ہفتہ : 26 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]قطر ميں مذاکرات ختم، افغانستان ميں جنگ بندی ڈيل کی توقع[/pullquote]

امريکی اہلکاروں اور افغان طالبان کے نمائندوں کے مابين قطر ميں مذاکرات کا دور چھ روز بعد ہفتہ چھبیس جنوربی کو ختم ہو گيا ہے۔ مذاکرات ميں افغانستان ميں سترہ برس سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے ليے چند معاملات پر اتفاق ہوا ہے۔ ايسی اطلاعات بھی ہيں کہ جنگ بندی کے ليے آئندہ چند ايام ميں شيڈول طے کر ليا جائے گا۔ افغانستان کے ليے امريکا کے خصوص مندوب زلمے خليل زاد افغانستان روانہ ہو گئے ہيں جہاں وہ صدر اشرف غنی کو تازہ پيش رفت سے آگاہ کريں گے۔ طالبان ذرائع کے مطابق فائر بندی معاہدے کے اعلان کے بعد طالبان کی قيادت افغان حکومت کے نمائندوں سے بھی براہ راست بات چيت کرے گی۔

[pullquote]شام: اتحادی افواج کے تازہ حملے ميں کئی شہری ہلاک[/pullquote]

سيريئن آبزرويٹری فار ہيومن رائٹس کے مطابق شام ميں امريکی قيادت ميں قائم عسکری اتحاد کے تازہ فضائی حملے ميں بياليس افراد ہلاک ہو گئے ہيں، جن ميں سے کم از کم تيرہ شہری شامل ہیں۔ اتحادی افواج نے دريائے فرات کے قريب شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا۔ اس کارروائی ميں انتيس جنگجو بھی مارے گئے۔ آبزرويٹری کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد ميں اضافہ ممکن ہے کيوں کہ زخميوں ميں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ دير الزور ميں داعش کے زير قبضہ علاقوں پر اتحادی افواج کی بمباری پچھلے سال ستمبر سے جاری ہے۔

[pullquote]مشرق وسطٰی ميں عدم استحکام کا ذمہ دار فرانس ہے، ايران[/pullquote]

ايران نے فرانس کو مشرق وسطیٰ ميں عدم استحکام کا ذمہ دار قرار ديا ہے۔ اس بارے ميں جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ تہران حکومت خطے ميں امن اور استحکام کی خواہاں ہے تاہم پيرس حکومت کی جانب سے اس خطے ميں اسلحے کی وسيع پيمانے پر فروخت عدم استحکام کا سبب بن رہی ہے۔ ايران نے يہ بيان فرانسيسی وزير خارجہ کے اس حاليہ بيان کے رد عمل ميں ديا، جس ميں انہوں نے عنديہ ديا تھا کہ ايران پر تازہ پابندياں عائد کی جا سکتی ہيں۔ فرانسيسی وزير خارجہ ژاں ایو لیدریاں نے يہ مطالبہ بھی کيا تھا کہ ايران شام سمیت بقیہ خطے میں اپنے پالیسیوں ميں تبديلی بھی پیدا کرے۔

[pullquote]سعودی عرب ميں بيلسٹک ميزائل کے تجربات و پيداوار کا انکشاف[/pullquote]

سيٹلائٹ سے لی گئی تصاوير کی بنياد پر دفاعی ماہرين کی رائے ہے کہ سعودی عرب ميں ايک فوجی اڈے پر بيلسٹک ميزائلوں کے تجربات اور امکاناً پيداوار بھی جاری ہے۔ دارالحکومت رياض سے 230 کلوميٹر مغرب کی طرف واقع شہر الدوادمی کے پاس اس فوجی اڈے کی تصاوير کے بارے ميں سب سے پہلے ’دا واشنگٹن پوسٹ‘ نے رپورٹ شائع کی تھی۔ فوری طور پر واشنگٹن ميں سعودی سفارت خانے اور رياض حکومت نے اس بارے ميں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ يہ اسی طرز کا ميزائل پروگرام ہے، جيسا ايران نے جاری رکھا ہوا ہے اور جس پر سعودی عرب شديد تحفظات کا اظہار کرتا آيا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب منی لانڈرنگ کے خلاف نامناسب اقدامات کرنے والے ملکوں ميں شامل[/pullquote]

يورپی کميشن نے سعودی عرب کو ان ممالک کی فہرست ميں شامل کر ليا ہے، جن ميں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت پر زيادہ سخت کنٹرول نہيں اور اس سبب يہ ممالک يورپی بلاک کے ليے خطرہ ہيں۔ یورپی یونین کی تیار کردہ فہرست کے مسودے ميں سولہ ملک شامل ہيں اور يہ بنيادی طور پر فنانشل ايکشن ٹاسک فورس (FATF) کی بنيادوں پر ہی تشکيل دی گئی ہے۔ يہ مسودہ فی الحال عام نہيں کيا گيا ہے۔ يورپی کميشن نے سن 2017 ميں منظور شدہ نئے قوائد و ضوابط کے تحت ايسے ملکوں کی فہرست ميں اضافہ کيا ہے۔ تاحال اس بارے ميں رياض حکومت کا رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔

[pullquote]واشنگٹن: حکومتی ’شٹ ڈاؤن‘ کے خاتمے کے ليے ڈيل طے[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومتی ’شٹ ڈاؤن‘ کے خاتمے کے ليے ايک بل پر دستخط کر ديے ہيں۔ واشنگٹن حکومت اب پندرہ فروری تک معمول کی سرگرمياں سر انجام دے گی، جس دوران ميکسيکو کی سرحد پر ديوار کی تعمير کے ليے مطلوبہ فنڈنگ کے حصول کے ليے مذاکرات کا راستہ اختيار کيا جائے گا۔ واضح رہے کہ کانگريس کے ارکان کے ساتھ جمعے کی شب طے پانے والی اس ڈيل ميں مطلوبہ رقوم مہيا کيے جانے کا کوئی ذکر نہيں ہے۔ يہ امريکی تاريخ کا طويل ترين حکومتی ’شٹ ڈاؤن‘ تھا۔

[pullquote]وينزويلا کے سياسی بحران پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

وينزويلا ميں جاری سياسی بحران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ايک خصوصی اجلاس ہفتہ چھبيس جنوری کو ہو رہا ہے۔ يہ اجلاس امريکا کی درخواست پر طلب کيا گيا ہے، جس ميں امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو اور وينزويلا سے ان کے ہم منصب بھی شرکت کر رہے ہيں۔ پومپيو نے کہا ہے کہ وہ ديگر ملکوں پر بھی زور ديں گے کہ وہ خوآن گوآئيڈو کو بطور صدر تسليم کريں۔ گوآئيڈو نے بدھ کے روز خود کو قائم مقام صدر قرار دے ديا تھا۔ وينزويلا کے شہری صدر نکولاس مادورو سے ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہيں جبکہ مادورو اقتدار چھوڑنے کو تيار نہيں۔

[pullquote]امريکی صدر کے ايک قريبی ساتھی پر غلط بيانی کی فرد جرم عائد[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ايک قريبی ساتھی روجر اسٹون پر غلط بيانی کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ اسٹون پر شبہ ہے کہ انہوں نے سن 2016 کے صدارتی اليکشن ميں ہيلری کلنٹن کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والی ای ميلز کے حوالے سے غلط بيانی سے کام ليا تھا۔ اسٹون کو جمعے کی صبح فلوريڈا ميں ان کے گھر سے حراست ميں ليا گيا تھا۔ امريکی استغاثہ کا ماننا ہے کہ صدارتی انتخابات کی مہم ميں يہ ای ميلز روسی ہيکرز نے حاصل کی تھيں اور بعد ازاں انہيں وکی ليکس کے حوالے کر ديا گيا۔

[pullquote]بھارت ميں 70 ويں ری پبلک ڈے کی تقريبات کا انعقاد[/pullquote]

بھارت ميں آج بروز ہفتہ 70 ويں ری پبلک ڈے کی تقريبات منعقد ہوئيں۔ اس موقع پر دارالحکومت نئی دہلی ميں باقاعدہ ملٹری پريڈ کا اہتمام کيا گيا۔ اسکول کے طلباء، فوک ڈانسرز اور فوجيوں نے نئی دہلی کی سڑکوں پر ہونے والی اس پريڈ ميں شرکت کی، جسے ديکھنے کے ليے ملک کے ديگر حصوں سے بھی لوگ وہاں موجود تھے۔ جنوبی افريقہ کے صدر سيرل راما فوسا اس تقريب کے مہمان خصوصی تھے۔ سن 1950 ميں آج ہی کی تاريخ پر بھارت ميں پہلے ملکی آئين کو اپنايا گيا تھا اور يہ تقريبات اسی مناسبت سے منعقد ہوئيں۔

[pullquote]فرانس: پيلی جيکٹ والوں کے مظاہرے آج بھی جاری[/pullquote]

فرانس ميں پيلی جيکٹ والوں کے مظاہرے آج بھی نکالے جا رہے ہيں۔ پيرس اور ديگر شہروں ميں کئی مقامات پر احتجاجی ريلياں جاری ہيں۔ فرانسیسی صدر امانویل ماکروں کی پاليسيوں کے خلاف يہ مظاہرے ہر ہفتے کے روز کيے جاتے ہيں اور آج تيرہويں مرتبہ يہ احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ فرانس ميں تقريباً اسی ہزار پوليس اہلکار کسی ممکنہ نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے ليے تعينات کيے گئے ہيں۔

[pullquote]برازيل ميں ڈيم منہدم ہونے کے بعد تين سو لاپتہ افراد کی تلاش جاری[/pullquote]

برازيل کے جنوب مشرقی حصے ميں ايک ڈيم ٹوٹنے کے بعد کم از کم تين سو افراد لاپتہ ہيں، جنہيں ڈھونڈنے کے ليے ريسکيو حکام نے کارروائی اس وقت بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔ مقامی گورنر نے البتہ خدشہ ظاہر کيا ہے کہ لاپتہ افراد کے زندہ بچ جانے کی اميد کم ہی ہے۔ اب تک نو افراد کی لاشيں نکالی جا چکی ہيں۔ برازيل کی رياست ميناس گيرياس ميں بيلو ہوريزونٹے نامی شہر کے پاس يہ ڈيم گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق دن کے قریب ایک بجے منہدم ہو گيا تھا۔

[pullquote]ايک اور خوش آئند خبر، ڈچ سفير کی پاکستان واپسی متوقع[/pullquote]

پاکستان کے ليے ہالينڈ کی سفير چند ماہ کے وقفے کے بعد فروری کے اوائل ميں دوبارہ اسلام آباد پہنچ رہی ہيں۔ یہ خبر ڈچ اخبار ’Algameen Dagblad‘ ميں ہفتہ چھبیس جنوری کو چھپی ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر ميں ڈچ سفیر اردی اسٹوئس براکن (Ardi Stoios-Braken) کو پتہ چلا تھا کہ پاکستانی حکام نے اسلام آباد ميں تعينات ڈچ سفارتی عملے کے نام ايک خط لکھا ہے، جس ميں پيغمبر اسلام کے حوالے سے متنازعہ کارٹون مقابلے کے تناظر ميں انہيں لاحق خطرے کے بارے ميں آگاہ کيا گيا ہے۔ براکن اس وقت چھٹيوں پر ہالينڈ ميں ہی تھيں اور يہ اطلاع ملنے کے بعد وہ واپس پاکستان نہيں گئيں۔

[pullquote]جرمنی: سن 2038 تک کوئلے سے بجلی کی پيداوار کے خاتمے پر اتفاق[/pullquote]

جرمنی ميں ايک حکومتی کميشن نے اس بات پر اتفاق کر ليا ہے کہ توانائی کے حصول کے ليے کوئلے کا استعمال سن 2038 تک مکمل طور پر ترک کر ديا جائے گا۔ يہ بات اس کميشن کے قريبی ذرائع نے ہفتے کی صبح بتائی۔ قبل ازيں جمعے کو اس کميشن کے ارکان نے مذاکراتی عمل ميں شرکت کی، جو اکيس گھنٹوں تک جاری رہا۔ اس سلسلے ميں حتمی فيصلہ برلن حکومت کرے گی کيونکہ یہ کميشن صرف تجاويز دينے کا اختيار رکھتا ہے۔ دنيا کی چوتھی سب سے بڑی معيشت کے حامل ملک جرمنی ميں جوہری ذرائع سے بجلی کا حصول بھی سن 2022 تک ترک کر دیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے