[pullquote]استنبول الیکشن: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے، ایردوآن کی سیاسی پارٹی کا مطالبہ[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی سياسی پارٹی نے کہا ہے کہ وہ استنبول کے بلدیاتی انتخابات کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرے گی۔ گزشتہ ہفتے ہوئے اس الیکشن میں اپوزیشن جماعت نے کامیابی حاصل کر لی تھی۔ جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے مطابق استنبول کے انتالیس اضلاع میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے تاہم وہ مکمل ری کاؤنٹنگ چاہتی ہے۔ صدر ایردوآن کی پارٹی نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم انقرہ میں اسے شکست ہوئی اور استنبول میں بھی اپوزیشن نے معمولی برتری حاصل کر لی تھی۔ دو بڑے شہروں میں حکمران سیاسی جماعت کی اس ناکامی کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]مالدیب، محمد نشید کا نیا عزم[/pullquote]
مالدیپ کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے سابق صدر محمد نشید نے کہا ہے کہ وہ ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کی خاطر وسیع تر اصلاحات کریں گے۔ اکاون سالہ نشید پانچ ماہ قبل ہی جلا وطنی ختم کر کے وطن واپس پہنچے تھے اور ان کی سیاسی پارٹی ایم ڈی پی ملکی پارلیمان دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ پارلیمانی الیکشن کے ایک دن بعد بروز اتوار دارالحکومت مالے میں انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح ایک مستحکم حکومت قائم کرنا ہو گی۔
[pullquote]سعودی عرب میں حملے کی کوشش ناکام، چار حملہ آور ہلاک[/pullquote]
سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق کچھ حملہ آوروں نے ملک کے مشرقی علاقے میں واقع ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اتوار کے دن بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں چار حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔ جس علاقے میں یہ کارروائی کی گئی ہے، وہ تیل کی دولت سے مالا مال ہے اور وہاں شیعہ آبادی اکثریت میں ہے۔
[pullquote]طرابلس میں فائر بندی پر عمل کیا جائے، اقوام متحدہ کی اپیل[/pullquote]
اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ ليبيا کے دارالحکومت طرابلس کے نواحی علاقوں میں فعال متحارب جنگجو گروہ مجوزہ فائر بندی پر عملدرآمد کریں تاکہ وہاں پھنسے زخمیوں اور شہریوں کو نکالا جا سکے۔ عالمی ادارے نے اتوار کے دن ایک بیان میں کہا ہے کہ انسانی بنیادوں پر دو گھنٹے کی یہ فائر بندی طرابلس کے جنوبی علاقوں میں تجویز کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں گزشتہ کچھ دنوں سے مختلف گروہ آپس میں لڑ رہے ہیں۔
[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم کے متنازعہ بیان پر فلسطینی اتھارٹی کا سخت درعمل[/pullquote]
فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی طرف سے مغربی اردن میں واقع یہودی بستیوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کا اعلان ان کے لیے ’حقیقی مشکل‘ کا باعث بن سکتا ہے۔ راعد المالکی نے اردن میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ اگر ایسا کوئی قدم اٹھایا گیا تو فلسطینی سخت مزاحمت دکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو مغربی اردن کو اسرائیل کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے تو وہ مشکلات میں گھر جائیں گے۔ اسرائیلی الیکشن سے قبل دیے گئے نیتن یاہو کے اس متنازعہ بیان پر ترکی نے بھی شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
[pullquote]روانڈا نسل کشی کے پچیس برس[/pullquote]
روانڈا نسل کشی‘ کے پچیس برس مکمل ہونے کے موقع پر اس افریقی ملک میں خصوصی یادگاری تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ صدر پال کی گامے نے اتوار کے دن دارالحکومت کیگالی میں ایک یادگار پر منعقد کی گئی ایک سرکاری تقریب میں ایک شمع جلائی، جو سو دن تک روشن رہے گی۔ سن 1994 میں سات اپریل سے پندرہ جولائی تک جاری رہنے والی اس نسل کشی کے نتیجے میں آٹھ لاکھ افراد مارے گئے تھے۔ ہلاک کیے جانے والے زیادہ تر ٹوٹسی نسل کی آبادی کے افراد تھے، جنہیں ہوٹو نسل کے افراد نے نشانہ بنایا تھا۔ اس نسل کشی کی یاد میں منعقد ہونے والی متعدد تقریبات میں افریقی اور یورپی ممالک کے کئی رہنما بھی شریک ہوں گے۔
[pullquote]شام: حکومتی فورسز اور باغیوں کی گولہ باری، 13 افراد ہلاک[/pullquote]
شام کے شمال مشرقی علاقے میں اتوار کے روز حکومتی اور باغی فورسز کے مابین گولہ باری کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شامی حکومت کی باغیوں کے زیر قبضہ علاقے سراقب اور نیراب میں گولہ باری سے نو افراد جبکہ حکومت کے زیر انتظام شہر مصیاف میں باغیوں کی کارروائی سے چار افراد ہلاک ہوئے۔ برطانیہ میں قائم ’سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کے مطابق ان تازہ پرتشدد واقعات کے باعث اس علاقے میں روس اور ترکی کی کوششوں سے طے پانے والے فائر بندی کے معاہدے پر مؤثر عملدرآمد متاثر ہو سکتا ہے۔
[pullquote]یورپی یونین کے انتخبات: ’اے ایف ڈی‘ کی یونین مخالف انتخابی مہم[/pullquote]
جرمنی کی دائیں بازو کی سیاسی جماعت ’آلٹرنیٹو فار ڈوئچ لینڈ‘ نے یورپی یونین کے انتخابات کے سلسلے میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز یورپی یونین پر سخت تنقید سے کیا ہے۔ اے ایف ڈی کے رہنما یورگ موئتھن نے اس یورپی اتحاد کو ایک بیمار مریض قرار دیا۔ موئتھن کے بقول، ان کی جماعت یورپی یونین کی سیاست کو بطور ’یورپی اقوام متحدہ‘ کے بجائے ’مقامی افراد کے یورپ‘ کی صورت میں دیکھنا چاہتی ہے۔ ماضی میں اے ایف ڈی کے چیئرمین الیکزانڈر گاؤلانڈ بھی یورپی یونین کی مہاجرین کے حوالے سے پالیسی پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں۔ یونین کے انتخابات چھبیس مئی کو منعقد ہوں گے۔
[pullquote]صدر مادورو کے خلاف ہزاروں مظاہرین کا احتجاج[/pullquote]
وینزویلا میں بجلی اور پانی کی قلت کے بعد حزب اختلاف کے رہنما خوآن گوآئیڈو کے ہزاروں حمایتی صدر نکولاس مادورو کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ دوسری جانب صدر مادورو کے حمایتی بھی سڑکوں پر نکل آئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ماراکائیبو میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے دوران تیس مظاہرین زخمی ہوگئے۔ جنوبی امریکی ملک وینزویلا، گزشتہ کئی ماہ سے سنگین سیاسی بحران کی لپیٹ میں ہے۔ مادورو حکومت اور خود ساختہ صدر خوآن گوآئیڈو کے درمیان اقتدار کی رسہ کشی کی وجہ سے ملک کئی ماہ سے تعطل کا شکار ہے۔
[pullquote]مصر: فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار اور ڈرائیور ہلاک[/pullquote]
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے مشرقی علاقے میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اور ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ مصری وزارت داخلہ کے مطابق اتوار کے روز پولیس نے معمول کے گشت کے دوران جب ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ان پر فائرنگ کر دی گئی۔ اس واقعے میں کیپٹن مجید احمد عبدالرزاق ہلاک ہوگئے جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں پولیس کی گاڑی کے ڈرائیور نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ اطلاعات کے مطابق گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی تھی اور اس میں چار نامعلوم افراد سوار تھے۔ ان افراد کی تلاش جاری ہے۔
[pullquote]لیبیا کی حکومت نے خلیفہ حفتر کو خبردار کردیا[/pullquote]
لیبیا میں اتحادی حکومت کے سربراہ فیاض السراج نے خلیفہ حفتر کی جانب سے طرابلس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ بین الاقوامی طور پر تسليم شدہ اتحادی حکومت کے سربراہ فیاض السراج نے اپنے نشریاتی خطاب میں کہا کہ حفتر کے حملے کا جواب پر عزم اور مضبوط انداز میں دیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے مخالفین پر الزام عائد کیا کہ وہ سیاسی عمل کو نظر انداز کر کے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ خلیفہ حفتر کی خودساختہ ’لیبیئن نیشنل آرمی‘ نے بدھ کے روز طرابلس کے قریب متعدد سکیورٹی پوائنٹ اپنے قبضے میں لینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ علاقہ لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اتحادی حکومت کے انتظام میں آتا ہے۔
[pullquote]سوڈان میں مظاہرے جاری، ایک شخص ہلاک[/pullquote]
سوڈانی صدر عمر البشر کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔ طبی تنظیموں کے مطابق ہلاک شدہ شخص ہیلتھ ورکر تھا۔ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ہفتے کے روز ہزاروں افراد ملک میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے پر سراپا احتجاج تھے۔ مظاہرین کی جانب سے سوڈانی صدرسے استعفی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔ مشرقی افریقی ملک سوڈان میں گزشتہ برس دسمبر سے حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
[pullquote]اتاترک ایئر پورٹ پر مسافر پروازوں کی آمد و رفت ختم[/pullquote]
استنبول میں نئے ہوائی اڈے کے افتتاح کے بعد آج اتوار سات اپریل کو اتاترک ایئرپورٹ پر مسافر پروازوں کی آمد و رفت کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مسافر پروازوں کے لیے بند کیا جارہا ہے تاہم کارگو فلائٹس کے لیے یہ ایئر پورٹ فعال رہے گا۔ علاوہ ازیں اتاترک ہوائی اڈے کو شہریوں کے لیے پارک او نمائش گاہ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ گزشتہ برس اکتوبر میں استنبول کے نئے ایئرپورٹ کا افتتاح صدر رجب طیب ایردوآن نے کیا تھا۔
[pullquote]نیتن یاہو کا غزہ پٹی کی یہودی بستیوں کو اسرائیل میں شامل کرنے کا عزم[/pullquote]
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی اور حکومت قائم کرنے کی صورت میں وہ مقبوضہ غزہ پٹی کے علاقے میں تعمیر کی گئی یہودی بستیوں کو اسرائیل کا حصہ قرار دے دیں گے۔ نیتن یاہو نے چینل 13 نامی ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس معاملے میں اسرائیل کی حاکمیت برقرار رکھیں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان نو اپریل کو منعقد ہونے والے انتخابات سے چند روز قبل آیا ہے جس کو دائیں بازو کے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]چین میں ملائیشین گولف کھلاڑی کا ہوٹل کے کمرے میں انتقال[/pullquote]
چین کے شہر سانیا میں جاری گولف چیمپئن شپ کے دوران ملائیشیا کے ایک گولفر کا ہوٹل کے کمرے انتقال ہوگیا۔ اتوار کے روز اٹھائیس سالہ ایری اراوان کی موت ہوٹل کے کمرے میں ’قدرتی وجوہات‘ سے ہوئی ہے۔ چائنا گولف ایسوسی ایشن کے مطابق اس واقع کی مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ اس واقع پر غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی جی اے ٹوور سیریز چائنا کے آخری مرحلے سے قبل ہی اس ٹورنامنٹ کو منسوخ کردیا ہے۔
[pullquote]مکانات کے بڑھتے کرائے، برلن کے ہزاروں رہائشیوں کا احتجاج[/pullquote]
جرمن دارالحکومت برلن میں مکانات کی کمی اور کرایوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ منتظمین کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے اس مظاہرے میں چالیس ہزار افراد نے شرکت کی جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کی تعداد دس ہزار بتائی گئی ہے۔ جرمنی کی سیاسی جماعت دی لنکے کی جانب سے احتجاجی مظاہرین سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہریوں کو کرائے ميں اضافہ کر کے ان کے گھروں سے باہر نکالا جا رہا ہے جبکہ سر چھپانے کی جگہ شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ مظاہرین کی جانب سے مکانات تعمیر کرنے والی نجی کمپنیوں کے خلاف شدید غصے کا اظہار بھی کیا گیا۔ اسی طرح کے مظاہرے جرمنی کے اٹھارہ جبکہ یورپ کے 13 شہروں میں منعقد کیے گئے۔
[pullquote]ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر نے آئی پی ایل کی بہترین بالنگ پرفارمنس اپنے نام کر لی[/pullquote]
ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز الزاری جوزف نے بارہ رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کر کے انڈین پریمیئر لیگ میں بہترین باؤلنگ پرفارمنس کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ بائیس سالہ جوزف آئی پی ایل میں پہلی مرتبہ ممبئی انڈین کی نمائندگی کر رہے تھے۔ ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر نے گزشتہ شب حیدرآباد کی ٹیم کے چھ کھلاڑی صرف بارہ رنز دے کر آؤٹ کر دیے۔ قبل ازیں آئی پی ایل میں بیسٹ بالنگ پرفارمنس کا اعزاز پاکستانی فاسٹ باؤلر سہیل تنویر کے نام تھا۔