منگل : 05 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کینیڈا میں حکومتی بحران مزید شدید[/pullquote]

کینیڈا میں وفاقی وزراء کی جانب سے مزید استعفوں کے باعث حکومتی بحران شدید ہو گیا ہے۔ وزیر بجٹ جین فلپوٹ نے ’ایس این سی‘ نامی تعمیراتی کمپنی سے جڑے بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے بقول حکومت پر سے ان کا بھروسہ اٹھ گیا ہے۔ گزشتہ برس وزیر انصاف اور وفاقی استغاثہ نے کہا تھا کہ وزیر اعظم اور ان کے قریبی حلقوں نےکوشش کی تھی کہ ایس این سی کے حوالے سے معلومات عدالت تک نہ پہنچیں۔ جین فلپوٹ کا شمار کابینہ کی اہم ترین خواتین میں ہوتا تھا۔

[pullquote]الجزائر میں بوتفلیقہ کے خلاف مظاہرے شدید[/pullquote]

الجزائر میں صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے صدارتی امیدوار بننے کے خلاف جاری مظاہرے شدید ہو گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق دارالحکومت الجزائر سٹی میں طلبہ بھی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ بوتفلیقہ گزشتہ بیس برسوں سے اس شمالی افریقی ملک پر حکومت کر رہے ہیں۔ فالج کے حملے کے بعد سے وہ گزشتہ چھ برسوں سے منظر عام سے غائب ہیں۔ الجزائر کی فوج کے سربراہ نے تاہم کہا ہے کہ کسی بھی صورت ملک کو خونریزی کی جانب واپس لوٹنے نہیں دیا جائے گا۔

[pullquote]چین کے دفاعی بجٹ میں ساڑھے سات فیصد اضافے کا فیصلہ[/pullquote]

چینی حکومت نے سال رواں کے لیے ملکی دفاعی بجٹ میں ساڑھے سات فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل پیپلز کانگریس کے سالانہ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سال اس بجٹ کی مالیت تقریباﹰ ایک اعشاریہ دو ٹریلین یوآن ہو گی، جو تقریباﹰ 178 بلین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ یہ رقوم زیادہ تر پیپلز لبریشن آرمی کو جدید تر بنانے، اسٹَیلتھ جنگی طیاروں اور طیارہ بردار بحری بیڑوں کے حصول اور دیگر ہتھیاروں کی خریداری پر خرچ کی جائیں گی۔ سن دو ہزار اٹھارہ میں بیجنگ حکومت نے ملکی دفاعی بجٹ میں آٹھ اعشاریہ ایک فیصد اضافہ کر کے یہ رقوم ایک اعشاریہ ایک ٹریلین یوآن کر دی تھیں۔ چینی فوج دو ملین فوجیوں پر مشتمل ہے۔

[pullquote]سابق جرمن وزیر خارجہ کلاؤس انتقال کر گئے[/pullquote]

سابق جرمن وزیر خارجہ کلاؤس کنکل بیاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ فری ڈیموکریٹک پارٹی (ایف ڈی پی) کے سربراہ کرسٹیان لنڈنر نے کنکل کے اہل خانہ کے توسط سے اس خبر کی تصدیق کی۔ کنکل ایف ڈی پی کے سربراہ بھی رہ چکے تھے۔ کنکل 1992ء میں جرمن وزیر خارجہ بننے تھے اور چھ سال تک انہوں نے یہ ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔ کنکل کی آخری رسومات ان کی خواہش کے مطابق ان کے قریبی حلقوں کی موجودگی میں ادا کی جائیں گی۔

[pullquote]امریکا بھارت اور ترکی کی خصوصی تجارتی حیثیت کے خاتمے کا خواہش مند[/pullquote]

امریکا تجارتی شعبے میں بھارت اور ترکی کو دی گئی خصوصی حیثیت ختم کرنا چاہتا ہے۔ امریکی مندوب برائے تجارت روبرٹ لائٹ ہائزر کے دفتر کے مطابق یہ دونوں ممالک اب ترقی پذیر ریاستوں کو حاصل خصوصی تجارتی مراعات سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حکم خود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا ہے۔ ٹرمپ کے بقول بھارت امریکا کو اپنی منڈیوں میں منصفانہ اور مناسب رسائی دینے کی یقین دہانی کرانے میں ناکام رہا ہے۔ دوسری جانب ترکی میں اقتصادی ترقی کافی حد تک بہتر رہی ہے۔ امریکا کی طرف سے تجارت میں ترجیح دینے کے نظام کے تحت ترقی پذیر ممالک کو در‌آمدی محصولات میں رعایت دی جاتی ہے۔

[pullquote]اسد کے دورہ تہران سے قبل جواد ظریف کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو شامی صدر بشارالاسد کے دورہ ایران کے بارے میں پہلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ ایرانی خبر رساں ادارے ISNA کے مطابق جواد ظریف نے اسی وجہ سے وزیر خارجہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں صدر حسن روحانی نے ان کا استعفیٰ مسترد کر دیا تھا۔ اس خبر رساں ادارے نے اس سلسلے میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا حوالہ دیا ہے۔ شامی صدر اسد نے گزشتہ ہفتے ایران کے دورے کے دوران سپریم رہنما آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی تھی۔

[pullquote]نسان اور رینو کے سابق سربراہ کارلوس گھوسن کی ضمانت منظور[/pullquote]

موٹر ساز ادارے نسان اور رینو کے سابق سربراہ کارلوس گھوسن کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ گھوسن کے وکیل نے بتایا کہ جاپانی دارالحکومت کی ایک عدالت نے ان کے مؤکل کی ضمانت 7.9 ملین یورو کے عوض منظور کی ہے۔ دوسری جانب جاپانی استغاثہ نے اس فیصلے کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے۔ کارلوس گھوسن کو مالی خرد برد کے الزام میں تقریباً تین ماہ قبل حراست میں لیا گیا تھا۔ گھوسن کسی مالی بدعنوانی میں ملوث ہونے کو مسترد کرتے ہیں۔

[pullquote]نانگا پربت: یورپی کوہ پیماؤں کی تلاش دوبارہ سے شروع[/pullquote]

پاکستان میں لاپتہ ہونے والے دو یورپی کوہ پیماؤں کی تلاش کا سلسلہ دوبارہ سے شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان الپائن کلب کے کرار حیدری نے بتایا کہ تجربہ کار ہسپانوی اور پاکستان ماہرین تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول خراب موسم کے باعث تلاش روک دی گئی تھی۔ اطالوی شہری ڈینلی نوردی اور اسکاٹش ٹوم بالارڈ نانگا پربت سر کرنے کے دوران گزشتہ ہفتے سے لاپتہ ہیں۔ نانگا پربت دنیا کی نویں اونچی چوٹی ہے اور اسے قاتل پہاڑ بھی کہا جاتا ہے۔

[pullquote]داعش کے جہادی جرمن شہریوں کو واپس لایا جائے، جرمن جریدے کا موقف[/pullquote]

جرمنی کے اقتصادی جریدے ’ہانڈلزبلاٹ‘ نے منگل کے روز اپنے ایک اداریے میں لکھا کہ جرمنی کو اپنے ان تمام شہریوں کو واپس قبول کرنا ہو گا، جو شام میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی طرف سے لڑتے ہوئے گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ اس جریدے نے اس سلسلے میں امریکا کے مطالبات اور شام میں داعش کے خلاف لڑنے والی کرد ملیشیا ایس ڈی ایف کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ داعش کے ان زیر حراست عسکریت پسندوں کو واپس جرمنی لایا جانا چاہیے۔ شام میں کرد ملیشیا اب تک تین سو کے قریب یورپی جہادیوں کو گرفتار کر چکی ہے، جن میں سے چالیس کے قریب جرمن شہری ہیں۔

[pullquote]آسٹریلوی کارڈینل کو اپنے خلاف جنسی زیادتی کے ایک اور مقدمے کا خطرہ[/pullquote]

آسٹریلوی کارڈینل جارج پیل کو ممکنہ طور پر جنسی زیادتی کے ایک نئے مقدمے میں عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ مقدمہ ایک پچاس سالہ شخص نے پیل کے خلاف درج کرایا ہے۔ اس مقدمے میں 1970ء کی دہائی میں ایک سوئمنگ پول میں پیش آنے والے واقعے کا ذکر کیا گیا ہے۔ ابھی گزشتہ ہفتے ہی ایک عدالت نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے ایک مقدمے میں اس آسٹریلوی کلیسائی شخصیت کو مجرم قرار دے دیا تھا۔ پیل اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں۔ عدالت نے انہیں ابھی سزا نہیں سنائی۔ پیل کو پچاس سال تک سزائے قید سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]فرانسیسی صدر کا یورپی یونین میں اصلاحات کا منصوبہ[/pullquote]

فرانسیسی سربراہ مملکت ایمانوئل ماکروں نے یورپی یونین میں اصلاحات کے لیے ایک منصوبہ پیش کر دیا ہے۔ ماکروں نے اپنے ایک اداریے میں دیگر امور کے علاوہ یورپی سطح پر جمہوریت کے تحفظ کی ایک ایجنسی قائم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔ ان کا لکھا یہ اداریہ یورپی یونین کے اٹھائیس رکن ممالک کے کئی معروف اخبارات میں شائع ہوا ہے۔ فرانسیسی صدر کے بقول یہ ایجنسی ماہرین پر مشتمل ہو گی اور یہ انتخابی عمل کو سائبر حملوں اور سازشوں سے بچائے گی۔ ماکروں کا یہ منصوبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب تین ماہ بعد یورپی پارلیمان کے انتخابات ہو رہے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں غیر ملکی مذہبی شخصیات کے لیے آئندہ جرمن زبان بولنا لازمی ہو گا[/pullquote]

جرمنی میں مختلف مذاہب کی عبادت گاہوں میں فرائض انجام دینے کی خواہش مند غیر ملکی مذہبی شخصیات کے لیے آئندہ جرمن زبان بولنا لازمی ہو گا۔ برلن میں وفاقی وزارت داخلہ کی ایک خاتون ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں وفاقی جرمن حکومت کی طرف سے ایک مسودہ قانون عنقریب ہی پارلیمان میں پیش کر دیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق جرمن زبان سے واقفیت کا لازمی ثبوت پیش کرنا صرف مسلمانوں کی مساجد کے آئمہ کے لیے ہی نہیں بلکہ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں میں فرائض انجام دینے والے غیر ملکیوں کے لیے لازمی ہو گا۔ اس نئے قانون کا اطلاق ایسے افراد پر ہو گا، جو یورپی یونین سے باہر کے کسی ملک کے شہری ہوں گے۔ ایسے فرائض انجام دینے والے یورپی یونین کے شہریوں کو آئندہ بھی یورپی ضوابط کے تحت استثنیٰ حاصل ہو گا۔

[pullquote]ایمنسٹی کو موزمبیق کے صحافی ابوبکر کے بارے میں گہری تشویش[/pullquote]

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے موزمبیق میں زیر حراست صحافی عمادے ابوبکر کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم کے مطابق ایسی خبریں ملی ہیں کہ اس صحافی کے ساتھ جیل میں بدسلوکی کی جا رہی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ انہیں شاید طبی سہولیات سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ ابوبکر کو رواں برس جنوری میں فوجی اہلکاروں نے اس وقت حراست میں لے لیا تھا، جب وہ کابو نامی علاقے میں ہوئے ایک حملے کے بعد وہاں موجود پناہ گزینوں کے انٹرویو کر رہے تھے۔ ایمنسٹی کے بقول عمادے ابوبکر کو سیاسی وجوہات کی بنا پر قید میں رکھا جا رہا ہے اور انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے