ہفتہ : 04 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہلکی نوعیت کی یورنیم کی افزودگی کا عمل جاری رہے گا، تہران[/pullquote]

ایران نے کہا ہے کہ وہ ہلکی نوعیت کی یورنیم کی افزودگی کا عمل جاری رکھے گا۔ پارلیمانی اسپیکر علی لاریجانی نے ہفتے کے دن کہا کہ عالمی جوہری ڈیل کے مطابق تہران بھاری پانی کی پیدوار کے عمل کو جاری رکھ سکتا ہے، اس لیے یورنیم کی افزودگی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب جمعے کے دن ہی واشنگٹن نے کہا کہ ایران کو یورنیم کی افزودگی مکمل طور پر بند کر دینا چاہیے۔ بھاری پانی ری ایکٹرز کے ذریعے پلوٹینیم پیدا کر سکتا ہے، جو جوہری ہتھیاروں کے لیے اہم جزو ہے۔ تاہم ایران کا کہنا ہے کہ وہ اس فیول کو سول نیوکلیئر پلانٹ کے لیے پیدا کر رہا ہے۔

[pullquote]شمالی شام میں تازہ خونریزی، درجنوں افراد زخمی یا ہلاک[/pullquote]

شامی فورسز نے ادلب صوبے میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں شدید بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن کے حامیوں نے ہفتے کو بتایا ہے کہ اس تازہ عسکری کارروائی کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر بھی ہو گئے ہیں۔ یہ وہی علاقہ ہے، جہاں ترکی اور روس کی ثالثی کے باعث آٹھ ماہ قبل فائر بندی کی ایک ڈیل طے ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ شامی حکومت نے ادلب میں باغیوں کے آخری ٹھکانے کے خاتمے کی خاطر مزید کمک طلب کر لی ہے، جس میں ٹینک اور سینکڑوں سپاہی بھی شامل ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل کے نئے ٹیسٹ[/pullquote]

شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحلی علاقے میں چھوٹے فاصلے تک مار کرنے والے متعدد راکٹ سمندر کی طرف فائر کیے ہیں۔ جنوبی کوریا اور امریکا کے ماہرین اس سرگرمی کی نوعیت کا اندازہ لگانے کی خاطر تحقیق کر رہے ہیں۔ تاہم اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ شمالی کوریا نے ان تجربات میں ممنوعہ بیلسٹک میزائل ٹیسٹ کیے ہیں۔ پیونگ یانگ کی طرف سے یہ تجربات ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں، جب اس کے امریکا کے ساتھ سفارتی مذاکرات میں تعطل پیدا ہو چکا ہے۔ ادھر امریکی صدر نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ جوہری ڈیل کے امکانات ابھی تک روشن ہیں۔

[pullquote]اسرائیل نے غزہ سرحد بند کر دی[/pullquote]

اسرائیل نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ غزہ پٹی سے ملحق اپنی سرحدی گزر گاہ کو بند کر رہا ہے۔ یہ گزر گاہ کارگو سامان اور لوگوں کی آمد و رفت کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ غزہ پٹی سے حماس جنگجوؤں کی طرف سے تازہ راکٹ حملوں کے بعد اسرائیل نے یہ اعلان کیا ہے۔ ان راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیلی فورسز نے جنگجوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بھی بنایا ہے، جس کی وجہ سے ایک فلسطینی ہلاک جبکہ دیگر متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائيل اور فلسطين کے مابين تازہ کشيدگی کا آج دوسرا دن ہے۔ جمعے کو سرحد پر فلسطينيوں کے احتجاج کے دوران اسرائيلی افواج کی کارروائی ميں چار فلسطينی ہلاک اور اکاون ديگر زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]لیبیا میں داعش کا حملہ، لیبین نیشنل آرمی کے آٹھ فوجی مارے گئے[/pullquote]

لیبیا کے جنوبی شہرسبھا میں جنگی سردار خلیفہ حفتر کی لیبین نیشنل آرمی کے آٹھ فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق آج ہفتے کے روز ایک مسلح شخص نے لیبین نیشنل آرمی کے ملٹری ٹریننگ سینٹر پر حملہ کر دیا جس میں آٹھ فوجی مارے گئے ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری جہادی تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔ رواں برس فروری میں خلیفہ حفتر نے لیبیا کے جنوبی علاقوں پر قبضے کے بعد گزشتہ ماہ ملکی دارالحکومت طرابلس پر چڑھائی کا اعلان کر دیا تھا۔ جس کے بعد سے لیبیا کی داخلی صورت حال خراب سے خراب تر ہو رہی ہے۔

[pullquote]روسی وزیر خارجہ کی پومپیو سے قبل وینزویلا کے وزیر خارجہ سے ملاقات متوقع[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف آئندہ ہفتے فن لینڈ مین اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات سے قبل ماسکو میں وینزویلا کے وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ روسی میڈیا کے مطابق لاوروف کی خورَگے ایرے آزا سے ملاقات کل بروز اتوار متوقع ہے۔ روسی وزیر خارجہ کی ملاقاتیں وینزویلا میں جاری سیاسی بحران کی روشنی میں اہم سمجھی جا رہی ہے۔ رواں ہفتے بدھ کے روز سیرگئی لاوروف نے مائیک پومپیو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وینزویلا میں کسی بھی طرح کے مزید ’جارحانہ اقدامات‘ کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

[pullquote]بھارت کے بعد بنگلہ ديش سمندری طوفان ’فانی‘ کی زد ميں، ایک درجن سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

طاقتور سمندری طوفان ’فانی‘ بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد آج ہفتے کے روز بنگلہ دیش میں داخل ہو گیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اس طوفان کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں بھارت اور بنگلا دیش میں کم از کم پندرہ افراد مارے گئے ہیں۔ ممکنہ تباہی کے پیش نظر بنگلہ دیشی حکام نے تقریباﹰ چالیس ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ آج ہفتے کی صبح اس سائیکلون کے ساتھ ستر کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل رہی ہیں تاہم اس کی شدت میں کمی ہوتی جا رہی ہے۔ ادھر بھارتی ریاست مغربی بنگال میں کل سے ہنگامی حالت نافذ ہے۔

[pullquote]امريکی وفد کے ساتھ مذاکرات ميں فاصلے کم ہوتے جا رہے ہيں، طالبان[/pullquote]

افغان طالبان نے کہا ہے کہ افغانستان سے غير ملکی افواج کے مکمل انخلاء کے حوالے سے خصوصی امريکی نمائندے کے ساتھ جاری مذاکرات ميں پيش رفت ہوئی ہے اور اختلافات بھی دور ہو رہے ہيں۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ ميں ان دنوں امن مذاکرات کا چھٹا دور جاری ہے۔ طالبان کے ترجمان سہيل شاہين کے مطابق افغانستان سے مغربی دفاعی اتحاد نيٹو اور امريکی افواج کے انخلاء کے حوالے سے دونوں فريقين نے نئی تجاويز پيش کی ہيں۔ شاہين نے ہفتے چار مئی کے اپنے ايک آڈيو پيغام ميں اس پيش رفت کی اطلاع دی۔ شاہين کے بقول، ’’فريقين کے مابين فاصلے کم کرنے کے ليے تجاويز موجود ہيں تاہم کسی حتمی نتيجے تک پہنچنے کے ليے مزيد بات چيت درکار ہے۔‘‘

[pullquote]اسرائيل و فلسطين کے مابين کشيدگی، جنگ بندی معاہدہ خطرے ميں[/pullquote]

اسرائيلی فضائيہ نے فلسطينی علاقوں ميں آج بروز ہفتہ متعدد حملے کيے ہيں۔ يہ حملے غزہ پٹی سے اسرائيلی علاقے کی جانب قريب نوے راکٹ فائر کيے جانے کے رد عمل ميں کيے گئے۔ اسرائيل کی تازہ فضائی کارروائی ميں ايک فلسطينی ہلاک و ديگر کئی زخمی ہوئے۔ اسرائيلی فضائيہ کے مطابق غزہ پٹی سے فائر کردہ اکثريتی راکٹس کو دفاعی نظام نے فضا ہی ميں ناکارہ بنا ديا۔ آج کم از کم ايسے دو مقامات کو نشانہ بنايا گيا، جہاں سے اسرائيلی علاقوں کی جانب راکٹ داغے جا رہے تھے۔ اسرائيل اور فلسطين کے مابين تازہ کشيدگی کا آج دوسرا دن ہے۔ جمعے کو سرحد پر فلسطينيوں کے احتجاج کے دوران اسرائيلی افواج کی کارروائی ميں چار فلسطينی ہلاک اور اکاون ديگر زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]شمالی کوریا: ’شارٹ رینج‘ میزائل کے مبینہ تجربے کے بعد امریکا سے کشیدگی میں اضافہ[/pullquote]

جنوبی کوریائی فوج کے مطابق شمالی کوریا نے آج ہفتہ چار مئی کو اپنے شمالی ساحلی علاقوں سے ایٹمی صلاحیت کے حامل متعدد ’شارٹ رینج‘ میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ فی الحال اس تجربے کے حوالے سے مزيد تفصیلات دستياب نہیں۔ تاہم جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف سٹاف نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ہفتے کی صبح مقامی وقت نو بجے مشرقی ساحلی علاقے وانسن سے شمال مشرق کی جانب قریبی اہداف کو مار کرنے والے میزائلوں کا تجربہ کیا گیا ہے۔ مبصرین کے مطابق شمالی کوریا نے رواں برس فروری میں ویت نام میں ہونے والے امریکا کے ساتھ ناکام مذاکرات کے بعد دباؤ بڑھانے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔

[pullquote]امریکی پابندیوں کی مزاحمت تیل اور دیگر مصنوعات کی برآمدات سے کریں گے، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ایران کو امریکی اقتصادی پابندیوں کی مزاحمت تیل کے ساتھ ساتھ دیگر برآمدات میں اضافے کے ساتھ کرنی چاہیے۔ صدر روحانی نے ہفتے کے روز یہ بیان یورینيئم کی افزودگی اور متنازعہ جوہری منصوبے میں توسیع کو روکنے کے سلسلے میں امریکی دباؤ کے رد عمل کے طور پر دیا۔ ایرانی صدر کے مطابق ایران کو تیل اور گیس کی صنعت کے علاوہ دیگر شعبوں میں پیداوار کو ترجیح دیتے ہوئے برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ واشنگٹن حکومت کی اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔

[pullquote]تھائی بادشاہ کی رسمی تاج پوشی کی تقریب[/pullquote]

تھائی لینڈ کے نئے بادشاہ وجیرا لونگ کورن کی تاج پوشی کی رسم آج ہفتے کے روز شاہی خاندان کی روایات کے مطابق منعقد ہوئی۔ تھائی لینڈ کے موجودہ بادشاہ مہا وجیرا لونگ کورن سن 2016 میں اپنے والد کے انتقال کے بعد بادشاہ بنے تھے۔ سڑسٹھ سالہ وجیرا لونگ کورن کی باقاعدہ تاج پوشی غیر معمولی تاخیر کے بعد آج ہفتہ چار مئی کو شاہی محل میں بدھ مت اور ہندو روایات کے ساتھ ادا کی گئی۔ بادشاہ وجیرا لونگ کورن کو دو سو برس قدیم اور سات کلو وزنی سونے کا تاج پہنایا گیا۔ تھائی لینڈ میں بادشاہ کی تاج پوشی تقریباﹰ 70 برس بعد ہو رہی ہے۔

[pullquote]فلوریڈا میں مسافر طیارہ دريا ميں اتر گيا، 143 مسافر محفوظ[/pullquote]

کیوبا سے شمالی فلوریڈا کی جانب پرواز کرنے والا ایک مسافر طیارہ گزشتہ شب دریائے سینٹ جونز میں اتر گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس طیارے میں سفر کرنے والے 136 مسافروں کے ساتھ ایئر لائن عملےکے سات افراد محفوظ ہیں۔ اس واقعے میں کسی مسافر کو سنگین چوٹ نہیں آئی۔ جیکسن وِل کی پولیس کے مطابق گوانتانامو بے سے پرواز کرنے والے بوئنگ 737 طیارے کے تمام مسافر محفوظ ہیں تاہم اکیس افراد کو معمولی چوٹيں لگنے کی وجہ سے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اس طیارے کے مسافروں میں سویلینز کے ساتھ ساتھ فوجی بھی شامل تھے۔

[pullquote]برازیل: پولیس کی کارروائیوں میں یومیہ پانچ افراد ہلاک ہو رہے ہیں، رپورٹ[/pullquote]

ايک تازہ رپورٹ کے مطابق ریو ڈی جنیرو کی پولیس کی جانب سے روا برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران ماضی کے مقابلے میں سب سے زیادہ افراد ہلاک کیے گئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سن 2019 میں جنوری سے مارچ تک روزانہ تقریباﹰ پانچ افراد پولیس کی پر تشدد کارروائیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ پولیس کارروائیوں میں سختی صدر جیئر بولسونارو کے حمایت یافتہ نئے گورنر کی تعیناتی کے بعد دیکھی جا رہی ہے۔ انسانی حقوق کے اداروں نے برازیل میں بڑھتے ہوئے ماورائے عدالت قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کے بعد پولیس کے خلاف قانونی کارروائی بھی نہیں کی جاتی۔

[pullquote]سوڈانی صدر عمر البشیر کے بعد مظاہرین کا ہدف ’ڈیپ اسٹیٹ‘[/pullquote]

سوڈانی مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کی حالیہ تحریک عمر البشیر کی حکومت کے خاتمے سے نہيں بلکہ تیس برس تک پس پردہ حکومت کرنے والی مسلم شدت پسندوں پر مبنی ’ڈیپ اسٹیٹ‘ کے خاتمے سے مکمل ہوگی۔ گزشتہ ماہ جمہوریت پسند مظاہرین نے عبوری عسکری کونسل میں شامل تین مسلم شدت پسند ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبے کرتے ہوئے ان کے ساتھ ملاقات سے بھی انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے مظاہرین اور سوڈان کی عبوری عسکری کونسل کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے، جو حکومت کے قیام میں تاخیر کا سبب بن سکتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے