جمعرات : 09 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی دھاتوں پر پابندی ’بین الاقوامی اصولوں‘ کی خلاف ورزی ہے، تہران[/pullquote]

امریکا کی طرف سے ایرانی دھاتوں پر پابندی بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہی ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی ISNA کے مطابق عباس موسوی نے کہا کہ امریکی اقدام امریکی حکومت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے خلاف ہے۔ موسوی کے مطابق ایران کو اس باعث ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری امریکا پر ہو گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جن میں ایران کی صنعتی دھاتوں کی ایکسپورٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

[pullquote]مسلح افراد کو مزید طاقتور بنائیں گے، روسی صدر[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ملٹری وکٹری ڈے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسلح افواج کو مزید طاقتور بنانے کا کام جاری رکھے گا۔ ریڈ اسکوائر پر ہونے والی یہ پریڈ نازی جرمنی کی شکست کی 74 ویں سالگرہ پر منعقد کی گئی۔ پریڈ سے خطاب کے دوران پوٹن نے کہا مسلح افواج کی جنگی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے اور کی جاتی رہے گی۔ پوٹن نے مزید کہا کہ روس دہشت گردی، نیو نازی ازم اور شدت پسندی کے خلاف مزاحمت کرنے والوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

[pullquote]’بیلٹ اینڈ روڈ‘ منصوبے پر امریکی شکایات سن سن کر تنگ آ چکے ہیں، چین[/pullquote]

چینی حکومت نے کہا ہے کہ وہ امریکا کی طرف سے ‘بیلٹ اینڈ روڈُ‘ منصوبے سے متعلق شکایات سے تنگ آ چکی ہے۔ عالمی سطح پر تجارتی راستے اور روابط کے لیے اس چینی منصوبے پر کئی ممالک کو تشویش ہے کہ چین اس کے ذریعے نہ صرف اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہتا ہے بلکہ وہ منصوبے میں شریک ممالک کو قرض فراہم کر کے انہیں اپنے اثر میں لا سکتا ہے۔ اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ روز لندن میں ایک بار پھر یہ تحفظات دہرائے تھے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکی تنقید کے باوجود گزشتہ ماہ ہونے والی بیلٹ اینڈ روڈ کانفرنس کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری اس کی کامیابی پر یقین رکھتی ہے۔

[pullquote]شامی فورسز کا باغیوں کے کنٹرول والے ایک اہم شہر پر قبضہ[/pullquote]

شامی حکومتی فورسز نے ملک کے شمال مغربی حصے میں ایک اہم شہر قلعہ المضيق پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس بات کی تصدیق بعض رہائشیوں کے علاوہ شامی حالات پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی کی ہے۔ شام میں اس وقت باغیوں کے کنٹرول میں موجود سب سے بڑے علاقے پر قبضے کے لیے شامی فورسز نے کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ قلعہ المضيق کو اس لیے بھی اہمیت حاصل ہے کہ یہ علاقے میں روس کے زیر استعمال ایئربیس کے قریب ترین شہر ہے جو باغیوں کے کنٹرول میں تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا نے ایک اور میزائل داغ دیا[/pullquote]

شمالی کوریا نے ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ میزائل تجربہ کیا ہے۔ جنوبی کوریائی فوج کے مطابق یہ میزائل تجربہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب ایک امریکی وفد جنوبی کوریا میں ہے۔ خیال رہے کہ ہفتے کے روز شمالی کوریا نے فوجی مشقیں کیں اور اس دوران کئی ایک راکٹ داغے گئے جن میں سے کم از کم ایک درمیانے درجے تک مار کرنے والا میزائل تھا۔ شمالی کوریا کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب اسٹیفن بِیگن گزشتہ روز سیؤل پہنچے تھے تاکہ جنوبی کوریائی وفد کے دورہ شمالی کوریا سے قبل صلاح و مشورہ کیا جا سکے۔

[pullquote]ٹرمپ کی طرف سے ایران کے خلاف نئی پابندیاں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ٹرمپ نے تازہ پابندیاں ایران سے دھاتوں کی برآمدات پر لگائی ہیں، جن میں لوہا، اسٹیل، ایلمونیم اور تانبہ وغیرہ شامل ہیں۔ خام تیل کے بعد صنعتی دھاتوں کی برآمدات ایرانی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرمپ نے ایسی غیر ملکی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جو تہران کے ساتھ کاروبار کر رہی ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کو کوئی ایسی آمدنی نہیں ہونی چاہیے جو وہ اپنے جوہری پروگرام پر لگا سکے۔ فرانس کا موقف ہے کہ وہ تہران کے ساتھ مالیاتی رابطے اور برآمدات کا سلسلہ جاری رکھنے کے حق میں ہے۔

[pullquote]وینزویلا: گوآئیڈو کے نائب گرفتار[/pullquote]

بحران کے شکار لاطینی امریکی ملک وینزویلا میں خودساختہ عبوری صدر خوآن گوائیڈو کے نائب ایڈگر زمبرانو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ اطلاع زمبرانو نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں دی ہے۔ وہ وینزویلا کی پارلیمان کے نائب سربراہ بھی ہیں۔ ان پر سازش کرنے، بغاوت اور غداری جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ زمبرانو گزشتہ ہفتے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دینے والے خوآن گوائیڈو کے ساتھ میڈیا کے سامنے آئے تھے جس میں فوج سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ شامل ہو جائے۔

[pullquote]امریکا اور چین کے درمیان اضافی محصولات کے معاملے پر اہم مذاکرات[/pullquote]

امریکی اور چینی مذاکرات کاروں کے درمیان تجارتی معاملات پر بات چیت آج دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔ یہ مذاکرات ایک ایسے وقت پر ہو رہے ہیں جب امریکا کی طرف سے چینی مصنوعات پر اضافی محصولات کے نفاذ میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔ چینی حکام کے مطابق اگر امریکی صدر ٹرمپ اضافی محصولات کا نفاذ کرتے ہیں تو چین بھی اس کا جواب دے گا۔ امریکی صدر نے رواں ہفتے کے آغاز میں چینی مصنوعات کے خلاف جمعہ کے روز سے 200 بلین ڈالرز مالیت کے اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی حکام نے الزام عائد کیا تھا کہ چین طے شدہ معاملات پر عمدرآمد نہیں کر رہا۔

[pullquote]سنگاپور میں فیک نیوز کی اشاعت کو جرم قرار دے دیا گیا[/pullquote]

اطلاعات کے مطابق سنگاپور نے ایک ایسا قانون منظور کیا ہے جس میں فیک نیوز یا غلط خبر شائع کرنے والے کو 10 برس تک سزا اور سخت جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ سنگاپوری میڈیا کے مطابق یہ قانون گزشتہ شب منظور کیا گیا اور اس کے حق میں 72 جبکہ مخالفت میں صرف نو ووٹ پڑے۔ تین ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔ اس قانون کے مطابق حکومت کسی غلط خبر کی اشاعت کو رکوا سکتی ہے یا اسے ہٹوا سکتی ہے۔ سنگاپور میں فیک نیوز کی اشاعت قبل ازیں جرم کے زمرے میں نہیں آتی تھی۔

[pullquote]امریکا نے جاپان کے قریب گرنے والے انتہائی جدید جنگی جہاز کی تلاش کا کام روک دیا[/pullquote]

امریکی بحریہ نے جاپان کے اس ایف-35 اے جنگی طیارے کی تلاش کا کام روک دیا ہے جو گزشتہ ماہ جاپانی ساحل کے قریب سمندر میں گِر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس طیارے کا پائلٹ تاحال لاپتہ ہے۔ جاپان کی طرف سے تاہم اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اس طیارے کی تلاش کا کام جاری رکھے گا۔ امریکی ساختہ یہ انتہائی جدید طیارہ نو اپریل کو رات کے وقت دوران تربیت جاپان کے شمالی ساحل کے قریب گر گیا تھا۔ حادثے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔

[pullquote]بین الاقوامی این جی او کے دفتر پر طالبان کے حملے میں ہونے والی ہلاکتیں نو ہو گئیں[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں گزشتہ روز طالبان کی جانب سے ایک بین الاقوامی این جی او کے دفتر پر کیے جانے والے حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر نو ہوگئی ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے بقول ہلاک ہونے والوں میں پانچ پولیس اہلکار، ایک محافظ اور تین عام شہری شامل ہیں۔ امریکی امدادی فنڈ ’یو ایس ایڈ‘ کے ساتھ منسلک این جی او کاؤنٹر پارٹ انٹرنیشنل کے دفتر پر ہونے والے اس حملے میں 20 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ رحیمی کے بقول طالبان کا یہ حملہ چھ گھنٹوں تک جاری رہا۔

[pullquote]ماسکو، وینزویلا میں مزید فوجی ماہرین بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا، روسی نائب وزیر اعظم[/pullquote]

روسی حکومت اپنے مزید عسکری ماہرین وینزویلا بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ روسی نیوز ایجنسی RIA نے یہ بات ملکی نائب وزیر اعظم یُوری بریسوف کے حوالے سے لکھی ہے۔ کریملن کی طرف سے مارچ میں کہا گیا تھا کہ روسی فوجی ماہرین کا وینزویلا جانے کا مقصد وینزویلا کو فروخت کیے جانے والے روسی ہتھیاروں کے معاہدے پر عملدرآمد کا حصہ تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے