جمعہ:22 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاکستان کو جانے والے دریاؤں کا پانی روک دیں گے، بھارت[/pullquote]

بھارت نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی علاقے میں جانے والے دریاؤں پر ڈیم تعمیر کر کے پاکستان کے حصے کا پانی روک دے گا۔ بھارت کے واٹر ریسورس منسٹر نِتن گڈکاری کے مطابق پاکستان جانے والے تین مختلف دریاؤں کے پانی کو روک کر اسے مختلف بھارتی ریاستوں کو فراہم کیا جائے گا۔ بھارت کا استدلال ہے کہ یہ قدم بھارتی زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والےایک خودکش کار بم حملے کی سزا کے طور پر اٹھایا جا رہا ہے۔ بھارت اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرتا ہے جبکہ پاکستان اس کی تردید کرتا ہے۔

[pullquote]عالمی تجارتی ادارے میں اصلاحات کی ضرورت ہے، جرمن وزیر اقتصادیات[/pullquote]

جرمن وزیر اقتصادیات پیٹر آلٹمائر نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے رومانیہ میں منعقد ہونے والی یورپی یونین کے وزرائے تجارت کی میٹنگ سے قبل یہ بھی کہا کہ اس ادارے کے قواعد و ضوابط کو عصری تقاضوں اور چیلنجز کے مطابق ہونا بہت ضروری ہو گیا ہے۔ آلٹمائر کے مطابق ایسے قواعد کی اشد ضرورت ہے جو تجارتی سرگرمیوں کو تقویت دیں اور ایسے ضوابط کو اپ گریڈ کیا جائے جن سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے ای کامرس کے اصولوں کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

[pullquote]وینزویلا کی اپوزیشن کو امریکا مسلح کرنے کی کوشش میں ہے، روس[/pullquote]

روسی وزارت خارجہ نے امریکا اور مغربی دفاعی اتحادیوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ وینزویلا کی اپوزیشن کو مسلح کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اس بیان کے مطابق امریکا جنوبی امریکی ملک کی سرحد کے قریب حساس فوجی آلات کی تنصیب کے ساتھ ساتھ خصوصی فوجی متعین کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس بیان کے مطابق امریکی امدادی عمل سے وینزویلا میں حکومت کے مخالفین اور حامیوں میں جھڑپیں شروع ہو سکتی ہیں یہ بھی کہا گیا کہ امریکا وینزویلا کو امداد فراہم کرنے کے تناظر میں کسی ممکنہ فوجی ایکشن کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہے۔

[pullquote]سعودی ولی عہد کا چینی دورہ مکمل، صدر اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں[/pullquote]

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے چین کا دو روزہ دورہ مکمل کر لیا ہے۔ اس دورے کے آخری دن بروز جمعہ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سکیورٹی اور تجارتی امور پر خاص طور پر توجہ مرکوز کی گئی۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد نے بیجنگ کے گریٹ ہال میں چینی نائب وزیراعظم ہان ژینگ کے ساتھ ملاقات کے بعد اُن کے ہمراہ چینی سعودی تعاون فورم کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ یہ امر اہم ہے کہ سعودی عرب چین کو خام تیل فراہم کرنے والے اہم ترین ملکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سعودی ولی عہد چین سے قبل پاکستان اور بھارت کے دورے بھی کر چکے ہیں۔

[pullquote]ایکواڈور میں شدید زلزلہ[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک ایکواڈور میں جمعہ بائیس فروری کو آنے والے زلزلے کے زوردار جھٹکوں سے عام لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ابھی تک زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جھٹکے ایکواڈور کے مشرقی ایمیزون ریجن سے لے کر پیرو کی سرحد کے قریب تک محسوس کیے گئے۔ ملکی حکومت نے ایمرجنسی ٹیموں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

[pullquote]اسرائیل نے چاند کی جانب خلائی مشن روانہ کر دیا[/pullquote]

اسرائیل نے چاند کی جانب اپنا اولین خلائی مشن روانہ کیا ہے۔ چاند پر اترنے کے لیے ’بیریشیت‘ نامی یہ خلائی جہاز اسپیس ایکس کمپنی کے راکٹ کے ذریعے بھیجا گیا ہے۔ اگر اسرائیلی راکٹ کامیابی کے ساتھ چاند پر اتر گیا تو وہ چوتھا ایسا ملک ہو گا جس کا کوئی مشن چاند کی سطح پر اترے گا۔ اس سے قبل امریکا، روس اور چین کے خلائی جہاز چاند کی سطح پر اُتر چکے ہیں۔ یہ اسرائیلی خلائی جہاز کیپ کینیورل سے اسپیس ایکس کے فالکن نائن راکٹ کے ذریعے بھیجا گیا۔

[pullquote]ایران نے بڑی جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا[/pullquote]

خلیج فارس میں ایرانی بحری فوج نے بڑی جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ان مشقوں میں پہلی مرتبہ اُس آبدوز کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس پر کروز میزائل نصب ہے۔ جنگی مشقوں میں مجموعی طور پر ایک سو سے زائد مختلف اقسام کے جنگی بحری جہاز شامل ہیں۔ تین روزہ جنگی مشقیں آبنائے ہُرمُز سے لے کر بحر ہند کے ایک حصے تک جاری ہیں۔ ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل حسین خان زادی کے مطابق یہ مشقیں مختلف چیلنجز اور خطرات کے تناظر میں ترتیب دی گئی ہیں اور اس دوران ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز سمیت کئی ہتھیاروں کی أزمائش بھی کی جائے گی۔

[pullquote]جنوبی فلپائن میں بنگسا مورو علاقے کا قیام[/pullquote]

فلپائن کے جنوبی حصے میں ایک خودمختار ریاست بنگسا مورو کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ آج بروز جمعہ فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے ایک خصوصی تقریب میں مورو اسلامک لبریشن فرنٹ کی نمائندہ قیادت کو مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری سونپ رہے ہیں۔ پانچ صوبوں پر مشتمل بنگسا مورو علاقے میں عبوری حکومت کی ذمہ داری مورو اسلامک لبریشن فرنٹ کے لیڈر مراد ابراہیم اور اُن کی تنظیم کی دیگر مرکزی قیادت کو سونپی جائے گی۔ بعدازاں اس فرنٹ کے بارہ ہزار جنگجوؤں کو غیر مسلح کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

[pullquote]سری لنکا: پھانسی کی سزا پر عمل شروع ہو جائے گا، صدر سری سینا[/pullquote]

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے کہا ہے کہ اُن کے ملک میں بیالیس سال سے پھانسی کی سزا پر عائد پابندی کو اگلے دو ماہ کے دوران ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بروز جمعہ ملکی پارلیمنٹ کو بتایا کہ اُن کی حکومت منشیات کے مجرموں کے خلاف دیگر سخت اقدامات بھی کرے گی۔ سری لنکا کے صدر نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس حکومتی فیصلے کے خلاف دباؤ بڑھانے سے اجتناب کریں۔

[pullquote]پہلی عرب اور یورپی یونین سمٹ اتوار کو ہو گی[/pullquote]

یورپی یونین اور عرب ممالک کی پہلی سربراہی ملاقات اتوار چوبیس فروری کو مصر کے ساحلی و سیاحتی مقام شرم الشیخ میں ہو گی۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اس سربراہ اجلاس کے میزبان ہیں۔ دو روزہ سربراہ اجلاس میں سلامتی، تجارتی، ترقیاتی اور مہاجرت کے امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس سمٹ میں چالیس ممالک کے سربراہوں کی شرکت متوقع ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں آسٹریا میں ایسی سمٹ کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی گئی تھی لیکن کوششوں کے باوجود یہ ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس سمٹ کے انعقاد سے بحیرہ روم کے افراتفری اور عدم استحکام کے علاقوں کے بارے میں مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔

[pullquote]ترکی میں تین سو کے قریب حاضر فوجیوں کی گرفتاری کا حکم[/pullquote]

ترکی نے ایسے 295 فوجیوں کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا ہے، جو ابھی تک فوج میں باقاعدہ ملازمت کر رہے ہیں۔ استنبول سے ترک دفتر استغاثہ کے مطابق ان فوجیوں کی گرفتاری کی وجہ ان کے فتح اللہ گولن کی تنظیم کے ساتھ رابطے ہیں۔ جن فوجیوں کی گرفتاری کا حکم جاری کیا گیا ہے ان میں تین کرنل، آٹھ میجر اور دس لیفٹیننٹ شامل ہیں۔ فتح اللہ گولن کو ایردوآن حکومت سن 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کا منصوبہ ساز قرار دیتی ہے۔ گولن اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔ وہ اس وقت امریکا میں جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔

[pullquote]امریکا شام میں دو سو فوجی تعینات رکھے گا، وائٹ ہاؤس[/pullquote]

ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں قریب دو سو امریکی فوجی متعین رہیں گے اور بقیہ کو وہاں سے واپس بلا لیا جائے گا۔ اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایک سطری بیان جاری کیا گیا ہے۔ ریپبلکن پارٹی کے سینیئر سینیٹر لنڈزی گراہم نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوجی شام میں استحکام اور توازن کا باعث ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوجی یقینی طور پر شام میں ایرانی سرگرمیوں پر بھی نگاہ رکھ سکیں گے۔ گزشتہ برس دسمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں تعینات امریکی فوجیوں کے انخلا کا اچانک اعلان کر کے اتحادیوں کو حیران کر دیا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا کو شدید سیلاب اور خوراک کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے شمالی کوریا کو متنبہ کیا ہے کہ رواں برس کے دوران اُسے 1.4 ملین ٹن خوراک کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارے نے اس کی وجہ شدید سیلاب اور بلند درجہٴ حرارت بتائی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق شمالی کوریا کی نصف آبادی کو قحط جیسی مشکل صورت حال کا سامنا ہو گا۔ شمالی کوریائی حکومت نے اس صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے عالمی پابندیوں میں نرمی کی درخواست کی ہے۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی لیڈر چیئرمین کم جون اُن آئندہ ہفتے ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے