پیر : 04 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا نے اسرائیل میں اپنا انتہائی جدید میزائل نظام نصب کر دیا[/pullquote]

امریکا نے اسرائیل میں پہلی مرتبہ اپنا انتہائی جدید دفاعی میزائل نظام نصب کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان امریکی اور اسرائیلی فوجی حکام کی جانب سے کیا گیا ہے۔ امریکی فوج کی یورپیئن کمانڈ کی خاتون ترجمان کے مطابق اس میزائل کی تنصیب کا عمل مارچ میں ہی شروع ہوا اور اس کا مقصد دنیا بھر میں اس طرح کے ہتھیاروں کی تیز رفتار تنصیب کی امریکی صلاحیت کو جانچنا تھا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے THAAD میزائل نظام کی اسرائیل میں تنصیب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسرائیل کی حفاظت کے لیے امریکی عزم کے اظہار کی علامت ہے۔

[pullquote]شام میں اپنا سفارت خانہ کھولنا، ابھی بہت قبل از وقت ہے، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب نے کہا ہے جب تک شام میں جنگ کے خاتمے کے لیے سیاسی عمل میں پیشرفت نہیں ہوتی وہ شام میں اپنا سفارت خانہ نہیں کھولے گا۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجیبر نے ریاض میں روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں سفارت خانہ کھولنا وہاں سیاسی عمل میں پیشرفت پر منحصر ہے، لہٰذا ابھی ایسا کوئی عمل قبل از وقت ہو گا۔ الجبیر کے مطابق شام کی عرب لیگ میں واپسی کا فیصلہ بھی ابھی قبل از وقت ہی ہو گا۔

[pullquote]پوٹن نے سرد جنگ کے جوہری معاہدے سے نکلنے کے فیصلے پر دستخط کر دیے[/pullquote]

روس نے سرد جنگ کے زمانے میں طے پانے والے ایک جوہری معاہدے سے نکلنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکا کی طرف سے آئی این ایف نامی اس معاہدے سے نکلنے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔ کریملن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق روسی صدر ولادیمر پوٹن نے روس کے سابق سوویت یونین اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے سے نکلنے کے فیصلے پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں۔ امریکا نے رواں برس اگست میں اس معاہدے سے الگ ہونا ہے۔ یہ معاہدہ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے جوہری میزائلوں کی تیاری اور ان کے استعمال پر پابندی سے متعلق تھا۔

[pullquote]امریکا نے خوان گوآئیڈو کے حوالے سے وینزویلا کو خبردار کر دیا[/pullquote]

امریکا نے وینزویلا کی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپوزیشن رہنما ‌خوان گوآئیڈو کی وطن واپسی پر ان کے خلاف کسی کارروائی سے باز رہے۔ گوآئیڈو لاطینی امریکی ملکوں کے دورے کے بعد آج پیر کے روز وطن واپس پہنچے ہیں۔ قبل ازیں گوآئیڈو نے اپنے حامیوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی آمد کے موقع پر ملک میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کریں تاکہ حکومت پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔ امریکی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ اگر گوآئیڈو کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو امریکا اور بین الاقوامی برادری اس کا سخت جواب دے گی۔

[pullquote]برطانیہ میں چاقو کے حملے میں دو مزید نوجوان ہلاک[/pullquote]

برطانیہ میں اختتام ہفتہ پر چاقو سے کیے جانے والے حملوں میں دو مزید نوجوان ہلاک ہو گئے ہیں۔ برطانیہ میں رواں برس اب تک اس طرح کے چاقو سے کیے جانے والے حملوں میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ وہ اس ’بلا مقصد تشدد‘ کو روکنے کے سلسلے میں پولیس سربراہوں سے ملاقات کریں گے۔ جاوید کے مطابق ملک بھر میں نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس کےمطابق اس طرح کے زیادہ تر حملے لندن کے نسبتاﹰ غریب علاقوں میں کیے گئے ہیں اور ان کی وجوہات میں ڈرگ گینگز کے درمیان دشمنی اور سوشل میڈیا پر طیش وغیرہ دلانا شامل ہیں۔

[pullquote]ہواوے کی چیف فنانشل افسر کا کینیڈا کے خلاف مقدمہ[/pullquote]

چینی کمپنی ہواوے کے شعبہ مالیات کی اعلٰی اہلکار نے کینیڈا کی حکومت پر مقدمہ کر دیا ہے۔ مینگ وان ژو کے مطابق کینیڈا میں گرفتاری کے وقت کئی گھنٹوں تک انہیں حاصل آئینی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، تلاشی لی گئی اور پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ ہواوے کمپنی کے بانی کی بیٹی کو یکم دسمبر کو وینکوور کے ہوائی اڈے پر حراست میں لیا گیا تھا۔ ان پر امریکی پابندیوں کے منافی اقدام کر کے ایران کو رعایت دینے کا الزام ہے۔ ژو کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے مگر وہ بدستور نظر بند ہیں۔

[pullquote]غزہ پر اسرائیلی فضائی حملہ[/pullquote]

اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹروں نے آج پیر کو غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی غزہ میں حماس کے دو عسکری ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے یہ کارروائی بارودی مواد سے کیے جانے والے ایک حملے کے بعد کی گئی۔ گزشتہ برس سے فلسطینی، غباروں کےگچھے میں بارودی مواد باندھ کر اسرائیل کی جانب اڑا دیتے ہیں۔ ان دونوں واقعات میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں۔

[pullquote]ایران یورپی کوششوں پر بھروسہ نہ کرے، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے تہران حکومت کو امریکی پابندیوں سے تحفظ فراہم کرنے کی یورپی کوششوں پر بھروسہ نہ کرنےکی تجویز دی تھی۔ خامنہ ای کے مطابق ایرانی معیشت کوسہارا دینے کے یورپی منصوبے سے اقتصادی مسائل حل نہیں ہو سکتے تھے۔ انہوں نے یہ بیان آٹھ ماہ قبل دیا تھا، جسے آج پیر کو جاری کیا گیا ہے۔ اس بیان سے ایسا لگتا ہے کہ خامنہ ای جوہری معاہدے کو بچانے کی صدر حسن روحانی کی کوششوں سے بہت پر امید نہیں تھے۔ فرانس، جرمنی اور برطانیہ امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ کاروبار کرنے کے لیے ایک نظام متعارف کرا چکے ہیں۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں سعودی سفارت کار کے قاتل کو پھانسی دے دی گئی[/pullquote]

آج بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں ایک سعودی سفارت کار کے قاتل کو پھانسی دے دی گئی۔ جیل حکام نے بتایا کہ سیف الاسلام کو عدالتی حکم کے مطابق تختہ دار پر لٹکایا گیا ہے۔ سیف الاسلام نے 2012ء میں سعودی قونصل خانے میں کام کرنے والے 45 سالہ خلف العلی کو ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں گولیاں ماری تھیں۔ پولیس کے مطابق مجرم ایک راہزن گروہ کا سربراہ تھا اور اس نے سفارت کار کو لوٹنے کے دوران نشانہ بنایا۔

[pullquote]بھارت میں کمبھ میلے کے دوران پانی میں ڈبکی لگانے کا ایک نیا ریکارڈ[/pullquote]

بھارت میں آج پیر کو کمبھ میلہ اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ اس مذہبی اجتماع کے دوران 230 ملین ہندو زائرین نے دریا کے مقدس پانی میں ڈبکی لگائی، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ ہندو عقیدے کے مطابق دریائے گنگا، جمنا اور سرسوتی کے سنگم پر نہانے سے تمام گناہ دھل جاتے ہیں۔ سات ہفتوں تک جاری رہنے والے اس میلے کے دوران پانچ مرتبہ پانی میں ڈبکی لگانے کی مذہبی رسم پوری کی جاتی ہے۔ کمبھ کو دنیا میں سب سے بڑا مذہبی اجتماع کہا جاتا ہے۔

[pullquote]خراب موسم کی وجہ سے کئی جرمن شہروں میں کارنیوال کے جلوس متاثر[/pullquote]

جرمنی کے مختلف شہروں میں خراب موسم کے باعث کارنیوال کے سالانہ جلوسوں کے پروگرام میں رد و بدل کر دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق کولون، مائنز اور ڈسلڈورف میں کارنیوال کے جلوسوں میں اب کوئی گھوڑے یا دیگر جانور شامل نہیں کیے جائیں گے۔ کولون میں انتظامیہ نے طوفانی ہواؤں کے باعث بہت اونچے فلوٹس، جھنڈوں، اور ہورڈنگز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ شہروں میں روز منڈے یا گلابی پیر کی پریڈ اب مقررہ وقت کے بعد تاخیر سے شروع ہو گی۔ جرمنی میں کولون کا کارنیوال جلوس سب سے زیادہ مشہور ہے۔ اس میں رنگ برنگے بہروپ بھر کر لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے