بدھ : 10 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نیوزی لینڈ میں اسلحے کےسخت قوانین کی پارلیمان سے منظوری[/pullquote]

نیوزی لینڈ کی پارلیمان نے اسلحہ رکھنے کے قوانین میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کو اس طرح اب جمعے کے روز سے نیوزی لینڈ میں زیادہ تر خود کار اور نیم خود کار ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ مخصوص اضافی پرزوں پر پابندی ہو گی۔ اس قانون کے مطابق اگر کسی نے اس طرح کے ہتھیار خریدے ہوئے ہیں تو واپسی پر متعلقہ شخص کے نقصان کو پورا کیا جائے گا۔ اس قانون کی مخالفت میں صرف ایک ووٹ پڑا۔ نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد اسلحے سے متعلق قوانین کو سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

[pullquote]214 ملین خواتین اور لڑکیوں کی جدید مانع حمل ادویات تک رسائی نہیں[/pullquote]

دنیا بھر میں 214 ملین خواتین اور لڑکیوں کی جدید مانع حمل ادویات تک رسائی نہیں ہے۔ عالمی آبادی سے متعلق اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق اس طرح ترقی پذیر ممالک میں بچے پیدا کرنے کے قابل ہر چوتھی خاتون متاثر ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیاسی، اقتصادی اور سماجی حالات کے ساتھ ساتھ ثقافتی معیارات مانع حمل ادویات کی ترسیل میں اہم ترین رکاوٹیں ہیں۔ اس رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ دنیا ابھی اس منزل سے بہت دور ہے کہ لوگوں کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار ہو کہ وہ بچے پیدا کرنا چاہتے بھی ہیں یا نہیں۔

[pullquote]ایکواڈور پر جولیان آسانج کی خفیہ نگرانی کا الزام[/pullquote]

وکی لیکس نے ایکواڈور پر اپنے بانی جولیان آسانج کی خفیہ نگرانی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ وکی لیکس کی کرسٹن رافنسن کے مطابق آسانج کی ان کے ڈاکٹرز اور وکلاء کے مابین ہونے والی خفیہ گفتگو کو سنا اور ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بعد ازاں آسانج کی ویڈیوز اور تصاویر اسپین میں کسی نے تین ملین یورو میں فروخت کی ہیں۔ تاہم وکی لیکس کی جانب سے اس بارے میں کوئی ثبوت مہیا نہیں کیے گئے۔ جولیان آسانج لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ایران کے جنوب مشرقی علاقوں سے ہزاروں افراد کا انخلاء[/pullquote]

ایران نے سیلاب سے متاثرہ شہر اہواز سے ہزاروں افراد کے انخلاء کا حکم دیا ہے۔ صوبہ خوزستان کے گورنر غلام رضا شریعتی کے مطابق شہر میں پانی کے داخل ہونے کے بعد پانچ اضلاع کے شہریوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔ ان اضلاع کی آبادی ساٹھ سے ستر ہزار کے لگ بھگ ہے۔ شریعتی نے نوجوانوں سے بند بنانے اور عمر رسیدہ افراد، خواتین اور بچوں کی مدد کرنے کا کہا ہے۔ ایران کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی زد میں آکر کم از کم ستر لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]حماس کی مبینہ معاون تنظیموں کے خلاف جرمنی میں چھاپے[/pullquote]

جرمنی میں مبینہ طور پر حماس کی مدد کرنے والی تنظیموں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ ملکی وزارت داخلہ نے بتایا کہ بدھ کے روز ایک اسلامی نیٹ ورک سے منسلک نوے مختلف مقامات کی تلاشی لی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو آر ہیلپ اور انصار انٹرنیشنل نامی تنظیمیں اس نیٹ ورک کو چلاتی ہیں۔ ایک بیان میں مزید بتایا گیا کہ ایسے اشارے بھی ملے ہیں کہ یہ نیٹ ورک حماس کی مالی امداد کرنے کے علاوہ اس کی تشہیر میں بھی تعاون کرتا ہے۔ حماس کو یورپی یونین نے2001ء میں ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا تھا۔

[pullquote]نیتن یاہو پانچویں مرتبہ اسرائیلی وزیر اعظم بن سکتے ہیں[/pullquote]

اسرائیل میں بینجمن نیتن یاہو کے پانچویں مرتبہ وزیر اعظم بننے کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ تقریباً تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد بینجمن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ پارٹی اور فوج کے سابق سربراہ بینی گینتز کے ’بلیو اینڈ وائٹ‘ اتحاد کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد تقریباً برابر ہے۔ تاہم لیکوڈ پارٹی کے حصے میں 65 جبکہ بلیو اینڈ وائٹ اتحاد کے حصے میں 55 سیٹیں آئی ہیں۔ اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ کی 120 نشستیں ہیں۔ اس نتیجے کے بعد قوی امید ہے کہ نیتن یاہو کو ہی حکومت سازی کی دعوت دی جائے گی۔

[pullquote]مے آج پھر بریگزٹ کو ملتوی کرنے کی درخواست کریں گی[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے آج بدھ کو ایک مرتبہ پھر یورپی یونین سے بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی درخواست کرنے والی ہیں۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ میں موجودہ سیاسی منظر نامے کے باعث ٹریزا مے یورپی یونین کے ایک خصوصی سربراہی اجلاس کے دوران بریگزٹ کو جون کے آخر تک مؤخر کرنے کے لیے کہیں گی۔ تاہم دوسری جانب یورپی یونین میں بریگزٹ کو مارچ 2020ء تک ملتوی کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ آج ہونے والے یورپی یونین کے خصوصی سربراہی اجلاس میں بریگزٹ کے حوالے سے کئی دیگر اقدامات پر بھی بحث کی جائے گی۔

[pullquote]دنیا بھر میں سزائے موت پر عمل درآمد میں کمی[/pullquote]

گزشتہ برس دنیا بھر میں سزائے موت پر عمل درآمد میں کمی دیکھی گئی۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2018ء کے دوران بیس ممالک میں 690 افراد کو سزائے موت دی گئی جبکہ 2017ء میں یہ تعداد 993 رہی تھی۔ یہ گزشتہ دس برسوں کی کم ترین سالانہ تعداد ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اعداد و شمارکی عدم دستیابی کے باوجود چین اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ اندازوں کے مطابق چین میں گزشتہ برس ہزاروں افراد کو موت کی سزا دی گئی۔ اس کے بعد ایران، سعودی عرب، ویتنام اور عراق آتے ہیں۔

[pullquote]السلواڈور کے صدر اپنی حلف برداری میں کئی صدور کو مدعو نہیں کریں گے[/pullquote]

السلواڈور کے نئے صدر نایِب بوکیلے اپنی تقریب حلف برداری میں لاطینی امریکی ممالک کے کئی سربراہان کو مدعو نہیں کریں گے۔ بوکیلے کی ایک ٹویٹ کے مطابق وینزویلا، نکاراگوآ اور ہنڈوراس کے صدور کو یکم جون کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی جائے گی۔ بوکیلے نکولاس مادورو، ڈانیل اورٹیگا اور خوآن اورلانڈو ہیرناڈیس کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ آمر آمر ہوتا ہے، چاہے اس کا تعلق دائیں بازو سے ہو یا بائیں بازو سے۔ بوکیلے نے فروری کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔

[pullquote]السیسی ایک شاندار صدر اور دوست ہیں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی کی ایک مرتبہ پھر تعریف کی ہے۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں السیسی سے ملاقات کے دوران کہا کہ امریکا اور مصر کے باہمی تعلقات اس سے قبل کبھی بھی اتنے زبردست نہیں تھے۔ انہوں نے السیسی کو ایک شاندار صدر اور دوست قرار دیا۔ اس موقع پر مصری صدر نے بھی دونوں ممالک کے روابط کو سراہا۔ دونوں صدور کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مصر میں ہونے والی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

[pullquote]باسکٹ بال کے سٹار جرمن کھلاڑی ڈِرک نووِٹسکی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان[/pullquote]

باسکٹ بال کے معروف جرمن کھلاڑی ڈِرک نووِٹسکی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ نووِٹسکی کے مطابق وہ موجودہ سیزن کے بعد باسکٹ بال کو خیرباد کہہ دیں گے۔ وہ گزشتہ اکیس برسوں سے امریکی ’این بی اے‘ میں ڈیلس مَیورِکس کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ انہیں این بی اے کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا جا چکا ہے۔ انہوں نے جرمن قومی ٹیم کی بھی نمائندگی کی ہے۔ اس دوران 2002ء میں جرمن ٹیم نے عالمی کپ میں کانسی کا جبکہ 2005ء کے یورپی مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

[pullquote]الجزائر میں عبوری صدر کے خلاف بھی مظاہرے شروع[/pullquote]

الجزائر میں عبدالقادر بن صالح کو عبوری صدر بنانے کے خلاف ایک مرتبہ پھر مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہزاروں طالب علموں نے احتجاج کے دوران بن صالح کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا موقف ہے کہ ستتر سالہ بن صالح سابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے ایک قریبی ساتھی ہیں۔ بوتفلیقہ بیس برس تک صدارتی منصب پر فائز رہنے کے بعد چند روز قبل مستعفی ہوئے تھے۔ بن صالح نے اپنے ایک خطاب میں وعدہ کیا ہے کہ نوے دن کے اندر اندر ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔

[pullquote]اٹلی : اقتصادی ترقی کی متوقع ملکی شرح میں نمایاں کمی[/pullquote]

اطالوی حکومت نے رواں برس کے لیے اقتصادی ترقی کی متوقع ملکی شرح میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق اس برس0.2 فیصد کے معمولی سے اضافے کی توقع ہے۔ اس سے قبل فائیو اسٹار تحریک کی قیادت میں حکمران اتحاد نے ایک فیصد اضافے کی پیشگوئی کی تھی۔ ماہرین کے اندازوں کے مطابق عالمی سطح پر شرح نمو میں کمی بھی اس تنزلی کی ایک وجہ ہے۔ تاہم ماہرین نے حکومت کی منفی اقتصادی پالیسیوں کو بھی اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے