جمعہ: 25 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روسی کروز میزائل پر ماسکو اور نیٹو کی میٹنگ ناکام[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ روسی کروز میزائل کے تنازعے پر ماسکو حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکامی سے ہمکنار ہو گئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا اور روس کے درمیان طے شدہ انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر ٹریٹی (INF) کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں کیونکہ روس سمجھوتے پر تیار نہیں ہے۔ اس تناظر میں یہ اہم ہے کہ امریکا نے اس معاہدے سے دو فروری سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے چھ ماہ بعد امریکا آئی این ایف سمجھوتے سے پوری طرح دستبردار ہو جائے گا۔

[pullquote]مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں ایران پر پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں، فرانس[/pullquote]

فرانس نے واضح کیا ہے کہ ایران پر مزید پابندیوں کا نفاذ ممکن ہے، اگر اُس کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر بات چیت میں پیش رفت سامنے نہ آئی۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں نے کہا کہ پیرس حکومت مذاکرات بے نتیجہ رہنے کی صورت میں پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق بعض سفارت کاروں کا خیال ہے کہ فرانس اور برطانیہ کے علاوہ یورپی یونین کے چند دوسرے ممالک تہران پر اقتصادی پابندیوں کے نفاذ پر غور کر رہے ہیں۔

[pullquote]میانمار کی فوج کے سربراہ پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے، یُو این تفتیش کار[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے خصوصی تفتیش کار یانگہی لی نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلم آبادی کی نسل کشی کے الزام کے تحت میانمار کی فوج کے اعلیٰ اہلکاروں پر مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے یہ بات بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ کے دورے مکمل کرنے کے بعد کہی۔ ان ممالک میں لی نے مقامی حکام کے علاوہ روہنگیا مہاجرین کے اہم نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ یانگہی لی نے میانمار کی فوج کے چیف اور دوسرے ملوث افراد کو نسل کشی کا قصور وار ٹھہرانے کا مطالبہ بھی کیا۔ اقوام متحدہ کی خاتون تفتیش کار کو میانمار میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

[pullquote]جرمنی حدیدہ شہر کے لیے مبصرین روانہ کرے گا[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ اُن کا ملک یمن کے بندرگاہی شہر حدیدہ میں فائر بندی کی نگرانی کرنے والی بین الاقوامی مبصرین کی ٹیم کے لیے اپنے مبصر روانہ کرے گا۔ حدیدہ میں جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی مبصرین کی ٹیم کی قیادت ہالینڈ کے ریٹائرڈ جنرل پیٹرک کیمیرٹ کر رہے ہیں۔ متحارب فریقین کے درمیان جنگ بندی کی ڈیل اٹھاہ دسمبر سن 2018 کو طے پائی تھی۔ یمنی تنازعے کے فریقین حوثی ملیشیا اور صدر منصور ہادی کی فوج حالیہ ایام میں قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کو طے کرنے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب مقید افراد تک آزاد مبصرین کو رسائی دے، رائٹس گروپس[/pullquote]

انسانی حقوق کے دو بین الاقوامی اداروں نے سعودی عرب کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آزاد مبصرین کو اپنے ملک کے قیدیوں بشمول مقید خواتین تک رسائی دے تاکہ اُن پر ٹارچر کے الزامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ یہ مطالبہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے ریاض حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ خواتین قیدیوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دیتی، تو اُن کی مرتب کردہ رپورٹ کو عام کر دیا جائے گا، جس میں خواتین قیدیوں کے ساتھ نامناسب سلوک کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ابھی اس مناسبت سے سعودی حکومتی کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]بھوک ہڑتال کرنے والی کرد رکن پارلیمنٹ کی رہائی[/pullquote]

ایک ترک عدالت نے اُس کرد خاتون رکن پارلیمنٹ کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے، جو کئی ایام سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے تھیں۔ کرد سیاستدان لیلیٰ ہاوین گزشتہ اناسی روز سے اپنی قید کے دوران مرکزی کرد رہنما عبداللہ اوجلان کے ساتھ جیل میں روا رکھے جانے والے نامناسب سلوک کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے تھیں۔ ہاوین کے مطابق اوجلان کو غیرقانونی انداز میں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ ترک پارلیمنٹ کی رکن لیلیٰ ہاوین کا تعلق کرد سیاسی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔

[pullquote]وینزویلا کے معاملے پر جرمنی نیوٹرل نہیں، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ برلن حکومت اور یورپی یونین وینزویلا میں نئے الیکشن منعقد کرانے کے حق میں ہیں۔ ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے سیاسی بحران میں جرمنی ’نیوٹرل‘ نہیں ہے لیکن اس نے اپوزیشن رہنما خوان گوائیڈو کو صدر تسلیم کرنے کا اعلان نہیں کیا ہے۔ بدھ کے دن گوائیڈو نے وینزویلا کے عبوری صدر بننے کا دعویٰ کر دیا تھا، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل ہے۔ ابھی ایک روز قبل جرمن حکومت نے وینزویلا کی اپوزیشن کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے قابل اعتبار انتخابات کو ملکی استحکام کے لیے ضروری قرار دیا تھا۔ جرمن حکومت کے ترجمان اشٹیفان زائیبرٹ کے مطابق وینزویلا کے بہادر عوام اپنے ملک کے مستقبل کے لیے جد و جہد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]وینزویلا کے صدر نے امریکا سے اپنا سفارتی عملہ واپس طلب کر لیا[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کا سیاسی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ صدر نکولس مادورو نے امریکا سے اپنا سارا سفارتی عملہ واپس طلب کرتے ہوئے اپنا سفارت خانہ بھی بند کر دیا ہے۔ انہوں نے امریکی سفارت خانے کے عملے کو بھی ملک چھوڑ دینے کا حکم دے رکھا ہے۔ دوسری جانب ملکی پارلیمنٹ کے نوجوان اسپیکر خوان گوائیڈو نے کہا ہے کہ اگر مادورو اور اُن کے ساتھی جمہوریت کو بحال کرتے ہیں تو اُن کو قانون کے تحت تحفظ دینے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ گوائیڈو کے صدارتی دعوے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ ٹرمپ نے نکولس مادورو کی صدارت کو خلاف آئین بھی قرار دیا ہے۔

[pullquote]طالبان نے امریکا سے مذاکرات میں اعلیٰ لیڈر کو شامل کر دیا[/pullquote]

قطری دارالحکومت دوحہ میں امریکا کے ساتھ افغانستان امن مذاکرات میں طالبان کی قیادت نے اپنے ایک سینیئر رہنما کو مذاکراتی ٹیم کا حصہ بنا دیا ہے۔ طالبان تحریک کے شریک بانی عبدالغنی برادر کو مذاکراتی عمل میں شامل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ اس سے طالبان کی مذاکراتی ٹیم کو تقویت حاصل ہو گی اور کئی معاملات کے حل میں وہ رہنمائی بھی کریں گے۔ امریکا اور طالبان کے درمیان موجودہ مذاکرات کا راؤنڈ پانچواں دن میں داخل ہو گیا ہے۔

[pullquote]امریکی سینیٹ نے حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کا نیا پلان مسترد کر دیا[/pullquote]

امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن کا آج چھتیسواں دن ہے اور سینیٹ نے اس کے خاتمے کے لیے نئے پلان کو مسترد کر دیا ہے۔ اس طرح اب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کانگریس کے پاس بظاہر اس شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کا کوئی فارمولا نہیں بچا ہے۔ یہ امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن بن چکا ہے۔ مختلف وفاقی اداروں کی بندش سے امریکی اقتصادیات کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔ دوسری جانب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کانگریس سے اپنا روایتی ’اسٹیٹ آف دی یونین خطاب‘ اُس وقت تک مؤخر کر رہے ہیں، جب تک حکومتی شٹ ڈاؤن ختم نہیں ہوتا۔

[pullquote]کیتھولک ورلڈ یوتھ ڈے کے دوران پوپ فرانسس مقید بچوں سے بھی ملیں گے[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس پاناما سٹی میں منعقد کیے جانے والے ورلڈ یوتھ ڈے کے دوران بچوں کی جیل میں جا کر ایک خصوصی دعائیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ یہ تقریب وسطی امریکی ملک پاناما میں بچوں کی مرکزی جیل میں جمعہ پچیس جنوری کو منعقد کی جائے گی۔ کیتھولک ورلڈ یوتھ ڈے کی تقریبات جمعرات چوبیس جنوری سے شروع ہوئی ہیں۔ افتتاحی دن پوپ نے ہزاروں غیر ملکی شرکاء کو خاص طور پر اپنی تقریر میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے نوجوان سامعین کو تلقین کی کہ وہ اقوام کے درمیان رابطہ کاری کے لیے ایک پُل بن کر محبت اور امن کو فروغ دیںے کی کوشش کریں۔

[pullquote]بوئنگ کمپنی برازیلی طیارہ ساز کمپنی کا کمرشل ڈویژن خریدے گی[/pullquote]

برازیل کی طیارہ ساز کمپنی ایمبرائر نے ایک ڈیل پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت وہ اپنے کمرشل ڈویژن کو امریکی طیارہ ساز ادارے بوئنگ کو فروخت کر دے گی۔ اس ڈیل کے تحت بوئنگ کمپنی کو اس مد میں اسی فیصد حصص پر کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔ اس حوالے سے ایمبرائر کمپنی نے اپنے حصہ داروں کی ایک خصوصی میٹنگ چھبیس فروری کو طلب کر لی ہے۔ اب دونوں ہوائی جہاز بنانے والے اداروں کی ایک مشترکہ ذیلی کمپنی بنے گی جس کی مالیت پانچ بلین امریکی ڈالر سے زائد ہو گی۔ اس ڈیل پر اپنے ابتدائی تحفظات کے باوجود صدر جائر بولسونارو نے حمایت کر دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے