اتوار : 06 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان اقتصادی مذاکرات[/pullquote]

ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان آج اتوار چھ جنوری کو ایک روزرہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔ اُن کا استقبال وزیراعظم عمران خان نے کیا۔ پاکستانی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے مطابق پرنس محمد کے دورے کے دوران پاکستان میں آئل ریفائنری کے قیام کے منصوبے کے مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ ابو ظہبی کے ولی عہد اتوار کی سہ پہر میں اپنا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے۔

[pullquote]افغانستان میں سونے کی کان کا انہدام، تیس افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں کم از کم تیس افراد کے ہلاک ہونے کا بتایا گیا ہے، جو ایک دریا میں کھدائی کر کے سونے کی تلاش جاری رکھے ہوئے تھے۔ یہ واقعہ شمال مشرقی افغان صوبے بدخشاں کے ضلع کوہستان میں رونما ہوا۔ ایک صوبائی حکومتی ترجمان کے مطابق اس حادثے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے۔ ایک گاؤں کے افراد نے دریائی گزرگاہ میں ساٹھ میٹر گہری کان کھود کر سونا کی تلاش جاری رکھی ہوئی تھی کہ اوپر سے مٹی کی چھت گر گئی۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ بدخشاں صوبے کے گورنر کے ترجمان کے مطابق اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے لیکن ایک بات واضح ہے کہ سونے کی تلاش میں مصروف افراد پروفیشنل کان کن نہیں تھے۔

[pullquote]ملائیشیا کے بادشاہ تخت سے دستبردار ہو گئے[/pullquote]

ملائیشیائی بادشاہ سلطان محمد پنجم نے تخت سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ اُن کے دفتر کی جانب سے تخت چھوڑنے کے حوالے سے کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ انچاس سالہ ملائیشیائی بادشاہ کے مستقبل کے حوالے سے چہ مگوئیاں گزشتہ کچھ ہفتوں سے جاری تھیں۔ انہوں نے اپنے دفتر سے رخصت بھی طلب کر رکھی تھی۔ سن 1957 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سلطان محمد پنجم پہلے بادشاہ ہیں جنہوں نے تخت کو خیرباد کہا ہے۔ وہ سن 2016 میں تخت نشین ہوئے تھے۔ ملائیشیائی بادشاہ نے گزشتہ برس روس کی ایک حسینہ مس ماسکو سے شادی بھی رچا رکھی ہے۔

[pullquote]مشرقی شام میں دو برطانوی فوجی میزائل لگنے سے زخمی[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے مشرقی حصے میں جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ایک میزائل کی زد میں آ کر دو برطانوی فوجیوں کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔ یہ فوجی مشرقی شام کے دیرالزور صوبے کے ایک گاؤں الشعفاہ میں متعین تھے جب وہ جہادیوں کے داغے گئے میزائل کی زد میں آئے۔ ان زخمی فوجیوں کے ہمراہ امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز کا ایک جنگجو بھی مارا گیا ہے۔ الشعفاہ کو دریائے فرات کے پہلو میں داعش کے زیر کنٹرول آخری ٹھکانہ بتایا جاتا ہے۔ یہ امر اہم ے کہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز کو امریکا کے علاوہ کئی مغربی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے۔

[pullquote]امریکا کے سابق وزیر دفاع ہیرالڈ براؤن کی رحلت[/pullquote]

امریکا کے سابق وزیر دفاع ہیرالڈ براؤن اکانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ اُن کی رحلت کا اعلان امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع انٹرنیشنل تھنک ٹینک رینڈ کارپوریشن کی جانب سے کیا گیا۔ ہیرالڈ براؤن امریکا کے انتالیسویں صدر جمی کارٹر کے دور میں پینٹاگون کے سربراہ تھے۔ براؤن بنیادی طور پر جوہری طبیعیات کے سائنسدان تھے اور اُن کے دور میں امریکی وزارت دفاع کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے پروگرام کا آغاز ہوا تھا۔ براؤن نے امریکی محکمہ دفاع کے لیے کروز میزائلوں، اسٹیلتھ جنگی طیاروں اور جدید سیٹلائٹ نگرانی کے علاوہ بہتر مواصلاتی رابطوں کے پروگراموں کی منظوری بھی دی تھی۔ وہ سن 1977 میں وزیر دفاع بنے تھے۔

[pullquote]کانگو کے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں غیر معمولی تاخیر[/pullquote]

افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو کے صدارتی الیکشن کے ابتدائی نتائج ابھی تک سامنے نہیں آ سکے۔ ملکی الیکشن کمیشن کے سربراہ نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ نتائج کا اعلان آج اتوار چھ جنوری کو بھی نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے ان نتائج کے اعلان کی کوئی حتمی تاریخ بتانے سے بھی گریز کیا۔ الیکشن کمیشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ تیس دسمبر کے انتخابات کے نتائج کے اعلان سے پہلے ابھی بیلٹ باکسز کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ کانگو میں انتخابی نتائج میں اس تاخیر کو جمہوری عمل کے لیے دھچکا خیال کیا جا رہا ہے۔ اس الیکشن میں ملکی ووٹروں کو صدر جوزف کابیلا کے جانشین کا انتخاب کرنا تھا۔

[pullquote]ایران اور روس بحیرہ کیسپیئن میں جنگی مشقیں کریں گے[/pullquote]

ایران اور روس بحیرہ کیسپیئن میں جنگی مشقوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ان مشقوں میں سمندر میں پھنسے افراد کو بچانے اور انسدادِ قزاقی جیسے امور کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ایرانی بحریہ کے ریئر ایڈمرل حسین خان زادی نے ملک کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی مہر سے گفتگو کرتے ہوئے اتوار چھ جنوری کو ان مشقوں کی تفصیلات بتائیں۔ ریئر ایڈمرل خان زادی نے کہا کہ ان مشقوں سے حاصل ہونے والے نتائج کا اطلاق دیگر سمندری علاقوں پر بھی کیا جائے گا۔ ایران اور روس بحیرہ کیسپیئن میں سن 2015 اور سن 2017 میں بھی جنگی مشقیں کر چکے ہیں۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے مابین انتہائی قریبی تعلقات پائے جاتے ہیں۔

[pullquote]طالبان نے درجن سے زائد افغان حکومتی اہلکاروں کو مغوی بنا لیا[/pullquote]

افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں طالبان عسکریت پسندوں نے ایسے پندرہ حکومتی اہلکاروں کو اغوا کر لیا ہے، جو اپنے معمول کے فرائض کے لیے دفاتر جا رہے تھے۔ ان اہلکاروں کو طالبان نے فراہ صوبے کے اسی نام کے دارالحکومت کے نواح سے اغوا کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان افراد کو عسکریت پسند اپنے زیر کنٹرول علاقے پشت رُود لے گئے ہیں۔ مغویوں کی بازیابی کے لیے افغان سکیورٹی فورسز نے اپنی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب جنوبی صوبے ہلمند میں طالبان کی ایک جیل پر افغان نیشنل فورسز نے دھاوا بول کر ایک درجن کے قریب قیدیوں کو رہا کرا لیا۔ طالبان نے یہ جیل ہلمند کے ضلع نہرِ سراج میں بنا رکھی تھی۔

[pullquote]یمنی شہر حدیدہ میں فائربندی کی خلاف ورزی، فریقین کی طرف سے گولہ باری[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے بندرگاہی شہر حدیدہ میں متحارب گروپوں حوثی ملیشیا اور صدر منصور ہادی کی فوج نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کی ہے۔ اطراف نے فائربندی کی خلاف ورزی شروع کرنے کا الزام ایک دوسرے پر لگایا ہے۔ گولہ باری کے تبادلے کے بعد فریقین نے اگلے محاذوں پر اپنے مسلح افراد کی تعداد میں اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہفتہ پانچ جنوری کو کی گئی اس شیلنگ سے گزشتہ برس دسمبر میں طے پانے والی فائربندی ڈیل ناکام ہو جانے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی مندوب مارٹن گریفتھس صنعاء پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایران نواز حوثی ملیشیا کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ کا صومالیہ سے سفیر بےدخل کیے جانے پر اظہار افسوس[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صومالیہ کی حکومت کے اُس فیصلے پر اظہار افسوس کیا ہے، جس کے تحت اُس نے عالمی ادارے کے خصوصی مندوب کو ملک سے بےدخل کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے اس شورش زدہ افریقی ملک کے لیے نیا مندوب مقرر کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ صومالی حکومت نے اقوام متحدہ کے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے سفارت کار نکولس ہیسم کو یکم جنوری کو بےدخل کر دیا تھا۔ اس مندوب نے جہادی تنظیم الشباب سے منحرف ہونے والے ایک شخص کی گرفتاری کے حکومتی فیصلے پر تنقید کی تھی۔ یہ منحرف شخص مقامی الیکشن میں حصہ لینا چاہتا تھا۔

[pullquote]سربیا میں ہزاروں شہریوں کا ملکی صدر کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]

سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں ہفتہ پانچ جنوری کی شام ہزاروں شہریوں نے صدر الیگزانڈر وُوچِچ کے خلاف احتجاجی مارچ میں حصہ لیا۔ مظاہرین ملکی صدر اور اُن کی سیاسی جماعت سربیئن پروگریسیو پارٹی کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ احتجاج کے شرکاء ملکی دستور کو محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے صدر کو متنبہ کر رہے تھے کہ وہ مبینہ غداری کے ارتکاب سے گریز کریں۔ مظاہرین نے صحافیوں اور اپوزیشن کے اہم رہنماؤں کے خلاف حکومتی کارروائیوں کی مذمت بھی کی۔ اس احتجاجی مارچ کے وقت بلغراد میں درجہ حرارت نقطہٴ انجماد سے بھی نیچے تھا۔

[pullquote]وینزویلا میں اپوزیشن کی اکثریت والی ملکی پارلیمنٹ کا افتتاحی اجلاس[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی اپوزیشن کی اکثریت والی نئی پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس میں اراکین نے حلف اٹھانے کے بعد نیا پارلیمانی اسپیکر بھی منتخب کر لیا۔ پینتیس سالہ خوان گوائیڈو کو ملکی کانگریس کا نیا سپیکر چنا گیا ہے۔ گوائیڈو نے یہ منصب چوہتر سالہ عمر باربوزا کی جگہ سنبھالا ہے۔ انہیں ملک کی نئی سیاسی نسل کا نمائندہ قرار دیا جاتا ہے۔ وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے ملکی دستور میں ترمیم کر کے کانگریس کے سربراہ کے اختیارات محدود کر دیے ہیں۔ اس ملک کو کمزور معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پیدا شدید اقتصادی بدحالی کے ساتھ ساتھ غیر معمولی افراطِ زر، وسیع تر بیروزگاری اور عوامی سطح پر انتہائی غربت کا سامنا بھی ہے۔

[pullquote]جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف کرکٹ سیریز جیت لی[/pullquote]

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے مہمان پاکستانی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں نو وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 41 رنز درکار تھے جو اُس نے ایک وکٹ گنوا کر حاصل کر لیے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان فاف ڈو پلاسی کو سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعہ گیارہ جنوری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے