منگل : 02 اپریل کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]تجارتی کشیدگی عالمی ترقی کو خطرے میں ڈال رہی ہے، یورپی یونین[/pullquote]

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ تجارت میں کشیدگی عالمی ترقی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ یورپی یونین کی تیار کردہ ایک دستاویز کے مطابق یونین جی ٹوئنٹی ممالک کو اس حوالے سے خبردار کرے گی۔ یورپی یونین آئندہ جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خزانہ کی سمٹ کے دوران ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں تیزی سے اصلاحات لانے کا مطالبہ بھی پیش کرے گی۔ یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اس دستاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے چھ اپریل بروز ہفتہ ملاقات کر رہے ہیں۔

[pullquote]بریگزٹ: برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں کمی[/pullquote]

امریکی ڈالر اور یورو کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں صفر عشاریہ تین فیصد کمی نوٹ کی گئی ہے۔ برطانوی کرنسی کی قدر میں کمی ایک مرتبہ پھر ملکی پارلیمان میں بریگزٹ کے کسی بھی ممکنہ طریقہ کار پر اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ دوسری جانب جرمنی اور یونین کے دیگر ارکان کے کاروباری ادارے بھی ’نو ڈیل بریگزٹ‘ کے بڑھتے ہوئے امکانات کے باعث تشویش میں مبتلا ہیں۔ یورپ کی سب سے مضبوط معیشت جرمنی کو بھی کسی باقاعدہ ڈیل کے بغیر برطانیہ کے یونین سے اخراج کے صورت میں شدید معاشی نقصان پہنچنے کے خدشات ہیں۔

[pullquote]امریکی پابندیوں کے سبب امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں، ظریف[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ گزشتہ برس سے تہران پر عائد امریکی پابندیوں کے باعث ایران کی قدرتی آفات کے بعد امدادی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے ایران آنے والے سیلاب کے باعث اب تک پچاس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جواد ظریف نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی ’ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی‘ کے باعث تہران حکومت ریسکیو ہیلی کاپٹر اور ریسکیو کے لیے درکار اہم آلات کے حصول میں کامیاب نہیں ہو پائی۔ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے امریکی پابندیوں کو ’معاشی دہشت گردی‘ قرار دیا۔

[pullquote]کليسا عورتوں کے جنسی استحصال جيسے مسائل کو تسليم کرے، پوپ[/pullquote]

پوپ فرانسس نے بيان ديا ہے کہ کيتھولک کليسا کو عرصہ دراز سے چلی آ رہی مردوں کی بالا دستی اور عورتوں اور بچوں کے جنسی استحصال جيسے مسائل کو تسليم کرتے ہوئے اپنی ساکھ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ پاپائے روم نے خبردار کيا ہے کہ بصورت ديگر کيتھولک کليسا ايک عجائب گھر کی سی حيثيت اختيار کر لے گا۔ پوپ نے يہ بيان منگل کو ويٹيکن ميں ديا، جس کے ليے انہوں نے پچھلے سال اکتوبر ميں منعقدہ کليسا کی ايک سمٹ ميں جمع کردہ معلومات کا سہارا ليا۔ حالیہ برسوں کے دوران کيتھولک کليسا کو متعدد اسکينڈلز کا سامنا رہا ہے۔

[pullquote]خوراک کی عدم دستيابی لاکھوں افراد کو متاثر کرے گی، رپورٹ[/pullquote]

خوراک کی عدم دستيابی سے رواں سال لاکھوں انسان متاثر ہوں گے۔ يہ انکشاف ’فوڈ سکيورٹی انفارميشن نيٹ ورک‘ کی منگل کو جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ ميں کيا گيا ہے۔ رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ سن 2018 ميں قدرتی ‌آفات، جنگ و جدل اور اقتصادی مسائل کے سبب 113 ملين افراد ايسی صورتحال سے دوچار ہيں کہ انہيں فوری طور پر مدد درکار ہے۔ يمن ميں سولہ ملين افراد کو خوارک کی اشد ضرورت ہے جبکہ کانگو ميں ايسے افراد کی تعداد تيرہ ملين اور افغانستان ميں لگ بھگ ساڑھے دس ملين ہے۔

[pullquote]جرمنی دنيا کے محفوظ ترين ملکوں ميں سے ايک ہے، وزير داخلہ[/pullquote]

جرمنی ميں پچھلے سال مجموعی طور پر 5.56 ملين جرائم رپورٹ کيے گئے۔ يہ گزشتہ کئی دہائيوں ميں جرائم کی سب سے کم شرح ہے۔ جرائم کی تعداد سن 2017 کے مقابلے ميں پچھلے سال 3.6 فيصد کم رہی۔ ان اعداد و شمار کا اعلان وزير داخلہ ہورسٹ زيہوفر نے منگل کو کيا۔ ان کے بقول جرمنی دنيا کے محفوظ ترين ملکوں ميں سے ايک ہے، جہاں مجموعی آبادی کے ايک فيصد سے بھی کم افراد کسی سنجيدہ واردات کا شکار بنے۔

[pullquote]اسلاموفوبيا، سامی مخالف جذبات، نسل پرستی اور نفرت بڑھ رہی ہے، گوٹيرش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انتونيو گوٹيرش نے مسلمانوں کے خلاف عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی نفرت سے خبردار کيا ہے۔ انہوں نے يہ بات مصر ميں جامعہ الازہر کے مفتی اعظم احمد الطيب سے ملاقات کے بعد اپنی تقرير ميں آج منگل کو کہی۔ گوٹيرش کے بقول اس وقت دنيا بھر ميں اسلاموفوبيا، سامی مخالف جذبات، نسل پرستی اور نفرت بڑھ رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل مصر کے دو روزہ دورے پر ہيں۔ وہ مصری صدر عبدالفتاح السيسی سے بھی آج ملاقات کریں گے۔

[pullquote]بے روزگاری ملک کو درپيش سب سے گھمبير مسئلہ، کانگريس[/pullquote]

بھارتی اپوزيشن جماعت کانگريس نے اسی ماہ ہونے والے انتخابات سے قبل عوام کو ملازمتوں کی فراہمی اور کسانوں کی مدد کا نعرہ لگايا ہے۔ منگل کو سياسی منشور کے اجراء کے موقع پر کانگريس نے واضح کيا کہ بے روزگاری اس وقت ملک کو درپيش سب سے گھمبير مسئلہ ہے اور ان کی حکومت کی اولين ترجيح ملازمت کے مواقع پيدا کرنا ہو گی۔ کانگريس نے کسانوں کے ليے مدد اور خواتین کے حقوق کے ليے جدوجہد کو بھی اپنے سياسی اہداف ميں شامل کيا ہے۔ يہ بھی کہا گيا ہے کہ ديہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو سالانہ کم از کم ڈيڑھ سو دن ملازمت کی ضمانت دی جائے گی۔

[pullquote]اقتصادی نمو کی شرح ميں کمی متوقع، ڈبليو ٹی او[/pullquote]

ورلڈ ٹريڈ آرگنائزيشن نے پچھلے سال ستمبر ميں رواں سال کے ليے عالمی اقتصادی ترقی کی شرح 3.7 فيصد بتائی تھی تاہم تازہ اندازوں کے مطابق اب يہ شرح کم ہو کر 2.6 فيصد رہے گی۔ گزشتہ برس يہ شرح تين فيصد تھی جبکہ آئندہ برس کے ليے بھی عالمی اقتصاديات ميں تين فيصد تک ترقی کا اندازہ لگايا گيا ہے۔ عالمی ادارہ تجارت نے خبردار کيا ہے کہ امريکا درآمد کی جانے والی گاڑيوں پر اضافی محصولات، چين اور امريکا کے مابين تجارتی جنگ اور برطانيہ کے يورپی يونين سے کسی ڈيل کے بغير اخراج جيسے معاملات اقتصادی نمو کو مزيد متاثر کريں گے۔

[pullquote]ملک کا شمال مغربی ضلع بازياب کرا ليا، افغان وزارت داخلہ[/pullquote]

افغان سکيورٹی دستوں نے ملک کے شمال مغربی حصے کے ايک ضلعے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لينے کا دعوی کيا ہے۔ طالبان نے بارہ سکيورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرتے ہوئے ارگنج خاہ نامی ضلعے پر گزشتہ ہفتے کے روز قبضہ کر ليا تھا۔ تاہم آج بروز منگل وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحيمی نے اس ضلعے ميں طالبان کی شکست کا اعلان کيا۔ رحيمی کے بقول آپريشن ميں طالبان کے چودہ جنگجو مارے گئے۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان جنگجو افغان فوجيوں کا تمام تر ساز و سامان لے کر خود وہاں سے چلے گئے تھے۔

[pullquote]ڈيل کے بغير بريگزٹ کے قوی امکانات، ميشل بارنيئر[/pullquote]

يورپی يونين کے چيف مذاکرات کار ميشل بارنيئر نے کہا ہے کہ اس بات کے امکانات دن بدن بڑھتے جا رہے ہيں کہ برطانيہ کسی ڈيل کے بغير ہی یورپی بلاک سے نکل جائے۔ انہوں نے يہ بيان منگل کو ديا۔ بارنيئر نے کہا کہ ابھی بھی کوشش ہےکہ ايسا نہ ہو ليکن معاہدے کے بغير انخلاء کی صورت ميں بھی يورپی یونین معاملات سنبھال لے گی۔ يہ امر اہم ہے کہ برطانيہ کا يورپی يونين سے انخلاء بارہ اپريل کو ہونا ہے اور کوئی ڈيل نہ ہونے کی صورت ميں فوری طور پر تجارت اور آمد و رفت جيسے معاملات متاثر ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے