بدھ : 13 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عالمی سطح پر ہر چوتھی انسانی موت کی وجہ ماحولیاتی تباہی، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں قبل از وقت انسانی اموات میں سے ایک چوتھائی ہلاکتوں کی وجہ ماحولیاتی تباہی کا عمل بنتا ہے۔ بدھ کے روز جاری کی گئی کرہ ارض کی تشویشناک صورت حال سے متعلق اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر ان پچیس فیصد اموات کا سبب انسانوں ہی کی پیدا کردہ آلودگی اور ماحولیاتی نقصانات بنتے ہیں۔ اس رپورٹ کو ’گلوبل اینوائرمنٹ آؤٹ لُک‘ یا جی ای او کا نام دیا گیا ہے، جو ستر سے زیادہ ممالک کے ڈھائی سو سے زائد سائنسدانوں نے چھ سالہ تحقیق کے بعد تیار کی ہے۔ اس رپورٹ میں امیر اور غریب ممالک کے مابین بڑھتی ہوئی خلیج، ماحولیاتی آلودگی، بھوک کے مسئلے، غربت اور بیماریوں سمیت بہت سے امور کا احاطہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]ایتھوپیا کا بوئنگ سے تمام میکس آٹھ مسافر طیارے گراؤنڈ کر دینے کا مطالبہ[/pullquote]

ایتھوپین ایئر لائنز کے سربراہ نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں زیر استعمال اپنے تمام سات تین سات میکس آٹھ طرز کے مسافر طیارے گراؤنڈ کر دے۔ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں تِیوولڈے گَیبرے مریم نے بدھ کے روز کہا کہ جب تک یہ طے نہیں ہو جاتا کہ ایسے بوئنگ طیارے محفوظ ہیں، تب تک ان کا استعمال روک دیا جانا چاہیے۔ گزشتہ اتوار کے روز ایتھوپین ایئر لائنز کا ایسا ہی ایک مسافر ہوائی جہاز پرواز شروع کرنے کے فوری بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں جہاز میں سوار تمام ایک سو ستاون افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اس طرز کے بوئنگ طیاروں کی تباہی کا دوسرا واقعہ تھا۔

[pullquote]برطانوی پارلیمان میں رائےشماری، ترمیم شدہ بریگزٹ معاہدہ بھی مسترد[/pullquote]

برطانوی پارلیمان میں منگل کی رات ہونے والی ایک رائے شماری میں ترمیم شدہ بریگزٹ معاہدہ بھی اکثریتی رائے سے مسترد کر دیا گیا۔ اس مجوزہ معاہدے میں ترامیم پر ابھی پیر کی رات ہی برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے اور یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر کے مابین اتفاق رائے ہوا تھا۔ رائے شماری میں اس معاہدے کے حق میں دو سو بیالیس اور مخالفت میں تین سو اکانوے ارکان نے ووٹ دیا۔ اس نئی پیش رفت کے بعد برطانیہ کے یورپی یونین سے ’ہارڈ بریگزٹ‘ یا کسی معاہدے کے بغیر ہی اخراج کا امکان اور زیادہ ہو گیا ہے۔ اب تک کے نظام الاوقات کے مطابق برطانیہ کو انتیس مارچ تک یورپی یونین سے نکل جانا ہے۔

[pullquote]کسی معاہدے کے بغیر بریگزٹ کا امکان اب اور زیادہ، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ برطانیہ کے کسی باقاعدہ معاہدے کے بغیر ہی یورپی یونین سے آئندہ اخراج کا امکان اب اور زیادہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات برطانوی پارلیمان کی طرف سے لندن حکومت اور یورپی یونین کے مابین طے پانے والے ترمیم شدہ بریگزٹ معاہدے کے بھی منگل کی رات مسترد کر دیے جانے کے بعد کہی۔ انہوں نے یہ کہا کہ برطانیہ اپنی معیشت اور شہریوں کی فلاح کو بڑی لاپرواہی سے داؤ پر لگاتا جا رہا ہے۔ ہائیکو ماس کے مطابق بریگزٹ کے حوالے سے جرمنی کسی بھی صورت حال کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

[pullquote]ملائیشیا کے دریا میں زہریلے فاضل مادوں کے باعث سینکڑوں افراد بیمار[/pullquote]

ملائیشیا کے ایک دریا میں زہریلا کیمیائی کوڑا پھینکے جانے کے بعد تین سو کے قریب افراد بیمار ہو گئے، جن میں اکثریت اسکولوں کے بچوں کی ہے۔ ملکی وزیر تعلیم نے بدھ کے روز بتایا کہ اس وجہ سے جنوبی ریاست جوہر میں چونتیس اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ بیمار پڑ جانے والے طلبہ کی اکثریت انہی اسکولوں میں زیر تعلیم ہے۔ سینکڑوں متاثرین میں ان کے جسموں میں نظام تنفس کے ذریعے داخل ہونے والے زہر کے آثار کی تشخیص ہو گئی ہے۔ حکام کو شبہ ہے کہ گزشتہ ہفتے ایک لاری پر لدے ہوئے بہت سے انتہائی زہریلے کیمیائی فاضل مادے دریا میں پھینک دیے گئے تھے۔

[pullquote]بچوں سے جنسی زیادتی: ویٹیکن کے سابق مالیاتی سربراہ کو چھ سال سزائے قید[/pullquote]

آسٹریلوی کارڈینل اور ویٹیکن کے مالیاتی امور کے سابق سربراہ جارج پَیل کو بچوں سے جنسی زیادتی کے جرم میں چھ سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ اس وقت ستتر سالہ کارڈینل پَیل کو دسمبر میں ایک آسٹریلوی عدالت نے قصور وار قرار دے دیا تھا۔ انہیں یہ سزا آج بدھ کو میلبورن کی ایک عدالت نے سنائی۔ ان پر یہ الزام ثابت ہو گیا تھا کہ انہوں نے انیس سو نوے کی دہائی میں کیتھولک کلیسا کے ایک کوائر میں شامل دو نابالغ لڑکوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پَیل نے اپنے بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور ان کے وکلاء نے اس سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کر دی ہے۔ جارج پَیل کیتھولک کلیسا کے آج تک کے وہ اعلیٰ ترین سابقہ اہلکار ہیں، جنہیں بچوں سے جنسی زیادتی کے جرم میں سزائے قید سنائی گئی ہے۔

[pullquote]دوحہ میں امریکا اور افغان طالبان کے مابین مذاکرات میں مثبت پیش رفت[/pullquote]

امریکا اور افغان طالبان نے اپنے مذاکرات کے حالیہ دور کے اختتام پر مثبت پیش رفت کا عندیہ دیا ہے لیکن فریقین کے مطابق غیر ملکی افواج کے انخلاء کے حوالے سے تاحال کوئی باقاعدہ معاہدہ طے نہیں پا سکا۔ امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سولہ روزہ مذاکرات کے نتیجے میں ایک ایسے معاہدے کا ’مسودہ‘ تیار کر لیا گیا ہے، جس میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کی واپسی کے نظام الاوقات اور انسداد دہشت گردی کی یقین دہانی جیسے امور شامل ہیں۔ خلیل زاد کے مطابق امن کے لیے حالات سازگار ہوئے ہیں اور فریقین جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

[pullquote]فوکس ویگن کا روزگار کے سات ہزار مواقع ختم کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

یورپ کے سب سے بڑے کار ساز ادارے فوکس ویگن نے اعلان کیا ہے کہ وہ دو ہزار تئیس تک اپنے ہاں روزگار کے سات ہزار تک مواقع ختم کر دے گا۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والے اس بہت بڑے صنعتی گروپ نے ابھی کل ہی یہ بھی بتایا تھا کہ اسے گزشتہ برس بارہ ارب یورو سے زائد کا خالص منافع حاصل ہوا تھا۔ اس گروپ کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اگلے چار برسوں میں روزگار کے سات ہزار تک مواقع کے خاتمے اور دیگر مالیاتی اقدامات سے تقریباﹰ چھ ارب یورو کی بچت کی جائے گی اور ان رقوم سے الیکٹرک کاروں کی تیاری کے عمل کو تیز بنایا جائے گا۔

[pullquote]تیل کی فراہمی روکنے کی کوشش پر اسرائیل کو سخت جواب دیا جائے گا، ایران[/pullquote]

ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی بحریہ نے تیل لے جانے والے ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کوئی کارروائی کی، تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی کا آج بدھ کو دیا گیا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب ایک ہفتہ قبل ہی اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔ تب نیتن یاہو نے کہا تھا کہ امریکی پابندیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایرانی تیل کی مبینہ ’اسمگلنگ‘ کے خلاف اسرائیلی بحریہ کی طرف سے کارروائی کی جا سکتی ہے۔

[pullquote]کئی ممالک میں پابندی، امریکا میں بوئنگ میکس آٹھ کو پروازوں کی ہنوز اجازت[/pullquote]

کئی ممالک کی طرف سے عائد کردہ عارضی پابندیوں کے باوجود امریکا میں بوئنگ کمپنی کے طیارے میکس آٹھ کی پروازوں پر پابندی کی فی الحال کوئی وجہ نہیں ہے۔ یہ بات امریکا میں شہری ہوا بازی کے وفاقی ادارے ایف اے ای کی طرف سے بتائی گئی۔ فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ ڈینئل اَیل وَیل نے کہا کہ اب تک کی چھان بین سے ان طیاروں کی پروازوں پر ممکنہ پابندی کی کوئی وجوہات سامنے نہیں آئیں۔ گزشتہ اتوار کو ایتھوپین ایئر لائنز کا ایسا ایک بوئنگ گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس میں سوار تمام ایک سو ستاون افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جرمنی سمیت یورپی یونین کے کئی رکن ممالک اور متعدد دیگر ریاستیں اب تک اپنے ہاں بوئنگ میکس آٹھ کی پروازوں پر احتیاطاﹰ عبوری پابندی لگا چکے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا ابھی تک عالمی پابندیوں کے اثرات سے بچنے میں کامیاب[/pullquote]

شمالی کوریا کے لیے ابھی تک یہ ممکن ہے کہ وہ خود کو اپنے خلاف عالمی پابندیوں کے اثرات سے جزوی طور پر بچا سکے۔ یہ بات اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک تازہ رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کمیونسٹ کوریا ابھی تک پٹرول، تیل اور کوئلے کی غیر قانونی تجارت سے کام لے رہا ہے اور اس طرح اس کے خلاف عالمی ادارے کی پابندیاں جزوی طور پر غیر مؤثر ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ شمالی کوریا کا متنازعہ میزائل پروگرام بھی اب تک ختم نہیں ہوا۔ اقوام متحدہ کی شمالی کوریا پر عائد کردہ پابندیوں سے متعلق کمیٹی کے سربراہ اور عالمی ادارے میں جرمنی کے سفیر کرسٹوف ہوئسگن نے مطالبہ کیا ہے کہ پیونگ یانگ کے خلاف پابندیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

[pullquote]مشرقی شام میں داعش کے تین ہزار جنگجوؤں نے ہتھیار پھنک دیے[/pullquote]

دہشت گرد تنظیم داعش یا ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے تقریباﹰ تین ہزار جنگجوؤں نے اس جہادی تنظیم سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ہتھیار پھنک دیے ہیں۔ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے ترجمان مصطفیٰ بالی نے منگل کو رات گئے بتایا کہ داعش کے آخری گڑھ باغوز میں ہتھیار پھینکنے والے ایسے عسکریت پسندوں کی تعداد بڑھ کر اب تین ہزار ہو گئی ہے۔ امریکی حمایت یافتہ ایس ڈی ایف فورسز نے داعش کے زیر قبضہ باغوز نامی قصبے پر فضائی حملوں اور گولہ باری کا سلسلہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔ مشرقی شام کا یہ علاقہ داعش کا آخری گڑھ قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]جرمن کلب شالکے چیمپئنز لیگ مقابلوں سے خارج[/pullquote]

جرمنی میں بنڈس لیگا کی ایک بڑی فٹ بال ٹیم شالکے چیمپئنز لیگ مقابلوں سے خارج ہو گئی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم مانچسٹر سٹی کے ‌خلاف اپنے دوسرے پری کوارٹر فائنل میچ میں شالکے کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے بہت بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے پہلے مانچسٹر سٹی کے خلاف اپنا پہلا پری کوارٹر فائنل میچ بھی شالکے دو کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئی تھی۔ کل رات ہونے والے میچوں کے بعد مانچسٹر سٹی اور اٹلی کی فرسٹ ڈویژن لیگ کی ٹیم یُووَینٹس ٹیُورین بھی چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے