جمعرات : 14 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]الجزائر میں نئی ٹیکنوکریٹ حکومت کے قیام کا فیصلہ[/pullquote]

داخلی سیاسی بے چینی کے شکار شمالی افریقی ملک الجزائر میں عنقریب ہی ایک نئی ٹیکنوکریٹ حکومت قائم کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان آج جمعرات کو نئے وزیر اعظم نورالدین بدوی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت میں ماہرین کے علاوہ ان نوجوان شہریوں کو بھی شامل کیا جائے گا، جو گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک بھر میں مظاہرے کرتے رہے تھے۔ یہ مظاہرے صدر بوتفلیقہ کے ایک بار پھر صدارتی امیدوار بننے کے اعلان کے بعد شروع ہوئے تھے۔ ملکی صدر اب اپنی انتخابی امیدواری کا فیصلہ واپس لے چکے ہیں۔ نورالدین بدوی کے پیش رو وزیر اعظم کے مستعفی ہو جانے کے بعد بوتفلیقہ نے بدوی کو اسی ہفتے نیا حکومتی سربراہ نامزد کیا تھا۔

[pullquote]کرتارپور راہداری: پاکستانی، بھارتی وفود کی ’خوشگوار ماحول میں‘ بات چیت[/pullquote]

پاکستانی اور بھارتی حکام نے آج جمعرات کو آپس میں ایک ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین موجودہ کشیدگی میں کمی، کرتارپور راہداری کو کھولنے اور بھارتی سکھ زائرین کے لیے پاکستان میں ویزا فری داخلے کی سہولت سے متعلق مذاکرات کیے گئے۔ یہ مذاکرات واہگہ بارڈر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر بھارتی ضلع امرتسر میں اٹاری کے مقام پر ہوئے۔ اس بات چیت میں شرکت کے بعد جمعرات کی سہ پہر واپس پاکستان پہنچنے پر پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے واہگہ پر ہی صحافیوں کو بتایا کہ یہ مکالمت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے کوئی تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ اس مکالمت کا اگلا دور دو اپریل کو گا۔ پلوامہ میں حملے کے بعد سے دونوں ملکوں کے مابین یہ مذاکرات پہلا سفارتی رابطہ تھے۔

[pullquote]وینزویلا میں بجلی کی فراہمی کا نظام بحال ہو گیا، حکومتی اعلان[/pullquote]

تقریباﹰ ایک ہفتے تک بجلی کی فراہمی میں تعطل کے بعد جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں بجلی کا نظام مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ ملکی وزارت اطلاعات کے مطابق دارالحکومت کراکس کے مضافات میں صرف دو ایسے علاقے باقی ہیں، جنہیں ابھی تک بجلی کی ترسیل بحال نہیں ہو سکی۔ حکومت نے توانانی کے نظام میں اس خرابی کا الزام امریکا اور ملکی اپوزیشن پر عائد کیا تھا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ بجلی کے ملکی نظام پر ایک سائبر حملہ امریکا کی مدد سے کیا گیا تھا۔ اپوزیشن نے ملک بھر میں ہونے والے اس بلیک آوٹ کی وجہ حکومتی نااہلی بتائی تھی۔

[pullquote]برطانوی پارلیمان میں ’ہارڈ بریگزٹ‘ سے متعلق حکومتی قرارداد بھی مسترد[/pullquote]

برطانوی پارلیمان میں اراکین کی اکثریت نے یورپی یونین کے ساتھ کسی ڈیل کے بغیر ہی بریگزٹ پلان پر عمل درآمد سے متعلق ایک قرارداد بھی مسترد کر دی۔ اب وزیر اعظم ٹریزا مے دارالعوام کے ارکان سے بریگزٹ سے متعلق ایک تیسری رائے شماری کے لیے کہیں گی۔ لندن حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ایوان میں یہ تیسری قرارداد آج جمعرات کو پیش کی جائے گی۔ اگر یہ بھی رد کر دی گئی تو وزیر اعظم یورپی یونین سے یہ درخواست کر دیں گی کہ برطانیہ کے یونین سے اخراج کا مجوزہ عمل انتیس مارچ کے بجائے تیس جون تک مؤخر کر دیا جائے۔ اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ پھر برطانوی سیاسی جماعتوں اور ووٹروں کو مئی میں ہونے والے یورپی پارلیمانی انتخابات میں بھی حصہ لینا پڑے گا۔

[pullquote]یمن: امریکی سینیٹ سعودی عرب کی فوجی امداد کے خاتمے کی خواہش مند[/pullquote]

امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن میں سعودی عرب کے ساتھ جاری تعاون ختم کر دیا جائے۔ ڈیموکریٹک اور ریپبلکن ارکان کی طرف سے مشترکہ طور پر حمایت کردہ ایک قرارداد کے مطابق امریکا اب ریاض حکومت کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کی فوجی حمایت ختم کر دینا چاہتا ہے۔ اس قرارداد کی چون ارکان سینیٹ نے حمایت کی، جن میں سے سات اراکین کا تعلق صدر ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی سے ہے۔ چھیالیس سینیٹرز نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ امریکی ایوان نمائندگان میں اس قرارداد کی منظوری ابھی باقی ہے۔ صدر ٹرمپ کو کانگریس کے اس فیصلے کو ویٹو کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

[pullquote]بوئنگ کی اپنے میکس آٹھ طیاروں کی پروازوں پر عالمی پابندی کی سفارش[/pullquote]

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے ایتھوپیا میں اپنے ایک طیارے کی تباہی سے متعلق نئے شواہد سامنے آنے کے بعد یہ درخواست کر دی ہے کہ دنیا بھر میں اس کے میکس آٹھ طرز کے ہوائی جہازوں کے استعمال پر فی الحال پابندی لگا دی جائے۔ ساتھ ہی بوئنگ نے کہا ہے کہ یہ سفارش محض احتیاطی طور پر کی گئی ہے اور کمپنی کی خواہش ہے کہ دنیا بھر کی فضائی کمپنیاں اس کے اس ہوائی جہاز کے محفوظ ہونے پر مکمل اعتماد کر سکیں۔ اس سے کچھ ہی دیر قبل دنیا کے بہت سے دیگر ممالک کے بعد امریکا میں فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ان طیاروں کے استعمال پر پابندی لگا دی تھی۔ گزشتہ اتوار کے روز ایتھوپین ایئر لائنز کا ایسا ہی ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں سوار تمام ایک سو ستاون افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ترکی کے ساتھ رکنیت سے متعلق مذاکرات ختم کر دیے جائیں، یورپی پارلیمان[/pullquote]

یورپی پارلیمان نے فیصلہ کیا ہے کہ ترکی کے ساتھ کئی برسوں سے جاری اور گزشتہ کافی عرصے سے تعطل کا شکار انقرہ کی یورپی یونین میں ممکنہ رکنیت سے متعلق مذاکرات کا سلسلہ ختم کر دیا جائے۔ اس سلسلے میں منظور کردہ ایک قرارداد میں صدر رجب طیب ایردوآن کے دور میں ترکی میں کئی پہلوؤں سے سیاست اور جمہوریت کے آگے کے بجائے پیچھے کی طرف سفر کا حوالہ دیا گیا۔ اس قرارداد کی تین سو ستر ارکان نے حمایت اور ایک سو نو نے مخالفت کی جبکہ ایک سو تینتالیس ارکان نے اپنی رائے محفوظ رکھی۔ یورپی کمیشن کے لیے اس قرارداد پر عمل درآمد قانوناﹰ لازمی نہیں ہے۔

[pullquote]کانگو کے نئے صدر نے سینکڑوں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیا[/pullquote]

افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو کے نئے صدر فیلکس شِیسےکیدی نے اپنے پیش رو صدر کے دور میں جیلوں میں بند کیے گئے تقریباﹰ سات سو سیاسی قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔ کل بدھ کو کیے گئے اس صدارتی فیصلے کے بعد رہا ہونے والے قیدیوں میں اپوزیشن کے فرانک دیئونگو، دیئومی اَیندونگالا اور فِرمین یانگامبی جیسے کئی سرکردہ رہنما بھی شامل ہوں گے۔ ان سیاسی قیدیوں کو سابق صدر جوزف کابیلا کے دور میں قومی سلامتی سے متعلق مختلف الزامات کے تحت جیلوں میں ڈال دیا گیا تھا۔ اپنے اس فیصلے کے ساتھ نئے ملکی صدر نے اپنا ایک بڑا انتخابی وعدہ پورا کر دیا ہے۔ کانگو نے انیس سو ساٹھ میں بیلجیم سے آزادی حاصل کی تھی اور وہاں اقتدار کی پرامن منتقلی کا یہ آج تک کا پہلا واقعہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے