منگل : 07 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانیہ یورپی پارلیمانی انتخابات میں حصہ لے گا، وزیر اعظم مے کے نائب کا اعلان[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کے نائب ڈیوڈ لیڈنگٹن نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے ایک رکن ملک کے طور پر برطانیہ کو تئیس مئی کو ہونے والے یورپی پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینا پڑے گا۔ کیبنٹ آفس کے وزیر لیڈنگٹن نے منگل کے روز کہا کہ چونکہ اب اتنا وقت نہیں بچا کہ بریگزٹ کے کسی معاہدے کو ملکی پارلیمان سے منظور کروا کر لندن یورپی یونین سے نکل جائے، اس لیے برطانیہ کو اب اسی مہینے ہونے والے یورپی پارلیمانی الیکشن میں حصہ لینا ہی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ توقعات کے برعکس ٹریزا مے کی حکومت اور اپوزیشن کی لیبر پارٹی کے مابین بریگزٹ سے متعلق مذاکرات جمود کا شکار ہو چکے ہیں۔

[pullquote]بھارت اپنی منڈیوں کو اور زیادہ کھول دے، امریکی وزیر تجارت کا مطالبہ[/pullquote]

امریکی وزیر تجارت وِلبر رَوس نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کو اپنی منڈیوں کو امریکی اداروں کے لیے اور زیادہ کھولنا ہو گا۔ انہوں نے منگل کے روز اپنے ایک دورے دوران نئی دہلی میں کہا کہ بھارت کی ترقی کرتی ہوئی معیشت میں امریکی ٹیکنالوجی اور مہارت بہت تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے بھارتی حکومت کو ملکی منڈیوں تک رسائی کی راہ میں ابھی تک حائل رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی۔ امریکی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اپنی بڑھتی ہوئی مڈل کلاس کی وجہ سے سن دو ہزار تیس تک بھارت دنیا بھر میں صارفین کی سب سے بڑی منڈی بن سکتا ہے۔

[pullquote]برطانیہ اور میانمار کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ممکن ہو گیا، برطانوی وزیر خارجہ[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ لندن حکومت اور میانمار کے باہمی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ممکن ہو گیا ہے۔ ہنٹ نے منگل کے روز کہا کہ ایسا میانمار میں زیر حراست خبر رساں ادارے روئٹرز کے دو مقامی صحافیوں کی رہائی کے باعث ممکن ہوا۔ ان دونوں صحافیوں کو میانمار کی ریاست راکھین میں دس روہنگیا مسلمانوں کے قتل کے ایک واقعے کی صحافتی چھان بین کرنے کی وجہ سے سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ برطانوی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میانمار کی حکومت کو اب ریاست راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کے بحران سے متعلق بھی اسی طرح کے کھلے پن کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

[pullquote]ایرانی کرنسی سات ماہ کی اپنی کم ترین سطح پر[/pullquote]

امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی کرنسی ریال کی قیمت گزشتہ سات ماہ کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ بڑھ رہا ہے۔ مختلف فارن ایکسچینج ویب سائٹس کے مطابق غیر سرکاری مارکیٹ میں آج منگل کے روز ایک امریکی ڈالر کی قیمت 154,000 ایرانی ریال تک نوٹ کی گئی۔ گزشتہ برس اکتوبر کے بعد سے یہ ایرانی کرنسی کی کم ترین قیمت ہے۔

[pullquote]مبینہ امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے چار مشتبہ جنگجو ہلاک[/pullquote]

یمن میں کیے جانے والے ایک مبینہ امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے چار مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ یہ بات علاقے میں موجود سکیورٹی ذرائع نے بتائی۔ ایک یمنی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صوبہ مارِب میں اس ڈرون حملے کا نشانہ عسکریت پسندوں کی ایک گاڑی کو بنایا گیا۔ امریکا یمن میں سرگرم ’جزیرہ نما عرب میں القاعدہ‘ (AQAP) نامی گروہ کو سب سے زیادہ شدت پسند گروپ تصور کرتا ہے۔

[pullquote]پومپیو نے برلن کا دورہ آخری وقت پر منسوخ کر دیا[/pullquote]

امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اپنا برلن کا دورہ آخری وقت پر منسوخ کر دیا ہے۔ برلن میں موجود امریکی سفارت خانے نے ملکی دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ پومپیو کا یہ دورہ ان کی مصروفیات کے سبب منسوخ کیا گیا ہے تاہم برلن میں ہونے والی ملاقاتوں کے لیے جلد ہی دوبارہ وقت مقرر کیا جائے گا۔

[pullquote]امریکا کی طرف سے طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کا اعلان ’نفسیاتی جنگ‘ کا حصہ ہے، تہران[/pullquote]

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے اپنا طیارہ بردار بحری جنگی جہاز مشرق وُسطیٰ بھیجنے کا اعلان ’نفسیاتی جنگ‘ سے زیادہ کچھ نہیں۔ امریکی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اتوار کو کہا تھا کہ امریکا ابراہم لنکن طیارہ بردار بحری جہاز کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کر رہا تاکہ ایران کو ایک پیغام دیا جا سکے۔ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان کیوان خسروری کے مطابق جان بولٹن کا بیان نفسیاتی جنگ کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بحری جہاز کئی ہفتے قبل سے ہی اس علاقے میں ہے۔

[pullquote]یورپ میں خسرے کی وباء، عالمی ادارہ صحت کی طرف سے انتباہ[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے یورپی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ خسرے سے بچاؤ کے لیے خطرات کے شکار افراد کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے یہ انتباہ یورپ میں دو مہینوں کے دوران 34 ہزار افراد کے خسرے سے متاثر ہونے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ خسرے سے متاثر ہونے کے زیادہ تر کیسز یوکرائن میں سامنے آئے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق 42 ممالک میں کُل 34,300 کیسز رجسٹر ہوئے جن میں سے 13 افراد ہلاک ہوئے۔ بیان کے مطابق اگر اس بیماری سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

[pullquote]میانمار نے جیل میں قید خبر رساں ادارے روئٹرز کے دونوں صحافیوں کو رہا کر دیا[/pullquote]

میانمار میں خبر رساں ادارے روئٹرز کے دو صحافیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ ان دونوں کو روہنگیا مسلمانوں کے بارے میں رپورٹنگ کرنے پر دسمبر 2017ء میں حراست میں لیا گیا تھا اور ملکی راز افشاء کرنے کے الزام میں مقدمہ قائم کر دیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری کو دنیا بھر میں تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد انہیں صدارتی معافی دے کر رہا کیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد ان صحافیوں نے دنیا بھر میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی حراست پر آواز بلند کی۔

[pullquote]ایسٹر سنڈے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والوں کا خاتمہ کر دیا ہے، سری لنکن حکام[/pullquote]

ایسٹر سنڈے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے نیٹ ورک کے زیادہ تر حصے کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ یہ بات سری لنکا کی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔ بیان کے مطابق حکام نے کارروائیوں کے دوران بم بنانے کا سامان قبضے میں لیا جبکہ منصوبہ سازوں سے منسلک قریب 40 ملین ڈالرز کے اثاثے بھی ضبط کر لیے ہیں۔ پولیس سربراہ چندانا وِکرامارتنے نے بتایا کہ قریب تمام مشتبہ منصوبہ سازوں کو یا تو گرفتار کیا جا چکا ہے یا وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ سری لنکا میں 21 اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں 257 افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]قطر کی طرف سے فلسطینیوں کے لیے 480 ملین ڈالرز کی امداد[/pullquote]

قطر نے شدید مالی مشکلات کی شکار فلسطینی انتظامیہ کے لیے 480 ملین ڈالرز کی امداد مختص کی ہے۔ قطری حکام کے مطابق یہ امداد تعلیم، صحت اور فوری انسانی ضروریات کی فراہمی کی مد میں فراہم کی جا رہی ہے۔ امریکا نے فلسطینی انتظامیہ کے لیے تمام تر امداد ختم کردی تھی اور اسرائیل کی طرف سے بھی فلسطینی علاقے سے حاصل ہونے والے محصولات کی منتقلی کا سلسلہ روک دیا گیا ہے جس کے بعد فلسطینی اتھارٹی شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔

[pullquote]طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کی وجہ آسمانی بجلی بنی، پائلٹ[/pullquote]

گزشتہ روز ماسکو کے ایک ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار بننے والے طیارے کے پائلٹ نے کہا ہے کہ آسمانی بجلی کی وجہ سے طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کرانا پڑی۔ سوخوئی مسافر بردار اس طیارے میں لینڈنگ کے وقت آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے 41 مسافر ہلاک ہو گئے۔ اس طیارے کے پائلٹ ڈینس ژیڈیکیموف نے میڈیا کو بتایا کہ آسمانی بجلی کی وجہ سے طیارے کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی ویڈیو میں اس طیارے کو رن وے پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران شعلوں میں لپٹا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

[pullquote]شام کے شمالی حصے میں عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے زور دیا ہے کہ شام کے شمال مغربی حصے میں عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ ان کی طرف سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب شامی حکومت کی فورسز اور اس کے اتحادی روس کی طرف سے صوبہ ادلب، حما اور اس سے منسلک علاقوں میں فضائی حملوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یہ علاقے تحریر الشام کے کنٹرول میں ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق صرف پیر کے روز ہی ایسے حملوں میں 43 جنگجو جبکہ پانچ عام شہری مارے گئے۔ گوٹیرش کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقوں کو عام شہریوں کے تحفظ سے متعلق عالمی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔

[pullquote]چینی نائب وزیر اعظم امریکا جا رہے ہیں، چین وزارت مالیات[/pullquote]

چین کے نائب وزیر اعظم لیو ہی دو روزہ دورے پر کل نو مئی کو امریکا جائیں گے۔ چینی وزارت مالیات کے مطابق نائب وزیر اعظم سینیئر امریکی حکام کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ تاہم اس بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ لیو ہی کے اس دورے کے دوران کون سے معاملات پر بات چیت ہو گی۔ خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا درآمد کی جانے والی چینی مصنوعات پر نئے محصولات جعمہ 10 مئی سے لاگو کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]امریکا اور چین کو تجارتی تناؤ میں اضافے سے بچنا چاہیے، فرانس[/pullquote]

امریکا اور چین کو چاہیے کہ وہ تجارتی تناؤ میں مزید اضافے سے باز رہیں تاکہ عالمی سطح پر نمو کا سلسلہ برقرار رہ سکے۔ یہ بیان فرانسیسی وزیر خزانہ برونو لے میئر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ لے میئر کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان کل بدھ کے روز سے شروع ہونے والے مذاکرات میں کوشش کی جائے کہ شفافیت اور آزادانہ تجارت کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ فرانسیسی وزیر خزانہ کے مطابق وہ ہر ایک پر زور دیتے ہیں کہ ایسے فیصلوں سے اجتناب کیا جائے جو آنے والے وقتوں میں عالمی تجارتی نمو کو نقصان پہنچائیں۔

[pullquote]امریکا نے 57 ملین ڈالر واپس کر دیے ہیں، ملائیشیا[/pullquote]

ملائیشیا نے کہا ہے کہ امریکی حکومت نے 57 ملین ڈالرز کی رقم بطور پہلی قسط ملائیشیا کو واپس کر دی ہے۔ یہ رقم 1MDB نامی فنڈ میں خرد بُرد کر کے امریکا میں بنائے گئے اثاثوں کے عوض ملائیشیا کو واپس کی گئی ہے۔ یہ واپسی کسی ملک سے لوٹے گئے مال کی وصولی کے امریکی پروگرام کے تحت ہوئی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کی طرف سے قائم کیے گئے اس ریاستی فنڈ کے ذریعے غیر قانونی طور پر امریکا میں خریدے گئے اثاثوں کی رقم کی ملائیشیا کو واپسی کی کوشش میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں جلد ہی ملائیشیا کو مزید 139 ملین ڈالرز لوٹائے جائیں گے۔

[pullquote]چین اپنا سب سے بڑا طیارہ بردار بحری جہاز تیار کر رہا ہے، امریکی تھنک ٹینک[/pullquote]

چین نے اپنے اب تک کے سب سے بڑے طیارہ بردار بحری جہاز کی تیاری زور و شور سے جاری رکھی ہوئی ہے۔ یہ بات ایک امریکی تھنک ٹینک نے مصنوعی سیارے سے حاصل ہونے والی تصاویر کی روشنی میں کہی ہے۔ سینٹر فار اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کی طرف سے خبر رساں ادارے روئٹرز کو فراہم کی گئی تصاویر کے مطابق شنگھائی کے قریب جیانگنان شپ یارڈ میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران اس بحری بیڑے پر تیز رفتار کام کو دیکھا جا سکتا ہے۔ چین نے اب تک یہ بات تسلیم نہیں کی کہ وہ اپنا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز تیار کر رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے