منگل : 30 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]داعش کے جہادی افغانستان پہنچ رہے ہیں، امریکی عہدیدار[/pullquote]

امریکی حکام کے مطابق شام اور عراق میں خونریز حملے کرنے والے داعش کے عسکریت پسند وہاں قائم کی گئی ’خلافت‘ کے خاتمے کے بعد افغانستان پہنچ رہے ہیں تاکہ اس ملک میں قدم جماتے ہوئے اپنے ’جہادی حملوں‘ کو جاری رکھ سکیں۔ کابل میں امریکی خفیہ ایجنسی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ داعش کے کچھ اراکین افغانستان پہنچ کر اپنا تجربہ اور مہارت مقامی عسکریت پسندوں کو فراہم کر رہے ہیں۔ اس عہدیدار نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر افغانستان میں داعش کے خلاف دباؤ نہ بڑھایا گیا تو یہ تنظیم ایک سال کے اندر اندر امریکا میں کوئی بڑا حملہ کر سکتی ہے۔

[pullquote]وینزویلا میں پیش آنے والے واقعات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، امریکی فوجی حکام[/pullquote]

امریکی فوجی حکام کے مطابق وہ لاطینی امریکی ملک وینزویلا میں پیش آنے والے واقعات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم امریکی فوجی حکام نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان واقعات میں ان کا کوئی کردار ہے۔ قبل ازیں ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ کراکس ایئر بیس پر صدر نکولاس مادورو کے حامی اور مخالف فوجیوں کے مابین مسلح لڑائی کا آغاز ہو گیا ہے۔ صدر مادورو کے مطابق ملکی فوجی قیادت ان کے ساتھ ہے اور بغاوت کی خبریں درست نہیں ہیں۔ دوسری جانب وینزویلا کے خود ساختہ اور مغربی حمایت یافتہ صدر خوان گوائیڈو نے کہا ہے کہ صدر مادورو کو اقتدار سے الگ کرنے کے لیے ’حتمی مرحلے‘ کا آغاز ہو گیا ہے۔

[pullquote]جاپانی شہنشاہ آکی ہیٹو کا ملکی شہریوں کے لیے آخری پیغام[/pullquote]

تیس سالہ حکمرانی کے بعد جاپانی شہنشاہ آکی ہیٹو نے آخری مرتبہ اپنی قوم سے خطاب کیا ہے۔ پچاسی سالہ شہنشاہ نے جاپانی شہریوں کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے بیٹے ناروہیٹو کی قیادت میں ایک نئے، مستحکم اور خوشحال دور کی خواہش کا اظہار کیا۔ آکی ہیٹو زیادہ عمر اور صحت کے مسائل کی وجہ سے بادشاہت اپنے انسٹھ سالہ بیٹے ناروہیٹو کے حوالے کر رہے ہیں۔ آکی ہیٹو جاپان میں گزشتہ دو سو سال میں تخت سے دستبردار ہونے والے پہلے شہنشاہ ہیں۔

[pullquote]سوڈان میں مشترکہ سول ملٹری عبوری حکومتی کونسل کا قیام[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان کی عبوری ملٹری کونسل کے لیفٹیننٹ جنرل صالح عبدالخالق نے صحافیوں کو بتایا کہ عبوری حکومتی کونسل کی تشکیل نو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی مشترکہ سول فوجی کونسل کے سربراہ موجودہ ملٹری کونسل کے سربراہ جنرل عبدل فتاح البرہان ہوں گے۔ خرطوم کے جمہوریت پسند مظاہرین کا ایک بڑا مطالبہ عبوری حکومت سویلین کو منتقل کرنا ہے۔ دوسری جانب ایک اور پیش رفت یہ ہے کہ سوڈانی ملٹری کونسل کے تین لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے کے اراکین نے استعفے پیش کر دیے ہیں۔ مظاہروں کی مرکزی منتظم تنظیم سوڈانی پروفیشنل ایسوسی ایشن نے ان افسران کے کریک ڈاؤن میں ملوث ہونے کی وجہ سے انہیں برخاست کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

[pullquote]یورو زون کی اقتصادی نمو میں دوگنا اضافہ[/pullquote]

یورپی یونین کے دفتر شماریات کے مطابق رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں یورو زون کی اقتصادیات میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ شرح بیروزگاری میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ دفتر شماریات نے اقتصادی نمو کے حوالے سے بتایا کہ یوروزون کی معیشت 0.4 فیصد پھیلی ہے۔ اقتصادی پھیلاؤ کا یہ حجم سن 2018 کی آخری سہ ماہی سے دوگنا ہے۔ اس بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ رواں برس مارچ میں بیروزگاری کی شرح کم ہو کر 7.7 فیصد ہو گئی ہے۔ اسی سہ ماہی میں نوجوانوں میں بھی شرح بیروزگاری کم ہوئی ہے۔

[pullquote]سابق الجزائری وزیراعظم کرپشن الزامات کے تناظر میں عدالت میں پیش[/pullquote]

الجزائر کے سابق وزیراعظم احمد آؤیحییٰ کرپشن الزامات کی تفتیش کے سلسلے میں منگل تیس اپریل کو ایک ملکی عدالت میں پیش ہوئے۔ عبدالعزیز بوتفلیقہ کے منصب صدارت سے مستعفی ہونے کے بعد کئی اہم سابق حکومتی شخصیات کو کرپشن کے الزامات کے تحت عدالتی تفتیش کا سامنا ہے۔ عدالت میں پیشی کے وقت مظاہرین کی ایک بڑی تعداد بھی عدالتی عمارت کے باہر موجود تھی اور وہ سابق وزیراعظم کو گرفتار کرنے کے بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ پیر انتیس اپریل کو سابق وزیر خز انہ محمد لُوکال کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ سابق الجزائری صدر کے دور کی کرپشن کے خلاف تفتیش کا دائرہ وسیع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

[pullquote]سربیا اور کوسووو نے بات چیت شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی[/pullquote]

جرمن حکومت کے بیان کے مطابق سربیا اور کوسووو نے مذاکرات شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ منگل تیس اپریل کو جاری ہونے والا یہ بیان مغربی بلقان خطے کے ممالک کی سمٹ کے اختتام پر جاری کیا گیا۔ اس سمٹ کا مقصد بھی سربیا اور کوسووو کے خراب ہوتے تعلقات میں بہتری پیدا کرنا تھا۔ سربیا اور کوسووو کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کا سلسلہ یورپی یونین کی خارجہ امور کی چیف فیڈریکا موگرینی کی قیادت میں جاری ہے۔ ماضی میں کوسووو اور سربیا کے درمیان مذاکراتی سلسلے کامیابی سے ہمکنار نہ ہونے کی سب سے بڑی اور اہم وجہ سرحدوں میں تبدیلی کا متنازعہ معاملہ تھا۔

[pullquote]سعودی عرب ایرانی تیل کا متبادل ثابت ہو سکتا ہے، سعودی وزیر تیل[/pullquote]

سعودی عرب کے وزیر تیل خالد الفلیح نے کہا ہے کہ آٹھ ممالک کے لیے ایرانی تیل کی خرید پر امریکی استثنیٰ ختم ہونے کے بعد اُن کا ملک تیل خریدنے والے ملکوں کی طلب پوری کرنے کی ہمت رکھتا ہے۔ الفلیح نے یہ بات روسی نیوز ایجنسی آر آئی اے کو ایک انٹرویو میں بتائی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رواں برس جون کے بعد بھی تیل کی پیداوار میں تعاون جاری رکھنے کی عالمی ڈیل پر عمل ممکن ہے۔ سعودی عرب کے وزیر تیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریاض حکومت خام تیل کی پیداوار کو عالمی طلب کے مطابق برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔

[pullquote]طرابلس پر جنگی طیاروں کے حملے، چار افراد ہلاک اور 37 زخمی[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار شمالی افریقی ملک لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پر کیے گئے فضائی حملوں میں کم از کم چار افراد کے مرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس حملے میں سینتیس شہری زخمی ہوئے ہیں۔ لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے ہوائی حملوں کا الزام خلیفہ حفتر کی نیشنل آرمی پر عائد کیا ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق خلیفہ حفتر کی فوج کے جنگی جہازوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد عام شہری ہیں۔ لیبین نیشنل آرمی طرابلس پر قبضے کی کوشش میں ہے اور اُس نے چار اپریل سے چڑھائی کر رکھی ہے۔

[pullquote]اسلامک اسٹیٹ کے سربراہ کی پانچ سال بعد نئی ویڈیو[/pullquote]

عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے محفوظ رہنے والے سپریم لیڈر ابوبکر البغدادی کی نئی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں البغدادی کی یہ پہلی ویڈیو ہے۔ اس ویڈیو میں البغدادی نے داعش کی شکست کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ مزید انتقامی حملوں کی دھمکی بھی دی ہے۔ البغدادی نے یہ بھی کہا کہ خدا نے انہیں جہاد کا حکم دیا ہے، یہ نہیں کہا تھا کہ جیتنا بھی ہے۔ البغدادی کو آخری مرتبہ عراقی شہر موصل میں سن 2014 میں دیکھا گیا تھا۔ یہ ویڈیو عسکریت پسند تنظیم کے میڈیا سے تعلق رکھنے والے گروپ الفرقان نے جاری کی ہے۔ امریکا نے کہا ہے کہ وہ اس ویڈیو کے درست ہونے کا جائزہ لے رہا ہے۔

[pullquote]امریکی دباؤ کے باوجود تیل کی برآمدات جاری رکھیں گے، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران تیل کی برآمدات جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے ٹیلی وژن پر براہ راست نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کہی۔ روحانی کے مطابق ایران کی تیل کی برآمدات کو صفر کی سطح پر لانا امریکا کا ایک غلط فیصلہ ہے اور ایران اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہونے دے گا۔ اپنے اس خطاب میں ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا آئندہ مہینوں میں دیکھ لے گا کہ ایران اپنی تیل کی برآمدات جاری رکھے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکا کی جانب سے آٹھ ممالک کو ایرانی خام تیل خریدنے کا استثنیٰ دو مئی کو ختم ہو جائے گا۔

[pullquote]جاپانی بادشاہ کی تخت سے دستبرداری کی تقریبات میں شرکت[/pullquote]

جاپان کے بادشاہ آکی ہیٹو نے تخت پر تیس برس براجمان رہنے کے بعد دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ دستبرداری کی تقریبات کے سلسلے کا آغاز انہوں نے آج منگل کو ایک دیوتا کے مندر میں پوجا سے کیا۔ گزشتہ دو صدیوں میں جاپانی تخت سے دستبردار ہونے والے وہ پہلے بادشاہ ہیں۔ اُن کی جگہ پر ولی عہد نارو ہیٹو کل بدھ کو تخت پر براجمان ہو جائیں گے۔ پچاسی سالہ آکی ہیٹو دوسری عالمی جنگ کے بعد نئے ملکی دستور کے تحت بننے والے پہلے بادشاہ ہیں۔ دستور میں جاپانی بادشاہ کو عوام کا نشان قرار دیا گیا ہے اور یہ بادشاہ کسی سیاسی قوت کا حامل نہیں ہوتا۔ اُن کے والد ہیرو ہیٹو کو دوسری عالمی جنگ میں شکست ہوئی تھی۔

[pullquote]امریکی صدر نے سیاسی پناہ کے قوانین کو مزید سخت کرنے کا حکم داری کر دیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سیاسی پناہ کے موجودہ قوانین کو مزید سخت کر دیا جائے۔ ٹرمپ نے گزشتہ روز وزارت انصاف اور داخلی سلامتی کے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ نوے ایام کے دوران سیاسی پناہ حاصل کرنے کی موجودہ پالیسی میں سخت قوانین کو شامل کیا جائے۔ نئے ضوابط میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرانے پر بھی فیس عائد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے مہاجرین کو بھی نئے ضابطوں کا سامنا کرنے پڑے گا۔

[pullquote]مراکش میں دو سکینڈے نیوین شہریوں کے قتل کا مقدمہ[/pullquote]

شمالی افریقی ملک مراکش میں سکینڈے نیویا سے تعلق رکھنے والی دو خواتین سیاحوں کے قتل کے مقدمے کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ اس مقدمے میں کم از کم دو درجن مشتبہ افراد کو استغاثہ کی عائد کردہ فرد جرم کا سامنا ہے۔ ان میں تین افراد کو مرکزی ملزم اور بقیہ کو اس واردات میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورک کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ تینوں مرکزی ملزموں نے جہادی گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ساتھ وابستگی اختیار کر رکھی تھی۔ ڈنمارک کی طالبہ لوئیسا ویسٹریگر اور ناروے کی مارین اُولینڈ کو کوہ اطلس الکبیر میں قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ دونوں کرسمس کی تعطیلات میں شمالی افریقہ کی بلند ترین چوٹی کو سر کرنے کی کوشش میں تھیں۔

[pullquote]امریکا کے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]

امریکی وزارت انصاف کے ڈپٹی اٹارنی جنرل راڈ روزنسٹائن نے اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے ہی سن 2016 کے ملکی صدارتی انتخابات میں روسی حکومت اور موجودہ صدر کی انتخابی مہم کے مبینہ رابطوں کی تفتیش کے لیے خصوصی تفتیش کار رابرٹ مُؤلر کو تعینات کیا تھا۔ وہ گیارہ مئی کو اپنے دفتر کو خیرباد کہہ دیں گے۔ روزنسٹائن کے بارے میں یہ کہا جا رہا تھا کہ وہ رواں برس مارچ میں اپنا منصب چھوڑنے والے تھے۔ اُن کی جگہ پر امریکی صدر ٹرمپ نے پہلے ہی جیفری روزن کو نامزد کر رکھا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے روزنسٹائن کے مستعفی ہونے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے