بدھ : 20 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]قزاقستان کے دارالحکومت کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

قزاقستان کی پارلیمان نے ایک ایسی قرارداد منظور کر لی ہے، جس کے تحت ملکی دارالحکومت آستانہ کا نام تبدیل کرتے ہوئے نور سلطان رکھ دیا جائے گا۔ نور سلطان قزاقستان میں کئی دہائیوں تک صدر رہنے والے سیاستدان کے نام کا پہلا حصہ ہے۔ یہ پیش رفت صدر نور سلطان نذربائیف کے مستعفی ہونے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔ قزاقستان کے نئے صدر نے آج بدھ کی صبح حلف اٹھایا تھا اور اس کے فوراﹰ بعد ہی انہوں نے یہ تجویز پیش کر دی تھی۔ قزاقستان کے نئے صدر قاسم جومارت توکائیف مستعفی ہونے والے صدر کے قریبی ساتھی بھی ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کی طرف سے گوگل کو ڈیڑھ ارب یورو کا نیا جرمانہ[/pullquote]

یورپی یونین کے صحت مند کاروباری مقابلے کے نگران ادارے نے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے خلاف ایک نئے فیصلے میں اس امریکی کمپنی کو ڈیڑھ ارب یورو جرمانہ کر دیا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ گوگل کو اتنا بڑا جرمانہ کیا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یورپی یونین کے ریگولیٹرز نے گوگل کو یہ سزا آن لائن اشتہارات کے شعبے میں اس ادارے کے غلبے کی وجہ سے سنائی۔ یورپی یونین کا یہ ریگولیٹری ادارہ یونین کی اینٹی ٹرسٹ اتھارٹی بھی کہلاتا ہے اور مجموعی طور پر یہ تیسرا واقعہ ہے کہ اس ادارے کی طرف سے گوگل کو اربوں مالیت کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں سیلاب، ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد شہری متاثر[/pullquote]

افغانستان میں شدید بارشوں کے نتیجے والے آنے والے سیلاب کے باعث تقریباﹰ ایک لاکھ بائیس ہزار شہری متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے کم از کم تریسٹھ افراد ہلاک اور بتیس زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے ادارے کے مطابق ان متاثرین کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شدید بارشوں سے افغانستان کے چونتیس صوبوں میں سے چودہ بری طرح متاثر ہوئے۔ پانچ ہزار مکانات مکمل طور پر تباہ اور سات ہزار پانچ سو کے قریب جزوی طور پر منہدم ہو گئے۔ یہ شدید بارشیں گزشتہ کئی برسوں سے جاری خشک سالی کے بعد ہوئیں۔

[pullquote]قزاقستان کے صدر نذربائیف کئی دہائیوں بعد مستعفی[/pullquote]

کئی دہائیوں سے قزاقستان کے صدر چلے آ رہے نور سلطان نذربائیف نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ اٹھہتر سالہ نذربائیف سن انیس سو نوے سے اس ملک کے صدر تھے۔ ان پر انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے الزامات بھی عائد کیے جاتے ہیں۔ حالیہ چند برسوں میں انہوں نے آئینی اصلاحات متعارف کراتے ہوئے اپنے کئی اختیارات ملکی پارلیمان کو بھی منتقل کیے۔ سابق سوویت یونین کی اس ریاست کے صدر نے اپنے استعفے کا اعلان منگل کے روز کیا۔

[pullquote]پوپ فرانسس نے فرانسیسی کارڈینل کا استعفیٰ مسترد کر دیا[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے فرانسیسی کارڈینل فیلیپ بارباریں کا استعفیٰ مسترد کر دیا ہے۔ ویٹیکن سٹی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاپائے روم نے اس کارڈینل کو بے قصور قرار دیا ہے۔ فرانس کی اس اعلیٰ ترین کیتھولک کلیسائی شخصیت کو دو ہفتے قبل ایک ملکی عدالت نے ضمانت پر چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ ان پر الزامات تھے کہ انہوں نے بچوں پر جنسی حملوں کے واقعات کو چھپایا تھا۔ اس فیصلے کے بعد فیلیپ بارباریں نے اپنے کلیسائی عہدے سے استعفے کی پیشکش کر دی تھی۔

[pullquote]نیوزی لینڈ: مساجد حملے کے ہلاک شدگان کی تدفین شروع[/pullquote]

نیوزی لینڈ میں مساجد پر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تدفین کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بدھ کے روز ایک شامی مہاجر اور اس کے بیٹے کو سوگوار ماحول میں اسلامی طریقے کے مطابق دفنا دیا گیا ہے۔ چوالیس سالہ خالد مصطفیٰ اور ان کا پندرہ سالہ بیٹا حمزہ مصطفیٰ شام کی خانہ جنگی سے فرار ہو کر نیوزی لینڈ پہنچے تھے۔ گزشتہ جمعے کے روز ہونے والے اس حملے میں پچاس مسلمان عبادت گزار ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ترک صدر کے بیانات پر آسٹریلوی حکومت کا غصہ[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے نیوزی لینڈ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں بیانات پر غصے کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے آسٹریلوی وزیراعظم نے ترک سفیر کو بھی طلب کیا ہے۔ ترک صدر کا اپنی ریلی کے دوران کہنا تھا کہ یہ حملے اسلام کے خلاف کیے گئے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلوی حکومت کے ’اسلام مخالف‘ رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ساتھ ویسا ہی ہو گا، جیسا پہلی عالمی جنگ میں گیلی پولی میں ہوا تھا۔ تب عثمانی فوجیوں کے ہاتھوں تقریبا آٹھ ہزار آسٹریلوی فوجی مارے گئے تھے۔

[pullquote]اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مزید دو فلسطینی ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے مزید دو فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان فلسطینیوں نے فوجیوں پر دھماکا خیز مواد پھینکا تھا، جس کے جواب میں فورسز نے فائرنگ کی۔ یہ واقعہ بدھ کی رات مغربی کنارے میں واقع مقبرہ یوسف کے قریب پیش آیا۔ اسرائیلی فوجی وہاں یہودی عبادت گزاروں کی حفاظت کے لیے تعینات تھے۔ بیان کے مطابق اس واقعے میں کوئی اسرائیلی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

[pullquote]برطانیہ کی طرف سے یورپی یونین سے بریگزٹ تاریخ میں توسیع کی درخواست[/pullquote]

یورپی یونین سے علیحدگی کی تاریخ سے دس روز قبل برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے یورپی یونین سے بریگزٹ کی تاریخ میں توسیع کی اپیل کی ہے۔ برطانوی وزیراعظم کے ایک ترجمان کے مطابق بریگزٹ کی تاریخ میں توسیع کے لیے بدھ کے روز یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک کو ایک خط لکھا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت تین ماہ کی مہلت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ بریگزٹ کی تاریخ میں دو سال تک کی توسیع ممکن ہے۔ یورپی یونین کے مطابق بریگزٹ تاریخ میں توسیع اسی صورت میں فائدہ مند ہے اگر برطانوی پارلیمان میں بریگزٹ معاہدے کی منظوری کے امکانات میں اضافہ ہوتا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کی نئے برازیلی صدر ژائیر بولسونارو سے ملاقات[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برازیل کے نئے عوامیت پسند صدر ژائیر بولسونارو سے ملاقات کی ہے۔ منگل انیس مارچ کی شام وائٹ ہاؤس میں بولسونارو کو خوش آمدید کہتے ہوئے صدر ٹرمپ نے برازیل کی نیٹو میں ممکنہ شمولیت کا عندیہ دیا۔ ٹرمپ کے مطابق نیٹو کی رکنیت اختیار کرنے سے برازیل کو امریکی ہتھیار حاصل کرنے میں آسانی ہو گی۔ صدر بولسونارو نے برازیل کے او ای سی ڈی کا رکن بننے میں امریکی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ دائیں بازو کے عوامیت پسند رہنما بولسونارو کو ’برازیلی ٹرمپ‘ قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]اٹلی نے مہاجرین کو ریسکیو کرنے والا امدادی جہاز قبضے میں لے لیا گیا[/pullquote]

اطالوی حکومت نے مہاجرین کو بحیرہ روم میں ریسکیو کرنے والے ایک امدادی بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔ ’مارے جونیو‘ نامی اس بحری جہاز پر بحیرہ روم سے ریسکیو کیے گئے اڑتالیس تارکین وطن بھی موجود تھے۔ قبل ازیں اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے بحری جہاز کو اطالوی ساحلوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ بعد ازاں اس امدادی جہاز کو اٹلی کے لامپے ڈوسا نامی جزیرے پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم لامپے ڈوسا کے دفتر استغاثہ نے جہاز قبضے میں لے کر اس کے عملے کے خلاف تارکین وطن کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے