[pullquote]یورپی رہنماؤں کو امیگریشن کی مخالفت کرنا چاہیے، اوربان[/pullquote]
اٹلی کے نائب وزیر اعظم ماتیو سالوینی نے بوڈاپسٹ میں ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان سے ملاقات کی ہے۔ یورپی پارلیمان کے الیکشن سے قبل مہاجرت مخالف ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اوربان نے جمعرات کے دن سالوینی سے ملاقات کے بعد کہا کہ یہ ضروری ہے کہ یورپ کا انتظام چلانے والے رہنما امیگریشن کی مخالفت کریں۔ اس معاملے پرسالوینی اور اوربان کے نظریات یکساں ہیں۔ یورپی پارلیمان کے الیکشن اسی مہینے ہونا ہیں۔
[pullquote]امریکی اور روسی وزرائے خارجہ کی وینزویلا کے بارے میں گفتگو[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف کے ساتھ ایک ملاقات میں وینزویلا کے بارے مین دوطرفہ اختلافات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ امریکی حکام کے مطابق دونوں رہنما آئندہ ہفتے فن لینڈ میں ملیں گے۔ اس ملاقات میں عالمی مسائل اور معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔
[pullquote]ملکی فوج بغاوت ناکام بنا دے، نکولاس مادورو[/pullquote]
وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے ملکی فوج سے کہا ہے کہ وہ حکومت کا تختہ الٹنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا دے۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا ہے، جب اپوزیشن رہنما اور خود ساختہ صدر خوآن گوآئیڈو کے حامی فوجیوں کی طرف سے بغاوت کی ایک مبینہ کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ جمعرات کے دن اپنے ایک نشریاتی خطاب میں صدر مادورو نے کہا کہ خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ اس وقت سلامتی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جانا چاہیے۔
[pullquote]سوڈان میں فوجی حکومت کے خلاف دھرنا[/pullquote]
سوڈان میں عوام فوجی حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز سوڈان کے دارالحکومت میں واقع وزارت دفاع کی عمارت کے باہر ہزاروں افراد دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ ان مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں اقتدار سول حکومت کے سپرد کیا جائے۔ فوج نے صدر عمر البشیر کو معزول کرنے کے بعد اقتدار خود سنبھال لیا تھا۔ فوج کا کہنا ہے کہ دو سال بعد الیکشن منعقد کرائے جائیں گے تاہم اپوزیشن گروہ اور انسانی حقوق کے کارکن فوجی حکومت کے خلاف اپنے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
[pullquote]میرکل کا دورہ مغربی افریقہ[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جمعرات کو مالی میں تعینات جرمن فوجیوں سے ملاقات کی۔ یہ فوجی شمالی مالی میں مسلم شدت پسندوں کے خلاف جاری عالمی مہم کا حصہ ہیں۔ قبل ازیں میرکل نے برکینا فاسو میں سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ گاؤ نامی شہر میں جرمن فوجیوں سے ملاقات کے بعد میرکل نائجر روانہ ہو جائیں گی۔ مغربی افریقہ کے اپنے اس دو روزہ دورے کے دوران میرکل بدھ کے دن مالی کے دارالحکومت میں متعدد افریقی ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملی تھیں۔
[pullquote]امریکی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں شہری ہلاکتوں میں کمی[/pullquote]
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی طرف سے جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس عراق، شام، افغانستان اور صومالیہ میں کی گئی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 120 شہری ہلاک ہوئے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف کیے گئے ان حملوں کے دوران 65 عام شہری زخمی بھی ہوئے۔ اہم واچ ڈاگ تنظیموں کے مطابق سن دو ہزار اٹھارہ میں ان کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی حقیقی تعداد کہیں زیادہ بنتی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق سن دو ہزار سترہ میں ان ممالک میں امریکی عسکری کارروائیوں کے نتیجے میں آٹھ سو عام شہری مارے گئے تھے۔
[pullquote]روس نے امریکی الزامات مسترد کر دیے[/pullquote]
روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن کے مطابق ماسکو نے مبینہ طور پر وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو سے کہا ہے کہ وہ ملک چھوڑ کر کہیں نہ جائیں۔ قبل ازیں امریکی حکام نے کہا تھا کہ روس نے صدر مادورو پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں جاری بدامنی کے باعث فرار نہ ہوں۔ اس لاطینی امریکی ملک میں اپوزیشن نے حکومت کے خلاف مظاہرے شروع کر رکھے ہیں جبکہ صدر مادورو کو سخت دباؤ کا سامنا ہے۔
[pullquote]جدید الیکٹرک بیٹری کی تیاری کے لیے فرانس اور جرمنی کے درمیان تعاون[/pullquote]
فرانس اور جرمنی نے ایک ایسے منصوبے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے تحت وہ یورپ میں جدید الیکٹرک بیٹریوں کی تیاری کی صنعت قائم کریں گے۔ فرانسیسی وزیر اقتصادیات برونو لے میئر فرانس اور جرمنی کے اس مشترکہ پراجیکٹ پر پانچ بلین یورو کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک پائلٹ پلانٹ فرانس میں جبکہ جرمنی اور فرانس میں ایک ایک پیداواری پلانٹ قائم کیے جائیں گے جن میں سے ہر ایک میں 1500 افراد کو روزگار ملے گا۔ لے میئر نے یہ اعلان جرمن وزیر اقتصادیات پیٹر آلٹمائر کے دورہ فرانس کے موقع پر کیا۔
[pullquote]ایرانی آئل ٹینکر کی سعودی بندرگاہ پر مرمت[/pullquote]
ایک ایرانی آئل ٹینکر کو انجن فیل ہونے کے بعد سعودی بندرگاہ پر مرمت کے لیے رُکنا پڑا ہے۔ یہ بات ایرانی وزارت تیل کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ یہ غیر متوقع لنگر اندازی ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب امریکا ایران کے تیل کی برآمدات کو کم سے کم کر دینے کی کوششوں میں ہے۔ ایرانی وزارت کے مطابق بحیرہ احمر میں سفر کرنے والے اس جہاز کے انجن روم میں پانی داخل ہو گیا تھا، جس کے بعد مدد کی کال جاری کی گئی تھی۔ اس کے بعد اسے جدہ کی بندرگاہ پر لے جایا گیا۔ اس بحری جہاز پر عملے کے کُل 26 افراد موجود ہیں جن میں سے 24 ایرانی جبکہ دو بنگلہ دیشی شہری ہیں۔
[pullquote]امریکا حوالگی نہیں چاہتا، اسانج[/pullquote]
وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج نے لندن کی ایک عدالت کو بتایا ہے کہ وہ یہ نہیں چاہتے کہ انہیں امریکا کے حوالے کیا جائے جہاں انہیں خفیہ معلومات کو آشکار کرنے کا مقدمے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ امریکا نے اس مقصد کے لیے جولیان اسانج کو واشنگٹن کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسانج کو گیارہ اپریل کو ایکواڈور کے سفارت خانے سے حراست میں لیا گیا تھا جہاں وہ گزشتہ کئی برسوں سے پناہ لیے ہوئے تھے۔ عدالت کے استفسار پر اسانج کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ انہیں ملک بدر کر کے امریکا بھیجا جائے۔
[pullquote]ہولوکاسٹ کا یادگاری دن، اسرائیل میں سائرن اور تقریبات[/pullquote]
اسرائیل میں نازی جرمنوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے چھ ملین یہودیوں کی یاد میں آج سالانہ یادگاری دن منایا گیا۔ اس موقع پر دو منٹ تک سائرن بجائے گئے، جس دوران پیدل چلنے والے اور سڑکوں پر موجود ٹریفک رک گئی اور تمام افراد نے اس دوران اپنے سر جھکا لیے۔ گھروں اور دفاتر میں بھی کام روک دیا گیا۔ ہولوکاسٹ میوزیم ’یاد واشم‘ پر پھول چڑھانے کی ایک تقریب بھی منقعد ہوئی، جس میں اسرائیلی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اس قتل عام میں بچ جانے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ ہولوکاسٹ میں مارے جانے والوں کی یاد میں یہ سالانہ دن اسرائیل میں بڑے جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔
[pullquote]بھارت ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا درجہ کم کروانے کی کوشش کرے گا، ارون جیٹلی[/pullquote]
بھارت وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کوشش کرے گی کہ پیرس میں قائم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) میں پاکستان کے درجے میں کمی کر دی جائے۔ یہ ادارہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے لیے مالی اعانت کے انسداد کے لیے کام کرتا ہے۔ ارون جیٹلی نے صحافیوں کو بتایا کہ ایف اے ٹی ایف کی ملاقات وسط مئی میں ہونا ہے اور اس میٹنگ میں کوشش کی جائے گی کہ پاکستان کا درجہ کم کرایا جائے۔