جمعہ : 08 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خواتین کا عالمی دن، دنیا بھر میں احتجاجی ریلیاں[/pullquote]

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کے متعدد ممالک میں خواتین کے حقوق کے لیے احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ فلپائن میں ہزاروں خواتین نے صدر روڈریکو ڈوٹیرٹے کے خلاف احتجاج کیا کیوں کہ وہ متعدد مرتبہ خواتین مخالف بیانات دے چکے ہیں۔ اسپین میں صنفی مساوات کے حق میں ہزاروں خواتین احتجاجی ریلیوں میں شریک ہوئیں۔ اسی طرح جرمن دارالحکومت برلن میں بھی ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی۔ کمبوڈیا کی حکومت نے ایسی کوئی بھی ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

[pullquote]الجزائر میں دوبارہ بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود الجزائر میں دوبارہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ہزاروں افراد صدر عبد العزيز بوتفليقہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ دارالحکومت میں مظاہرین نے کئی مرکزی شاہراؤں اور چوکوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ احتجاجی مظاہرے عبد العزيز بوتفليقہ کی ممکنہ پانچویں مدت صدارت کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔ وہ گزشتہ بیس برسوں سے حکمرانی کا تاج اپنے سر پر رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھی ان کے خلاف بڑے مظاہرے ہوئے تھے۔

[pullquote]پاکستانی سرحد کے قریب بھارتی جنگی طیارہ تباہ[/pullquote]

بھارت کا ایک جنگی طیارہ پاکستانی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ بھارتی ایئر فورس کے مطابق جمعے کے روز یہ طیارہ ایک پرندے سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہوا ہے۔ روسی ساختہ مگ اکیس نامی یہ جنگی طیارہ مغربی راجھستان میں گرا جبکہ پائلٹ اس حادثے میں محفوظ رہا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے مطابق یہ حادثہ طیارے کے پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد پیش آیا۔

[pullquote]کابل حکومت کے ساتھ براہ راست بات چيت زير غور نہيں، طالبان[/pullquote]

افغان طالبان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ ميں امريکی نمائندگان کے ساتھ مذاکرات کے دوران کابل حکومت کے ساتھ جنگ بندی سميت ديگر معاملات پر براہ راست بات چيت کی خبروں کو مسترد کر ديا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے جمعے کو جاری کردہ اپنے بيان ميں واضح کيا کہ مذاکرات کے تازہ دور ميں افغانستان سے غير ملکی افواج کے انخلاء اور ديگر تنازعات پر بات چيت جاری ہے۔ دوسری جانب اسی ہفتے بدھ کو امريکی محکمہ خارجہ کے ترجمان روبرٹ پالاڈينو نے عنديہ ديا تھا کہ طالبان اور کابل حکومت کے مابين مذاکرات زير غور ہيں۔ طالبان اور امريکی مندوبين کے مابين مذاکرات کا تازہ دور دوحہ ميں پچيس فروری سے جاری ہے۔

[pullquote]يورپ ميں اسمگل کی گئی 165 ملين يورو ماليت کی ادويات پکڑی گئيں[/pullquote]

يورپی يونين کی پوليس ايجنسی يورو پول کی ايک بڑی کارروائی کے دوران یورپی یونین ميں اسمگل کی گئیں 165 ملين يورو ماليت کی ادويات کو قبضے ميں لے ليا گيا ہے۔ يورو پول کی جانب سے آٹھ مارچ کو جاری کردہ بيان ميں مطلع کيا گيا ہے کہ ادويات پکڑنے کے وسيع تر اور سات ماہ پر محيط آپريشن کے دوران سولہ یورپی ممالک ميں 435 افراد کو گرفتار بھی کيا گيا۔ پکڑی جانے والی ادويات کا وزن 1.8 ٹن تھا، جنہيں گزشتہ برس کے دوران اسمگل کيا گيا تھا۔

[pullquote]حوثی باغيوں کا ڈرون مار گرايا، سعودی قيادت ميں عسکری اتحاد کا دعویٰ[/pullquote]

سعودی عرب کی دفاعی افواج نے ايک ڈرون طيارہ مار گرايا ہے۔ يمن ميں برسر پيکار سعودی عسکری اتحاد نے دعویٰ کيا ہے کہ بغير پائلٹ والا يہ طيارہ حوثی باغيوں کی جانب سے سعودی سرزمين کی طرف بھيجا گيا تھا اور اس کا نشانہ عام شہری تھے۔ ڈرون گرائے جانے کے نتيجے ميں چند شہريوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ کوليشن افواج کے ترجمان کرنل ترقی المالکی کے مطابق ڈرون کے ملبے کے معائنے سے پتہ چلا ہے کہ وہ ايرانی ساخت کا ہے۔

[pullquote]بھارت: بابری مسجد تنازعے کے حل کے ليے پينل تشکيل[/pullquote]

بھارتی سپريم کورٹ نے ايودھيا ميں بابری مسجد کی جگہ ايک مندر کی تعمير کے تنازعے کے حل کے ليے ايک پينل تشکيل دے ديا ہے۔ عدالت نے سابق جج ايف ايم کيف اللہ کو اس تين رکنی پينل کا سربراہ مقرر کيا جبکہ گُرو روی شنکر اور سينئر وکيل سری رام پنجو بھی اس کے ارکان ہيں۔ چيف جسٹس رنجن گوگوئی نے حکم ديا ہے کہ ثالثی کا عمل آئندہ ايک ہفتے ميں شروع اور آٹھ ہفتوں کے اندر ختم ہو جانا چاہيے۔ قبل ازيں دہائيوں پرانے اس تنازعے کے حل کے ليے گوگوئی کی صدارت ميں ايک پانچ رکنی پينل نے مشورہ ديا تھا کہ تنازعہ ثالثی کے ذريعے حل کيا جائے۔ بصورت ديگر عدالت عظمی اپنا وہ فيصلہ سنا دے گی، جو پہلے سے محفوظ ہے۔

[pullquote]بھارت اور روس کے مابين جوہری صلاحيت کی حامل آبدوز کی ڈيل پر دستخط[/pullquote]

بھارت نے جوہری ہتھياروں سے ليس ہونے کی صلاحيت رکھنے والی ايک آبدوز کے حصول کے ليے روس کے ساتھ تين بلين ڈالر ماليت کی ايک ڈيل پر دستخط کر ديے ہيں۔ نئی دہلی ميں وزارت دفاع کے ترجمان نے گو کہ اس پيش رفت کی تصديق نہيں کی تاہم خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق يہ آبدوز روس سے لی جانے والی ايسی تيسری آبدوز ہو گی اور اسے سن 2025 تک بھارتی بحريہ کو فراہم کيا جائے گا۔ آبدوز کی يہ ڈيل دس سال کے ليے ہے يعنی يہ بھارت کو صرف دس سال کے ليے کرایے پر دی جائے گی۔

[pullquote]اپنی کمپنيوں اور شہريوں کی حفاظت کو يقينی بنائيں گے، چين[/pullquote]

بيجنگ حکومت نے اس عزم کا اظہار کيا ہے کہ بيرونی ملکوں ميں چينی کمپنيوں اور شہريوں کے دفاع کے ليے ہر ممکن اقدامات کيے جائيں گے۔ چينی کمپنی ہواوے اور واشنگٹن کے مابين جاری تنازعے کے تناظر ميں يہ بيان چينی وزير خارجہ وانگ ژی نے جمعے کو ديا۔ انہوں نے مزيد کہا کہ چينی کمپنيوں کو دانستہ طور پر سياست کا نشانہ بنايا جا رہا ہے۔ يہ تنازعہ چند ہفتوں قبل کينيڈا ميں ہواوے کے ايک سينئر اہلکار کی حراست کے بعد سے جاری ہے۔ امريکا کا الزام ہے کہ يہ کمپنی تجارتی راز چرانے ميں ملوث رہی ہے جبکہ ہواوے کی انتظاميہ اس الزام کو مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]فن لينڈ کے وزير اعظم مستعفی ہو گئے[/pullquote]

فن لينڈ کے وزير اعظم يوہا شپيلا سيپيلے نے اپنا استعفیٰ پيش کر ديا ہے۔ اطلاع ہے کہ ملکی صدر آج ہی کسی وقت اسے منظور کر ليں گے۔ سيپيلےا نے سماجی و صحت سے متعلق شعبوں ميں اصلاحات متعارف کرانے کی اپنی کوششوں ميں ناکامی کے بعد استعفی دينے کا فيصلہ کیا۔ اس بارے ميں نيوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کافی مايوس ہيں کہ ان کی کابينہ کو يہ فيصلہ کرنا پڑا۔ فن لينڈ ميں آئندہ ماہ کی چودہ تاريخ کو پارليمانی انتخابات ہونے والے ہيں۔

[pullquote]پال مانافورٹ کو تقريباﹰ چار سال کی سزائے قيد، ٹرمپ کے ليے نیا دھچکا[/pullquote]

سن 2016 ميں ہونے والے صدارتی انتخابات ميں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ پال مانافورٹ کو سينتاليس ماہ قيد کی سزا سنا دی گئی ہے۔ انہيں يہ سزا يوکرائن کے سياست دانوں کے ساتھ اشتراک عمل کے دوران ٹيکس معاملات میں ہيرا پھيری کی وجہ سے سنائی گئی ہے۔ مانافورٹ کو یہ سزا عمومی توقعات سے کہيں کم سنائی گئی ہے۔ وہ پچھلے نو ماہ سے زير حراست ہيں۔ سن 2016 کے امریکی صدارتی اليکشن ميں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم سے وابستہ اہلکاروں کے روس کے ساتھ مبينہ روابط کی تحقيقات کرنے والے رابرٹ میولر کی طرف سے چھان بین کے نتيجے ميں کسی کو بھی سنائی جانے والی يہ اب تک کی سخت ترین سزا ہے۔

[pullquote]امریکا شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لیے اب بھی تیار، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت شمالی کوریا کی طرف سے اس کے میزائل پروگرام سے متعلق متنازعہ سرگرمیوں کے باوجود مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ یہ بات ٹرمپ نے جمعرات کی رات واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کمیونسٹ کوریا اور امریکا کے مابین اب تک دو سربراہی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ امریکا کی کوشش ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت کے ذریعے جزیرہ نما کوریا کو ایک غیر جوہری علاقہ بنانے سے متعلق کوئی معاہدہ طے پا جائے۔ شمالی کوریا کے بارے میں حال ہی میں ایسی رپورٹیں بھی سامنے آئی تھیں کہ اس نے اپنے میزائل پروگرام سے متعلق سرگرمیاں مبینہ طور پر دوبارہ شروع کر دی ہیں۔

[pullquote]وينزويلا ميں بجلی کی فراہمی میں وسیع پیمانے پر تعطل، نظام زندگی متاثر[/pullquote]

سياسی عدم استحکام کے شکار ملک وينزويلا ميں بجلی کی فراہمی معطل ہو جانے کے باعث جمعے کی صبح ملک کا زیادہ تر حصہ تاريکی ميں ڈوبا رہا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس تعطل سے اس لاطينی امريکی ملک کی تئیس ميں سے بائيس رياستيں متاثر ہوئيں۔ بيشتر شہروں ميں ٹرين سروس بھی متاثر ہوئی، جس کے بعد سڑکوں پر بھی افراتفری کے مناظر ديکھے گئے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنی اور صدر نکولاس مادورو کی حکومت نے اسے ايک ’سائبر حملہ‘ قرا ديتے ہوئے اس کا الزام امريکا پر عائد کيا ہے۔

[pullquote]ميکسيکو ميں تارکین وطن سے بھرے کارگو ٹرک کے حادثے میں پچیس ہلاکتیں[/pullquote]

جنوبی ميکسيکو ميں ايک مال بردار ٹرک سڑک سے پھسل گيا، جس کے نتيجے ميں پيش آنے والے حادثے ميں پچيس افراد ہلاک اور تيس ديگر زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق امکان ہے کہ یہ ٹرک ایک مکينيکل خرابی کے باعث سڑک سے پھسل گیا تھا۔ یہ رپورٹیں بھی ملی ہیں کہ جمعرات اور جمعے کی درميانی شب پيش آنے والے اس واقعے ميں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد وسطی امريکی ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکين وطن تھے۔ یہ تارکین وطن اسی ٹرک میں سوار تھے، جس پر کوئی نمبر پلیٹ نہیں لگی ہوئی تھی۔

[pullquote]مذہبی آزادی سے متعلقہ امور کے لیے امریکی مندوب کی چین پر شدید تنقید[/pullquote]

مذہبی آزادی سے متعلقہ امور کے لیے امریکی مندوب سام براؤن بیک نے چین پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بیجنگ حکومت ملک میں مذہبی بنیادوں پر لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنانے کا عمل ختم کرے۔ اپنے ہانگ کانگ کے ایک دورے کے دوران براؤن بیک نے اپنی ایک تقریر میں جمعے کے روز کہا کہ چینی حکومت کو ملک کے مغربی صوبے سنکیانگ میں وہ حراستی کیمپ بھی بند کرنا چاہییں، جہاں لاکھوں ایغور مسلم اقلیتی باشندوں کو رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بیجنگ حکومت ’مذہب کے خلاف‘ جنگ کر رہی ہے اور اسے لوگوں کے ان کے مذہبی عقائد سے متعلق بنیادی حقوق کا مکمل احترام کرنا چاہیے۔

[pullquote]بریگزٹ سے برطانوی ایکو سسٹم بھی متاثر ہوں گے، گرین گروپوں کی تنبیہ[/pullquote]

تحفظ ماحول کے لیے سرگرم کئی ماحولیاتی گروپوں نے تنبیہ کی ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکل جانے سے برطانوی ماحولیاتی نظاموں یا ایکو سسٹمز پر منفی اثرات پڑیں گے۔ ان گروپوں کے مطابق اس طرح وہ کوششیں بھی متاثر ہوں گی، جن کا مقصد برطانیہ میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانا ہے۔ انہی گروپوں میں سے ایک ماحولیاتی تھنک ٹینک ای سی آئی یو نے پیرس میں بتایا کہ برطانیہ میں اس وقت جن ماحولیاتی ضابطوں پر عمل ہو رہا ہے، ان میں سے اسّی فیصد تک یورپی ضابطے ہیں، جن پر بریگزٹ کے بعد عمل درآمد نہیں ہو سکے گا یا لندن حکومت کو ان کے متبادل تلاش کرنا ہوں گے۔ اس تنظیم کے مطابق بریگزٹ سے متعلق مذاکرات میں تحظ ماحول کو زیادہ اہمیت دی جانا چاہیے۔

[pullquote]اسٹيو اسمتھ اور ڈيوڈ وارنر پاکستان کے خلاف سيريز کے ليے ٹيم کا حصہ نہيں[/pullquote]

بال ٹيمپرنگ اسکينڈل کے نتيجے ميں سزا يافتہ آسٹريلوی کھلاڑيوں اسٹيو اسمتھ اور ڈيوڈ وارنر کو پاکستان کے خلاف ايک روزہ ميچوں کی سيريز کے ليے ملکی کرکٹ ٹيم ميں شامل نہيں کيا گيا۔ دونوں کھلاڑيوں پر عائد پابندی کی مدت کے خاتمے کے بعدوہ آخری دو ميچوں کے ليے دستياب تو تھے تاہم سلیکٹرز نے ان کی ٹیم میں شموليت کے خلاف فيصلہ کيا۔ سلیکٹر ٹريور ہونز کے مطابق بہتر ہو گا کہ دونوں کھلاڑی انڈين پريميئر ليگ سے دوبارہ کرکٹ شروع کريں۔ آسٹريليا اور پاکستان کے مابين پانچ ايک روزہ ميچوں کی سيريز بائيس مارچ سے شروع ہو رہی ہے۔ اس سيريز کے ميچ دبئی اور شارجہ ميں کھيلے جائيں گے۔ ميچل اسٹارک کو بھی پاکستان کے خلاف اس سيريز کے ليے آسٹریلوی ٹيم ميں شامل نہيں کيا گيا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے