[pullquote]جرمن چانسلر میرکل دو روزہ دورے پر جاپان میں[/pullquote]
وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج پیر کو دو روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئیں۔ وہ اس دورے کے دوران جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے اور شہنشاہ آکی ہیٹو کے علاوہ یونیورسٹی طلبہ اور کاروباری رہنماؤں سے بھی ملیں گی۔ آج پیر کو وزیر اعظم آبے سے ان کی ملاقات کے مرکزی موضوعات برلن اور ٹوکیو کے دوطرفہ روابط اور امریکا کی اقتصادی حفاظت پسندانہ پالیسیاں ہوں گے۔ یہ دورہ میرکل کا چانسلر کے طور پر جاپان کا پانچوان دورہ ہے۔ جرمن رہنما ایک ایسے وقت پر جاپان گئی ہیں، جب جاپان اور یورپی یونین کے مابین آزاد تجاری معاہدے کو نافذالعمل ہوئے ابھی چند روز ہی ہوئے ہیں۔
[pullquote]روس میں افغان اپوزیشن رہنماؤں اور طالبان کے مابین مذاکرات ’دغا بازی‘ ہیں[/pullquote]
افغانستان کے اعلیٰ حکام نے روس میں افغان اپوزیشن رہنماؤں اور طالبان عسکریت پسندوں کے نمائندوں کے مابین اسی ہفتے ہونے والے مذاکرات کو ’دغا بازی‘ کا نام دیا ہے۔ یہ مذاکرات کل منگل کو ماسکو میں شروع ہوں گے۔ ان میں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی اور چند دیگر سرکردہ افغان شخصیات حصہ لیں گی۔ اس کے برعکس اس بات چیت میں کابل حکومت کا کوئی نمائندہ شامل نہیں ہو گا کیونکہ طالبان کابل حکومت سے بات چیت نہیں کرنا چاہتے۔ روس میں یہ بات چیت قطر میں امریکا اور افغان طالبان کے مابین امن مذاکرات کے دس دن بعد شروع ہو گی۔
[pullquote]صومالی دارالحکومت میں کار بم دھماکا، کم از کم گیارہ افراد ہلاک[/pullquote]
صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں آج پیر کو ہونے والے ایک بڑے کار بم حملے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ بم حملہ شہر کے ایک مصروف کاروباری علاقے میں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ کار بم دھماکا ایک پرہجوم شاپنگ سینٹر کے قریب کیا گیا، جو متعدد افراد کی ہلاکت اور دس دیگر کے زخمی ہو جانے کے علاوہ وسیع تر تباہی کا باعث بھی بنا۔ ایک مقامی پولیس افسر نے بتایا کہ مرنے والے تمام گیارہ افراد عام شہری تھے۔
[pullquote]اینجلینا جولی کا بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ کا دورہ[/pullquote]
ہالی وُڈ کی معروف اداکارہ اینجلینا جولی نے پیر چار فروری کو بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے ایک کیمپ کا دورہ کیا۔ وہ آج بنگلہ دیش پہنچنے کے فوری بعد میانمار کے ساتھ سرحد کے قریب مہاجرین کے ایک کیمپ کے دورے پر چلی گئیں۔ جولی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی خصوصی مندوب بھی ہیں۔ وہ ایسے وقت پر اس دورے پر گئی ہیں، جب اقوام متحدہ کی طرف سے مہاجرین کی مدد کے لیے تقریباﹰ ایک بلین ڈالر کی فراہمی کی ایک نئی اپیل کی جانے والی ہے۔ اگست دو ہزار سترہ کے بعد سے بنگلہ دیش میں سات لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین پناہ گزین ہو چکے ہیں۔ اینجلینا جولی ضلع کوکس بازار میں کل منگل کو مزید مہاجر کیمپوں کے دورے کریں گی۔
[pullquote]رواں صدی کے آخر تک ہمالیہ کے دو تہائی گلیشیئرز پگھل جانے کا خطرہ[/pullquote]
رواں صدی کے آخر تک ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں واقع دو تہائی گلیشیئرز کے پگھل جانے کا خطرہ ہے۔ یہ بات سائنسدانوں نے ایک نئی رپورٹ میں کہی ہے، جو آج پیر کو جاری کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ہمالیہ کے وسیع و عریض گلیشیئرز میں سے دو تہائی سن اکیس سو تک پگھل جانے کا خدشہ ہے۔ یہ گلیشیئرز اتنے زیادہ اور بڑے ہیں کہ ان کی وجہ سے ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے کو قطب شمالی اور قطب جنوبی کے بعد دنیا کا ’تیسرا قطب‘ کہا جاتا ہے۔ انہی گلیشیئرز کے پگھلنے کی وجہ سے دنیا کے دس انتہائی اہم دریائی نظاموں کو پانی ملتا ہے۔
[pullquote]ہندوؤں کا سب سے بڑا مذہبی میلہ، لاکھوں زائرین کا دریا میں غسل[/pullquote]
دنیا بھر میں ہندوؤں کے سب سے بڑے مذہبی میلے کے دوران لاکھوں کی تعداد میں ہندو زائرین نے تین مقدس دریاؤں کے سنگم کی جگہ پر پانی میں غوطے لگائے۔ بھارت میں کئی دنوں سے جاری کُمبھ کے میلے کے دوران ان زائرین نے شمالی شہر الہٰ آباد میں پیر کو طلوع آفتاب سے قبل اس جگہ پر غسل کیا، جہاں گنگا، جمنا اور سرسوتی نامی دریا آپس میں ملتے ہیں۔ اڑتالیس روز تک جاری رہنے والا یہ مذہبی میلہ چار مارچ کو اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ اس میلے کے دوران امن عامہ کو یقینی بنانے اور کسی بھگدڑ سے بچنے کے لیے تیس ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
[pullquote]جوہری معاہدے سے امریکی اخراج: نئی سرد جنگ شروع نہیں ہو گی، روس[/pullquote]
روس کے ساتھ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والی جوہری فورسز کے معاہدے سے امریکا کا اخراج کسی نئی سرد جنگ کے آغاز کا باعث نہیں بنے گا۔ یہ بات روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے پیر کے روز ماسکو میں کہی۔ لاوروف کے مطابق یہ صورت حال ایک نئے عہد کا آغاز تو ہے لیکن اس کا مطلب سرد جنگ نہیں ہو گا۔ امریکا نے ہفتے کے روز ماسکو کے ساتھ انٹرمیڈیٹ رینج نیو کلیئر فورسز یا آئی این ایف نامی معاہدے سے اگلے چھ ماہ کے دوران اپنے مکمل اخراج کا اعلان کر دیا تھا۔ اس کے بعد روس نے بھی سرد جنگ کے دور میں طے پانے والے اس معاہدے کو معطل کر دیا تھا۔ امریکا کی طرف سے روس پر آئی این ایف معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا جاتا ہے۔