اتوار : 20 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ پر برطانیہ پر دباؤ بڑھانا بہتر نہیں، جرمن وزیر اقتصادیات[/pullquote]

جرمن وزیر اقتصادیات پیٹر الٹمائر نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے اخراج کے حوالے سے برطانیہ کو غیر ضروری دباؤ کا سامنا کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی حتمی تاریخ کے تعین کی جگہ برطانیہ کے لیے ضروری وضاحتیں فراہم کرنا اہم ہے۔ الٹمائر کے مطابق اس وقت یورپی کونسل میں بریگزٹ معاملے پر واضح مذاکرات کی حمایت موجود نہیں ہے۔ یہ اہم ہے کہ عدم اتفاق کی بنیاد پر برطانیہ رواں برس انتیس مارچ کو یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا۔ ایسی صورت میں برطانوی سیاست اور شہریوں میں اقتصادی افراتفری پھیلنے کا یقینی امکان ہے۔ بریگزٹ ڈیل کو برطانوی پارلیمنٹ نے رواں ہفتے پندرہ جنوری کو مسترد کر دیا تھا۔

[pullquote]مالی: امن دستے کے آٹھ اہلکاروں کی ہلاکت[/pullquote]

مغربی افریقہ میں قائم اقوام متحدہ مشن کے مطابق شمالی مالی میں نامعلوم حملہ آوروں کے حملے میں امن دستے کے کم از کم آٹھ اہلکار مارے گئے ہیں۔ حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے سردست کوئی تفصیل دستیاب نہیں ہو سکی ہے۔ مشن نے اپنے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت بھی تاحال ظاہر نہیں کی ہے۔ مالی میں اقوام متحدہ کے امن دستے کے مشن کے سربراہ محمد صالح انادیف کا کہنا تھا کہ حملہ اچانک اور زوردار انداز میں کیا گیا تھا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اس حملے میں امن دستے کے کئی اہلکار زخمی بھی ہیں۔ حملے کے مقام پر اقوام متحدہ کے امن دستے کے ہمراہ فرانسیسی فوجی بھی متعین ہیں۔

[pullquote]افغان صدر نے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذات جمع کرا دیے[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے ملکی صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لینے کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے بعد اشرف غنی کا کہنا ہے کہ ایک مضبوط حکومت افغانستان کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اب تک چودہ افراد نے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ کابل میں قائم یونٹی حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ بھی ایک درجن سے زائد امیدواروں میں شامل ہیں۔ افغانستان کے صدارتی انتخابات رواں برس بیس جولائی کو ہوں گے۔ دوسری جانب صدر اشرف غنی نے اپنے مستعفی ہونے والے وزیر داخلہ امر اللہ صالح کو اول نائب صدر مقرر کیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم افریقی ملک چاڈ کے دورے پر[/pullquote]

اتوار بیس جنوری کو اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو افریقی ملک چاڈ کے دارالحکومت اینجمینا پہنچ گئے ہیں۔ چاڈ پہنچنے کے فوری بعد بینجمن نیتن یاہو نے میزبان صدر ادریس دیبی سے ملاقات کی۔ اس افریقی ملک کے دورے سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے اس دورے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ عرب ملکوں میں اسرائیل کے حق میں پیدا ہوتے انقلاب کا یہ تسلسل ہے۔ اس دورے کے دوران دونوں ملکوں نے تقریباً پانچ دہائیوں کے بعد سفارتی روابط بھی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات سن 1972میں منقطع ہوئے تھے۔ چاڈ ایک مسلمان اکثریتی ملک ہے اور اس کی سرحدیں لیبیا اور سوڈان سے جڑی ہیں۔

[pullquote]جاپانی وزیراعظم کی روس آمد، متنازعہ جزائر کے شہریوں کا مظاہرہ[/pullquote]

جاپانی وزیراعظم شینزو آبے روس کے دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں۔ اُن کی ماسکو آمد کے موقع پر متنازعہ کوریل جزائر کے سینکڑوں باشندوں نے ان جزائر کی جاپان کو ممکنہ منتقلی کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔ شینزو آبے اس دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ کوریل جزائر کے تنازعے پر بات کریں گے۔ دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر روسی افواج نے جنوبی کوریل کے چار جزائر پر قبضہ کر لیا تھا اور ٹوکیو حکومت ان کی واپسی کا مطالبہ کرتی ہے۔ اس تنازعے کی وجہ سے روس اور جاپان کے درمیان امن کا کوئی سمجھوتا موجود نہیں ہے۔ جاپانی وزیراعظم کے دورے سے قبل دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہو چکی ہے۔

[pullquote]دنیا کا معمر ترین مرد ایک سو تیرہ سال کی عمر میں فوت[/pullquote]

دنیا کا معمر ترین مرد ایک سو تیرہ سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ جاپان کے ایک سو تیرہ سالہ شخص ماسازو نوناکا کی جب رحلت ہوئی تو وہ شمالی جاپان میں واقع اپنے گھر پر آرام کر رہے تھے۔ ماسازو نوناکا کو گینیس ورلڈ ریکارڈ بُک نے اپریل سن 2018 میں دنیا کا معمر ترین مرد قرار دیا تھا۔ اُس وقت اُن کی عمر ایک سو بارہ برس اور 259 ایام تھی۔ وہ پچیس جولائی سن 1905 میں پیدا ہوئے تھے۔ جاپان میں ایک سو برس سے زائد کے عمر افراد کی تعداد سن 2018 کے ختم ہونے پر انہتر ہزار سات سو پچاسی تھی۔ ان میں نوے فیصد خواتین ہیں۔ دنیا کی معمر ترین عورت یا انسان کین تاناکا ہیں اور اُن کی عمر ایک سو سولہ برس ہے۔

[pullquote]امریکی نژاد ایرانی صحافی کی گرفتاری، ایرانی خواتین کا امریکا کے خلاف احتجاج[/pullquote]

تہران میں درجنوں ایرانی خواتین نے امریکا کے خلاف ایک امریکی نژاد ایرانی خاتون اینکر مرضیہ ہاشمی کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اتوار بیس جنوری کو تہران میں سوئس سفارتخانے کے سامنے خواتین مظاہرین نے مرضیہ ہاشمی کی تصاویر لہراتے ہوئے امریکا مخالف نعرے بازی کی۔ ان مظاہرین میں مرضیہ کے اہل خانہ، طلبا اور سیاسی و سماجی کارکن شامل تھے۔ گرفتار ہونے والی مرضیہ ہاشمی ایران کے پریس ٹی وی کی انگلش سروس کے ساتھ منسلک ہیں۔ ہاشمی کے دوست و احباب کے مطابق ان کو سینٹ لوئی لیمبرٹ ہوائی اڈے پر تیرا جنوری کو حراست میں لیا گیا تھا۔ مرضیہ ہاشمی ایک نومسلم امریکی خاتون ہیں۔

[pullquote]کولمبیا میں دھماکے، پوپ فرانسس کی امن کے لیے دعا[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کولمبیا کے شہر بگوٹا میں پولیس اکیڈمی پر بم حملوں کے بعد امن کی بحالی کے لیے خصوصی دعا مانگی۔ اتوار بیس جنوری کو پوپ فرانسس کا سینٹ پیٹرز سکوائر پر کہنا تھا کہ بگوٹا میں ہونے والے افسوسناک واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے دعائیں مانگنے کے ساتھ ساتھ اِس ملک میں امن کے قیام کی دعائیں جاری رکھیں گے۔ رواں ہفتے سترہ جنوری کو کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں پولیس اکیڈمی پر کار بم حملے میں اکیس افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

[pullquote]شامی فضائی دفاع نظام نے اسرائیلی حملے کا مؤثر جواب دیا، شامی نیوز ایجنسی[/pullquote]

شامی نیوز ایجنسی سانا نے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار بیس جنوری کو شامی فضائی دفاع نظام نے ملک کے جنوبی علاقے میں اسرائیل کے مبینہ فضائی حملےکو روک دیا ہے۔ سانا نے فوجی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیلی فضائی کارروائی کو ان کے اہداف حاصل کرنے سے قبل ہی روک دیا گیا۔ اس بارے میں اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان نے کوئی رد عمل دینے سے انکار کردیا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں کار بم دھماکا، سکیورٹی فورسز کے آٹھ اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے جنوبی صوبے لوگر میں ایک کار بم دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے آٹھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حملہ اتوار کی صبح صوبائی گورنر کے قافلے پر کیا گیا۔ تاہم اس حملے میں گورنر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ صوبائی پولیس کے ترجمان شہپور احمد زئی نے بتایا ہے کہ حملہ آور نے لوگر اور کابل کے درمیان ايک شاہراہ پر گورنر کے قافلے کے قریب ايک گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ احمد زئی کے مطابق قافلے میں ملکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ بھی موجود تھے جو محفوظ ہیں۔ حادثے میں دس افراد زخمی ہوئے تاہم متاثرہ افراد کی تعداد بڑھنے کا خدشہ موجود ہے۔

[pullquote]دمشق میں زور دار دھماکا، متعدد افراد ہلاک و زخمی[/pullquote]

شامی دارالحکومت دمشق میں ملٹری انٹیلیجنس کے دفتر کے قریب ایک زور دار دھماکے میں متعدد افراد کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ سيريئن آبزرويٹری فار ہيومن رائٹس کے مطابق یہ دھماکا دمشق کے جنوبی علاقے میں واقع سکیورٹی برانچ کے قریب ہوا۔ تاہم ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ دھماکا بم کے ذریعے کیا گیا تھا یا پھر ایک خودکش حملہ تھا۔ دوسری جانب شامی سرکاری ٹیلی وژن اس حادثے کو ایک ’دہشت گردانہ کارروائی‘ بتا رہا ہے۔

[pullquote]یمن میں سعودی عسکری اتحاد کے تازہ فضائی حملے[/pullquote]

سعودی عرب کی قيادت ميں عسکری اتحاد نے حوثی باغیوں کے زیر قبضہ یمنی دارالحکومت صنعاء پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔ سعودی ٹيلی وژن چينل العریبیہ نے بتایا ہے کہ اتحادی جنگی جہازوں نے صنعاء میں سات عسکری مقامات و تنصيبات کو نشانہ بنایا جن میں الدلیمی ایئر بیس بھی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس ایئر بیس پر ڈرون طیارے رکھے جاتے تھے اور ساتھ ہی فوجی ٹریننگ کیمپس بھی قائم تھے۔ دوسری جانب حوثی نشریاتی ادارے المسیراة کی رپورٹوں کے مطابق مغربی اتحاد نے ہفتے کے روز سے چوبیس فضائی حملے کیے ہیں، جن میں غیر عسکری مقامات کو بھی نشانہ بنايا گيا۔ طبی ذرائع اور شہریوں نے کم از کم دو شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔

[pullquote]حکومتی ’شٹ ڈاؤن‘ کے خاتمے کے ليے ٹرمپ کی پيشکش مسترد[/pullquote]

امريکی تاريخ کے طويل ترين حکومتی ’شٹ ڈاؤن‘ کے خاتمے کے ليے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پيشکش کی ہے کہ اگر ميکسيکو کی سرحد پر ديوار کی تعمير کے ليے کانگريس مطلوبہ فنڈنگ کی منظوری دے ديتی ہے تو وہ تقريباً ايک ملين تارکين وطن کی ملک بدری مؤخر کر سکتے ہيں۔ ٹرمپ نے يہ پيشکش وائٹ ہاؤس سے اپنے ايک بيان ميں ہفتے کے روز کی۔ دوسری جانب ڈيموکريٹس نے ان کی اس پيشکش کو فوری طور پر مسترد کر ديا۔ ڈيموکريٹس کے مطابق ٹرمپ دائيں بازو کے اپنے حاميوں کی حمايت حاصل کرنے کے ليے تارکين وطن کے خلاف کريک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہيں۔

[pullquote]ڈھاکہ: کیفے پر حملے میں ملوث ایک مشتبہ مسلم شدت پسند گرفتار[/pullquote]

بنگلہ دیشی پولیس نے ایک مسلم شدت پسند کو حراست میں لیا ہے، جس پر سن 2016 میں ايک کیفے پر حملے کے لیے اسلحہ اور بارود فراہم کرنے کا شبہ ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تیس سالہ مامون الراشد کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش کا ايک اعلیٰ سطحی رکن ہے۔ پولیس کے ترجمان مفتی محمود خان نے بتایا کہ راشد نے کیفے پر حملے کے لیے رقم، اسلحہ اور بارودی مواد فراہم کیا تھا۔ مشتبہ ملزم کو ڈھاکہ کے قریب بس میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ سن 2016 میں ڈھاکہ کے ایک کیفے میں بائیس افراد کو دس گھنٹے تک یرغمال بنانے کے بعد ہلاک کر ديا گیا تھا، جن میں اٹھارہ غیر ملکی شہری بھی شامل تھے۔

[pullquote]بحیرہ روم میں مزید دو حادثات، تقريباً 170 تارکین وطن لاپتہ يا ہلاک[/pullquote]

بحیرہ روم میں لیبیا اور مراکش کے ساحلی علاقوں سے کچھ دور پیش آنے والے دو مختلف حادثات کے بعد قریب ایک سو ستر تارکین وطن لاپتہ ہیں۔ خدشہ ہے کہ یہ تارکین وطن ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ مہاجرین کی عالمی تنظیم ’آئی او ایم‘ کے مطابق جمعے کے روز اطالوی بحریہ نے ڈوبنے والی ایک کشتی سے تین تارکین وطن کو بچا لیا تھا۔ بچائے جانے والے تارکين وطن کے مطابق ان کی کشتی پر ایک سو بیس تارکین وطن سوار تھے۔ دوسری جانب مراکش سے روانہ ہونے والی ایک اور کشتی میں سوار ترپن تارکین وطن ابھی تک لاپتہ ہیں۔

[pullquote]نیپال میں جنگلی ہاتھی نے ایک خاتون کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

جنوب مشرقی نیپال کے جنگلات میں ایک ہاتھی نے ايک مقامی خاتون کو اس کے گھر کے سامنے ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق 53 سالہ خاتون مقامی افراد کی جانب سے خبردار کیے جانے کے باوجود گھر سے باہر نکلی تھیں۔ بعد ازاں جنگلی ہاتھی نے اس خاتون کو کچل دیا۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران ضلع سپتاری میں دو خواتین سمیت ایک شخص جنگلی ہاتھیوں کے حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

[pullquote]شمالی آئرلینڈ میں مبینہ کار دھماکا[/pullquote]

شمالی آئرلینڈ کی پولیس کی جانب سے ہفتے کے روز لندن ڈیری میں ہونے والے ایک مبینہ کار دھماکے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جائے وقوعہ کی تصویر بھی شائع کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ دھماکا بشپ اسٹریٹ پر ایک عدالت کے سامنے ہوا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری کردہ پولیس کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی يا ہلاک نہیں ہوا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے