منگل : 16 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نوٹرے ڈیم میں آگ دانستہ آتشزنی نہیں بلکہ حادثے کا نتیجہ تھی[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے وسطی علاقے میں تاریخی نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل میں پیر کی رات لگنے والی آگ کوئی دانستہ آتشزنی نہیں بلکہ ایک حادثے کا نتیجہ تھی۔ یہ بات آج منگل کے روز پیرس میں دفتر استغاثہ کی طرف سے بتائی گئی۔ پبلک پراسیکیوٹر ریمی ہائٹس نے بتایا کہ اس واقعے کی ابتدائی چھان بین کے نتیجے میں اب تک کسی مجرمانہ کارروائی کے کوئی آثار نہیں ملے۔ اس آتشزدگی کے نتیجے میں پیرس کے اس ساڑھے آٹھ سو سال پرانے کیتھیڈرل کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا ایک مینار گر کر تباہ بھی ہو گیا تھا۔

[pullquote]پیرس کے تاریخی کیتھیڈرل کی تعمیر نو کے لیے سینکڑوں ملین یورو کے عطیات[/pullquote]

پیرس کے نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل میں آتشزدگی کے بعد اس کی جلد از جلد تعمیر نو کے لیے اب تک مختلف فرانسیسی اداروں کی طرف سے کم از کم بھی چار سو ملین یورو کے فوری مالی عطیات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ فرانسیسی ارب پتی بزنس مین بیرنارڈ آرنو کے خاندان نے اس تاریخی کلیسا کی تعمیر نو کے لیے دو سو ملین یورو عطیے کا اعلان کیا ہے۔ فرانس کی ایک اور ارب پتی کاروباری شخصیت فرانسوا پِینو نے بھی سو ملین یورو عطیہ کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت بڑی فرانسیسی تیل کمپنی ٹوٹل نے بھی سو ملین یورو دینے کا اعلان کیا ہے۔ پیرس کا نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل دنیا کے ان تاریخی مقامات میں سے ایک ہے، جو عالمی ثقافتی میراث کا حصہ ہیں۔

[pullquote]طالبان سے بات چیت: کابل حکومت نے ڈھائی سو شہریوں کے ناموں کا اعلان کر دیا[/pullquote]

افغان حکومت نے ڈھائی سو ایسے شہریوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے، جو اسی ہفتے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں حصہ لیں گے۔ اس بات چیت کو ’افغان دھڑوں کی اندرونی مکالمت‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ اس میں شرکت کے لیے کابل حکومت کے اعلان کردہ ڈھائی سو شہریوں کے ناموں میں تقریباﹰ پچاس خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ فہرست افغان حکومت نے آج منگل کو جاری کی۔ افغان طالبان نے کابل حکومت کے نمائندوں کے ساتھ براہ راست مکالمت سے انکار کر دیا تھا۔ اسی لیے یہ افغان باشندے دوحہ میں عام شہریوں کے طور پر طالبان سے بات چیت کریں گے۔

[pullquote]جرمن حکومت کے ایک اور طیارے کو تکنیکی مسائل کا سامنا[/pullquote]

وفاقی جرمن حکومت کے سرکاری استعمال میں آنے والے ملکی فضائیہ کے طیاروں میں تکنیکی مسائل کے واقعات مسلسل پیش آ رہے ہیں۔ ایسے ایک تازہ واقعے میں برلن کے شوئنے فَیلڈ ایئر پورٹ سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد ایک حکومتی ہوائی جہاز کو اس کے تکنیکی نظام میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس پر یہ طیارہ فوری طور پر واپس بلا لیا گیا۔ بعد ازاں جرمن فضائیہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس طیارے کی واپسی پر معمول کی لینڈنگ ممکن نہیں رہی تھی اور زمین پر اترتے ہوئے اس جیٹ کے دونوں پر بھی رن وے سے ٹکرا گئے تھے۔ طیارے میں کوئی حکومتی اہلکار سوار نہیں تھا۔

[pullquote]روسی حکام نے ٹوئٹر اور فیس بک کو نو ماہ کا الٹی میٹم دے دیا[/pullquote]

روسی حکام نے سوشل میڈیا ویب سائٹس فیس بک اور ٹوئٹر کو روسی صارفین کا ڈیٹا واپس روس میں موجود کمپیوٹر سرورز پر منتقل کرنے کے لیے نو ماہ کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق یہ بات آج منگل کو ٹیلی مواصلاتی شعبے کے نگران روسی ادارے کے سربراہ آلیگزانڈر ژاروف نے بتائی۔ ژاروف نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ فیس بک اور ٹوئٹر ماسکو حکومت کا یہ مطالبہ بروقت پورا کر دیں گے اور روس کو انہیں بلاک نہیں کرنا پڑے گا۔

[pullquote]امریکی وزیر انصاف جمعرات کو میولر رپورٹ جاری کر دیں گے[/pullquote]

امریکی وزیر انصاف ولیم بار اسی ہفتے جمعرات کے روز ایف بی آئی کے خصوصی تفتیش کار روبرٹ میولر کی تیار کردہ رپورٹ جاری کر دیں گے۔ میولر کو اس بارے میں چھان بین کی ذمے داری سونپی گئی تھی کہ آیا گزشتہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے عہدیداروں کے روس کے ساتھ مبینہ رابطے رہے تھے۔ ساتھ ہی ولیم بار نے یہ بھی کہا کہ اس رپورٹ کے کچھ حصے اس لیے سیاہ کر دیے جائیں گے کہ وہ پڑھے نہ جا سکیں۔ وزیر انصاف نے مجموعی طور پر چار سو صفحات پر مشتمل اس رپورٹ کا اب تک صرف چار صفحات پر مشتمل خلاصہ امریکی کانگریس کو پیش کیا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ دو ہزار سولہ میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کے عہدیداران کے ماسکو کے ساتھ کسی غیر قانونی اشتراک عمل کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

[pullquote]افریقی یونین نے سوڈانی جرنیلوں کو الٹی میٹم دے دیا[/pullquote]

سوڈان میں ملکی فوج کی طرف سے اقتدار پر قبضے کے بعد افریقی یونین نے سوڈانی جرنیلوں کو اقتدار کی ایک سول حکومت کو منتقلی کے لیے الٹی میٹم دے دیا ہے۔ افریقی یونین کی سلامتی کونسل نے اپنے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ خرطوم میں اگر فوج نے پندرہ دن کے اندر اندر اقتدار سول قیادت کو منتقل نہ کیا، توآئینی نظام حکومت کی بحالی تک افریقی یونین میں سوڈان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔ اس اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئی سوڈانی حکومت عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ سابق صدر عمر البشیر کی اقتدار سے علیحدگی کے بعد سے ملک میں جو حکمران فوجی کونسل قائم ہے، وہ بھی تحلیل کی جائے۔

[pullquote]ٹرمپ سے متعلق چھان بین کرنے والے امریکی اخبارات پولٹزر انعامات کے حقدار[/pullquote]

امریکا کے دو مؤقر اخبارات نیو یارک ٹائمز اور وال سٹریٹ جرنل کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق گراں قدر صحافتی چھان بین کرنے کی وجہ سے پولٹزر انعامات کا حقدار ٹھہرایا گیا ہے۔ ان جریدوں کو یہ انعامات ان کی طرف سے خصوصی تحقیق کے اعتراف میں دیے گئے۔ ان میں سے ایک تو ٹرمپ خاندان کے مالی اثاثوں کے بارے میں تھی اور دوسری دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات سے پہلے کی ان مالی ادائیگیوں کے بارے میں، جو ٹرمپ کے حوالے سے دو خواتین کو خاموش رہنے کے لیے کی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ فروری دو ہزار اٹھارہ میں پارک لینڈ میں سترہ افراد کے قتل کے واقعے سے متعلق رپورٹنگ پر امریکی اخبار ’ساؤتھ فلوریڈا سن سینٹینل‘ کو بھی پولٹزر پرائز دیا گیا۔ اسی طرح ایک پولٹرز پرائز ’پِٹسبرگ پوسٹ گزٹ‘ کو بھی اس کی رپورٹنگ پر دیا گیا۔

[pullquote]جرمن عدالت نے ذہنی طور پر معذور افراد کے ووٹ کے حق کی تصدیق کر دی[/pullquote]

جرمنی میں نفسیاتی طور پر بیمار اور ذہنی طور پر معذور افراد بھی درخواست دینے پر چھبیس مئی کو ہونے والے یورپی پارلیمانی انتخابات میں اپنا ووٹ کا حق استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ فیصلہ وفاقی جرمن آئینی عدالت نے سنایا۔ اس سلسلے میں ایک آئینی درخواست ملک کی تین مختلف سیاسی جماعتوں نے دی تھی۔ یہ جماعتیں ماحول پسندوں کی گرین پارٹی، ترقی پسندوں کی فری ڈیموکریٹک پارٹی اور بائیں بازو کی لیفٹ پارٹی تھیں۔ اس طرح جرمنی میں پہلی بار ایسے شہری بھی ووٹ دینے کے اہل ہو گئے ہیں، جو یا تو ایسے معذور شہری ہوں جن کے لیے عدالتی سطح پر کوئی مختار مقرر کیا گیا ہو، یا پھر ذہنی طور پر معذور ایسے افراد جن کو ان کے کیے کی سزا نہ دی جا سکتی ہو اور جو کسی نفسیاتی علاج گاہ میں مقیم ہوں۔ ماہرین کے مطابق جرمنی میں ایسے شہریوں کی تعداد اسّی ہزار کے قریب بنتی ہے۔

[pullquote]ترک وزیر خزانہ کی ٹرمپ سے ملاقات، روسی میزائل سسٹم کے بارے میں بات چیت[/pullquote]

ترک وزیر خزانہ بیرات البیراک نے منگل کے روز کہا کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔ ترک نشریاتی ادارے این ٹی وی کے مطابق اس ملاقات میں ترکی کی طرف سے روسی دفاعی میزائل نظام خریدے جانے پر بات چیت کی گئی۔ انقرہ روسی ساختہ ایس چار سو طرز کے دفاعی میزائل سسٹم خرید رہا ہے اور امریکا کو اس پر اعتراض ہے۔ امریکی ٹیلی وژن سی این این کے ترک زبان کے نیوز چینل نے البیراک کے حوالے سے بتایا کہ واشنگٹن میں ہونے والی اس ملاقات میں یہ اتفاق رائے بھی ہوا کہ ترک امریکی تجارت کا سالانہ حجم بڑھا کر 75 بلین ڈالر کر دیا جائے گا۔

[pullquote]پیرس کا مشہور عالم نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل: آتشزدگی کے بعد صدر ماکروں کا تعمیر نو کا عہد[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے وسطی حصے میں واقع تاریخی نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل کو پیر کی رات اچانک لگنے والے آگ سے شدید نقصان پہنچا۔ اس دوران صدیوں پرانے اس کلیسا کا ایک بلند مینار منہدم بھی ہو گیا۔ یہ ساڑھے آٹھ سو سال پرانا کیتھیڈرل یونیسکو کی عالمی ثقافتی میراث کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ فائر بریگیڈ کے چار سو سے زائد کارکن کئی گھنٹے تک آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ آگ بجھائے جانے تک کلیسا کی عمارت بری طرح جل چکی تھی۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں بھی نصف شب کے قریب موقع پر پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے وہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوٹرے ڈیم فرانس اور انسانیت کی میراث کا حصہ ہے، جس کی جلد از جلد تعمیر نو کی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے