[pullquote]لیبیا کا بحران، اقوام متحدہ کی لیبیا کانفرنس معمول کے مطابق ہو گی[/pullquote]
اقوام متحدہ کے لیبیا کے لیے مقرر خصوصی مندوب غسان سلامے نے کہا ہے کہ لیبیا میں سکیورٹی صورت حال میں خرابی پیدا ہو رہی ہے لیکن اس کے باوجود لیبیا نیشنل کانفرنس طے شدہ وقت پر معمول کے مطابق ہو گی۔ یہ سہ روزہ کانفرنس چودہ سے سولہ اپریل کو الجزائر اور تیونس کی سرحد کے قریب واقع لیبیا کے جنوبی مغربی شہر غدامس میں ہو گی۔ سلامے کے مطابق کانفرنس کا التوا صرف انتہائی حالات میں ہی کیا جائے گا۔ عالمی ادارے کے خصوصی ایلچی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اپنی پوری کوشش میں ہیں کہ موجودہ بحران ٹل جائے۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد لیبیا میں عام انتخابات کے انعقاد کی صورت حال کا جائزہ لینا ہے۔
[pullquote]ایران: سیلاب کا خطرہ، آہواز کے ہپستال کو خالی کرا لیا گیا[/pullquote]
ایرانی حکام نے جنوبی مغربی شہر اہواز کے سلامت ہسپتال سے مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ سیلابی ریلا ہسپتال کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر سلامت ہسپتال کے مریضوں کو ایک دوسرے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریائے کرخہ کا پانی اہواز شہر کے نواحی شمالی حصے میں کناروں سے نکل کر اتوار سات اپریل کے روز سے پھیلنا شروع ہو گیا تھا۔ سلامت ہسپتال اسی شمالی علاقے میں واقع ہے۔ ایران کے مختلف صوبوں میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابوں سے اب تک ستر افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سیلاب کے باعث ایرانی معیشت کو 150 ٹریلین ایرانی ریال یا ایک بلین امریکی ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔
[pullquote]انڈونیشیا: مسجد کی اذان پر اعتراض کرنے والی خاتون کی سزا کے خلاف اپیل مسترد[/pullquote]
انڈونیشیا کی سپریم کورٹ نے اُس خاتون کی سزا کو بحال رکھا ہے، جس نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اذان نشر کرنے کو ’شور‘ قرار دیا تھا۔ ایک ماتحت عدالت نے اس خاتون کو اٹھارہ ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ سزا پانے والی چوالیس سالہ خاتون بدھ مت مذہب سے تعلق رکھتی ہے۔ سماٹرا جزیرے کے شہر میدان کی ماتحت عدالت نے اِستغاثہ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے اس خاتون کو توہین اسلام کے جرم میں سزائے قید سنائی تھی۔ انڈونیشیا دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک ہے۔
[pullquote]جرمن حکومت کا پراپرٹی کمپنیوں کے ملکیتی مکان ضبط کرنے سے انکار[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پراپرٹی کی بڑی کمپنیوں کے ملکیتی مکانات ضبط کیے جانے کے مطالبوں کو مسترد کر دیا ہے۔ مخلوط حکومت میں شامل جرمنی کی دوسری بڑی جماعت ایس پی ڈی نے بھی چانسلر میرکل کے موقف کی تائید کی ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن کے ہزاروں شہریوں نے شہر میں زیادہ کرائے کے سبب احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ مظاہرین کا ایک اہم مطالبہ یہ بھی ہے کہ پراپرٹی کے بڑے اداروں کی ملکیت ڈھائی لاکھ مکانوں کو ضبط کر کے شہری حکومت کی تحویل میں دیا جائے۔ چانسلر میرکل کے ترجمان اسٹیفن زائبرٹ کا کہنا ہے کہ چانسلر میرکل کی رائے میں مکانوں کو ضبط کرنا اس مسئلے کا حل نہیں ہے۔
[pullquote]بریگزٹ: جرمن چانسلر کی برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل منگل نو اپریل کو برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے سے ملاقات کریں گی۔ یہ ملاقات یورپی یونین کی سمٹ سے قبل ہو رہی ہے اور اس میں بریگزٹ کی تازہ ترین صورت حال کو زیربحث لایا جائے گا۔ یورپی کونسل کی سمٹ بدھ دس اپریل کو ہو گی۔ برطانوی وزیراعظم بریگزٹ میں تیس جون تک توسیع کی درخواست کر چکی ہیں۔ جرمن حکومت کے ترجمان کے مطابق یونین سے برطانوی اخراج کے حوالےسے برطانوی وزیراعظم کی درخواست پر حتمی فیصلہ یورپی یونین کی رکن ستائیس ریاستوں نے کرنا ہے۔ برطانوی وزیراعظم انگیلا میرکل سے ملاقات کے بعد کل فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے ملنے پیرس جائیں گی۔
[pullquote]اطالوی نائب وزیراعظم یورپ کی دائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد میں مصروف[/pullquote]
دائیں بازو کے نظریات رکھنے والے اطالوی نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ ماتیو سالوینی مختلف یورپی ممالک کی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ یورپی پارلیمانی الیکشن سے قبل ہم خیال سیاسی جماعتوں کا ایک اتحاد تشکیل دینے کی کوشش میں ہیں۔ سالوینی کا کہنا ہے کہ انتہائی دائیں بازو فرانسیسی سیاست دان مارین لے پین کے ساتھ اتحاد اگلے تیس برسوں کے لیے اہم ترین واقعہ ہو گا۔ جرمنی کی دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاسی جماعت اے ایف ڈی نے بھی سالوینی کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات آئندہ ماہ تئیس سے چھبیس مئی تک ہوں گے۔
[pullquote]سعودی عرب اور یُو اے ای رمضان میں یمن کو امداد فراہم کریں گے[/pullquote]
متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی حکومتوں نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ صیام کے لیے جنگ زدہ ملک یمن کو دو سو ملین امریکی ڈالر کی خصوصی امداد فراہم کی جائے گی۔ خلیجی ریاست یُو اے ای کے وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی کے مطابق یہ امداد رمضان کے مہینے ہی میں تقسیم کی جائے گی۔ دونوں ملکوں نے بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ساتھ رابطہ کر کے اس امداد کی تقسیم کو یقینی بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ امداد حوثی ملیشیا اور منصور ہادی کے کنٹرول والے علاقوں میں یکساں طور پر تقسیم کی جائے گی۔
[pullquote]افغان چیف ایگزیکٹیو کی طالبان سے مذاکرات کی حمایت[/pullquote]
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے کابل حکومت کے اُس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جو طالبان سے مذاکرات کے لیے وفد بھیجنے سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے افغان عوام کو متحد کرنے میں مدد حاصل ہو گی۔ کابل حکومت کا ایک وفد طالبان کے ساتھ رواں مہینے کے اختتام پر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک امن کانفرنس کے موقع پر ملاقات کرے گا۔ افغان صدر اشرف غنی کے قیام امن کے لیے خصوصی مندوب محمد عمر داؤد زئی کے مطابق رواں ہفتے کے دوران اس وفد کے اراکین کا انتخاب کر لیا جائے گا۔ دوسری جانب طالبان نے کہا ہے کہ اپریل میں ہونے والی یہ دوحہ امن کانفرنس کوئی مذاکراتی اجلاس نہیں ہو گا۔
[pullquote]امریکا کی داخلی سلامتی کی وزیر نے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ میں داخلی سلامتی کی خاتون وزیر کرسٹجن نیلسن نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ صدر نے اُنہیں اپنے منصب سے مستعفی ہونے کے لیے کہہ دیا تھا۔ نیلسن کے مستعفی ہونے کے بعد امریکی صدر نے کسٹمز اور سرحدی تحفظ کے کمشنر کیون میکلین کو داخلی سلامتی کی وزارت کا عبوری نگران مقرر کر دیا ہے۔ نیلسن کے مستعفی ہونے کی خبر سب سے پہلے امریکی ٹیلی وژن نیٹ ورک سی بی ایس نے رپورٹ کی تھی۔ کرسٹجن نیلسن کے جلد ہی مستعفی ہونے کی خبریں گزشتہ برس اُس وقت سامنے آنا شروع ہو گئی تھیں جب اُن کی ایک اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے ساتھ زور دار بحث ہو گئی تھی۔
[pullquote]مغربی افغان صوبے میں طالبان اور ملکی فوج کے درمیان لڑائی جاری[/pullquote]
افغانستان کی سکیورٹی فورسز اور طالبان عسکریت پسندوں کے درمیان مغربی صوبے بادغیس میں مسلسل پانچ روز سے لڑائی جاری ہے۔ آج پیر کو افغان وزارت دفاع کے ترجمان کرنل قیس منگل نے بتایا کہ ان جھڑپوں کے دوران گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں مزید بارہ سکیورٹی اہکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد چالیس تک پہنچ گئی ہے۔ بادغیس کی صوبائی کونسل کے رکن نے تصدیق کی ہے کہ فوجی اڈے میں پھنسے ہوئے تمام فوجیوں کو محفوظ انداز میں نکال لیا گیا ہے۔ یہ جھڑپیں صوبہ بادغیس کے ضلعے بالا مُرغاب میں واقع ایک فوجی اڈے پر بدھ اور جمعرات کی رات میں کیے گئے حملے کے بعد سے جاری ہیں۔
[pullquote]سوڈانی وزارت دفاع کے باہر مظاہرین کے خلاف حکومتی کارروائی[/pullquote]
سوڈان کی سکیورٹی فورسز نے پیر آٹھ اپریل کو ملکی وزارت دفاع کے باہر دھرنا دینے والے ہزاروں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی شروع ضرور کی لیکن فوجیوں نے انہیں تحفظ فراہم کیا۔ فوج کے اس اقدام کو حیران کن قرار دیا گیا ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو وزارت دفاع کی عمارت سے دور کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا تھا۔ یہ احتجاجی شہری ہفتہ چھ اپریل سے وزارت دفاع کی عمارت کے باہر دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ مظاہرین سوڈانی فوج سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ملکی صدر کو مستعفی ہونے پر مجبور کرے۔ اسی وزارت کے کمپلیکس میں صدر کی رہائش گاہ اور ملکی فوج کے ہیڈکوارٹرز بھی ہیں۔ سوڈان میں حکومت مخالف مظاہرے گزشتہ برس دسمبر سے جاری ہیں۔
[pullquote]کارلوس گوزن نیسان کار ساز ادارے کے ایگزیکٹیو بورڈ سے فارغ[/pullquote]
کارساز ادارے نیسان کے حصہ داروں نے اپنی ایک میٹنگ میں سابق چیئرمین کارلوس گوزن کو مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کے تناظر میں ایگزیکٹیو بورڈ سے ہٹا دیا ہے۔ چار ہزار حصہ داروں نے اس خصوصی میٹنگ میں شرکت کی۔ اس اجلاس کے شروع ہونے پر نیسان کے چیف ایگزیکٹیو نے مالی اسکینڈل سے پیدا ہونے والی صورت حال پر شیئر ہولڈرز کو معذرت بھی پیش کی۔ اس میٹنگ میں کارلوس گوزن کی جگہ نیسان کی پارٹنر فرانسیسی کمپنی رینو کے ژاں ڈومینیک زینڈر کو نیسان کا نیا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ رینو کمپنی نیسان کے تینتالیس فیصد شیئرز کی مالک ہے۔
[pullquote]تھائی لینڈ میں نوجوان جرمن خاتون سیاح کا قتل[/pullquote]
تھائی لینڈ کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک چھبیس سالہ جرمن خاتون کو خلیج تھائی لینڈ میں واقع ایک جزیرے پر قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق قتل سے قبل اس جرمن خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ مقامی پولیس نے ایک چوبیس سالہ تھائی باشندے کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس مشتبہ شخص نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ جرمن خاتون تئیس مارچ کو اکیلی تھائی لینڈ پہنچی تھی۔ اس خاتون کا نام اور دیگر تفصیلات پولیس نے عام نہیں کی ہیں۔
[pullquote]کرائسٹ چرچ مساجد پر حملوں کی تفتیش کے لیے رائل کمیشن کا قیام[/pullquote]
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر پندرہ مارچ کو کیے گئے حملوں کی تفتیش کے لیے قائم کیا گیا رائل کمیشن اپنی رپورٹ رواں برس کے اختتام پر پیش کر دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ رائل کمیشن حملوں کے بعد ملکی ردعمل کو دیکھتے ہوئے ایسی تجاویز بھی مرتب کرے گا تا کہ دوبارہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہ ہو۔ اس کمیشن کی سربراہی ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے جج سَر ولیم ینگ کو تفویض کی گئی ہے۔ انہیں ملکی انٹیلیجنس اداروں کی مرتب کردہ خفیہ رپورٹوں تک رسائی بھی حاصل ہو گی۔ وزیر اعظم آرڈرن کے مطابق یہ کمیشن تیرہ مئی سے اپنا کام شروع کرے گا۔
[pullquote]لیبیا کی تسلیم شدہ حکومت کی حفتر کی فوج کے خلاف جوابی کارروائی[/pullquote]
شمالی افریقی ملک لیبیا میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ لیبیا کے تمام شہروں کو غیرقانونی فورسز اور جارحیت سے صاف کرنے کے لیے خصوصی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ آپریشن لیبیا کے جنگی سردار خلیفہ حفتر کی دارالحکومت طرابلس پر چڑھائی کے جواب میں شروع کیا گیا ہے۔ حفتر کی لیبین نیشنل آرمی اس وقت طرابلس کے نواح تک پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ روز حفتر کی فوجوں کے جنگی جہازوں نے طرابلس کے ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ کل اتوار سات اپریل کو ان حملوں میں تقریباً دو درجن افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ دوسری جانب امریکا نے لیبیا میں متحارب فریقین سے کہا ہے کہ وہ ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ فوری طور پر روک دیں۔
[pullquote]امریکا ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو آج ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے سکتا ہے[/pullquote]
اندازہ ہے کہ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ ایران کی انتہائی جدید فوج پاسدارانِ انقلاب کو آج پیر کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے دے گی۔ انہی ایرانی دستوں کی ایک ذیلی شاخ ’القدس فورس‘ کو امریکا پہلے ہدف بنا چکا ہے۔ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو دو اعلیٰ امریکی حکومتی ذرائع نے نام مخفی رکھتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کی تصدیق کر دی۔ امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اُس پر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ ان پابندیوں میں سے اہم ترین اس کے اثاثوں کا انجماد ہو گا۔
[pullquote]روہنگیا مہاجرین کا ایک اور گروپ ملائیشیا پہنچ گیا[/pullquote]
ملائیشیا کی پولیس نے بتایا ہے کہ سینتیس روہنگیا مہاجرین کا ایک اور گروپ ملک کے ایک شمالی ساحل پر پہنچ گیا ہے۔ ان افراد کو سیمپانگ ایمپت قصبے کے قریبی ساحل پر موجود پایا گیا۔ مقامی پولیس کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق ان مہاجرین کو حراست میں لینے کے بعد امیگریشن حکام کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ممکن ہے کہ ان روہنگیا مہاجرین کو ملائیشیا کے اس ساحل تک پہنچانے میں انسانوں کے اسمگلر ملوث رہے ہوں، جنہوں نے کسی بڑی کشتی کو استعمال کر کے انہیں قریبی سمندر تک لا کر چھوٹی کشتیوں پر بٹھا کر ساحل کی جانب روانہ کر دیا ہو۔ گزشتہ ماہ بھی پینتیس روہنگیا مہاجرین شمالی ملائیشیا کی ایک ریاست کے ساحلی علاقے تک پہنچ گئے تھے۔