امریکا نے ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے بعد اپنا پیٹریاٹ ائیرڈیفنس میزائل سسٹم اور جنگی بیڑے کو مشرق وسطیٰ روانہ کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی حکام کا کہناہےکہ یو ایس ایس آرلنگٹن اور ائیرکرافٹ خلیج میں ابراہم لنکن اسٹرائیک گروپ کو جوائن کریں گے۔
پینٹاگون کا کہناہے کہ امریکا کے یو ایس بی 52 بمبار طیارے بھی قطر کی بیس پر پہنچ چکے ہیں۔
پینٹاگون نے مزید کہا ہے کہ یہ اقدامات خطے میں امریکی فورسز کے خلاف ایران کے ممکنہ آپریشن کے خدشے کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں۔
امریکا کی جانب سے ایران کی دھمکی کی نوعیت سے متعلق مختصر معلومات فراہم کی گئی ہیں جسے ایران نے بے وقوفی قرار دے کر مسترد کردیا ہے اور امریکی صف بندی کو نفسیاتی جنگی حربہ قرار دیا ہے جس کا مقصد ان کے ملک کو دھمکانا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کی ایک خبر ایجنسی نے سینئر ایرانی عالم یوسف تباتابائی نژاد کا بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہےکہ امریکی فوجی بیڑے کو ایک میزائل سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔
جمعہ کے روز پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ تصادم نہیں چاہتا لیکن واشنگٹن خطے کے مفاد اور امریکی فوج کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ دفاع خطے میں ایران کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔