ہفتہ : 23 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مودی کا پاکستان کو خیرسگالی کا پیغام[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نیرندر مودی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب کو خیرسگالی کا پیغام پہنچایا تھا۔

[pullquote]بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات چھپانے کے الزام پر چلی کے کارڈنیل مستعفی[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانس نے چلی کے کارڈینل کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ سینتیاگو کے آرچ بشپ کارڈینل ریکارڈو ایزاتی ( Ricardo Ezzati) کو کلیسا میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات چھپانے کے الزامات کا سامنا ہے۔ ہفتے کے روز ویٹیکن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پوپ فرانسِس نے سینتیاگو شہر کی کلیسیائی ذمہ داریاں چلی کے شمالی شہر کاپیاپا (Copiapó) کے بشپ سیلیستینو اوس براکو (Celestino Aós Braco)کے حوالے کی ہیں اور وہ ایزاتی کی جگہ نئے آرچ بشپ کی تعیناتی تک یہ ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ کارڈینل ریکارڈو ایزاتی اپنے اوپر عائد کردہ الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

[pullquote]ماسکو میں ہزاروں افراد حکومت کی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج[/pullquote]

روسی دارالحکومت ماسکو میں ہفتے کے روز ہزاروں افراد نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ مظاہرین روسی کمیونسٹ پارٹی کے حامی تھے اور ان میں سے بعض نے صدر ولادمیر پوٹن پر بھی شدید تنقید کی۔ اس احتجاج میں مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بدعنوانی کے ذمہ دار پوٹن ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی نے ملک میں سخت ترین قوانین اور گرتے معیار زندگی کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی۔ ماسکو میں اس مظاہرے کی قیادت 74 سالہ سابق کمیونسٹ لیڈر گیناڈی زیوگانوف کر رہے تھے۔

[pullquote]افغانستان میں دو بم دھماکے، چار افراد ہلاک[/pullquote]

ایک افغان اسٹیڈیم میں ہفتے کے روز ہونے والے دو بم دھماکوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکے افغان صوبے ہلمند کے شہر لشکرگاہ میں اس وقت ہوئے، جب وہاں ایک مقامی اسٹیڈیم میں نوروز کا جشن منایا جا رہا تھا۔ اس واقعے میں دیگر 31 افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔ ہلمند صوبے کے گورنر محمد یاسین خان بھی اس حملے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق یہ بم اسٹیڈیم میں نصب تھے۔ فی الحال کسی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]امریکی دباؤ کے باوجود ایران اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عسکری قوت کو اس سطح پر ہونا چاہیے کہ دشمن اسے خوف زدہ نہ کر سکے۔ واضح رہے کہ ایرانی میزائل پروگرام کے حوالے سے تہران حکومت عالمی دباؤ کا شکار ہے، جب کہ گزشتہ برس مئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے سے نکلتے ہوئے ایران کے خلاف سخت ترین پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ امریکی پابندیوں کو مقصد ایرانی کو جوہری سرگرمیوں سے باز رکھنے کے علاوہ اس کے میزائل پروگرام کو سست تر بنانا بھی ہے۔

[pullquote]حدیدہ کی بندرگاہ کے حوالے سے بات چیت میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، عالمی مندوب[/pullquote]

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ یمنی بندرگاہ الحدیدہ سے متحارب فورسز کے اخراج کے حوالے سے جاری بات چیت میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک منصوبہ جلد ہی فریقین کو پیش کیا جائے گا۔ عالمی مندوب نے کہا کہ حدیدہ سے متعلق طے شدہ معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے فریقین کے ساتھ بات چیت نہایت تعمیری رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے یمن میں پائیدار قیام امن کی راہ ہم وار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں اور یمنی صدر منصور ہادی کی فورسز کے درمیان اسٹاک ہوم میں معاہدہ طے پایا تھا، جس میں حدیدہ میں فائربندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

[pullquote]یورپی یونین ہتھیاروں سے متعلق مشترکہ لائحہ عمل اپنائے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورپی یونین ہتھیاروں اور دیگر کثیرالفریقی صنعتی منصوبوں میں اپنے باہمی تعاون کو وسعت دے۔ انہوں نے یہ بات یورپی سربراہی کانفرنس سے قبل جرمن پارلیمان سے خطاب میں کہی۔ چانسلر میرکل کا یہ بیان جرمنی کے ہتھیاروں کی برآمد سے متعلق ضوابط پر برطانیہ اور فرانس کی تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر بحث ہونا چاہیے کہ آیا جرمنی کو اس سلسلے میں سمجھوتا کرنا چاہیے۔ یہ بات اہم ہے کہ برطانیہ اور فرانس نے جرمنی کی جانب سے سعودی عرب کے لیے ہتھیاروں کی برآمد پر پابندی پر اعتراض کیا تھا۔

[pullquote]شامی کردوں نے داعش کے خلاف فتح کا اعلان کر دیا[/pullquote]

امریکی حمایت یافتہ شامی جنگجوؤں نے دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ کے آخری ٹھکانے پر قبضے کا اعلان کیا ہے۔ ہفتے کے روز کرد حکام نے فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے سے جہادیوں کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ مشرقی شام میں باغوز کا علاقہ اس خودساختہ خلافت کا آخری گڑھ تھا اور گزشتہ کئی ماہ سے امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز اس کے خلاف کارروائی میں مصروف تھیں۔ رواں ماہ کردوں کی سربراہی میں شامی جنگجوؤں نے اس علاقے کے خلاف عسکری کارروائی میں تیزی لاتے ہوئے اسے ’آخری معرکہ‘ قرار دیا تھا۔

[pullquote]موصل میں کشتی کی غرقابی، عراقی وزیراعظم کی مقامی گورنر کو برخاست کرنے کی تجویز[/pullquote]

عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے پارلیمان سے درخواست کی ہے کہ وہ نینیوا صوبے کے گورنر نوافل حمادی السطان کو برطرف کر دیں۔ مقامی گورنر کی برطرفی کی یہ درخواست ایک دریا میں کشتی کی غرقابی کے ایک واقعے کے تناظر میں کی گئی ہے، جس میں 90 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ٫اسلامک اسٹیٹ‘ سے آزادی کے بعد دریائے دجلہ میں اس انداز کا یہ سب سے بھیانک واقعہ تھا۔ عراقی وزیراعظم کے مطابق اس طرز کے واقعات کے سدباب کی بجائے عوامی سرمایے کا غلط استعمال اور گورنر کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں سے غفلت کی بنا پر انہیں عہدے سے الگ کر دیا جانا چاہیے۔

[pullquote]موزمبیق، سمندری طوفان کے بعد امدادی سرگرمیوں میں مشکلات[/pullquote]

موزمبیق میں حالیہ سمندری طوفان کے بعد ہزاروں افراد امداد کے منتظر ہیں، تاہم متاثرین کی تعداد اس قدر زیادہ ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کو براعظم افریقہ کے جنوبی حصے میں آنے والا یہ ایک شدید نوعیت کا سمندری طوفان تھا، جس کے ساتھ دو سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں نے موزمبیق کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچائی۔ اطلاعات ہیں کہ کئی مقامات پر سینکڑوں افراد ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں اور ان تک امداد پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس سمندری طوفان کے بعد عالمی ادارہ برائے خوراک نے علاقے کو ہنگامی حالت کے شکار ممالک کی فہرست میں داخل کر دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے