کولمبو: سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں دھماکوں کے نتیجے میں اموات کی تعداد 359 تک پہنچ گئی جب کہ مزید حملوں کا خطرہ اب بھی برقرار ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق سری لنکا میں مزید دہشت گرد حملوں کا خطرہ برقرار ہے جس کے باعث کولمبو میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، رات کے اوقات میں کرفیو نافذ اور ہنگامی حالت برقرار ہے۔
ڈپٹی وزیر دفاع رووان وجے وردانے کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے مطابق دھماکوں میں 9 خودکش حملہ آور ملوث تھے جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی جب کہ 8 حملہ آوروں کی شناخت کی جاچکی ہے۔
رووان وجے وردانے کے مطابق دھماکوں کے الزام میں 60 افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں جب کہ دھماکوں میں ملوث مقامی گروہ کے لیڈر نے شنگریلا ہوٹل میں خودکشی کرلی۔
ڈپٹی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ دھماکوں میں ملوث ایک بمبار نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی۔
سری لنکن وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کا کہنا تھا کہ حملوں میں غیر ملکی تعلق سے متعلق ثبوت ملے ہیں تاہم داعش میں شمولیت کے بعد ملک واپس لوٹنے والے شہریوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب سری لنکن حکومت نے سیکیورٹی اداروں کے سربراہان تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا جب کہ انٹرپول نے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین کو سری لنکا بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں سمیت 8 دھماکے ہوئے تھے جس میں غیرملکیوں سمیت 300 سے زائد افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔