جمعرات : 14 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی زیر انتظام کشمیر میں دھماکا، دس فوجیوں کی ہلاکت[/pullquote]

سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی ایک اہم شاہراہ پر ہونے والے ایک بڑے دھماکے کی زد میں آ کر کم از کم دس فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ اس دھماکے میں بیس دیگر فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ دھماکا سرینگر کے نواح میں واقع پامپور میں ہوا۔ اس واقعے میں فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کے علاوہ کئی فوجی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی سکیورٹی حلقے اس دھماکے کی ذمہ داری علیحدگی پسند گروپوں پر عائد کر رہے ہیں۔ ابھی تک کسی باغی گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]شامی تنازعے پر روسی، ترک اور ایرانی صدرور کی ملاقات[/pullquote]

روسی بندرگاہی شہر سوچی میں منعقدہ سہ ملکی سمٹ میں میزبان صدر ولادیمیر پوٹن کے علاوہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور اُن کے ایرانی ہم منصب حسن روحانی شریک ہوئے۔ ایرانی صدر نے اس میٹنگ کو شامی تنازعے کے حل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ دوسری جانب کہا جا رہا ہے کہ اس سمٹ میں روسی صدر اپنے ترک ہم منصب کو قائل کریں گے کہ وہ ادلب میں شامی افواج کے داخلے کو تسلیم کریں۔ اس مناسبت سے ابھی واضح نہیں کہ ایردوآن نے روسی صدر کی اس تجویز پر کوئی مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ادلب کے بعض باغی گروپوں کو ترکی کی حمایت حاصل ہے۔

[pullquote]پاسدارانِ انقلاب پر حملے میں امریکا اور اسرائیل ملوث ہیں، ایرانی صدر[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ بدھ تیرہ فروری کو پاسدانِ انقلاب پر کیے گیا حملہ امریکا اور اسرائیل کی ایما پر کیا گیا تھا۔ روحانی کے مطابق یہ حملہ وائٹ ہاؤس اور تل ابیب سے دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کے جرائم کی فہرست میں ایک نمایاں داغ ہے۔ اس حملے میں پاسداران انقلاب کے ستائیس اہلکار مارے گئے تھے۔ بارود سے لدی کار کے ذریعے خود کش حملہ ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ایک سنی انتہا پسند گروپ جیش العدل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان سنی اکثریتی صوبہ ہے۔

[pullquote]نیٹو کے وزرائے دفاع کی میٹنگ کا آخری دن[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ملکوں کے وزرائے دفاع کی بدھ سے جاری میٹنگ کا آج آخری دن ہے۔ اِس میٹنگ کے انعقاد کا مقام برسلز میں واقع نیٹو کا صدر دفتر ہے۔ اس میٹنگ کے ایجنڈے پر فوقیت افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی اور اُس کے بعد کی صورت حال کو حاصل ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد افغانستان میں مقامی سکیورٹی فورسز کی تربیت اور سلامتی کی مشاورت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ جمعرات کو وزرائے دفاع کی میٹنگ شروع ہونے سے قبل نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے افغانستان میں جاری مشن کو انتہائی اہم قرار دیا۔

[pullquote]چین نے برطانیہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات منسوخ کر دیے[/pullquote]

چین کے نائب وزیراعظم ہُو چُونہوا نے برطانوی وزیر خزانہ فلپ ہیمنڈ کے ساتھ تجارتی بات چیت منسوخ کر دی ہے۔ بات چیت منسوخ کرنے کی وجہ برطانوی وزیر دفاع گیون ولیمسن کی وہ دھمکی قرار دی گئی ہے، جس میں انہوں نے پیسیفک خطے میں جنگی بحری جہاز تعینات کرنے کا کہا تھا۔ چینی نائب وزیراعظم برطانوی وزیر خزانہ کے ساتھ اسی ویک اینڈ پر مختلف تجارتی امور پر گفتگو کرنے والے تھے۔ ایک برطانوی اخبار کے مطابق چین نے احتجاجاً مذاکرات کو منسوخ کیا ہے۔

[pullquote]سعودی ولی عہد اگلے ہفتے کے دوران انڈونیشیا کا دورہ کریں گے[/pullquote]

انڈونیشیی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اگلے ہفتے کے دوران پیر کے روز سرکاری دورے پر جکارتہ پہنچ رہے ہیں۔ یہ شہزادہ محمد کے ایشیائی دورے کا حصہ ہے۔ وہ اپنے اس دورے کے دوران پاکستان، بھارت اور ملائیشیا بھی جائیں گے۔ وہ دو روزہ دورے پر اٹھارہ فروری کو انڈونیشیا پہنچیں گے اور اگلے دن یعنی انیس فروری کو انڈونیشی صدر کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ یہ سعودی ولی عہد کا دوسرا انڈونیشی دورہ ہے۔ قبل ازیں وہ اپنے والد سعودی بادشاہ کے ہمراہ مشرق بعید کے اس ملک کے دورے پر سن2017 میں گئے تھے۔

[pullquote]مقدونیا میں بس حادثہ، 13 ہلاک[/pullquote]

یورپی ملک مقدونیا کے شمالی حصے میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ 30 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ان زخمیوں میں چار کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے اور اس باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ حادثہ گزشتہ روز دارالحکومت اسکوپیے اور ٹیٹووو شہر کے درمیان ہائی وے پر پیش آیا جب یہ بس سڑک سے پھسل کر 30 فٹ گہرے پہاڑی نالے میں جا گری۔ اس بس پر 50 ورکرز سوار تھے جو اسکوپیے سے واپس گوسٹیوار نامی شہر اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔ حکومت نے حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

[pullquote]مسافر بردار سپر جمبو اے 380 مزید نہیں بنائے جائیں گے[/pullquote]

ہوائی جہاز بنانے والے یورپی ادارے ایئر بس نے اعلان کیا ہے کہ وہ سب سے بڑے مسافر بردار طیارے اے 380 مزید تیار نہیں کرے گی۔ اس کی مزید فروخت اور فراہمی سن 2021 سے بند کر دی جائے گی۔ ایئربس کے مطابق اس طیارے کی تیاری میں ایک بلین امریکی ڈالر کا نقصان برداشت کیا جا چکا ہے۔ آخری اے 380 ہوائی جہاز دبئی کی ہوائی کمپنی ایمریٹس کو فراہم کیے جائیں گے۔ یہ ہوائی کمپنی اس نوعیت کے انتالیس طیاروں کی فراہمی چاہتی ہے۔ اس بڑے طیارے کی سب سے بڑی خریدار بھی ایمریٹس ہے۔ اس کمپنی نے اپنا اے 380 کا دستہ 162 سے کم کر کے 123 کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]امریکا اور اسرائیل کی وارسا کانفرنس میں ایران پر خاص توجہ[/pullquote]

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں آج منعقد ہونے والی ایک خصوصی کانفرنس میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور نائب امریکی صدر مائیک پینس شریک ہوں گے۔ اس کانفرنس میں بعض عرب ممالک سمیت تقریباً ساٹھ اقوام کے نمائندے شریک ہو رہے ہیں۔ کانفرنس میں خاص طور پر شرکاء کی توجہ مشرق وسطیٰ اور ایران پر مرکوز کیے جانے کا یقینی امکان ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس کانفرنس کو اپنے ملک کی خارجہ پالیسی میں ایک انقلاب قرار دیا ہے۔ انہوں نے خلیجی ریاست عُمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علاوی کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک تصویر بھی جاری کی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس کانفرنس کا استہزائیہ انداز میں ’وارسا سرکس‘ کا نام دیا ہے۔

[pullquote]تھائی لینڈ کے دفاعی بجٹ میں غیر معمولی اضافہ[/pullquote]

تھائی لینڈ کی پارلیمان نے رواں برس کے لیے سات بلین امریکی ڈالر کا دفاعی بجٹ تجویز کیا ہے۔ سن 2014 کی فوجی بغاوت کے بعد دفاعی بجٹ میں اب تک ایک بلین ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اس اضافے کے بعد بنکاک حکومت مختلف قسم کے ہتھیار خریدے گی جو زیادہ تر چین سے حاصل کیے جائیں گے۔ تھائی حکومت گزشتہ دو برسوں میں اپنی بحریہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں چین سے تین آبدوزیں خریدنے کی منظور دے چکی ہے۔ ان آبدوزوں کے استعمال کے لیے دارالحکومت بنکاک میں ایک تربیتی مرکز بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ نئے بجٹ کی منظوری کے بعد فوج جنگی طیارے اور ٹینک خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

[pullquote]طالبان کے نمائندے امریکا کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کریں گے، ذبیح اللہ مجاہد[/pullquote]

افغان طالبان کے نمائندے 18 فروری کو اسلام آباد میں امریکی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔ یہ بات طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بدھ کی شب کہی۔ مجاہد کے مطابق یہ مذاکرات قطر میں 25 فروری کو طے شدہ ملاقات سے ایک ہفتہ قبل ہو رہے ہیں اور یہ کہ 25 فروری کے مذاکرات بھی شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ دوسری طرف امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں ابھی تک ان مذاکرات کے لیے کوئی باقاعدہ دعوت نامہ نہیں ملا۔ ذبیح اللہ مجاہد کا یہ بھی کہنا ہے کہ طالبان کے نمائندے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے