ہفتہ : 13 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس پر یورپی انتخابی مہم میں دخل اندازی کا الزام[/pullquote]

روس پر یورپی انتخابات کی مہم میں مداخلت کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ خفیہ اداروں کی ایک رپورٹ کے مطابق ماسکو کی جانب سے روس کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے اور یورپی یونین کے ناقد سیاستدانوں کو تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ اس کام کے لیے سماجی ویب سائٹس اور رشیا ٹوڈے جیسے دیگر ٹی وی چینلز کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے نوجوان نسل پر نمایاں توجہ دی جا رہی ہے۔ روس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ یورپی انتخابات 23 مئی کو ہو رہے ہیں۔

[pullquote]چین وسطی اور مشرقی یورپی ریاستوں کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط بڑھا رہا ہے[/pullquote]

چین وسطی اور جنوبی مشرقی یورپی ریاستوں کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط بڑھا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یونان بھی اقتصادی ترقی اور تعاون کے منصوبوں کے حوالے سے چینی گروپ کا سترہواں رکن بن گیا ہے۔ اس گروپ میں پولینڈ، بلغاریہ اور البانیہ جیسے ممالک پہلے ہی شامل ہیں۔ چین اس گروپ کے رکن ممالک کو بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے قرضے فراہم کرتا ہے۔ یورپی یونین ان چینی سرگرمیوں کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہے۔ یورپی یونین کا موقف ہے کہ مقروض ہونےکے بعد ممکنہ طور پر ان ممالک کا انحصار چین پر بڑھ جائے گا۔

[pullquote]مالٹا میں پھنسے ساٹھ سے زائد تارکین وطن چار یورپی ممالک میں تقسیم کیے جائیں گے[/pullquote]

ایلان کردی نامی امدادی جہاز پر موجود ساٹھ سے زائد تارکین وطن کو چار یورپی ممالک میں تقسیم کیا جائے گا۔ مالٹا کے حکام نے بتایا کہ یہ چار ممالک جرمنی، فرانس، پرتگال اور لکمسبرگ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ معاہدہ یورپی کمیشن کی مداخلت کے بعد ممکن ہوا اور جرمنی 26 تارکین وطن کو قبول کرے گا۔ تاہم ان میں سے کسی بھی تارک وطن کو مالٹا میں رہنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ایلان کردی نامی یہ جہاز ’سی لائف‘ نامی امدادی تنظیم کا ہے۔

[pullquote]جلیاں والہ باغ قتل عام کو ایک سو برس بیت گئے[/pullquote]

بھارت میں آج جلیاں والا باغ کے قتل عام کی صد سالہ برسی منائی جا رہی ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آج ہفتے کو برطانوی ہائی کمشنر ڈومنک ایسکوئتھ نے اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ ایسکوئتھ نے اس واقع پر ملکہ برطانیہ کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ تیرہ اپریل 1919ء کو امرتسر کے قریب جلیاں والا باغ میں اکھٹے نہتے افراد پر برطانوی بریگیڈیئر ڈائر کے حکم پر فائرنگ کی گئی تھی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس واقعے میں 376 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر ذرائع یہ تعداد تقریباً ایک ہزار بتاتے ہیں۔

[pullquote]امریکا مناسب رویے اختیار کرے تو ملاقات کے لیے تیار ہوں، کم جونگ ان[/pullquote]

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکا کے ساتھ جوہری تنازعے میں واشنگٹن انتظامیہ کو اس سال کے آخر تک کی مہلت دی ہے۔ کم جونگ ان کے مطابق اگر امریکا مناسب رویہ اختیار کرے تو وہ اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تیسری ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ 2019ء کے دوران امریکی فیصلے کے منتظر رہیں گے۔ کم اور ٹرمپ کے درمیان اب تک دو ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جن کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ تاہم اس کے باوجود کم، ٹرمپ کے ساتھ اپنے روابط کو انتہائی شاندار قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی اور آسٹریا کی سرحد پر سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے عمل میں چھ ماہ کی توسیع[/pullquote]

جرمنی اور آسٹریا کی سرحد پر سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کا عمل جاری رہے گا۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ ذیہوفر کے مطابق نگرانی کا یہ عمل اگلے چھ ماہ تک جاری رہے گا۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ مہاجرین کی ایک بڑی تعداد نے زمینی راستوں کے ذریعے جرمنی میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق ہر ماہ اوسطاً ساڑھے نو سو افراد غیر قانونی طور پر جرمنی میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، جن میں سے چھ سو کو واپس بھیج دیا جاتا ہے۔

[pullquote]ڈیموکریٹک پارٹی امیگریشن قوانین میں تبدیلی کے لیے تیار رہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کے مہاجر دوست شہروں میں غیر قانونی تارکین وطن کو منتقل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ کے بقول امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کی کمی نہیں ہے اور ایسے شہروں کی انتظامیہ اپنے لیے تعداد کا انتخاب خود کر سکتی ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹک پارٹی اگر چاہتی ہے کہ ایسا نہ کیا جائے تو اسے ملک کے ’بےوقوفانہ امیگریشن قوانین‘ میں تبدیلی کے لیے تیار رہنا ہو گا۔ سان فرانسسکو، لاس اینجلس اور شکاگو جسے ایسے کئی امریکی شہر ہیں، جو غیر قانونی تارکین وطن کو پناہ دیتے ہیں۔

[pullquote]امید ہے کہ امریکی پابندیوں سے بچ جائیں گے، بھارتی وزیر دفاع[/pullquote]

بھارت کو امید ہے کہ روسی میزائل شکن نظام ایس 400 کی خریداری پر اسے امریکی پابندیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیر دفاع نرملا سیتارمن کے مطابق اس حوالے سے امریکی انتظامیہ نے بھارتی موقف سنا بھی ہے اور اسے سمجھا بھی ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ برس اکتوبر میں امریکی انتباہ کے باوجود روس کے ساتھ ایس 400 کا معاہدہ کیا تھا، جس کی مالیت 5.2 ارب ڈالر بنتی ہے۔ امریکا چین پر اسی نظام کی خریداری پر پابندیاں عائد کر چکا ہے جبکہ اسی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو بھی خبردار کیا ہے۔

[pullquote]سوڈانی فوجی کونسل کے سربراہ ایک روز بعد ہی اپنے عہدے سے مستعفی[/pullquote]

سوڈان میں نئی تشکیل دی گئی فوجی کونسل کے سربراہ عود ابن عوف ایک روز بعد ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ابن عوف کے مطابق شدید مظاہروں اور جمہوری اقدار کے فروغ کی خاطر انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔ ابھی جمعرات کے روز ہی ابن عوف نے طویل عرصے سے برسر اقتدار ملکی صدر عمر البشیر کی حکومت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد فوجی کونسل نے کم از کم دو سال کے لیے ملکی باگ ڈور سنبھالی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب اس کونسل کی سربراہی عبدالفتاح برہانی کے سپرد کی جا رہی ہے۔

[pullquote]شام میں ایک اور مبینہ اسرائیلی حملہ، تین شامی فوجی زخمی[/pullquote]

شام میں کیے گئے ایک مبینہ اسرائیلی حملے میں تین شامی فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ شامی خبر رساں ادارے’سانا‘ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ہفتے کی علی الصبح حما صوبے میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود سے شام پر میزائل داغے۔ اسرائیل کی جانب سے عام طور پر اس طرح کی کارروائیوں پر کوئی بیان جاری نہیں کیا جاتا۔ تاہم حال ہی تل ابیب حکومت نے تسلیم کیا کہ اس کی جانب سے شام میں ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

[pullquote]الجزائر میں ایک مرتبہ پھر مظاہرے[/pullquote]

الجزائر میں ایک مرتبہ پھر حکومت مخالف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مظاہرین حکومت سے بنیادی جمہوری اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دارالحکومت میں پولیس اور مظاہرین کے مابین تصادم کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس دوران ستائیس پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جن میں سے چار کی حالت نازک ہے۔ دوسری جانب ایک سو سے زائد مظاہرین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے