جمعہ : 05 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی انتخابات کے نتائج فلسطینیوں پر اثر انداز نہیں ہوں گے، حماس رہنما[/pullquote]

فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انتخابات کے نتائج کا فلسطین کے حوالے سے اسرائیلی پالیسی پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔ اسماعیل ہانیہ نے بروز جمعہ کہا کہ نو اپریل کو منعقد ہونے والے عام انتخابات ملک کا اندرونی ’صیہونی معاملہ‘ ہے۔ ہانیہ کے بقول وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کا مقابلہ سابق فوجی چیف کی جماعت سے ہے اور فلسطین کے حوالے سے ان دونوں اسرائیلی سیاسی جماعتوں کے مؤقف میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ واضح رہے گزشتہ برس مارچ 2018 سے حماس کی جانب سے غزہ میں ہر ہفتے احتجاجی مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ ان مظاہروں میں گزشتہ بارہ برس سے غزہ پٹی کی ناکہ بندی کے خلاف احتجاج کیا جاتا ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں امریکی فوجی کارروائیوں میں دو شہری ہلاک[/pullquote]

صومالیہ میں شدت پسند گروہ الشباب کے خلاف امریکی فضائی کارروائی میں دو شہری بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق افریقہ میں امریکی فوجی کمانڈ ’افریقوم‘ نے جمعے کے روز ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ کے جواب میں کی ہے۔ قبل ازیں اس انسانی حقوق کی تنظیم نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فوج کی الشباب کے خلاف کارروائیوں میں چودہ شہریوں کی ہلاکت ہوئی تھی جبکہ آٹھ شہری زخمی ہو گئے تھے۔ امریکی حکام نے بتایا ہے کہ یکم اپریل 2018 کی فضائی کارروائی میں جنگجوؤں کے ساتھ ساتھ شہری بھی ہلاک ہوئے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں الشباب کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ افریقوم کے مطابق صومالیہ میں سن 2018 میں سینتالیس فوجی کارروائیاں کی گئیں۔

[pullquote]روسی دفاعی میزائل نظام کی خریداری سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مطابق وہ روسی دفاعی میزائل نظام کی خریداری کا فیصلہ تبدیل نہیں کریں گے۔ امریکا کی جانب سے متعدد مرتبہ خبردار کیے جانے کے باوجود صدر ایردوآن نے کہا ہے کہ روسی ایس 400 ڈیفنس میزائل نظام کی ترسیل رواں برس جولائی تک شروع ہو جائے گی۔ دوسری جانب امریکی نائب صدر مائیک پینس نے بدھ کے روز کہا تھا کہ ترکی اس ڈیل کی وجہ سے اپنی نیٹو کی رکنیت کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ اس کے جواب میں صدر ایردوآن نے بتایا کہ وہ امریکی ساختہ پیٹریاٹ سسٹم بھی خریدنا چاہتے تھے تاہم روس کی پیشکش امریکا سے بہتر تھی۔ روس اور ترکی کے مابین اس معاہدے کے بعد سے امریکا سمیت نیٹو کے دیگر رکن ممالک بھی اپنے اپنے تحفظات و خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

[pullquote]بریگزٹ کی ڈیڈ لائن تیس جون کر دیں، برطانوی وزیراعظم کی نئی درخواست[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپی یونین سے اب یہ درخواست کر دی ہے کہ بریگزٹ کی تاریخ مزید بڑھا کر تیس جون کر دی جائے۔ یورپی یونین نے تاہم لندن حکومت پر واضح کر رکھا ہے کہ برطانیہ کوئی متبادل پلان پیش کرے، ورنہ وہ بارہ اپریل کو یونین سے باہر ہو جائے گا۔ قبل ازیں یورپی یونین کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے آج جمعہ ہی کو تجویز دی تھی کہ بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں ایک سال کی لچکدار توسیع کر دی جائے۔ ادھر جرمن حکومت نے ٹریزا مے کی تیس جون تک تاخیر سے متعلق درخواست پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اس طرح برطانیہ مئی میں ہونے والے یورپی پارلیمان کے انتخابات میں حصہ بھی لے سکے گا۔

[pullquote]اٹلی کو ممکنہ کسادبازاری کا سامنا ہے، یورپی یونین کو فکر لاحق[/pullquote]

یورپی یونین کے اقتصادی کمشنر پیئر ماسکوویسی نے اٹلی کی اقتصادی صورت حال کو نازک قرار دیا ہے۔ ماسکوویسی کی تشویش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک طرف اٹلی میں کسادبازاری کے پیدا ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں تو دوسری جانب جرمن اقتصاد کو سست روی کا سامنا ہے۔ یورپی کمشنر نے اپنی تشویش رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں یورپی یونین کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اطالوی معاشی صورت حال کے مستقبل کے بارے میں خصوصی رپورٹ سات مئی کو جاری کرنے کا بھی بتایا۔ دوسری جانب اسی اجلاس میں شریک فرانسیسی وزیر خزانہ نے بھی اطالوی معیشت میں کساد بازاری کے پیدا ہونے کے واضح اشارے دیے ہیں۔

[pullquote]جرمن چانسلر یوکرائنی صدر سے ملاقات کریں گی[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل بارہ اپریل کو یوکرائن کے صدر پیٹرو پوروشینکو کے ساتھ ملاقات کریں گی۔ میرکل کے ترجمان نے اس خدشے کو مسترد کیا ہے کہ یہ ملاقات یوکرائنی انتخابات میں مداخلت قرار دی جا سکتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یوکرائنی عوام اپنا جمہوری فیصلہ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں دینے والے ہیں۔ ترجمان کے مطابق میرکل اور پوروشینکو اس ملاقات میں بعض اہم معاملات کو زیر بحث لانا چاہتے ہیں۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پوروشینکو صدارتی الیکشن کا پہلا مرحلہ وولودیمیر زیلنسکی سے ہار چکے ہیں۔ اکیس اپریل کو دوسرے مرحلے کی فیصلہ کن پولنگ میں پوروشینکو اور زیلنسکی مدِمقابل ہوں گے۔

[pullquote]یونانی وزیر کی تارکین وطن کو واپس کیمپوں میں جانے کی ہدایت[/pullquote]

یونان نے شمالی سرحد پر جمع تمام تارکین وطن کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہ علاقہ خالی کرتے ہوئے اپنے اپنے کیمپوں کی جانب روانہ ہو جائیں۔ شمالی یونانی سرحد کے دوسری جانب شمالی مقدونیہ میں تارکین وطن نے اپنے خیمے کھڑے کر دیے ہیں۔ ان خیموں میں موجود تارکین وطن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ان خیموں کی تعداد ایک سو کے قریب بتائی گئی ہے۔ یونان کے امیگریشن کے وزیر نے تارکین وطن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے کیمپوں کو لوٹ جائیں ورنہ انہیں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یونانی پولیس نے سرحد پر داخلے کے مقام کو بسیں کھڑی کر کے بند کر دیا ہے۔

[pullquote]مغربی افغانستان میں شدید بارشیں اور سیلاب، نصف درجن سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

افغان حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے مغربی حصے میں شدید بارشوں کے بعد زوردار سیلابوں سے صورت حال مزید خراب ہو گئی ہے۔ قدرتی آفتوں کے وفاقی ادارے کے ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ اچانک آنے والے سیلاب کی لپیٹ میں دو کاروں میں سوار کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیلابوں سے مغربی ہرات شدید متاثر ہوا ہے۔ زوردھار بارشوں اور سیلابی ریلوں سے رابطے کے کئی راستے جہاں منقطع ہوئے ہیں وہاں کئی مکانات بھی پانی میں بہہ گئے۔ رواں برس اب تک افغانستان میں بارشوں اور سیلابوں سے ہونے والی ہلاکتیں تریسٹھ تک پہنچ گئی ہیں۔

[pullquote]اسانج کو ایکواڈور کے سفارت خانے سے جلد نکال دیا جائے گا، وکی لیکس[/pullquote]

وکی لیکس ویب سائٹ نے کہا ہے کہ لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لیے ہوئے جولیان اسانج کو جلد باہر نکال دیا جائے گا۔ اس ویب سائٹ نے سفارت خانے کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسانج کو اگلے چند گھنٹوں میں عمارت سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔ ایکوا ڈور کے صدر مورینو نے بھی حال ہی میں وکی لیکس کے بانی کے سفارت خانے میں پناہ کے خلاف بیان دیا تھا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایکوڈور لندن حکومت سے اسانج کو باہر نکالنے پر بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ لندن حکومت اسانج کو ایمبیسی سے باہر نکلنے پر گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

[pullquote]دنیا کا پہلا فائیو جی فون عام کر دیا گیا[/pullquote]

دنیا کی سمارٹ فون بنانے والی بڑی جنوبی کوریائی کمپنی سام سنگ نے فائیو جی ٹیکنالوجی کے ساتھ مطابقت رکھنے والا سمارٹ فون مارکیٹ میں پیش کر دیا ہے۔ گلیکسی ایس ٹین فائیو جی ٹیلیفون جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں مارکیٹ کرنے کے سلسلے میں اس ملک کی تینوں بڑی موبائل نیٹ ورک کمپنیوں نے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس کی ابتدائی قیمت بارہ سو امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔ خیال رہے جنوبی کوریا فائیو جی نیٹ ورک استعمال کرنے والا دنیا کا اّولین ملک بن چکا ہے۔ یہ نیٹ ورک حالیہ فور جی سے بیس گنا تیز رفتار ہے اور صارفین اپنی من پسند ویڈیو محض ایک سیکنڈ سے بھی کم عرصے میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

[pullquote]کرائسٹ چرچ حملے کے ملزم کے دماغی معائنے کا عدالتی حکم[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر پندرہ مارچ کو فائرنگ کرنے والے مبینہ ملزم کے خلاف مقدمے کی دوسری سماعت جمعہ پانچ اپریل کو ہوئی۔ عدالت میں ملزم پر پچاس افراد کے قتل اور انتالیس افراد کو ہلاک کرنے کی فرد جرم عائد کرنے کی جج نے تصدیق کر دی ہے۔ عدالتی جج کیمرون مینڈر نے ملزم کی دماغی حالت کا جائزہ لینے کا حکم جاری کیا ہے۔ مساجد پر فائرنگ کر کے پچاس افراد کو ہلاک کرنے والا ملزم برینٹن ٹیرینٹ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی سماعت میں شامل کیا گیا۔ آسٹریلوی شہری ٹیرنٹ کو اس وقت انتہائی سخت سکیورٹی کی آک لینڈ جیل میں رکھا گیا ہے۔

[pullquote]عالمی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر کا امریکی ویزا منسوخ[/pullquote]

امریکا نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر فاتو بن سُودہ کا ویزا منسوخ کر دیا ہے۔ ویزا منسوخ کرنے کی تصدیق بن سودہ کے دفتر نے بھی کر دی ہے۔ ویزے کی منسوخی کو افغانستان میں امریکی فوج کے مبینہ جنگی جرائم کی ممکنہ انکوائری کا ردعمل خیال کیا گیا ہے۔ اس تناظر میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اگر انٹرنیشنل کریمینل کورٹ نے امریکی فوج یا اُس کے اتحادیوں کے خلاف تفتیشی عمل شروع کیا تو اس میں شریک عدالتی اہلکاروں کا امریکا میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے اس امریکی فیصلے کو عالمی عدالت کے امور میں مداخلت قرار دیا ہے۔

[pullquote]حفتر کی حامی فوج لیبیائی دارالحکومت کے نواح میں پہنچ گئیں[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک لیبیا میں اہم جنگی کمانڈر خلیفہ حفتر کے طرابلس پر چڑھائی کے اعلان کے بعد اُن کی لیبین نیشنل آرمی نے طرابلس کی جانب بڑھنا شروع کر دیا ہے۔ مشرقی لیبیائی علاقے میں حفتر کی فوج کے ایک جنرل عبدالسلام الحاسی نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ اُن کے دستے طرابلس کے نواح میں پہنچ چکے ہیں۔ اے ایف پی کے مقامی نمائندے کے مطابق حفتر کی فوج طرابلس کے بیرونی سکیورٹی بیریر سے محض تیس کلومیٹر کی دوری پر ہے۔ دوسری جانب طرابلس شہر کی حفاظت پر مامور مختلف ملیشیا کے اتحاد نے کہا ہے کہ حفتر کی فوج کی پیشقدمی کو روکنے کے لیے جوابی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]روس کے ساتھ ایس 400 میزائل کی ڈیل منسوخ نہیں کی جا سکتی، ترکی[/pullquote]

ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاؤش اولُو نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ ایس 400 ڈیفنس میزائل نظام کی ڈیل ایک طے شدہ امر ہے اور اِسے منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔ ترک وزیر خارجہ کا بیان مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے واشنگٹن منعقدہ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شدید امریکی تشویش کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔ امریکا نے واضح کیا ہے کہ اگر انقرہ حکومت اس ڈیل پر عمل کرتی ہے تو اُسے امریکی پابندیوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ایس 400 میزائل ڈیل کے بعد سے نیٹو کے رکن ممالک امریکا اور ترکی اپنے اپنے تحفظات و خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

[pullquote]افغان صوبے بادغیس میں طالبان اور فوج کے درمیان لڑائی جاری، 36 فوجی ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے بادغیس کے ضلع بالا مرغاب میں ایک فوجی اڈے پر قبضے کے لیے طالبان عسکریت پسندوں اور ملکی فوج کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ دو روز سے جاری اس لڑائی کی ضلعی گورنر عبدالوارث شیرزاد نے تصدیق کر دی ہے۔ اس انتظامی اہلکار نے بتایا ہے کہ اس لڑائی میں کم از کم چھتیس افغان فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور عسکریت پسندوں نے کئی چیک پوسٹوں پر قبضہ بھی کر لیا ہے۔ تقریباً دو ہزار طالبان جنگجوؤں نے بالا مرغاب کے فوجی اڈے پر بدھ تین اپریل کی رات کو دھاوا بولا تھا اور تب سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عبدالوارث شیرزاد کے مطابق لڑائی میں تیس سے زائد عسکریت پسند کی ہلاکت بھی ہو چکی ہے۔ طالبان نے بھی اس حملے کی تصدیق کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے