ہفتہ:23 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان رہنماؤں پر سفری پابندیوں ختم کرنے پر امریکا اور روس متفق[/pullquote]

امریکا اور روس کے حکام اس معاملے پر مشترکہ طور پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کہ افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت پر عائد بین الاقوامی سفری پابندیوں کا خاتمہ کس طرح کیا جائے تا کہ وہ امن مذاکرات میں شمولیت اختیار کر سکیں۔ اس ضمن میں افغانستان کے لیے خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد نے اپنے روسی ہم منصب ضمیر کابلوف سے انقرہ میں ہونے والی ملاقات میں تبادلہٴ خیال کیا ہے۔ طالبان مذاکرات کاروں نے بھی اپنے لیڈروں کے سفر پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ یہ پابندی اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی تھی۔ امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا اگلا دور پیر پچیس فروری سے شروع ہو رہا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریائی لیڈر کی ریل گاڑی چین میں داخل ہو گئی[/pullquote]

شمالی کوریائی لیڈر کے لیے مختص ریل گاڑی کے چین میں داخل ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ تصدیق نہیں کی گئی کہ آیا اس ریل گاڑی پر کم جونگ اُؑن سوار ہیں۔ قبل ازیں ایسی رپورٹیں سامنے آئی تھیں کہ چیئرمین کم جونگ اُن بذریعہ ٹرین ہنوئی سمٹ کے لیے ملکی دارالحکومت پیونگ یونگ سے روانہ ہو گئے ہیں۔ روانگی کی اطلاعات اُس ویتنامی اعلان کے بعد سامنے آئی ہیں، جس کے مطابق کم جونگ اُن ویتنام کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں۔ پیونگ یونگ سے ملکی سپریم لیڈر کی روانگی یا اُن کے ہنوئی سمٹ میں شریک ہونے کے سفری پلان کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ٹرمپ اور اُن کی ملاقات ہنوئی میں اختتام فروری پر ہو رہی ہے۔

[pullquote]ایرو انڈیا شو: آتشزدگی میں تین سو گاڑیاں جل گئیں[/pullquote]

بھارت کے جنوبی شہر بنگلُورو میں منعقدہ ایک ایئر شو کے دوران پارکنگ ایریا میں آگ لگنے سے کم از کم تین سو گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئی ہیں۔ آتشزدگی کی ابتدائی وجہ خشک گھاس میں لگنے والی آگ بتائی گئی ہے۔ جب خشک گھاس میں آگ لگی، اُس وقت تیز ہوا بھی چل رہی تھی اور اس باعث آگ پھیلتی چلی گئی۔ بنگلُورو کے محکمہٴ فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار کے مطابق آگ لگنے کے اِس واقعے میں کوئی انسان ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔ بنگلُورو میں منعقد ہونے والے ایرو انڈیا شو کا انتظام بھارتی وزارت دفاع نے کیا تھا۔ یہ دنیا کے بڑے ایئر فیسٹولز میں شمار کیا جاتا ہے۔

[pullquote]میانمار کے دستور کی روح کو چھیڑنے کی اجازت نہیں دیں گے، فوج[/pullquote]

میانمار کی فوج نے ہفتہ تیئیس فروری کو جاری کیے گئے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ وہ ملکی دستور کی روح کے منافی تبدیلی کی اجازت نہیں دیں گے۔ فوج کے مطابق وہ سیاسی لیڈر آنگ سان سوچی کی حکومت کی ایسی کوششوں کو روکے گی جو دستور میں تبدیلیاں لانے سے متعلق ہیں۔ رواں مہینے کے اوائل میں نوبل انعام یافتہ سیاستدان سوچی کی سیاسی پارٹی نیشنل لیگ برائے ڈیموکریسی کی حکومت نے ملکی آئین میں اصلاحات متعارف کرانے کے لیے مختلف سیاسی پارٹیوں کے اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اصلاحاتی عمل کے حوالے سے سوچی کی سیاسی جماعت نے تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

[pullquote]وینز ویلا کی سرحد پر جھڑپیں[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی سکیورٹی فورسز نے کولمبیا کی سرحد پر اُن افراد کو روکنے کی کوشش میں آنسو گیس کا استعمال کیا، جو سرحد عبور کر کے اپوزیشن لیڈر خوآن گوآئیڈو کے جلسے میں شریک ہونا چاہتے تھے۔ اس موقع پر شروع ہونے والی جھڑپوں میں سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیوں کا استعمال بھی کیا۔ اس جلسے سے قبل وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کی حکومت نے سرحد بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر نے اعلان کیا ہے کہ وہ امدادی کھیپ لے کر خود وینزویلا میں داخل ہوں گے۔ دریں اثنا کولمبیا کی سرحد پر واقع چار سرحدی چوکیوں کے اہلکاروں نے منحرف ہو کر اپوزیشن لیڈر خوآن گوآئیڈو کے حامیوں میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

[pullquote]چینی کان میں حادثہ، کم ازکم بیس کان کُن ہلاک[/pullquote]

چینی حکام نے خود مختار علاقے اِنر منگولیا میں واقع ایک کان میں ہونے والے حادثے میں بیس مزدوروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس حادثے میں تیس مزدور زخمی بھی ہوئے، جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ مزدوروں کو زیر زمین لے کر جانے والی گاڑی کی بریک کا فیل ہونا بتایا گیا ہے۔ یہ گاڑی ایک سرنگ میں جانے والی تھی کہ حادثے کا شکار ہو گئی۔ جس کان میں حادثہ رونما ہوا، وہ انر منگولیا کے علاقے شیلنگول لیگ میں واقع ہے۔ کمپنی کے آن لائن پروفائل کے مطابق اس کان میں سے زنک، سیسہ اور تانبا نکالا جاتا ہے۔ مقامی حکام نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔

[pullquote]امریکی ’غیرقانونی‘ پابندیوں کو بے اثر کرنے کے مختلف منصوبے موجود ہیں، ایران[/pullquote]

ایران نے کہا ہے کہ اُس کے پاس امریکا کی ’غیر قانونی‘ پابندیوں کا اثر زائل کرنے کے مختلف منصوبے موجود ہیں۔ ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شامخانی نے ملکی نیوز ایجنسی تسنیم کو بتایا ہے کہ ضرورت ہوئی تو آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے ساتھ ساتھ تیل کی آمد و رفت روکنے کے مختلف طریقوں پر بھی غور ہو سکتا ہے۔ شامخانی نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ میں ’خیر سگالی‘ کے جذبےکی کمی ہے لہٰذا امریکا سے بات چیت کی ضرورت نہیں ہے۔ تسنیم میں ہفتے کے روز شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق ایران کی مذہبی قیادت واشنگٹن حکومت سے بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ شامخانی نے مزید یہ بھی کہا کہ شام میں ایران نوے فیصد تک اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکا ہے۔

[pullquote]بھارتی پولیس کا کشمیری کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن[/pullquote]

بھارتی پولیس نے کم از کم دو سو ایسے کشمیری سماجی کارکنان کو گرفتار کیا ہے جو بھارتی زیر انتظام کشمیر میں حکومتی کنٹرول کے خلاف سرگرم ہیں۔ سری نگر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پولیس نے ہفتے کی شب کے دوران ’جماعتِ اسلامی کے ’گرو گروپ‘ کے رہنما اور کارکنان کے رہائشی علاقوں کو گھیرے میں لے لیا۔ جماعت اسلامی کا گُرو گروپ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے حق خودارادیت کے سلسلے میں سرگرم ہے۔ خدشہ ہے کہ حکومتی کریک ڈاؤن کے نتیجے میں بھارت مخالف احتجاج اور جھڑپوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

[pullquote]مصری عدالت نے دو راہبوں کو سزائے موت سنا دی[/pullquote]

مصر کی ایک عدالت نے ہفتہ تیئیس فروری کو ایک پادری کے قتل میں ملوث دو راہبوں کو سزائے موت دینے کا حکم سنایا ہے۔ گزشتہ برس انتیس جولائی کو مغربی مصری علاقے وادی النطرون میں پادری ایپی فانیئس کی لاش ملی تھی۔ دونوں راہبوں نے اس قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔ مصری فوجداری قوانین کے مطابق سزائے موت کے کسی بھی عدالتی فیصلے پر مصر کے مفتی اعظم کا حتمی فیصلہ لازمی ہوتا ہے، لہذا اس فیصلے پر عمل درآمد مفتی اعظم کے فیصلے کے بعد ہی ہو سکے گا۔ بشپ ایپی فانیئس کے قتل کے بعد مقامی قبطی گرجا گھروں نے مزید راہبوں کی بھرتی آئندہ ایک سال تک نہ کرنے فیصلہ کیا ہے۔ قبطی مسیحی برادری مصر کی مجموعی آبادی کا دس فیصد ہے۔

[pullquote]بھارت میں زہریلی شراب پینے کی وجہ سے 93 افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کی شمال مشرقی ریاست اسام میں 93 افراد زہریلی شراب پینے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہيں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد ضلع گولا گھاٹ اور جورہاٹ میں چائے کے باغات میں کام کرتے تھے۔ گولاگھاٹ کے سینئر سرکاری اہلکار دھرین ہزاریکا نے بتایا کہ جمعرات کی شام بائیس افراد نے دم توڑ دیا جبکہ جمعے کی شام مزيد اٹھائیس افراد کی ہلاکت ہوئی۔ ہزاریکا کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم از کم دو سو افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے لیے کیلی نائٹ کرافٹ کا نام زیر غور[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا میں تعینات امریکی سفیر کیلی نائٹ کرافٹ کو اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے عہدے پر نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہی۔ امریکی سینيٹ کا کیلی نائٹ کرافٹ کے انتخاب پر رضامندی کا اظہار کرنا ضروری ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے عہدے کے لیے امریکی ٹی وی فاکس نیوز کی میزبان ہیتھر ناؤرٹ نے بھی درخواست جمع کرائی تھی، البتہ چند روز بعد انہوں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ قبل ازیں نکی ہیلی نجی وجوہات کی بنیاد پر اس عہدے سے دستبردار ہوگئی تھیں۔

[pullquote]پاک بھارت کشيدگی انتہائی خطرناک ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشيدگی پر گہری تشويش کا اظہار کيا ہے اور اسے خطرناک قرار ديا ہے۔ انہوں نے بائیس فروری کو وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے پلوامہ حملے کے تناظر ميں کہا کہ بھارت اس حملے کے سخت رد عمل پر غور کر رہا ہے۔ امريکی صدر کے بقول وہ اس سلسلے ميں پاکستان کے ساتھ بات چيت کرنا چاہيں گے اور وہ کشيدگی ميں کمی کے خواہش مند ہيں۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات ميں کافی بہتری آئی ہے، لہٰذا اب چند اہم امور پر پاکستان کے ساتھ اہم ملاقاتيں طے ہو سکتی ہيں۔

[pullquote]شام سے امریکی افواج کی واپسی کے بعد قیادت کا خلاء نہیں رہنا چاہیے، ترک وزیر دفاع[/pullquote]

ترک وزیر دفاع حلوصی آقار نے خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد قیادت میں خلاء کے حوالے سے پینٹاگون حکام کو خبردار کیا ہے۔ ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ترک وزیر دفاع آقار نے امریکی دورے پر پینٹاگون حکام سے کہا ہے کہ شام سے امریکی افواج کی واپسی کے بعد قیادت کا خلا نہیں رہنا چاہیے۔ قبل ازیں ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے کہا تھا کہ شام میں قریب چار سو امریکی فوجی دو مختلف علاقوں میں متعین رہیں گے۔ یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے درمیان ہونے والی ایک ٹیلی فونک بات چیت کے بعد سامنے آیا۔

[pullquote]شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ ان ’چند روز‘ میں ویت نام کا دورہ کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے قبل شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن ویت نام کا سرکاری دورہ کریں گے۔ يہ بات ویت نام کی وزارت داخلہ کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ذرائع کے مطابق کم براستہ چین ٹرین کے ذریعے ویت نام پہنچیں گے تاہم سکیورٹی وجوہات کی بناء پر ان کی آمد کی کسی مخصوص تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی میں آئندہ ہفتے ستائیس اور اٹھائیس فروری کو منعقد ہونے والے اہم اجلاس کی تیارياں جاری ہیں۔ اس اجلاس میں صدر ٹرمپ اور شمالی کوریائی لیڈر کی دوسری ملاقات متوقع ہے۔

[pullquote]خوآن گوآئیڈو کا کولمبیا میں اپنے کارکنان کے ساتھ جشن[/pullquote]

وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر خوآن گوآئیڈو نے کولمبیا اور وینزویلا کی سرحد پر واقع ایک شہر کوکوٹا میں منعقدہ ایک امدادی کانسرٹ میں اپنے کارکنان کے ہمراہ بھرپور جشن منایا۔ اس موقع پر انہوں نے کولمبیائی رہنما ایوان دوکے سے بھی ملاقات کی۔ اس امدادی کانسرٹ میں گوآئیڈو کے قریب دس ہزار کارکنان نے شرکت کی۔ سرحد کی دوسری جانب صرف تین سو میٹر کے فاصلے پر مخالف تقریب میں وینزویلا کے موجودہ صدر نکولاس مادورو نے قریب ڈھائی ہزار افراد سے خطاب کیا۔ تاہم ان کے کانسرٹ کا عنوان تھا، ’وینزویلا پر ہاتھ لگانے سے گریز کریں۔‘

[pullquote]نائجیریا میں پولنگ سے قبل متعدد دھماکوں کی اطلاع[/pullquote]

مغربی افریقی ملک نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر مائیدوگوری میں ہفتے کے روز متعدد دھماکوں کی اطلاع ہے۔ نائیجیریا میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ صبح چھ بجے پولنگ شروع ہونے سے قبل متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ دھماکوں کی وجہ کے حوالے سے فی الحال مزيد تفصیلات دستياب نہیں۔ واضح رہے کہ نائیجیریا کی ریاست بورنو کا صدر مقام مائیدوگوری اسلامی شدت پسند گروہ بوکو حرام کا گڑھ ہے، جس کی وجہ سے اس پسماندہ علاقے میں گزشتہ دس برس سے حملے جاری ہیں۔

[pullquote]صدر ماکروں کا زراعتی میلے کا دورہ، دیہی کاشت کاروں سے ملاقاتیں متوقع[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں زراعتی صنعت سے منسلک افراد کے حکومت مخالف تحفظات کے نتیجے میں ملک کے سب سے بڑے زراعتی میلے ’سالون دی ایگریکلچر‘ کا دورہ کر رہے ہیں۔ ماکروں بروز ہفتہ تئیس فروری پیرس میں منعقدہ زراعتی میلے میں ایک مکمل دن بسر کریں گے۔ ماکروں وہاں پر موجود کاشت کاروں سے ملاقاتوں کے دوران ان کے تحفظات دور کرنے کوشش کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق فرانسیسی کاشت کار حکومت سے کسان دوست پالیسيوں کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ وہ عالمی منڈی میں تیزی سے بڑھتے مقابلوں کا سامنا کر سکیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے