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ دوبارہ سے کھل رہا ہے[/pullquote]

شامی دارالحکومت میں آج جمعرات کو متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ دوبارہ سے کھولا جا رہا ہے۔ ’یو اے ای‘ کی وزارت اطلاعات نے بتایا کہ اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اسے کئی سالہ سفارتی تنہائی کے بعد بشارلاسد کی حکومت کو عرب دنیا میں واپس لانے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی ماہ سوڈانی صدر عمر البشیر بھی شام کا دورہ کر چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے فروری 2012ء میں شام سے اپنا سفارتی رابطہ منقطع کر دیا تھا۔

[pullquote]امریکی صدر ٹرمپ کا عراق کا غیر اعلانیہ دورہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق کے اپنے ایک غیر اعلانیہ دورے کے دوران وہاں تعینات امریکی دستوں سے ملاقات کی۔ امریکی فوجیوں سے اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا عالمی سطح پر پولیس کا کردار مزید ادا نہیں کر سکتا۔ ان کے بقول امریکا اب ایسے ممالک کو ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دینا چاہتا، جو اپنے تحفظ کے لیے امریکا اور امریکی افواج کو استعمال کرتے ہیں۔ اس موقع پر ٹرمپ نے شام سے امریکی افواج کے انخلاء کے اپنے فیصلے کا دفاع بھی کیا۔ ان کے مطابق یہ کوئی انصاف نہیں کہ امریکا کو ہی سارا بوجھ اٹھانا پڑے۔ ٹرمپ کا صدر بننے کے بعد کسی بحران زدہ علاقے کا یہ پہلا دورہ تھا۔

[pullquote]ایرانی وزارت ثقافت نے ملک میں آزادی اظہار کی ابتر صورتحال کو تسلیم کر لیا[/pullquote]

ایرانی وزارت ثقافت نے ملک میں آزادی اظہار کی ابتر صورتحال کو تسلیم کر لیا ہے۔ اس وزارت سے منسلک اہلکار حامد رضا کے مطابق ایران میں زیادہ تر میڈیا ادارے یا تو ریاست کی ملکیت ہیں یا پھر حکومت ان کی مالی ضروریات پورا کرتی ہے۔ حامد رضا وزارت ثقافت میں ذرائع ابلاغ پر تحقیق کرنے والے ادارے کے سربراہ بھی ہیں۔ ان کے بقول ایران میں میڈیا کا کردار حکومتی ترجمان کا سا رہ گیا ہے۔ اس صورت میں تحقیقی صحافت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ایرانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد سماجی ویب سائٹس کو خبروں کے حصول کے ذریعے کے طور پر استعمال کرتی ہے۔

[pullquote]بھارت میں مبینہ خود کش حملوں کا منصوبہ، ملزمان کی عدالت میں پیشی آج[/pullquote]

بھارت میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیے گئے دس مشتبہ افراد کو آج جمعرات کے روز دارالحکومت نئی دہلی کی ایک عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان افراد پر شبہ ہے کہ انہوں نے مبینہ خود کش حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔ بھارت میں انسداد دہشت گردی کے وفاقی ادارے کے مطابق ان دس ملزمان کو نئی دہلی اور چند دیگر قریبی شہروں میں کل بدھ کے دن مارے گئے چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ان ملزمان کا تعلق داعش سے نظریاتی طور پر متاثر عسکریت پسندوں کے ایک ایسے چھوٹے سے گروپ سے ہے، جو تین ماہ قبل قائم کیا گیا تھا۔

[pullquote]افغانستان میں صدارتی انتخابات ایک مرتبہ پھر ملتوی ہونے کا امکان[/pullquote]

افغانستان میں صدارتی انتخابات کو مزید ملتوی کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق عین ممکن ہے کہ اب انتخابات اگلے برس اپریل کے بجائے جون میں ہوں۔ خود مختار ملکی الیکشن کمیشن ( آئی ای سی) کے ارکان اس سلسلے میں متعلقہ حکام اور ممکنہ امیدواروں سے آج ملاقات کر رہے۔ آئی ای سی نے بتایا ہے کہ اس موقع پر اصلاحات کے موضوع پر بات ہو گی تاکہ پارلیمانی انتخابات میں سرزد ہونے والی غلطیاں دہرائی نہ جائیں۔ آئی ای سی کی جانب سے دو ماہ قبل ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا: ’متاثرین راکھ اور دھوئیں سے بچنے کے لیے گھروں میں ہی رہیں‘[/pullquote]

انڈونیشیا کے آبنائے سنڈا کے دور دراز جزیروں پر پھنسے متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ امدادی تنظیموں کے مطابق اناک نامی آتش فشاں مسلسل لاوا اگل رہا ہے، جس سے نئی سونامی لہروں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ طوفانی موسم امدادی کاموں میں شدید رکاوٹوں کا باعث بن رہا ہے۔ اسی وجہ سے مقامی افراد کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ تیز ہوا کے ساتھ اڑنے والی راکھ اور دھوئیں سے بچنے کے لیے اپنے گھروں میں ہی رہیں۔ گزشتہ ویک اینڈ پر انڈونیشیا میں آنے والی سونامی لہروں کے نتیجے میں 430 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً ڈیڑھ ہزار زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]ایردوآن پر تنقید پر ترکی میں دو ٹی وی پروگرام معطل[/pullquote]

ترکی میں نشریات کے نگران ادارے (آر ٹی یو کے) نے صدر رجب طیب ایردوآن پر تنقید کے باعث دو پروگرام معطل کر دیے ہیں۔ اخبار حریت کے مطابق ہلَک ٹی وی کو پانچ مرتبہ اپنا ایک ٹاک شو ملتوی کرنا پڑا جبکہ فوکس ٹی وی پر بھی ایک نیوز شو کو نشر نہیں ہونے دیا گیا۔ ہلَک ٹی وی کا شمار حکومت کے ناقد نشریاتی اداروں میں ہوتا ہے۔ ’آر ٹی یو کے‘ کے مطابق ان دونوں ٹیلی وژن چینلز کو جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔ ایردوآن کی جانب سے فوکس ٹی وی پر شدید تنقید بھی کی گئی تھی۔

[pullquote]بغیر معاہدے کے بریگزٹ جرمنی پر بڑا اضافی مالیاتی بوجھ ہو گا، یورپی کمشنر[/pullquote]

برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج یا بریگزٹ کے لیے کسی باقاعدہ معاہدے کا طے نہ پانا جرمنی کے لیے بہت زیادہ اضافی مالیاتی بوجھ کی وجہ بنے گا۔ یہ بات جرمنی سے تعلق رکھنے والے یورپی یونین کے بجٹ سے متعلقہ امور کے نگران کمشنر گُنٹر اوئٹنگر نے کہی۔ انہوں نے جرمنی کے فُنکے میڈیا گروپ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر برطانیہ نے یونین کے رکن ملک کے طور پر بریگزٹ تک اپنے جملہ حقوق و فرائض پورے نہ کیے، تو جرمنی کو سینکڑوں ملین یورو کا اضافی مالیاتی بوجھ برداشت کرنا ہو گا۔ اوئٹنگر نے تاہم یہ بھی کہا کہ یہ بات اب بھی ممکن ہے کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین بریگزٹ کا ایک باقاعدہ معاہدہ طے پا جائے اور اس کی توثیق بھی کر دی جائے۔

[pullquote]اسرائیلی پارلیمان تحلیل، نئے انتخابات کی راہ ہموار[/pullquote]

اسرائیلی پارلیمان گزشتہ شب تحلیل کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق کنیسٹ کے 120 میں سے 102 ارکان نے پارلیمان کو تحلیل کرنے اور قبل از وقت انتخابات کے حق میں پیش کردہ قرارداد کے حق میں رائے دی۔ دو ارکان نے اس کی مخالفت کی جبکہ باقی اس اجلاس سے غیر حاضر تھے۔ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے پیر کے روز اگلے سال نو اپریل کو نئے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا تھا۔ نیتن یاہو کے دائیں بازو کے مذہبی اتحاد کو نومبر سے پارلیمان میں صرف ایک نشست کی برتری حاصل تھی اور اسی وجہ سے حکومتی اتحاد کو شدید دباؤ کا سامنا تھا۔

[pullquote]شام میں فضائی حملے، اسرائیل نے تصدیق کر دی[/pullquote]

اسرائیل کے ایک اعلیٰ سکیورٹی اہلکار نے بدھ کے روز تصدیق کر دی کہ اسرائیل نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب شام میں نئے فضائی حملے کیے۔ اس اہلکار نے بتایا کہ یہ حملے ایسے اہداف پر کیے گئے، جو لبنانی تنظیم حزب اللہ کے جنگجوؤں کو ایرانی ہتھیاروں کی منتقلی کے عمل کا حصہ تھے۔ روس کی طرف سے ان اسرائیلی فضائی حملوں پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی گئی تھی کہ ان سے شام میں مسافر طیاروں کی پروازیں شدید خطرے میں پڑ گئی تھیں۔ یہ پیش رفت اس بات کا اشارہ بھی ہے کہ شامی خانہ جنگی کے حوالے سے روس اور اسرائیل کے تعلقات مسلسل کھچاؤ کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے