جمعہ:یکم مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سائبر سکیورٹی: چین سے دوبارہ مکالمت نہیں ہوئی، جرمن حکومت[/pullquote]

وفاقی جرمن حکومت نے کہا ہے کہ اس کی سائبر سکیورٹی کے معاملے پر چینی حکومت سے حال ہی میں دوبارہ کوئی مکالمت نہیں ہوئی۔ یہ بات جمعے کے روز برلن میں ایک حکومتی ترجمان نے اس سوال کے جواب میں کہی کہ آیا چانسلر میرکل بیجنگ کے ساتھ چینی کمپنی ہواوے کی وجہ سے ’عدم جاسوسی‘ کے کسی معاہدے کے لیے کوشاں ہیں۔ ہفت روزہ جرمن اقتصادی جریدے ’وِرٹشافٹس ووخے‘ نے منگل کے روز دعویٰ کیا تھا کہ میرکل چین کے ساتھ دوطرفہ بنیادوں پر ’عدم جاسوسی‘ کا ایک معاہدہ طے کرنے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]پیرو میں انتہائی طاقت ور زلزلہ، نقصانات کی کوئی فوری اطلاع نہیں[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک پیرو میں آج جمعے کو زلزلے کے انتہائی طاقت ور جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر ان جھٹکوں کی شدت سات اعشاریہ ایک بتائی گئی ہے۔ فوری طور پر اس زلزلے کے باعث کسی جانی یا مادی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ امریکی محکمہ ارضیات کے مطابق یہ زلزلہ پیرو کے جنوبی شہر خُولیاکا سے تقریباﹰ ستر کلومیٹر شمال مغرب میں آیا۔ اس کا مرکز زمین میں ڈھائی سو کلومیٹر سے زائد کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔ بحرالکاہل میں سونامی کی وارننگ کے مرکز کے مطابق تازہ ترین ڈیٹا کے پیش نظر یہ امید نہیں کہ اس زلزلے کے نتیجے میں کوئی تباہ کن سونامی لہریں پیدا ہوں گی۔

[pullquote]ہارڈ بریگزٹ کی صورت میں چار لاکھ برطانوی شہریوں کو ہسپانوی رہائشی پرمٹ دینے کا منصوبہ[/pullquote]

اسپین کا ارادہ ہے کہ اگر برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج سے متعلق معاہدہ طے نہ پایا، تو میڈرد حکومت اسپین میں مقیم تقریباﹰ چار لاکھ برطانوی شہریوں کو مقامی رہائشی پرمٹ جاری کر دے گی۔ یہ بات ہسپانوی جریدے ’ایل پائس‘ نے بتائی۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے بغیر کسی ڈیل کے ممکنہ اخراج کے لیے ماہرین ’ہارڈ بریگزٹ کی اصطلاح استعمال کر رہے ہیں۔ میڈرڈ میں ہسپانوی حکومت آج جمعے کے روز بریگزٹ سے متعلق اپنی تیاریوں کا اعلان کرنے والی ہے۔

[pullquote]واشنگٹن کے گورنر بھی آئندہ امریکی صدارتی دوڑ میں شرکت کے خواہش مند[/pullquote]

امریکی ریاست واشنگٹن کے گورنر جے اِنسلی دو ہزار بیس کے اگلے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار کے طور پر اپنی نامزدگی کے خواہش مند ہیں۔ اِنسلی موجودہ ریپبلکن صدر ٹرمپ کے بہت بڑے ناقد اور ایک لبرل سیاستدان ہیں۔ ان کی عمر اڑسٹھ برس ہے اور وہ آج جمعے کو سیاٹل میں اپنی اس مہم کا آغاز کر رہے ہیں، جس کی تکمیل پر وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے نامزد کردہ صدارتی امیدوار بننا چاہتے ہیں۔

[pullquote]چین کو بحیرہ جنوبی چین کے لیے خطرہ نہیں بننے دیں گے، پومپیو[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے مطابق امریکا چین کو بحیرہ جنوبی چین کے لیے خطرہ نہیں بننے دے گا۔ پومپیو نے کہا کہ امریکا یہ بات یقینی بنائے گا کہ بحیرہ جنوبی چین ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے کھلا رہے۔ پومپیو نے یہ بیان آج جمعے کو اپنے فلپائن کے ایک دورے کے دوران دیا۔ پومپیو نے مزید کہا کہ بحیرہ جنوبی چین میں اگر امریکی فوج کو نشانہ بنایا گیا، تو امریکا اپنے دفاع میں فوری کارروائی کرے گا۔ بحیرہ جنوبی چین پر خطے کے کئی ممالک اپنی ملکیت کے دعوے کرتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں بے روزگاری کی شرح مسلسل تاریخی حد تک کم[/pullquote]

جرمن معیشت کی کارکردگی میں ہلکی سی سست روی کے باوجود فروری میں روزگار کی ملکی منڈی پر کوئی منفی اثرات دیکھنے میں نہیں آئے۔ وفاقی دفتر شماریات نے جمعے کو بتایا کہ گزشتہ ماہ یورپی یونین کی اس سب سے بڑی معیشت میں بے روزگاری کی شرح پانچ فیصد رہی۔ یوں اس شرح میں گزشتہ برس نومبر سے اب تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ جرمنی میں بے روزگاری کی یہ شرح تاریخی حد تک کم ہے۔

[pullquote]واشنگٹن نے بن لادن کے بیٹے حمزہ کے سر کی قیمت مقرر کر دی[/pullquote]

امریکی حکومت نے دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے بانی سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے کے سر کی قیمت مقرر کر دی ہے۔ واشنگٹن میں وزارت خارجہ نے بتایا کہ جو کوئی بھی بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کا پتہ چلانے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کن معلومات فراہم کرے گا، اسے ایک ملین ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔ امریکی حکومت کی رائے میں حمزہ بن لادن اب القاعدہ کی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس دوران وہ دو ہزار پندرہ سے لے کر اب تک امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں کے خلاف کئی بار دہشت گردانہ حملوں کی اپیلیں بھی کر چکا ہے۔ اسامہ بن لادن کو امریکی دستوں نے دو ہزار گیارہ میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote]عالمی سلامتی کونسل میں وینزویلا سے متعلق دو متضاد قراردادیں مسترد[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بحران زدہ ملک وینزویلا سے متعلق دو متضاد قراردادیں منظور نہ ہو سکیں۔ روس اور چین نے ایک ایسی قرارداد کو ویٹو کر دیا، جو امریکا کی طرف سے پیش کی گئی تھی۔ اس میں اس جنوبی امریکی ملک میں نئے اور آزادانہ انتخابات کے مطالبے کے ساتھ یہ بھی کہا گہا تھا کہ وینزویلا کے عوام کے لیے امدادی سامان کی بلا روک ٹوک ترسیل کو ممکن بنایا جائے۔ اسی طرح ایک دوسری قرارداد روس کی طرف سے پیش کی گئی تھی، جس کی صرف چین، جنوبی افریقہ اور استوائی گنی کی طرف سے حمایت کی گئی۔ مسترد کر دیے گئے اس مسودہ قرارداد میں وینزویلا میں بیرونی فوجی مداخلت کی دھمکیوں کی مذمت کی گئی تھی۔

[pullquote]ویت نام سمٹ کی ناکامی کے بعد امریکا اور شمالی کوریا کے ایک دوسرے پر الزامات[/pullquote]

شمالی کوریا نے ویت نام میں ہونے والی امریکا اور شمالی کوریا کی دوسری سربراہی ملاقات سے متعلق امریکی دعووں کی تردید کر دی ہے۔ کمیونسٹ کوریا کے وزیر خارجہ ری یَونگ ہو نے کہا کہ ان کے ملک نے صرف یہ مطالبہ کیا تھا کہ ایٹمی ہتھیاروں میں تحفیف کے بدلے پیونگ یانگ کے خلاف تمام نہیں بلکہ عالمی پابندیوں کو جزوی طور پر ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ حقیقت پسندی پر مبنی تھا۔ ہنوئے میں ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی دو روزہ سمٹ سے کافی امیدیں وابستہ کی گئی تھیں۔ لیکن یہ سربراہی ملاقات جمعرات کو کسی اتفاق رائے کے بغیر قبل از وقت ہی ختم ہو گئی تھی۔ دوسری طرف صدر ٹرمپ کی ایک ترجمان نے کہا ہے کہ واشنگٹن شمالی کوریا کے ساتھ آئندہ بھی مذاکرات جاری رکھنا چاہتا ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش مزید روہنگیا مہاجرین کو پناہ نہیں دے سکتا[/pullquote]

بنگلہ دیش نے اپنے ہاں مزید روہنگیا مہاجرین کو قبول کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ بنگلہ دیشی وزیر خارجہ شاہدالحق نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ روہنگیا مہاجرین کا بحرن ان کے ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے اور صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ شاہدالحق نے عالمی سلامتی کونسل سے اس تناظر میں تعاون کا مطالبہ بھی کیا۔ بنگلہ دیش میں چار لاکھ ستر ہزار سے زائد روہنگیا مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں۔ یہ مسلمان مہاجرین 2017ء میں میانمار کی ریاست راکھین میں ملکی فوج کی کارروائی کے بعد ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے تھے۔

[pullquote]ہلمند کے ایک فوجی علاقے پر طالبان کا حملہ[/pullquote]

افغان طالبان نے جنوبی صوبے ہلمند میں ایک بڑے فوجی مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔ صوبائی حکام نے بتایا کہ جمعرات کو رات دیر گئے تین خود کش بمبار عسکریت پسندوں اور ان کے ساتھی چھ دیگر مسلح حملہ آوروں نے اس فوجی مرکز پر دھاوا بول دیا۔ حکام نے اس حملے کو ناکام بنا دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب طالبان نے کہا ہے کہ دس گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کی کارروائی بدستور جاری ہے۔ اس واقعے میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے بارے میں تاحال کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔ اس افغان فوجی مرکز پر امریکی فوجی اور مشیر بھی تعینات ہیں۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ مالی سے بروقت نہ لوٹ سکے، جہاز میں تکنیکی خرابی[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس مغربی افریقی ملک مالی کے اپنے دورے کے بعد پروگرام کے مطابق بروقت جرمنی نہ لوٹ سکے۔ اس کی وجہ ان کے سرکاری طیارے میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی بنی۔ ہائیکو ماس کو جمعرات کی شام بماکو سے واپس برلن لوٹنا تھا، لیکن ان کا ایئر بس طیارہ انہیں طے شدہ شیڈول کے مطابق واپس جرمنی نہ لا سکا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران وفاقی حکومت کے استعمال میں آنے والے جرمن فوج کے طیاروں کو تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے قبل جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر بھی ایسے ہی ایک تکنیکی مسئلے کے باعث ایتھوپیا سے اپنے پروگرام کے مطابق واپس نہ لوٹ سکے تھے۔

[pullquote]معروف جرمن نژاد امریکی موسیقار آندرے پریوِین انتقال کر گئے[/pullquote]

دنیا بھر میں معروف جرمن نژاد امریکی موسیقار آندرے پریوِین نواسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ برلن میں پیدا ہوئے تھے اور لندن سمفنی آرکیسٹرا کے چیف میوزک ڈائریکٹر رہنے کے علاوہ لاس اینجلس فِلہارمونی آرکیسٹرا کے میوزک ڈائریکٹر بھی رہے تھے۔ ان کا پیشہ ورانہ کیریئر کئی عشروں پر محیط تھا، جس دوران انہیں چار بار آسکر اور دس مرتبہ گریمی ایوارڈز بھی دیے گئے تھے۔ پریوِین کا تعلق ایک جرمن یہودی خاندان سے تھا، جو انیس سو تیس کے عشرے میں نازی دور میں جرمنی سے فرانس کے راستے فرار ہو کر امریکا منتقل ہو گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے