جمعرات : 21 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کشمیر، بھارتی فوجی نے اپنے ہی تین ساتھیوں کو گولیاں مار دیں[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک فوجی نے اپنے ہی تین ساتھیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس کے ایک بیان کے مطابق اودھم پور کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار نے سرکاری رائفل کا استعمال کرتے ہوئے ساتھیوں کو ہلاک کیا۔ اس واقعے کے بعد فوجی نے خود کو بھی گولی مار دی، جس کے بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ اسی طرح کشمیر میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک دوسرے واقعے میں بھی ایک بھارتی فوجی کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

[pullquote]چین، کیمیکل پلانٹ میں دھماکا، چھ افراد ہلاک، تیس زخمی[/pullquote]

چین میں ایک کیمیکل پلانٹ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور تیس زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ صوبہ جیانگ سو میں تیانجیائی نامی کیمیکل کمپنی میں ہوا ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور ابھی تک امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں تقریباﹰ چار سو اہلکار اور آگ بھجانے والی چھیاسی گاڑیاں شامل ہیں۔ ماضی میں بھی چین میں ناقص حفاظتی انتظامات کی وجہ سے ایسے متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان: نوروز کے موقع پر دھماکے، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں نوروز کی تقریبات کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور تئیس زخمی ہو گئے ہیں۔ نئے ایرانی سال کی یہ تقریبات شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے میں جاری ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طالبان کے ایک ترجمان نے انکار کیا ہے کہ اس حملے کے پیچھے ان کے عسکریت پسندوں کا ہاتھ ہے۔ جس مقام پر دھماکے ہوئے ہیں، اس کے قریب زیارت سخی نامی ایک مزار بھی واقع ہے۔ دیسی ساختہ چھوٹے بم تین مختلف مقامات پر نصب کیے گئے تھے۔

[pullquote]پاکستان نے چار مغوی ایرانی فوجیوں کو بازیاب کرا لیا[/pullquote]

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایرانی فوجی اہلکاروں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ قبل ازیں پاکستانی فوج نے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے چار مغوی ایرانی فوجیوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ پاکستانی فوج کے محکمہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی بدھ کے روز پاکستان افغان سرحد کے قریب چاغی کے علاقے میں کی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ بازیاب کرائے جانے والے فوجی ایران کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ ان ایرانی فوجیوں کو سرحدی علاقے سے اغوا کرنے کی ذمہ داری جیش العدل نامی عسکری گروہ نے قبول کی تھی۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز اکتوبر سے ان مغوی فوجیوں کی تلاش میں تھیں۔

[pullquote]اسرائیلی فورسز نے ایک غیر مسلح فلسطینی کو ہلاک کر دیا، فلسطینی حکام[/pullquote]

مغربی کنارے کے گورنر کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرتے ہوئے ایک غیر مسلح فلسطینی کو ہلاک کر دیا ہے۔ کامل حامد کے مطابق جمعرات کی شب اسرائیلی فوجیوں نے ایک کار کے ڈرائیور کو گولی مارتے ہوئے زخمی کر دیا تھا۔ اس کے پیچھے آنے والی کار میں موجود ایک فلسطینی شخص نے متاثرہ شخص کی مدد کرنے کی کوشش کی اور اسے بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق بیت اللحم کے قریب واقع ایک فوجی پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے ایک فوجی گاڑی پر پتھر پھینکے جانے کے بعد فائرنگ کی۔ گزشتہ روز بھی اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں دو فلسطینی مارے گئے تھے۔

[pullquote]نیوزی لینڈ: خودکار رائفلوں پر پابندی کا فیصلہ[/pullquote]

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ملک بھر میں فوری طور پر فوجی طرز کے خودکار ہتھیاروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ علاوہ ازیں بندوقوں میں ترمیم کر کے انہیں آٹومیٹک بنانے کو بھی غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے مطابق آٹومیٹک آتشیں اسلحے پر پابندی کا مقصد مستقبل میں کرائسٹ چرچ حملے جیسے واقعات سے بچاؤ ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملکی پارلیمان میں اسلحے سے متعلق نئے قوانین اپریل کے وسط میں نافذ العمل ہو جائیں گے۔ کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے نیوزی لینڈ میں اسلحے کے قوانین زیر بحث تھے۔

[pullquote]افغانستان میں صدارتی انتخابات دوبارہ ملتوی[/pullquote]

افغانستان میں صدارتی انتخابات دوسری مرتبہ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن نے اب یہ انتخابات اٹھائیس ستمبر کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں ان صدارتی انتخابات کا انعقاد بیس اپریل کو ہونا تھا لیکن انہیں جولائی کے اواخر تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ جاری کردہ بیان کے مطابق انتخابات میں تاخیر ’انتخابی عمل میں بہتری لانے اور شفافیت‘ کو برقرار رکھنے کے لیے کی جا رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق افغانستان کے جنگ زدہ حالات اور طالبان کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی وجہ سے یہ انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کی بریگزٹ تاریخ میں توسیع کے لیے نئی شرائط[/pullquote]

یورپی یونین نے بریگزٹ تاریخ میں توسیع کے لیے نئی شرائط رکھ دی ہیں۔ گزشتہ روز برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپی یونین سے بریگزٹ کی ڈیڈلائن میں تین ماہ کی توسیع کرنے کی درخواست کی تھی۔ یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لائن میں توسیع برطانوی ایوان زیریں میں بریگزٹ معاہدے کی منظوری کی صورت میں ہی کی جائے گی۔ برطانیہ کو اب تک کے پروگرام کے مطابق انتیس مارچ تک یورپی یونین سے نکل جانا تھا۔ لندن حکومت برطانوی پارلیمان سے اپنا یورپی یونین کے ساتھ طے پانے والا بریگزٹ معاہدہ دو مرتبہ رائے شماری کے باوجود اب تک منظور نہیں کرا سکی۔

[pullquote]اٹلی: اسکول بس ڈرائیور نے مبینہ طور پر پچاس بچوں کو یرغمال بنا لیا[/pullquote]

اٹلی میں اسکول کی ایک بس کے ڈرائیور نے اکاون بچوں اور ان کے اساتذہ کو مبینہ طور پر یرغمال بنا لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ اٹلی کے شمالی شہر سان ڈوناٹو میلانسے میں پیش آیا۔ مقامی پولیس کے مطابق اس ڈرائیور کا مطالبہ تھا کہ روم حکومت تارکین وطن کو اٹلی آنے سے روکے۔ قریب ایک گھنٹہ تک بچوں کو بس میں باندھ کر یرغمال بنائے رکھنے کے بعد ڈرائیور نے بس کو نذر آتش کر دیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں تمام بچے اور اساتذہ محفوظ رہے۔ پولیس نے مشتبہ اغوا کار شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

[pullquote]نکاراگوا 700 سیاسی قیدیوں کو رہا کرے گا[/pullquote]

وسطی امریکی ملک نکاراگوا کی حکومت نے نوے دن کے اندر اندر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد حکومت اور اپوزیشن کے مابین پرامن مکالمت کی راہ ہموار کرنا بتایا گیا ہے تاکہ ملک میں جاری سیاسی بحران کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اندازوں کے مطابق اس ملک میں سات سو افراد کو سیاسی بنیادوں پر جیل میں رکھا گیا ہے۔ صدر ڈانئیل اورٹیگا نے اس وقت گرفتاریوں کا حکم جاری کیا تھا، جب ان کے طرز حکمرانی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

[pullquote]جرمن قومی فٹ بال ٹیم اس سال کا پہلا میچ بھی نہ جیت پائی[/pullquote]

گزشتہ برس کے ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے لیے سن 2019 کا آغاز بھی بہتر دکھائی نہیں دے رہا۔ ورلڈ کپ کوالی فائنگ راؤنڈ کے لیے سربیا کے خلاف کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ جرمن شہر وولف برگ میں بدھ کی شام کھیلے گئے میچ میں سربیا کی ٹیم نے بارہویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کر لی تھی۔ جرمن کھلاڑی لیون گوریٹزکا نے کھیل کے انہترویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔ ورلڈ کپ کوالی فائنگ راؤنڈ کے لیے جرمن ٹیم اپنا اگلا میچ اتوار کے روز ہالینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے