جمعرات : 24 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان: فضائی حملے میں ایک درجن سے زائد عام شہریوں کی ہلاکت[/pullquote]

ایک افغان حکومتی اہلکار نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ جنوبی صوبے ہلمند میں کیے گئے فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم سولہ عام شہری مارے گئے ہیں۔ ہلاک شدگان کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔ ہلمند کی صوبائی کونسل کے سربراہ عطا اللہ افغان کا کہنا ہے کہ یہ فضائی حملہ سنگین ضلع میں اُس وقت کیا گیا، جب افغان فوج اور طالبان عسکریت پسندوں کے درمیان زوردار جھڑپ جاری تھی۔ صوبائی کونسل کے سربراہ کے مطابق زیادہ تر ہلاک ہونے والے خواتین اور بچے ہیں۔ ہلمند کے گورنر کے ترجمان کے مطابق اس حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]امریکی صدر نے کانگریس سے روایتی خطاب مؤخر کر دیا[/pullquote]

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کانگریس سے اپنا روایتی ’اسٹیٹ آف دی یونین خطاب‘ اُس وقت تک مؤخر کر رہے ہیں، جب تک حکومتی شٹ ڈاؤن ختم نہیں ہوتا۔ اس خطاب کے حوالے سے امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ملکی صدر کو کانگریس کے مشترکہ سیشن سے خطاب کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی صدر اگلے ہفتے کے دوران کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے تھے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اس خطاب کے لیے متبادل مقام پر بھی غور کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے اس خطاب کے مؤخر کیے جانے کے حوالے سے ٹویٹر پر ایک پیغام بھی جاری کیا ہے۔

[pullquote]وینزویلا: حکومت مخالف مظاہروں میں ایک درجن افراد ہلاک[/pullquote]

سیاسی انتشار کے حامل ملک وینزویلا کے حالات و واقعات پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ وینزویلین آبزرویٹری برائے سماجی تنازعات کے کوآرڈینیٹر مارکو پونس کے مطابق حکومت مخالف مظاہرین پر گولیاں چلانے سے کم از کم بارہ افراد مارے گئے ہیں۔ پونس کے مطابق دارالحکومت کاراکس اور گرد و نواح میں مسلسل تین راتوں سے لوٹ مار کے ساتھ ساتھ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے صدر مادورو سے درخواست کی ہے کہ وہ مظاہرین کے حقوق کا احترام کریں اور ریاستی جبر کے سلسلے کو ترک کریں۔ اس وقت اس ملک میں صدر نکولاس مادورو اور پارلیمنٹ کے نوجوان اسپیکر گوائیڈو کے درمیان اقتدار کی رسہ کشی شدت اختیار کر چکی ہے۔

[pullquote]ایک ہزار کے قریب شامی مہاجرین کی لبنان سے وطن واپسی[/pullquote]

شام کے ہمسایہ ملک لبنان میں پناہ لیے ہوئے ایک ہزار کے قریب شامی مہاجرین وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ لبنانی سکیورٹی ذرائع اور مقامی میڈیا کے مطابق یہ واپسی شامی مہاجرین کو ان کے وطن میں واپس بسانے کی کوششوں کا حصہ۔ لبنانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق واپس جانے والے زیادہ تر شامی دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ شامی کی سرکاری نیوز ایجنسی SANA کے مطابق لبنان سے بعض شامی سرحدی علاقے میں پہنچے ہیں اور یہ لوگ اب ان علاقوں میں اپنے گھروں کو جائیں گے جنہیں شامی فوج نے ’دہشت گردوں‘ سے آزاد کرایا ہے۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ مذاکرات چوتھے دن میں داخل ہو گئے ہیں، طالبان[/pullquote]

طالبان نے کہا ہے کہ قطر میں ان کے امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات آج جمعرات کو مسلسل چوتھے روز میں داخل ہو گئے ہیں۔ امریکا طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے گزشتہ 17 برس سے افغانستان میں جاری جنگ کا سیاسی حل تلاش کرنے کی کوشش میں ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے ان مذاکرات کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق اگر ان مذاکرات میں کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو اس پر مزید بات کی جائے گی۔

[pullquote]سعودی ولی عہد نے عراقی سکیورٹی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی[/pullquote]

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عراق کی سکیورٹی میں مدد کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ بات عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کے دفتر کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سعودی ولی عہد نے عراقی وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران عراق کی مستقل سکیورٹی اور تعمیر وترقی کے لیے اپنے ملک کے بھرپور تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

[pullquote]ایران نے گزشتہ برس سات ہزار سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا، ایمنسٹی انٹرنیشنل[/pullquote]

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ایران نے گزشتہ برس ’جبر و استبداد کی اپنی شرمناک مہم‘ کے سلسلے میں سات ہزار سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا۔ آج جمعرات کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایران نے 2018ء کے دوران کم از کم 50 میڈیا ارکان اور صحافیوں کو حراست میں لیا اور ان میں سے کم از کم 20 افراد کو غیر منصفانہ عدالتی کارروائی کے نتیجے میں سخت سزائیں سنائی گئیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر جاری ہوئی ہے جب امریکا نے ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کی خاتون اینکر کو رہا کر دیا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کی اس اینکر کو ان کے دورہ امریکا کے دوران حراست میں لے لیا گیا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ نے اسٹیٹ آف دا یونین خطاب، حکومتی بندش کے خاتمے تک ملتوی کر دیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنا ’اسٹیٹ آف دا یونین‘ خطاب حکومت کی جزوی بندش کے خاتمے تک ملتوی کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں مزید لکھا کہ وہ جلد ایک بہت زبردست اسٹیٹ آف دا یونین خطاب کرنے کے منتظر ہیں۔ قبل ازیں ٹرمپ نے کہا تھا کہ حکومت کی جزوی بندش کے باوجود وہ کانگریس میں اپنا سالانہ خطاب 29 جنوری کو کریں گے۔ بجٹ کے معاملے پر ٹرمپ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان عدم اتفاق کے باعث امریکی حکومت 22 دسمبر سے جزوی بندش کا شکار ہے۔

[pullquote]جرمنی میں حالیہ سیاسی عدم استحکام ختم ہو گیا ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی میں پیدا ہونے والا حالیہ سیاسی بحران ختم ہو چکا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر داووس میں جاری اس عالمی اقتصادی فورم سے گزشتہ روز اپنے خطاب میں میرکل نے عالمی برداری پر زور دیا کہ وہ عالمی اداروں کے ساتھ منسلک رہیں لیکن سمجھوتے کا راستہ بھی کھلا رکھیں۔ جرمن چانسلر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مغرب کو بڑھتے ہوئے اختلافات سے نمٹنے کے لیے مفاہمت کے لیے تیار رہنا چاہیے، بھلے اس کے لیے کبھی اپنے مفادات کی قربانی بھی دینا پڑے۔ 22 جنوری کو شروع ہونے والا ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس کل جمعہ کو ختم ہو گا۔

[pullquote]وینزویلا کے اپوزیشن سربراہ نے خود کو ملکی صدر قرار دے دیا[/pullquote]

وینزویلا کے اپوزیشن رہنما خوآن گوآئیڈو نے خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دے دیا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ صدر نکولاس مادورو کی حکومت کے خاتمے کے لیے سڑکوں پر نکل آئیں۔ امریکا کی طرف سے فوری طور پر گوآئیڈو کی حمایت کا اشارہ دیا گیا ہے۔ نکولاس مادورو کے مطابق خوآن گوآئیڈو اور مظاہرین حکومت کے خلاف بغاوت کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملکی فوج سے کہا ہے کہ وہ ملک میں نظم و ضبط بحال کرے۔ مادورو نے امریکا کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات کو منقطع کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے امریکی سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

[pullquote]چین میں مائیکروسافٹ کے سرچ انجن بِنگ پر بھی پابندی لگ گئی، رپورٹ[/pullquote]

مائیکروسافٹ کمپنی کا سرچ انجن بنگ بظاہر وہ تازہ ترین انٹرنیٹ پلیٹ فارم ہے جس پر چین میں بندش عائد کر دی گئی ہے۔ چین میں اب اس ویب سائٹ تک رسائی نہیں ہو رہی۔ قبل ازیں وہاں گُوگل، ٹوئیٹر، یوٹیوب، فیس بُک اور واٹس ایپ پر بھی پابندیاں عائد ہیں۔ ذرائع کے مطابق چین کی سرکاری ٹیلی کام کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکومت نے بِنگ کو بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔ چین میں انٹرنیٹ پر سخت حکومتی کنٹرول ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے انٹرنیٹ پر حساس نوعیت کی معلومات اور غیر ملکی ویب سائٹس تک لوگوں کی رسائی نہیں ہوتی۔

[pullquote]جیل کے سابق گارڈ نے فائرنگ کر کے پانچ افراد کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

امریکی ریاست فلوریڈا میں جیل کے ایک سابق گارڈ نے ایک بینک کے اندر فائرنگ کر کے پانچ افراد کو ہلاک کر دیا۔ تفتیش کاروں کے مطابق 21 سالہ زیفان زاور نے سن ٹرسٹ بینک کے اندر سے پولیس کو کال کر کے بتایا کہ اس نے پانچ افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس واردات کا مقصد بینک لوٹنا تھا اور نہ ہی ابھی تک مرنے والوں کی شناخت ہو پائی ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا: توہین مذہب کے الزم میں قید گورنر کو رہا کر دیا گیا[/pullquote]

انڈونیشیا میں دو برس قبل توہین مذہب کے الزام کا سامنا کرنے والے مسیحی گورنر کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ جکارتہ کے سابق گورنر باسوکی چاہایا پورناما پر 2016ء میں انتخابی مہم کے دوران توہین مذہب کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ انتخابات میں ناکامی کے بعد پورناما کو مئی 2017ء میں قرآن کی توہین کے الزام میں جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔ پورناما کے ترجمان کے مطابق انہیں آج جمعرات کی صبح جکارتہ کی جیل سے رہا کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سابق گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے اجتناب کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے