[pullquote]روس اپنا نیا میزائل نظام تباہ کرے، امریکا کا مطالبہ[/pullquote]
امریکا نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا جدید کروز میزائل نظام تباہ کر دے کیونکہ یہ ’انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی‘ یا INF کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کے تعاون سے جنیوا میں جوہری ہتھیاروں میں کمی لانے کے معاملے پر ہونے والی کانفرنس کے دوران امریکی سفارت کار رابرٹ وُڈ نے ماسکو پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وہ عالمی سلامتی کو غیر مستحکم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا دنیا بھر میں روسی اقدامات کے سبب تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ رابرٹ وُڈ کے مطابق روس کو آئی این ایف معاہدے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے ایس ایس سی آٹھ میزائلوں اور ان سے متعلق تمام آلات کو لازمی طور پر تباہ کر دینا چاہیے۔
[pullquote]اسرائیل کو دھمکانے پر نتائج بھگتنے ہوں گے، نیتن یاہو کی ایران کو دھمکی[/pullquote]
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ آج پیر کے روز شام میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں کا مرکزی نشانہ وہاں موجود ایرانی فوجی اہداف تھے۔ نیتن یاہو کے مطابق وہ ایران اور ایرانی جارحیت ميں مددگار شامی فورسز کے خلاف عمل پیرا ہیں۔ اپنے ایک خطاب کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا یا مٹانے کی دھمکی دے گا، اس کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔
[pullquote]ٹریزا مے بریگزٹ کا نیا منصوبہ آج ملکی پارلیمان میں پیش کریں گی[/pullquote]
برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے بریگزٹ کے حوالے سے نیا منصوبہ آج ملکی پارلیمان کے سامنے پیش کریں گی۔ یورپی پارلیمان کے ساتھ بریگزٹ کے اس مجوزہ منصوبے پر برطانوی پارلیمان میں ووٹنگ 29 جنوری کو متوقع ہے۔ اگر برطانوی پارلیمان میں بریگزٹ معاہدے پر اتفاق نہ ہو پایا تو اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ برطانیہ کو کسی معاہدے کے بغیر ہی یورپی یونین کو چھوڑنا پڑے۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے لیے 29 مارچ کی تاریخ طے ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بھی برطانوی پارلیمان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کو جتنا جلد ہو سکے واضح کرے۔
[pullquote]جرمنی نے ایران کی ایئر لائن پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]
جرمنی نے ایران کی ایئر لائن ماھان ایئر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ بات ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو آج پیر کے روز بتائی ہے۔ اس فیصلے کی وجہ سلامتی سے متعلق تحفظات کے علاوہ ایسے خدشات بھی ہیں کہ اس ایئر لائن کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ ایئر لائن 2011ء سے امریکی پابندیوں کی فہرست پر ہے۔ یورپی یونین کے متعدد ممالک ایران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ یورپی براعظم پر حملوں کے لیے جاسوسی کے عمل میں مصروف ہے۔ ماھان ایران کی دوسری بڑی ایئر لائن ہے اور اس کی ہفتے میں چار پروازیں تہران اور جرمن شہروں ڈوسلڈروف اور میونخ کے درمیان چلتی ہیں۔
[pullquote]شام میں ایرانی اہداف پر اسرائیلی حملے، کم از کم 11 ہلاک[/pullquote]
اسرائیل کے جنگی طیاروں نے آج پیر کو علی الصبح شام میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس کارروائی کے دوران شامی دارالحکومت دمشق کے نواح میں ایرانی قدس فورس کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد شامی اینٹی ایئرکرافٹ میزائل داغے جانے کے سبب شامی دفاعی نظام کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ شامی حکومت کے مطابق اسرائیل کی طرف سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائلوں کو شامی اینٹی ایئر کرافٹ نظام نے ہوا میں ہی تباہ کر دیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے۔
[pullquote]شامی فوج نے اسرائیل کے 30 سے زائد میزائلوں کو تباہ کر دیا[/pullquote]
شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی حملے کے دوران فائر کیے گئے 30 سے زائد کروز میزائلوں اور گائیڈڈ بموں کو فضا میں تباہ کر دیا۔ یہ بات روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے روسی ڈیفنس کنٹرول سنٹر کے حوالے سے بتائی ہے۔ روس کی ایک اور نیوز ایجنسی RIA کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دمشق کے جنوب مشرقی حصے میں قائم ایک ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار شامی فوجی ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے۔
[pullquote]جرمنی میں گزشتہ برس ڈرونز کے سبب فضائی ٹریفک میں تعطل کے 158 واقعات[/pullquote]
جرمن ایئرٹریفک کنٹرول کے مطابق سال 2018ء کے دوران ڈرونز کے سبب فضائی ٹریفک میں تعطل کے 158 واقعات رونما ہوئے۔ کسی ایک سال کے دوران یہ اب تک کے سب سے زیادہ واقعات ہیں۔ سول اور ملٹری ایئر ٹریفک کو کنٹرول کرنے والے جرمن ادارے DFS کے مطابق یہ واقعات سال 2017ء کے مقابلے میں 88 فیصد زائد تھے۔ سب سے زیادہ 31 ایسے واقعات فرینکفرٹ میں پیش آئے۔ گزشتہ برس دسمبر میں لندن کے گیٹ وِک ایئر پورٹ کے قریب ڈرونز دکھائی دینے کے سبب 1000 سے زائد پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔
[pullquote]افغانستان میں تازہ حملہ، متعدد سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]
افغان حکام نے بتایا ہے کہ افغانستان کے جنوبی حصے میں ہوئے ایک تازہ حملے میں بارہ سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ تیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ میدان وردک صوبے میں ہوئے اس خونریز حملے کی ذمہ داری طالبان جنگجوؤں پر عائد کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جنگجوؤں نے ایک ایسے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا، جہاں پولیس اکیڈمی بھی قائم ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پہلے ایک خود کش حملہ کیا گیا، جس کے بعد فائرنگ شروع ہو گئی۔ تاہم سکیورٹی فورسز جنگجوؤں کو واپس دھکیلنے میں کامیاب ہو گئیں۔ طبی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
[pullquote]کولمبیا میں حملہ، باغی گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی[/pullquote]
کولمبیا میں دائیں بازو کے ایک باغی گروپ نے دارالحکومت بگوٹا میں جمعرات کو کیے گئے خونریز حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ بائیں بازو کے ’نیشنل لبریشن آرمی‘ نامی گروپ نے آج پیر کے دن دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی جنگی قوانین کو ملحوظ رکھتے ہوئی کی گئی تھی۔ اس حملے میں بیس افراد مارے گئے تھے۔ اتوار کے دن سینکڑوں افراد نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا تھا۔
[pullquote]دنیا میں امارت اور غربت کا فرق بڑھتا ہوا[/pullquote]
دنیا بھر میں سماجی عدم مساوات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی تنظیم آکسفیم کی ریسرچ کے مطابق گزشتہ برس کے دوران ارب پتی افراد کے اثاثوں میں 12 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ غربت کا شکار دنیا کی قریب نصف آبادی کو مزید 11 فیصد کا نقصان ہوا۔ اس تنظیم کے مطابق سال 2008ء کے اقتصادی بحران کے بعد سے دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد قریب دو گُنا ہو چکی ہے۔ ان کے اثاثوں میں محض 2018ء کے دوران قریب 900 بلین ڈالرز کا اضافہ ہوا۔ آکسفیم کے مطابق سماجی عدم مساوات کے خاتمے کے لیے لوگوں کو مفت تعلیم، صحت اور سوشل سکیورٹی جیسی سہولیات دی جانا لازمی ہیں۔
[pullquote]2018ء کے دوران چنی اقتصادی شرح نمو گزشتہ تین دہائیوں کے درمیان کی سست ترین[/pullquote]
چین کی اقتصادی نمو سال 2018ء میں گزشتہ 28 برس کے دوران کی سست ترین رہی۔ چین کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس کے دوران چین کی اقتصادی نمو اس سے ایک برس قبل کے مقابلے میں 6.6 فیصد رہی۔ خیال رہے کہ سال 2017ء کے دوران اقتصادی شرح نمو 6.9 فیصد رہی تھی۔ اعداد وشمار کے مطابق 2018ء کی آخری سہ ماہی کے دوران شرح نمو 6.4 فیصد تک گِر گئی۔ 2008ء کے اقتصادی بحران کے بعد سے چین کی یہ کسی ایک سہ ماہی کے دوران کم ترین شرح نمو تھی۔
[pullquote]جنوبی افریقہ نے گزشتہ برس دسمبر میں زمبابوے کی طرف سے قرض کی درخواست رد کر دی تھی[/pullquote]
جنوبی افریقہ نے ہمسایہ ملک زمبابوے کی طرف سے گزشتہ برس دسمبر میں 1.2 بلین ڈالرز قرض کی درخواست رد کر دی تھی۔ جنوبی افریقہ کی وزارت خزانہ کے ترجمان جابولانی سِخاخانے نے آج پیر کے روز بتایا کہ جنوبی افریقہ کے پاس اس طرح کی رقوم موجود نہیں ہیں۔ انتہائی خراب اقتصادی صورتحال کے شکار ملک زمبابوے میں گزشتہ ہفتے اس وقت شدید مظاہرے شروع ہو گئے تھے جب حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر دیا تھا۔