بدھ : یلم مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]وینزویلا کا بحران، پینٹاگون کے قائم مقام سربراہ نے دورہ یورپ منسوخ کر دیا[/pullquote]

امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شیناہن نے وینزویلا کے بحران کے تناظر میں اپنا دورہ یورپ منسوخ کر دیا ہے۔ دوسری جانب امریکی فوج کے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے کہا ہے کہ وہ وینزویلا میں خفیہ معلومات جمع کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کسی ممکنہ حکم نامے پر بخوبی عمل کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ مزید اس حوالے سے کیا کرنے والے ہیں۔ دریں اثناء وینزویلا میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]امریکا وینزویلا میں کسی بھی ’جارحانہ‘ کارروائی سے باز رہے، روس[/pullquote]

روس نے امریکا کو وینزویلا میں کوئی بھی ’جارحانہ‘ کارروائی کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کا اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بدھ کو ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وینزویلا میں کسی بھی طرح کے مزید ’جارحانہ اقدامات‘ کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ روسی وزیر خارجہ نے وینزویلا میں ان کے بقول امریکی مداخلت کی بھی شدید مذمت کی۔ قبل ازیں مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے وینزویلا میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے ’فوجی کارروائی ممکن‘ ہے۔

[pullquote]محنت کشوں کا عالمی دن، مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں[/pullquote]

آج بدھ کو دنیا بھر میں مزدو یونینوں کی طرف سے محنت کشوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ محنت کشوں کے حقوق کے لیے دنیا کے درجنوں ممالک میں بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ترکی میں ایسے ہی ایک مظاہرے کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ پیرس میں پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔ روسی دارالحکومت ماسکو میں بھی ہزاروں مظاہرین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے مارچ کیا۔ تیونس میں حکومت نے ملازمین کے لیے کم از کم تنخواہوں میں ساڑھے چھ فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]کانگو میں ایبولا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ[/pullquote]

افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو کے مشرق میں ایبولا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ دارالحکومت کنشاسا میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ایک ہفتے کے اندر اندر اس وائرس کے ایک سو چھ نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اسی دوران اس خطرناک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی اب بہّتر ہو گئی ہے۔ اس مرض سے ایک ہفتے میں اس قدر زیادہ افراد پہلے کبھی متاثر نہیں ہوئے تھے۔ مارچ کے اواخر سے ایسے مریضوں کی تعداد میں پچاس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان کی مجموعی تعداد اب ایک ہزار سے بڑھ کر ڈیڑھ ہزار ہو گئی ہے۔

[pullquote]جرمن چانسلر افريقی ملکوں کے دورے پر روانہ[/pullquote]

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل مغربی افريقی ممالک کے تين روزہ دورے پر روانہ ہو گئی ہيں۔ وہ آج شام ہی برکينا فاسو کے دارالحکومت پہنچ رہی ہيں، جہاں ميزبان ملک کے صدر ان کا استقبال کريں گے۔ برکينا فاسو کے علاوہ ميرکل مالی اور نائجر بھی جائيں گی۔ اس دوران جرمن چانسلر علاقائی ’جی فائيو‘ يا ساحل کہلانے والے گروپ کی سمٹ ميں بھی شرکت کريں گی۔ ميرکل مالی ميں تعينات جرمن فوجيوں سے کل دو مئی کو مليں گی۔ جرمن چانسلر اس دورے پر ان ممالک ميں جمہوری حکومتوں کی حمايت کا اظہار کريں گی اور انہيں لاحق دہشت گردی جيسے چيلنجز پر بھی تبادلہ خيال متوقع ہے۔

[pullquote]وکی ليکس کے بانی جوليان اسانج کو پچاس ہفتوں کی سزائے قيد[/pullquote]

وکی ليکس کے بانی جوليان اسانج کو برطانيہ ميں ضمانت پر رہائی کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر آج بروز بدھ پچاس ہفتے قيد کی سزا سنا دی گئی ہے۔ لندن کی ايک عدالت ميں جج ڈيبرا ٹيلر نے اسانج کی جانب سے نرمی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہيں يہ سزا سنائی۔ سويڈن حوالگی سے بچنے کے ليے اسانج نے جون سن 2012 سے لندن ميں ايکواڈور کے سفارت خانے ميں پناہ لے رکھی تھی۔ انہيں پچھلے ماہ گيارہ اپريل کو گرفتار کيا گيا۔ جوليان اسانج کے خلاف فيصلہ آنے پر ان کے حاميوں نے عدالت ميں نعرے بازی بھی کی۔

[pullquote]چند يوکرائنی شہريوں کے ليے تير رفتار روسی شہريت کا قانون منظور[/pullquote]

روسی صدر نے ايک ايسے نئے قانون پر دستخط کر ديے ہيں، جس کے تحت چند يوکرائنی شہريوں کو بہت کم وقت ميں روسی شہريت دی جا سکے گی۔ بدھ يکم مئی کو منظور کردہ نئے قانون کے مطابق تمام يوکرائنی شہريوں کو نہيں بلکہ چند مخصوص کو ہی يہ سہولت ميسر ہو گی۔ پوٹن نے مغربی ممالک اور بالخصوص کييف حکومت کے شديد تحفظات کے باوجود اس قانون کو حتمی شکل دی ہے۔

[pullquote]پيرس ميں ’پيلی جيکٹ‘ والوں کا مظاہرہ[/pullquote]

آج يکم مئی کو فرانسيسی دارالحکومت پيرس ميں ’پيلی جيکٹ‘ والوں کی طرف سے بڑے مظاہرے کیے جا رہے ہيں۔ حکومت احتجاج کے خلاف مکمل عدم برداشت کی پاليسی کا اعلان کر چکی ہے اور پيرس ميں اس وقت قريب ساڑھے سات ہزار پوليس اہلکار تعينات ہيں۔ مختلف مقامات سے مظاہرين اور پوليس کے مابين جھڑپوں اور تصادم کی اطلاعات موصول ہو رہی ہيں۔ قبل ازيں فرانسيسی وزير داخلہ نے بتايا تھا کہ حکام کے پاس ايسی معلومات ہيں کہ مظاہروں ميں ايک سے دو ہزار کافی سخت گير نظريات کے حامل افراد شريک ہوں گے، جو امن و امان کی صورتحال خراب کر سکتے ہيں۔

[pullquote]نقاب اور برقعے پر پابندی عائد کی جائے، ہندو انتہاپسند گروہ[/pullquote]

ايک ہندو انتہاپسند گروہ نے بھارت ميں چہرہ ڈھانپنے يا نقاب کرنے پر پابندی کا مطالبہ کيا ہے۔ ممبئی کی شيو سينا پارٹی نے مقامی سامانا نامی اخبار ميں بدھ کو چھپنے والے اپنے ايک اداريے ميں لکھا ہے کہ وہ وزير اعظم نريندر مودی سے مطالبہ کرتے ہيں کہ سری لنکا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھارت ميں بھی نقاب اور برقعے پر پابندی عائد کریں۔ شيو سينا پارٹی نےموقف اختيار کيا ہے کہ برقعے کا اسلام يا بھارتی مسلمانوں سے کوئی تعلق نہيں۔ بھارتی ہوم منسٹری نے اس معاملے پر فی الحال کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا ہے۔ بھارت ميں چند مسلم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ برقعے پر پابندی ان کے شہری حقوق کی خلاف ورزی کے مساوی ہو گی۔

[pullquote]’جب تک کئی اہم اقدامات نہيں کيے جاتے، افغانستان امن کے ليے تيار نہيں‘[/pullquote]

ايک امريکی واچ ڈاگ نے اپنی ايک تازہ رپورٹ ميں خبردار کيا ہے کہ جب تک کئی اہم اقدامات نہيں کيے جاتے، افغانستان امن کے ليے تيار نہيں۔ رپورٹ ميں يہ بھی بتايا گيا ہے کہ نيٹو کے مشن نے اس بارے ميں معلومات جمع کرنا ختم کر دی ہيں کہ افغانستان ميں طالبان کن کن علاقوں پر قابض ہيں۔ امريکی ’آفس فار دا اسپيشل انسپکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن‘ يا (SIGAR) کی رواں برس کی پہلی سہ ماہی کی رپورٹ منگل کو امريکی کانگريس ميں پيش کی گئی۔ رپورٹ ميں يہ بھی بتايا گيا ہے کہ امريکی حکومت افغان سکيورٹی دستوں پر سالانہ پانچ بلين ڈالر خرچ کرتی ہے۔

[pullquote]افغانستان ميں قيام امن کے ليے مذاکرات کا تازہ دور آج سے شروع[/pullquote]

امريکی نمائندگان اور افغان طالبان کے مابين امن مذاکرات کا چھٹا دور آج سے قطر ميں جاری ہے۔ اس خبر کی تصديق طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے بھی کر دی ہے۔ ان مذاکرات میں خاص طور پر افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی اور طالبان کی طرف سے اس بات کی يقين دہانی کرائے جانے پر توجہ مرکوز رہے گی کہ امریکی افواج کی واپسی کے بعد افغان سرزمین کو عالمی سطح پر دہشت گردی کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر نہیں استعمال کیا جائے۔ مذاکرات کے تازہ دور میں طالبان کو ایک بار پھر اس بات پر راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ وہ افغان حکومت کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر آمادہ ہو جائیں۔

[pullquote]دنيا بھر ميں يہوديوں پر حملوں ميں اضافہ، رپورٹ[/pullquote]

تل ابيب يونيورسٹی کے محققين کی ايک تازہ رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا گيا ہے کہ سن 2018 کے دوران عالمی سطح پر يہوديوں پر حملوں ميں تيرہ فيصد اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے سال دنيا بھر ميں يہوديوں پر حملوں کے کُل چار سو واقعات رپورٹ کيے گئے، جن ميں ايک چوتھائی امريکا ميں ہوئے۔ مغربی يورپ ميں ايسے حملوں ميں ڈرامائی اضافہ نوٹ کيا گيا۔ جرمنی ميں سامیت مخالف حملوں ميں سن 2018 ميں ستر فيصد کا اضافہ نوٹ کيا گيا۔

[pullquote]ايسٹر حملوں ميں بيرونی ہاتھ ملوث ہو سکتا ہے، صدر سری سينا[/pullquote]

سری لنکن صدر ميتھريپالا سری سينا کے مطابق اس بات کے قوی امکانات ہيں کہ ايسٹر کے موقع پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں ميں کوئی غير ملکی ’ماسٹر مائند‘ ملوث ہو۔ اسکائی نيوز کو ديے اپنے انٹرويو ميں سری سينا نے داعش سے اپنا ملک چھوڑنے کا کہا۔ سری سينا کے بقول يہ ممکن ہے کہ يہ دہشت گرد تنظيم اب کسی نئی حکمت عملی کے تحت چھوٹے ملکوں کو ہدف بنا رہی ہو۔ دريں اثناء آئندہ پير کو مسلمانوں کے مقدس مہينے رمضان کے آغاز سے قبل سری لنکا ميں مزيد حملوں کا خدشہ ظاہر کيا گيا ہے اور حکام کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے ليے تيار ہيں۔

[pullquote]بھارت: ماؤ نواز باغيوں کے مبینہ حملے ميں متعدد پوليس اہلکار ہلاک[/pullquote]

بھارت کی مغربی رياست مہاراشٹر ميں ايک بارودی سرنگ کی زد ميں آ کر متعدد پوليس اہلکار آج بروز بدھ ہلاک ہو گئے ہيں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پوليس کی دو گاڑياں اس بارودی سرنگ کی زد ميں آئيں اور دھماکے کے نتيجے ميں پندرہ اہلکاروں سميت ايک سويلين ڈرائيور ہلاک ہو گئے۔ اس علاقے ميں ماؤ نواز باغيوں کا زور ہے اور وہ وقفے وقفے سے سکيورٹی اہلکاروں کو نشانہ بناتے رہتے ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے