پیر : 29 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سوئٹزرلینڈ بھی ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ چینی منصوبے میں شامل[/pullquote]

سوئٹزرلینڈ کے صدر اُوئلی ماؤریر نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ بیجنگ میں ایک ملاقات کے دوران ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ پروگرام میں شمولیت کی مفاہمت پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس انتہائی جامع پروگرام کے تحت بندرگاہوں، سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کے مختلف پہلووں کی تعمیر میں چین مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے علاوہ یورپی یونین اور امریکا اس چینی پروگرام کو متنازعہ قرار دیتے ہیں۔ رواں برس مارچ میں امیر ملکوں کے گروپ جی سیون کی رکن ریاست اٹلی نے بھی اس چینی پروگرام میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا دوسرا اجلاس دو روز قبل ستائیس اپریل کو چینی دارالحکومت بیجنگ میں اختتام پذیر ہوا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں لویہ جرگے کا آغاز[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے لویہ جرگہ نامی چار روزہ مشاورتی اجلاس کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس اجلاس میں طالبان سے امن مذاکرات کے لیے ایک مشترکہ نقطہ نظر اپنانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس لویہ جرگے میں بتیس سو سے زائد افغان سیاستدان، قبائلی عمائدین، نمایاں شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہیں۔ اس اجلاس میں کابل حکومت کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اور سابق صدر حامد کرزئی کی عدم شرکت پر شرکاء نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ سابق صدر حامد کرزئی نے لویہ جرگہ کو امن عمل کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ ایسے خدشات بھی سامنے آئے ہیں کہ لویہ جرگہ میں کابل حکومت کے امریکا پر انحصار کے تناظر میں اختلافات جنم لے سکتے ہیں۔

[pullquote]موزمبیق میں سیلاب سے ہلاکتیں اڑتیس ہو گئیں[/pullquote]

افریقی ملک موزمبیق میں ایک سمندری طوفان کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد اڑتیس تک پہنچ گئی ہیں۔ اس جنوب مشرقی افریقی ملک کی شمالی ساحلی پٹی سے سمندری طوفان کینیتھ گزشتہ ہفتے کے دوران ٹکرایا تھا۔ سب سے متاثرہ صوبہ کابو ڈیلگاڈو ہے۔ ہزاروں مکان منہدم ہو گئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد تقریباﹰ ایک لاکھ ستر ہزار ہے۔ موزمبیق کے انتظامی اہلکار امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ابھی تک مجموعی نقصان کا تخمینہ نہیں لگایا جا سکا۔

[pullquote]بحرین کی شہریت واپس دینے والوں میں اپوزیشن رہنما شامل نہیں ہیں[/pullquote]

بحرین میں حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں سینکڑوں افراد کی منسوخ کی جانے والی ملکی شہریت بحال کر دی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گزشتہ ہفتے حکومت کی جانب سے مظاہرین کے لیے معافی کے اعلان کے تناظر میں ایک ہزار سے زائد افراد کو ملکی شہریت واپس دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ تاہم ان میں متعدد اہم اپوزیشن رہنماؤں اور سماجی کارکنوں کے نام نہیں ہیں۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے 551 افراد کی فہرست جاری کی ہے، جنہیں شہریت واپس کی جا رہی ہے۔

[pullquote]فلسطین انتطامیہ ٹیکس کے پیسے اسرائیل سے وصول نہ کرنے پر مصر[/pullquote]

فلسطینی انتظامیہ نے پیر کے روز ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے توسط سے فسلطینیوں سے جمع کی جانے والے ٹیکس کی رقم وصول نہیں کرے گی۔ مغربی کنارے میں فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جب تک اسرائیل مکمل رقم نہیں ادا کرے گا تب تک اسے وصول نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیل قریب 190 ملین ڈالر ماہانہ کسٹم ڈیوٹیز اور دیگر محصولات اپنے فضائی اور سمندری حدود میں داخلے پر فلسطینی انتظامیہ کی معرفت سے لیتا ہے اور بعد میں یہ فلسطینی انتظامیہ کے حوالے کی جاتی ہے۔ تاہم اسرائیلی موقف ہے کہ اس میں سے قریب دس ملین ڈالر اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے اخراجات کے لیے کاٹے جاتے ہیں۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ مذاکرات ناممکن ہیں، ایرانی جنرل[/pullquote]

ایران کی القدس فورسز کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات ناممکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی پابندیوں کے دباؤ میں ایرانی مذہبی اسٹیبلشمنٹ کسی صورت امریکا کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گی۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایرانی جنرل نے کہا کہ امریکا ایران کو اقتصادی پابندیوں کے ذریعے مجبور کرنا چاہتا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئے، مگر ایسی صورت حال میں امریکا کے ساتھ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس مئی میں ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے سے باہر نکلنے کا اعلان کیا تھا اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

[pullquote]فرانس میں دہشت گردی کا مبینہ منصوبہ ناکام[/pullquote]

فرانس نے دہشت گردی کا ایک مبینہ منصوبہ ناکام بناتے ہوئے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے فرانسیسی وزیرداخلہ اور پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ چار افراد کو ہتھیار حاصل کرنے اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے جیسے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ پیر کے روز فرانسیسی وزیرداخلہ کرسٹوف کاسٹانر نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ایسے کافی شواہد موجود ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان ایک بڑے دہشت گردانہ حملےکی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں سیلابوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 29 ہو گئی[/pullquote]

انڈونیشیا میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 29 ہو گئی ہے جب کہ 13 افراد لاپتا ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا کے سماٹرا جزیرے پر بینگ کُولُو صوبہ ان سیلابوں سے شدید متاثر ہوا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق ان شدید بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے قریب 12 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں، جن تک امدادی سامان اور خیمے پہنچانے کا کام جاری ہے۔

[pullquote]کشیدگی کے باوجود جرمن فوج سعودی عسکری اہلکاروں کی تربیت میں مصروف[/pullquote]

یمنی تنازعے میں ملوث ہونے پر کشیدگی کے باوجود سعودی فوجی افسروں کو جرمنی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ جرمن وزارت دفاع کی جانب سے پیر کے روز خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا گیا ہے کہ پانچ سعودی فوجی رواں برس جولائی میں جرمن بری فوج کے ’آفیسرز کورس‘ کا حصہ بنیں گے جب کہ مزید دو چند ماہ بعد جرمن فضائیہ سے تربیت لیں گے۔ جرمن وزیردفاع اُرزلا فان ڈیئر لائن نے دسمبر 2016ء میں اپنے دورہ ریاض کے موقع پر سعودی فوجیوں کو تربیت دینے کی حامی بھری تھی۔

[pullquote]امن معاہدے کا دارومدار طالبان کی فائربندی پر ہے، امریکی مندوب[/pullquote]

امریکی امن مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغانستان کے حوالے سے کسی بھی امن ڈیل کا دارومدار طالبان کی جانب سے فائربندی پر ہے۔ اتوار کے روز خلیل زاد نے اپنے بیان میں کہا کہ طالبان کو مکمل فائربندی اور ملک میں طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرنا چاہیے۔ افغانستان کے ایک نجی ٹی وی چینل سے اپنے انٹرویو میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکا کی توجہ دہشت گردی کے خاتمے پر مرکوز ہے اور جب تک طالبان مکمل اور مستقل فائربندی کا اعلان نہیں کرتے، کوئی بھی امن معاہدہ طے نہیں پا سکتا۔

[pullquote]ایران میں افراطِ زر چالیس فیصد سے بھی زيادہ ہو سکتی ہے، آئی ایم ایف[/pullquote]

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ رواں برس ایران میں افراط زر کی شرح چالیس فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے ایک سینیئر عہدیدار کے مطابق ایران پر عائد سخت ترین امریکی پابندیوں کی وجہ سے گزشتہ برس ایرانی اقتصادیات میں تین اعشاریہ نو فیصد کی کمی ہوئی جب کہ رواں برس ایرانی معیشت چھ فیصد تک سکڑ سکتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر پابندیوں کے باوجود چند ممالک کو ایرانی تیل کی خرید کی اجازت دے رکھی تھی، تاہم مئی سے یہ چھوٹ بھی ختم کی جا رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق اس چھوٹ کے خاتمے سے ایرانی اقتصادیات کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

[pullquote]سری لنکا حملے، بھارت میں متعدد مکانات پر چھاپے[/pullquote]

سری لنکا میں ایسٹر سنڈے کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے ایک ہفتے بعد بھارتی ریاست کیرالہ میں متعدد مکانات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ بھارتی پولیس کے مطابق یہ چھاپے 15 بھارتی شہریوں کے ملک چھوڑ کر دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کا حصہ بننے سے متعلق جاری ایک مقدمے کے سلسلے میں مارے گئے۔ بھارت کی نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی کے مطابق کیرالہ ریاست میں تین مکانات پر مارے گئے ان چھاپوں کے دوران موبائل فونز، سم کارڈز، سی ڈیز اور عربی اور مالائم زبانوں میں لکھا مواد قبضے میں لیا گیا۔

[pullquote]اٹلی کی فائیواسٹار پارٹی یورپی سیاست تبدیل کرنے کے لیے سرگرم[/pullquote]

اٹلی کی انتہائی دائیں بازو کی فائیواسٹار پارٹی یورپی پارلیمان میں زیادہ طاقت حاصل کرنے کے لیے مختلف یورپی جماعتوں کے ساتھ رابطوں میں مصروف ہے۔ فائیو اسٹار پارٹی کے سربراہ لوئگی ڈی مائیو کے مطابق روایتی یورپی جماعتوں میں یہ قوت نہیں کہ وہ یورپی پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل کر پائیں۔ انہوں نے وارسا میں عوامیت پسند پولش جماعت کوکیز ون فائیو تحریک اور کروشیا کی زی وی زِڈ پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ یورپی سیاست میں روایتی دائیں اور بائیں بازو کی سیاست قصہ پارینہ ہو چکی ہے اور اب اچھے اور برے خیالات کا فرق اہم ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا میں عام انتخابات سے قبل پہلا ٹی وی مباحثہ[/pullquote]

آسٹریلیا میں عام انتخابات سے قبل لیبر اور کنزرویٹیو پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان پہلا ٹی وی مباحثہ آج پیر کی شام ہو رہا ہے۔ ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر ہونے والے اس مباحثے کو انتخابات سے قبل انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا میں 18 مئی کو عام انتخابات منعقد ہونا ہیں اور اب تک کے عوامی جائزوں میں 51 سالہ اپوزیشن لیڈر بک شیرٹن آگے رہے ہیں، تاہم ایک تازہ عوامی جائزے میں حکمران قدامت پسند جماعت کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ پیر کی شب اپوزیشن لیڈر شیرٹن وزیراعظم اسکاٹ موریسن کے آمنے سامنے ہوں گے۔

[pullquote]بلقان سمٹ، یورپی رہنما سربیا اور کوسووو کو بات چیت پر آمادہ کرنے کی تگ و دو میں[/pullquote]

یورپی رہنما پیر کے روز برلن میں منعقد بلقان سمٹ میں حریف ممالک سربیا اور کوسووو کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کریں گے۔ بلقان خطے میں کوسووو اور سربیا کے درمیان تنازعے کو یورپ کے مشکل ترین تنازعات میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر امانویل ماکروں بلقان سمٹ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ اس سمٹ میں خطے کے استحکام اور سربیا اور کوسووو کے درمیان مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے موضوعات زیربحث رہيں گے۔ گزشتہ برس سربیا اور کوسووو کے درمیان امن مذاکرات منجمد ہو گئے تھے۔

[pullquote]مشرقی شام میں کرد ملیشیا کے خلاف مظاہرے[/pullquote]

مشرقی شامی علاقے دیرالزور میں اسلامک اسٹیٹ کو شکست دینے والی امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے خلاف عوامی مظاہرے جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ قبائلی رہنما اور عام مظاہرین گزشتہ پانچ روز سے ٹائر جلا کر اور اہم ہائی وے بند کر کے احتجاج کر رہے ہیں۔ شام میں تیل کی پیدوار کے اعتبار سے اس اہم ترین علاقے میں کچھ عرصہ قبل کرد فورسز نے اسلامک اسٹیٹ کو شکست دے کر قبضہ کیا تھا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے کا تیل چرایا جا رہا ہے اور وہ کرد قبضے کو نامنظور کرتے ہیں۔

[pullquote]ایران پر پابندیوں کی وجہ سے مشرقِ وسطیٰ کی اقتصادی شرح نمو متاثر، آئی ایم ایف[/pullquote]

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ ایران پر سخت امریکی پابندیوں کے نفاذ کی وجہ سے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہو گئی ہے اور تیل کی قیمتوں پر بھی زبردست اثر پڑا ہے۔ آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ ان پابندیوں کی وجہ سے پورے خطے کی معیشت پر مضر اثرات پڑ رہے ہیں۔ اس عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے سرمایہ کاری پر بھی فرق پڑا ہے۔ خطے کی مجموعی اقتصادی شرح نمو ایک اعشاریہ چار فیصد تھی، جو رواں برس ممکنہ طور پر کم ہو کر ایک اعشاریہ تین فیصد ہو سکتی ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں انتخابی عملے کے تین سو سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا میں انتخابات میں خدمات انجام دینے والے قریب تین سو اہلکار تھکن اور بیماریوں کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق رواں ماہ ہونے والے ان انتخابات میں خدمات سرانجام دینے والے 287 پولنگ اسٹیشن ملازمین اور 18 پولیس اہلکار استعطاعت سے زائد کام کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ اس حوالے سے انڈونیشیا میں یہ مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں کہ انتخابات کو پورے ملک میں ایک ہی روز کرانے کی روش تبدیل کی جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے