[pullquote]سعودی عرب جوہری ری ایکٹر کے تحفظ کو یقینی بنائے، اٹامک انرجی ایجنسی[/pullquote]
اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگران ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ یُوکی یا امانو کے مطابق سعودی عرب سے کہا گیا ہے کہ وہ جوہری مواد کے تحفظ کے ضوابط سے اتفاق کرے۔ سعوی عرب کو اولین اٹامک ری ایکٹر رواں برس کے اختتام پر فراہم کر دیا جائے گا۔ امانو کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب کا جوہری پروگرام کوئی خفیہ معاملہ نہیں کیونکہ اُن کے ادارے کو سن 2014 میں مطلع کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ اٹامک انرجی ایجنسی کے جوہری مواد کے تحفظ کے جامع سمجھوتے پر عمل درآمد کو یقنی بنائے۔ سعودی عرب اگلی دو دہائیوں کے دوران اسی بلین امریکی ڈالر سے سولہ جوہری ری ایکٹر لگانا چاہتا ہے۔
[pullquote]افغانستان میں تشدد کے واقعات، دس افراد ہلاک[/pullquote]
افغانستان کے مختلف علاقوں میں کیے گئے حملوں میں سات پولیس اہلکاروں کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ طالبان عسکریت پسندوں نے مشرقی صوبے غزنی میں ایک حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک کیے۔ شمالی صوبے سرِپُل میں طالبان جنگجوؤں کے ایک چیک پوسٹ پر کیے گئے اچانک حملے میں چار پولیس اہلکاروں کی موت ہوئی۔ ایک اور مشرقی صوبے ننگر ہار کی حکومت کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے بتایا ہے کہ جلال آباد میں ہونے والے دو دھماکوں کی زد میں آ کر کم از کم تین افغان شہری ہلاک اور انیس زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں دو بچے اور آٹھ سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
[pullquote]یورپی پارلیمنٹ کا الیکشن، انتہائی دائیں بازو کی انتخابی مہم شروع[/pullquote]
چھبیس مئی کو ہونے والے یورپی پارلیمنٹ کے الیکشن کے لیے کئی یورپی ممالک کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس انتخابی مہم کے لیے انہوں نے ’یونائٹ دی رائٹ‘ کا سلوگن منتخب کیا ہے۔ ان دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کو امیگریشن مخالف اور یورپی حب الوطنی کا پرچار کرنے والے عناصر کی بھی پُر زور حمایت حاصل ہے۔ اس انتخابی مہم کے مرکزی رہنماؤں میں فرانس کی سیاسی جماعت نیشنل ریلی کی خاتون رہنما مارین لے پین اور اطالوی سیاسی پارٹی اٹالین لیگ کے ماتیو سالوینی شامل ہیں۔ ان سیاسی پارٹیوں کی ایک بڑی میٹنگ پیر آٹھ اپریل کو اٹلی کے شہر میلان میں رکھی گئی ہے۔
[pullquote]سرحد پر جمع مہاجرین کو منتشر کرنے کے لیے یونانی پولیس کا آنسو گیس کا استعمال[/pullquote]
یونانی پولیس نے شمالی مقدونیہ کے ساتھ جڑی ملکی سرحد پر جمع تارکین وطن کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا ہے۔ سینکڑوں مہاجرین شمالی مقدونیہ کے سرحدی گاؤں دیاواتا میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ایک غلط خبر کے بعد جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اس غلط خبر کے مطابق یہ تارکین وطن اپریل کے وسط میں سرحد عبور کر کے یونان داخل ہو سکتے ہیں۔ یونانی حکومت نے اس خبر کو من گھڑت، افواہ اور لغو قرار دیا ہے۔ اُدھر ترکی سے دیاواتا گاؤں کی جانب بڑھنے والے بارہ سو مہاجرین کو ترک پولیس نے روک کر مقید کر لیا ہے۔
[pullquote]تھائی لینڈ میں نئے بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریبات کا آغاز[/pullquote]
تھائی لینڈ میں نئے بادشاہ ماہا واچیرا لونگون کی تاج پوشی کی تقریبات کا آغاز ایک ماہ قبل ہو گیا ہے۔ یہ سہ روزہ تقریبات چار سے چھ مئی تک جاری رہیں گی۔ نئے بادشاہ اپنے والد کی سن 2016 میں رحلت کے بعد تخت نشین ہوئے ہیں۔ ان کے والد کو سن 2017 میں نذرِ آتش کیا گیا تھا اور تھائی رواج کے مطابق دو سالہ ماتمی سوگ کے بعد ہی نیا بادشاہ تاج پوشی کی تقریب منعقد کر سکتا ہے۔ تاج پوشی کی تقریبات کے لیے ہفتہ چھ اپریل کو چکری خاندان کی بادشاہت کے قیام کے دن ایک مخصوص وقت پر پانی جمع کیا گیا اور اسے مقدس خیال کیا جاتا ہے۔ موجودہ تھائی بادشاہ چکری خاندان کے دسویں بادشاہ ہیں اور اُن کا لقب راما دہم ہے۔
[pullquote]جنوب مغربی ایرانی صوبے میں مزید بارشیں اور پھر سیلاب، مزید آبادی کا انخلا[/pullquote]
ایرانی حکام نے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں مزید بارشوں کے بعد سیلاب کے یقینی خطرے کے تناظر میں کم از کم چھ شہروں کی عوام کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق ہفتہ چھ اپریل کو ہونے والی مزید بارشوں سے دریائے کرخہ میں آنے والے ممکنہ سیلاب سے قریبی چھ شہروں میں پانی داخل ہو سکتا ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی نے کہا ہے کہ تازہ بارشوں سے آنے والے سیلاب سے چار لاکھ لوگ متاثر ہوں گے۔ دوسری جانب عراق نے دریائے کرخہ میں سیلاب کی صورت حال کے بعد ایران سے جڑی الشیب سرحد کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
[pullquote]ورلڈ بینک کے نئے صدر ڈیوڈ میلپاس ہوں گے[/pullquote]
عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ ڈیوڈ میلپاس کو نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ وہ اس منصب کے لیے واحد امیدوار تھے۔ میلپاس کا انتخاب جم یونگ کم کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد کیا گیا۔ بینک کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ امریکا کے نائب وزیر خزانہ برائے بین الاقوامی امور ڈیوڈ میلپاس منگل نو اپریل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اسی روز ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی بہاریہ میٹنگ کا آغاز ہو گا۔ میلپاس نے روئٹرز کو بتایا کہ وہ غربت کم کرنے کی بنیادی پالیسی کو مستحکم بنائیں گے۔ گزشتہ تہتر برسوں سے عالمی بینک کا صدر امریکی صدر ہی نامزد کرتا چلا آ رہا ہے۔
[pullquote]مالدیپ میں نئی پارلیمنٹ کے انتخاب کی ووٹنگ[/pullquote]
بحر ہند کی جزیرہ ریاست مالدیپ میں نئی پارلیمان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔ ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب ستر اور اسی فیصد کے درمیان بتایا گیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ سابق صدر محمد نشید سیاسی جماعت مالدیپ ڈیموکریٹک پارٹی کو واضح کامیابی حاصل ہو گی۔ یہی سیاسی جماعت موجودہ صدر ابراہیم محمد صالح کی حامی ہے۔ گزشتہ برس کا صدارتی الیکشن کے موقع پر بننے والے اتحاد کو اندرونی اختلافات کا سامنا ہے۔ اس اتحاد میں شامل ایک سیاسی جماعت اب سابق صدر مامون عبدالقیوم کی حلیف بن گئی ہے۔ موجودہ صدر صالح نے ہی مامون عبدالقیوم کو گزشتہ برس حیران کن انداز میں صدارتی انتخابات میں شکست دی تھی۔ مالدیپ کی پارلیمنٹ کی کل نشستوں کی تعداد ستاسی ہے۔ اس جزیرہ نما ریاست میں کثیر الجماعتی جمہوری نظام سن 2008 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
[pullquote]وینزویلا: نئے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں، اپوزیشن لیڈر[/pullquote]
جنوبی امریکی ملک وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر خوآن گوآئیڈو نے عوام سے کہا ہے کہ وہ صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خلاف مظاہروں میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔ آج ہفتے کے روز ایک مظاہرے کا اہتمام دارالحکومت کراکس میں کیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر کو دنیا کے پچاس سے زائد ممالک نے ملک کا عبوری صدر تسلیم کر رکھا ہے۔ ان میں امریکا اور کئی یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔ وینزویلا کو سیاسی عدم استحکام کے ساتھ ساتھ سنگین اقتصادی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ دوسری جانب امریکا نے وینزویلا کے تیل لے کر جانے والے مزید تینتیس بحری جہازوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔
[pullquote]حفتر طرابلس کی جانب پیش قدمی روک دیں، سکیورٹی کونسل[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے بند کمرے کے اجلاس کے بعد لیبیا کے جنگی سردار خلیفہ حفتر سے کہا ہے کہ وہ طرابلس کی جانب اپنے حامی مسلح دستوں کی پیشقدمی روک دیں۔ حفتر نے بدھ تین اپریل کو ملکی دارالحکومت طرابلس پر چڑھائی کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد حفتر کی لیبین نیشنل آرمی کے دستے طرابلس کے نواح میں پہنچ گئے ہیں۔ اسی دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کی جنرل خلیفہ حفتر کے ساتھ میٹنگ بھی کسی بڑی پیش رفت کا سبب نہ بن سکی۔ لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں ملاقات کے بعد گوٹیرش نے کہا تھا کہ وہ انتہائی بوجھل دل کے ساتھ لیبیا سے روانہ ہو رہے ہیں۔
[pullquote]چین کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں بہت کچھ طے ہونا ہے، امریکا[/pullquote]
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری سارا سینڈرز نے کہا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے باوجود اہم معاملات کو طے کرنا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ دونوں ملکوں کے اہلکار ان پیچیدگیوں کو حل کرنے کے لیے رابطے جاری رکھیں گے۔ یہ بیان امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں چینی اور امریکی تجارتی حکام کے درمیان تین دن جاری رہنے والے مذاکرات کے اختتام پر جاری کیا گیا۔ ان مذاکرات کے دوران امریکی تجارتی نمائندے رابرٹ لائٹ ہائزر اور وزیر خزانہ اسٹیون منوچن نے چینی وفد کے سربراہ، نائب وزیراعظم لیو ہی سے خصوصی ملاقات بھی کی تھی۔
[pullquote]ملائیشیا عالمی فوجداری عدالت کا حصہ نہیں بنے گا، مہاتیر محمد[/pullquote]
ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ اُن کا ملک انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کا حصہ بننے کے لیے روم معاہدے کی توثیق نہیں کرے گا۔ ملائیشیائی وزیراعظم نے اکثریتی مسلم آبادی کی مخالفت کے تناظر میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے قیام کے سمجھوتے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دوسرا بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس سے مشرق بعید کے مسلم اکثریتی آبادی والے اس ملک نے علیحدگی اختیار کی ہے۔ فوجداری عدالت کے معاہدے کی دوبارہ توثیق نہ کرنے کا فیصلہ ملکی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ رواں برس کے اوائل میں ملائیشیا، اقوام متحدہ کے نسلی امتیاز کے خلاف طے کیے گئے بین الاقوامی سمجھوتے سے بھی باہر ہو چکا ہے۔