پیر : 22 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انٹرپول کا اپنے تفتیشی ماہرین سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ[/pullquote]

بین الاقوامی پولیس انٹرپول کی طرف سے اس کے تفتیشی ماہرین کی ایک ٹیم سری لنکا بھیجی جا رہی ہے۔ ان میں وہ ماہرین بھی شامل ہیں، جو کسی تباہی کے بعد ہلاک شدگان کی شناخت کرتے ہیں۔ فرانسیسی شہر لیوں میں انٹرپول کی طرف سے آج پیر کو بتایا گیا کہ ماہرین کی یہ ٹیم سری لنکا میں ایسٹر سنڈے کو کئی مقامات پر ہوئے بم دھماکوں کی چھان بین میں مقامی تفتیشی حکام کی مدد کرے گی۔ ان خود کش بم حملوں میں تقریباﹰ تین سو فراد ہلاک اور چار سو کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]حملوں میں بظاہر مقامی شدت پسند گروہ نیشنل توحید ملوث ہے، کولمبو حکومت[/pullquote]

سری لنکا کی حکومت کے خیال میں گزشتہ روز ایسٹر سنڈے کے موقع پر ملک میں مختلف مقامات پر کیے گئے بم حملوں میں نیشنل توحید جماعت نامی مقامی شدت پسند مسلمانوں کا ایک گروہ ملوث ہو سکتا ہے۔ ایک حکومتی ترجمان نے بتایا کہ حکام تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا ان حملوں کے لیے نیشنل توحید جماعت کو کوئی بین الاقوامی تعاون بھی حاصل رہا تھا۔ ترجمان کے مطابق بظاہر ایک چھوٹا سا شدت پسند گروہ ایک ہی دن میں اتنے زیادہ، سلسلہ وار اور انتہائی ہلاکت خیز بم دھماکے اکیلا نہیں کر سکتا۔ یہ بم دھماکے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں کیے گئے تھے۔

[pullquote]ایرانی تیل کی برآمد پر پابندی: سعودی عرب کمی پوری کرے گا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی تیل کی برآمد پر سخت تر پابندیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی کمی کو پورا کرنے میں سعودی عرب بھی بھرپور مدد کرے گا۔ یہ بات صدر ٹرمپ نے آج پیر کے روز اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیدا ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب اور تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کی رکن دیگر ریاستوں کی کوششیں کافی سے بھی زیادہ ثابت ہوں گی۔ وائٹ ہاؤس نے پیر ہی کو یہ اعلان کیا ہے کہ ایرانی تیل کی برآمد پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔

[pullquote]افغان صدر پر واضح کر دیا کہ قطر مذاکرات امن کا بہترین موقع ہیں، امریکا[/pullquote]

امریکا نے افغان صدر اشرف غنی پر واضح کر دیا ہے کہ خلیجی ریاست قطر میں افغان طالبان کے ساتھ بات چیت ہندوکش کی اس ریاست میں قیام امن کا بہترین موقع ہیں۔ آج پیر کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ بات صدر غنی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ویک اینڈ پر ٹیلی فون پر ہونے والی ایک گفتگو میں کہی۔ ساتھ ہی افغان صدر کو دوحہ میں اس بات چیت کے غیر معینہ عرصے کے لیے ملتوی کیے جانے پر امریکا کے عدم اطمینان سے بھی آگاہ کر دیا گیا۔ دوحہ میں افغان طالبان کے رابطہ دفتر میں یہ بات چیت جمعے کو شروع ہونا تھی، لیکن طالبان نے اسے اس بارے میں اختلافات کے بعد ملتوی کر دیا تھا کہ اس میں کس کس کو شرکت کرنا چاہیے۔

[pullquote]برلن کے نواح میں لگی جنگلاتی آگ پر قابو پا لیا گیا[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن کے نواح میں ایک بڑے جنگلاتی رقبے پر لگی آگ پر فائر بریگیڈ کے سینکڑوں کارکنوں نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پا لیا۔ یہ آگ ریاست برانڈن بُرگ کے علاقے اوبرہافَیل کے جنگل میں گزشتہ رات لگی تھی، جو پیر کی صبح تک تقریباﹰ بجھا دی گئی تھی۔ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آتش زدگی کے اس واقعے میں تقریباﹰ ڈھائی ہیکٹر رقبے پر پھیلا ہوا جنگل جل کر تباہ ہو گیا۔

[pullquote]مصر میں آئینی ریفرنڈم کا آخری دن[/pullquote]

مصر میں صدر عبدالفتاح السیسی کو سن 2030 تک بہ طور صدر کام کرنے کی اجازت دینے اور دستور میں ترامیم سے متعلق جاری تین روزہ عوامی ریفرنڈم کا آج آخری دن ہے۔ سن 2014ء میں ملک کے منتخب صدر محمد مرسی کا اقتدار ختم کرنے والے عبدالفتاح السیسی چاہتے ہیں کہ وہ طویل عرصے تک صدر رہیں اور اس کے لیے ملکی دستور میں بڑی ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ اپوزیشن نے اس ریفرنڈم کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عوامی شرکت بڑھانے کے لیے السیسی کے حامی لوگوں میں مفت خوراک تقسیم کرنے کے علاوہ انہیں پولنگ اسٹیشنوں تک لے جانے کا کام بھی کر رہے ہیں۔

[pullquote]میرکل کی نومنتخب یوکرائنی صدر زیِلنسکی کو مبارک باد[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے نومنتخب یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلِنسکی کو انتخابی فتح پر مبارک باد دی ہے۔ میرکل نے کہا کہ جرمنی یوکرائن کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کییف حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ جرمنی اور فرانس یورپی یونین کے وہ ممالک ہیں، جن کی ثالثی میں کییف حکومت اور یوکرائن کے مشرقی حصوں میں متحرک روس نواز باغیوں کے درمیان امن معاہدہ ہوا تھا۔ میرکل نے ایک کھلے خط میں کہا کہ یوکرائن کا استحکام اور مشرقی یوکرائنی تنازعے کا پرامن حل نہایت اہم ہیں۔

[pullquote]دہشت گردی کی فہرست سے ممکنہ اخراج، سوڈانی ٹیم امریکا جائے گی[/pullquote]

سوڈانی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح برہان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی امریکی فہرست سے اخراج کے لیے ایک ٹیم کو امریکا بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم امریکی حکام سے مذاکرات میں اس فہرست سے سوڈان کے اخراج پر بات کرے گی۔ واضح رہے کہ جنرل برہان عمرالبشیر کی برطرفی کے بعد بننے والی ملٹری کونسل کے سربراہ ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ امریکا نے اکتوبر 2017 میں سوڈان پر 20 سال سے عائد پابندیوں کا خاتمہ کیا تھا، تاہم اب بھی سوڈان ایران، شام اور شمالی کوریا کے ساتھ دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

[pullquote]فلپائن میں زلزلے کے طاقت ور جھٹکے، دو افراد ہلاک[/pullquote]

فلپائن میں پیر کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ چھ اعشاریہ ایک کی شدت کے اس زلزلے کا مرکز دارالحکومت منیلا سے 60 کلومیٹر دور زمین میں 40 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اس زلزلے کے نتیجے میں افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی وجہ سے دارالحکومت منیلا کے شمال میں واقع پامپانگا صوبے کے بعض علاقوں میں بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کئی مقامات پر شہری زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

[pullquote]سری لنکا حملے، ہلاکتوں کی تعداد قریب تین سو ہو گئی[/pullquote]

سری لنکا میں گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر مختلف گرجاگھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے بم حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 290 سے تجاوز کر گئی ہے۔ پیر کو حکام نے بتایا کہ اب تک ان حملوں سے تعلق کے شبے میں 24 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان میں کم از کم 35 غیرملکی شہری تھے۔ ان حملوں کے بعد نافذ کیا گیا کرفیو اب اٹھا لیا گیا ہے، تاہم تعلیمی ادارے آج اس سانحے کے تناظر میں بند رہیں گے۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز ہوئے ان حملوں میں سات دھماکے خودکش تھے۔ فی الحال کسی گروہ یا تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]یوکرائن میں مذاحیہ اداکار صدر پیٹرو پوروشینکو سے آگے[/pullquote]

یوکرائنی صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحملے میں مذاحیہ ٹی وی اداکار ولودیمیر سیلِنسکی صدر پیٹروپوروشینکو سے واضح برتری لیے ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کو منعقدہ ان انتخابات کے اب تک کے نتائج کے مطابق سیلِنسکی 73 فیصد سے زائد ووٹوں کے ساتھ واضح اکثریت لیے ہوئے ہیں جب کہ صدر پوروشینکو کو قریب پچیس فیصد ووٹ پڑے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق اب تک 85 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ مذاحیہ اداکار سیلِنسکی ’عوام کا خادم‘ نام سے ایک ٹی وی پروگرام میں یوکرائن کے صدر کا کردار ادا کرتے تھے۔

[pullquote]دہشت گرد سری لنکا میں مزید حملے کر سکتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ[/pullquote]

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک اور انتباہی پیغام میں کہا ہے کہ سری لنکا میں ’دہشت گرد گروہ‘ مزید حملے کر سکتے ہیں۔ امریکی شہریوں کے لیے ایک ’سفری انتباہ‘ میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا میں دہشت گرد گروہ کسی بھی وقت دوبارہ کارروائی کر سکتے ہیں، اس لیے امریکی شہری سری لنکا میں سیاحتی مقامات، پرہجوم جگہوں، شاپنگ مالز، ہوٹلوں، عبادت گاہوں اور دیگر عوامی مقامات سے دور رہیں۔

[pullquote]عمران خان کا دورہ ایران، سکیورٹی امور اور تعلقات پر بات چیت[/pullquote]

پاکستانی وزیراعظم عمران خان اتوار کے روز اپنے سرکاری دورے پر ایران پہنچ چکے ہیں۔ اس دورے میں وہ ایران کے ساتھ سکیورٹی امور کے ساتھ ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے بات چیت کریں گے۔ گزشتہ برس اگست میں پاکستانی وزارت عظمیٰ سنبھالنے والے عمران خان کا یہ پہلا دورہ ایران ہے۔ وہ ایک ایسے موقع پر یہ دورہ کر رہے ہیں، جب چند روز قبل پاکستانی علاقے اورماڑہ میں 14 سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری اسلام آباد حکومت نے ایران میں موجود عسکریت پسندوں پر عائد کی تھی۔

[pullquote]داعش سے تعلق کے جرم میں عراق میں چار افراد کو موت کی سزا[/pullquote]

ایک عراقی عدالت نے چار افراد کو شدت پسند داعش کا رکن ہونے کے جرم میں موت کی سزا کا حکم دیا ہے۔ ایک عدالتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کو امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے عراق کے سپرد کیا تھا۔ بغداد کی فوج داری عدالت کے مطابق یہ تمام مجرمان داعش کے متحرک کارکن تھے اور عام شہریوں کی ہلاکتوں میں ملوث تھے۔ عراقی بیان میں بتایا گیا ہے کہ چاروں مجرمان عراقی شہری ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ رواں برس فروری میں عراقی فوج نے بتایا تھا کہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے عراقی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 280 افراد عراق کے سپرد کیے ہیں۔

[pullquote]ایرانی تیل کی فروخت پر مکمل امریکی پابندی کا نفاذ[/pullquote]

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے امریکی انتظامیہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران سے تیل خریدنے والے ممالک کو دی گئی امریکی چھوٹ ختم کی جا رہی ہے۔ ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے باوجود جاپان، جنوبی کوریا، ترکی، چین اور بھارت ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان ممالک کو کہا جا رہا ہے کہ وہ ایرانی تیل کی خریداری روک دیں، دوسری صورت میں انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا ہو گا۔ ان ممالک کو دی گئی چھوٹ دو مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ آیا ان میں سے کسی ملک کو اس سلسلے میں اضافی وقت دیا جائے گا یا نہیں، تاہم امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اس بابت جلد ہی اعلان کرنے والے ہیں۔

[pullquote]شمالی مقدونیہ میں ایک گاڑی سے 58 مہاجرین برآمد[/pullquote]

شمالی مقدونیہ کی پولیس کا کہنا ہے کہ تین افراد کو مہاجرین کی اسمگلنگ کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس بیان میں کہا گیا ہےکہ کوسووو سے ملک میں داخل ہونے والی ایک گاڑی کو روکا گیا تو اس میں 58 تارکین وطن چھپے ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ان تارکین وطن کا تعلق شام اور پاکستان سے ہے۔ پولیس بیان کے مطابق ان تارکین وطن کو یونانی سرحد کے قریب واقع علاقے گیوگیلیا میں ایک مہاجر مرکز میں منتقل کیا گیا ہے۔

[pullquote]ایرانی سپریم لیڈر نے پاسداران انقلاب کے نئے سربراہ کا تقرر کر دیا[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانی فورس پاسداران انقلاب کے نئے سربراہ کا تقرر کر دیا ہے۔ بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی ستمبر 2007 سے پاسداران انقلاب کی سربراہی کرنے والے جنرل محمد علی جعفری کی جگہ لیں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آٹھ اپریل کو ایرانی انقلابی گارڈز کو غیرملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں داخل کیا تھا۔ پاسدارانِ انقلاب ایرانی جوہری پروگرام اور میزائل پروگرام کی نگرانی بھی کرتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں ’شیشہ‘ کشتی میں آتشزدگی، پانچ افراد زخمی[/pullquote]

جرمن شہر زاربروکن میں دریائے زار میں ایک حقہ کشتی میں آتش زدگی کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ فرانسیسی سرحد کے قریب اس آتش زدگی کے بعد کئی افراد کو زہریلا دھواں نگلنے کی وجہ سے طبی امداد دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت یہ کشتی لنگر انداز تھی اور اس میں سوار 35 افراد شیشہ پی رہے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے