جمعہ : 28 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شامی فورسز منبج میں داخل ہو گئیں[/pullquote]

شامی حکومتی دستے کرد ملیشیا گروپوں کے زیر قبضہ اہم علاقے منبج میں داخل ہو گئے ہیں۔ شامی کردوں کے مطابق ترک فورسز کی طرف سے ممکنہ حملوں کے پیش نظر شامی دستوں کو وہاں تعینات ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔ اسی علاقے میں امریکی دستے بھی تعینات تھے تاہم واضح نہیں کہ آیا وہ وہاں سے نکل چکے ہیں۔ دریں اثناء شامی کردوں کی تنظیم وائی پی جی نے کہا ہے کہ تمام شامی ’حملہ آوروں‘ کے خلاف متحد ہو جائیں۔ ترکی کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ملک شام میں موجود کرد باغی دراصل کردستان ورکرز پارٹی کا حصہ ہیں، جن سے ترکی کی سالمیت کا خطرات لاحق ہیں۔ اسی لیے ترک فورسز ان باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

[pullquote]پارلیمان مے کی بریگزٹ ڈیل کو منظور کر سکتی ہے، وزیر خارجہ[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے کہا ہے کہ اگر یورپی یونین وضاحت کر دے کہ شمالی آئرلینڈ کی سرحدوں کی نگرانی کا معاملہ عارضی نوعیت کا ہے تو ملکی پارلیمان وزیراعظم ٹریزا مے کی بریگزٹ ڈیل کی منظوری دے دے گی۔ لندن حکومت یقین دہانی چاہتی ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے بعد یورپی یونین کے رکن ملک آئرلینڈ اور برطانوی زیر انتظام شمالی آئرلینڈ کے مابین بارڈر چیکس نہ ہوں۔ بریگزٹ مذاکرات کے دوران یہی معاملہ لندن اور برسلز کے مابین تناؤ کا باعث بنا ہوا ہے۔

[pullquote]انتخابی عمل کے جزوی التوا پر کانگو میں مظاہرے[/pullquote]

کانگو کی پولیس نے ملک کے مشرقی شہروں میں حکومت مخالف مظاہرین کو منشتر کرنے کی خاطر آنسو گیس کے شیل برسائے اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق بینی اور بوٹیمبو نامی شہروں میں یہ مظاہرے اس وقت شروع ہوئے جب حکومت نے کہا کہ وہ ایبولا وائرس سے متاثرہ اس خطے میں انتخابات ملتوی کر رہی ہے۔ اس خطے کو صدر جوزف کابیلا کی مخالف اپوزیشن کا اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ دو سال کی تاخیر کے بعد اس افریقی ملک میں اتوار کے دن الیکشن ہو رہے ہیں۔

[pullquote]امریکی حکومتی شٹ ڈاؤن آئندہ سال تک جاری رہے گا[/pullquote]

امریکا میں جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن آئندہ ہفتے بھی جاری رہنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس ڈیڈلاک کو ختم کرنے کی ایک اور کوشش کی ناکامی کے بعد ناقدین نے کہا ہے کہ یہ صورتحال سال دو ہزار انیس سے قبل ختم نہیں ہو گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا اور میکسیکو کے درمیان سرحد پر ایک دیوار کی تعمیر کے لیے حکومتی فنڈنگ مختص کرنا چاہتے ہیں تاہم اپوزیشن ڈیموکریٹس اس منصوبے کے خلاف ہیں۔ یہ معاملہ اس برس تیسرے حکومتی شٹ ڈاؤن کا باعث بنا ہے۔ یہ حکومتی بندش قریب آٹھ لاکھ وفاقی ملازمین کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں انتخابی سیاسی مہموں کا اختتام[/pullquote]

بنگلہ دیش میں آئندہ ویک اینڈ پر ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل انتخابی مہموں کا سلسلہ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ بنگلہ دیش میں تیس دسمبر کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کے لیے انتخابی مہموں کے دوران متعدد پرتشدد واقعات بھی دیکھے گئے۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ مسلسل تیسری مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔ مرکزی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے سن دو ہزار چودہ کے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا۔ حکمران پارٹی پر اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن کا الزام بھی عائد کیا جاتا ہے۔

[pullquote]عالمی سلامتی کونسل میں اصلاحات ہونا چاہییں، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے حق میں ہیں۔ جرمنی آئندہ برس سے سلامتی کونسل میں بطور غیر مستقل رکن شامل ہو رہا ہے۔ اس مناسبت سے ماس نے کہا کہ برلن حکومت بین الاقوامی تعاون کے لیے تیار ہے اور اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کی موجودہ ہیئت پرانی ہو چکی ہے اور اس کے پانچ مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔ جرمنی بھی سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کی خاطر گزشتہ کئی برسوں سے کاوشیں کر رہا ہے۔

[pullquote]’امریکی دستے عراق سے بھی نکل جائیں‘[/pullquote]

متعدد عراقی قانون سازوں نے اپنے ملک سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خطے میں ایران یا روس کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کی خاطر امریکی دستے عراق میں تعینات نہیں رہ سکتے۔ یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شام اور افغانستان سے واشنگٹن کے فوجی دستوں کی واپسی کا اعلان کر چکے ہیں۔ امریکی فوجی سن دو ہزار تین میں عراق میں تعینات کیے گئے تھے، جو سن دو ہزار گیارہ میں واپس بلا لیے گئے تھے۔ تاہم سن دو ہزار چودہ سے داعش کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکی افواج ایک مرتبہ پھر عراق میں موجود ہیں۔

[pullquote]پومپیو اور نیتن یاہو کی ملاقات آئندہ ہفتے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آئندہ ہفتے کے دوران برازیل میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنما شام سے امریکی افواج کی واپسی کے منصوبے پر گفتگو کریں گے۔ یہ دونوں رہنما برازیل کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی خاطر یکم جنوری کو برازیلیہ میں ہوں گے۔ اسرائیل کو ہمسایہ ملک شام میں شورش پر تشویش ہے اور وہ انتہا پسند مسلم جنگجوؤں کے خلاف سرحد پار حملے بھی کرتا رہتا ہے۔

[pullquote]مڈغاسکر میں سابق صدر آندرے راجولینا کی انتخابی کامیابی یقینی[/pullquote]

مڈغاسکر کے سابق صدر آندرے راجولینا ایک مرتبہ پھر اقتدار سنبھال سکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے منعقد ہوئے دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخابات کے جزوی نتائج کے مطابق انہیں اپنے حریف سیاستدان مارک راوالومنانا پر واضح سبقت حاصل ہے۔ ملکی الیکشن کمیشن کے مطابق راجولینا 55 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ملکی آئینی عدالت آئندہ نو دنوں میں ان نتائج کی توثیق کرے گی۔ انیس دسمبر کو ہوئے دوسرے مرحلے کے صدارتی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی شرح اڑتالیس فیصد رہی تھی۔

[pullquote]ویت نام میں کمیاب بندر کھانے پر چھ افراد گرفتار[/pullquote]

ویت نام کی پولیس نے بقا کے خطرے سے دوچار کمیاب بندر کھا جانے کے الزام میں چھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان افراد نے اس عمل کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر براہ راست اسٹریم کی تھی، جس کے باعث ان کی شناخت ممکن ہو گئی تھی۔ ویت نام میں کمیاب اور بقا کے خطرے سے دوچار جانوروں کا شکار ممنوع ہے۔ تاہم کئی مقامی لوگ ایسے جانوروں کے گوشت کو طبی حوالوں سے مفید قرار دیتے ہوئے نہ صرف ان کا شکار کرتے ہیں بلکہ ان کی اسمگلنگ بھی کی جاتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے