اتوار : 12 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران، اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے، اسرائیلی وزیر[/pullquote]

اسرائیل کے وزیر توانائی یووال سٹائنٹز نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافے کی صورت میں تہران حکومت اسرائیل پر حملے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ خلیج کے خطے میں معاملات گرم ہو رہے ہیں جو خطرناک ہیں۔ اسرائیلی وزیر نے مزید کہا کہ جنگی صورت حال پیدا ہونے کے بعد ایرانی حکومت حزب اللہ اور اسلامی جہاد نامی عسکری تنظیموں کو اسرائیل کے خلاف سرگرم کر سکتی ہے۔ اس وقت اسرائیلی حکومت ایرانی و امریکی تناؤ کے دوران خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے حالانکہ وہ ایران کے خلاف امریکی اقدامات کی پرزور حامی ہے۔ اسٹائنٹز وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی سکیورٹی کابینہ کے رکن بھی ہیں۔

[pullquote]امریکا نے نفسیاتی جنگ شروع کر رکھی ہے، پاسدارانِ انقلاب[/pullquote]

ایرانی پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کے کمانڈر حسین سلامی نے ملکی پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف نفسیاتی جنگ شروع کر دی ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے ترجمان کے مطابق حسین سلامی نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں تجزیاتی جائزہ پیش کرتے ہوئے امریکی نفسیاتی جنگ کے مختلف پہلووں اور حربوں کی وضاحت کی۔ پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے مطابق خطے میں ایرانی افواج کی نقل و حرکت معمول کا عمل ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے گزشتہ ماہ ہی میجر جنرل حسین سلامی کو جدید ایرانی فوجی دستے پاسدارانِ انقلاب کا کمانڈر مقرر کیا تھا۔

[pullquote]سعودی عرب میں آٹھ مشتبہ دہشت گردوں کی ہلاکت[/pullquote]
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ملک کے مشرقی شیعہ اکثریتی علاقے قطیف کے ایک مقام پر ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران آٹھ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق ہفتہ گیارہ مئی کو مشرقی صوبے کے جزیرے تاروت میں خصوصی سکیورٹی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد گروپ کا پتہ چلا جو اہم ملکی مقامات و تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ سعودی حکومت کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اپنے دفاع میں جوابی فائر کیے تھے۔ تاروت کے شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں کئی عمارتوں سے دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ نے حوثی ملیشیا کے انخلا کی تصدیق کر دی[/pullquote]

اقوام متحدہ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ یمن کی حوثی ملیشیا کے جنگجوؤں کا تین بندرگاہی شہروں سے انخلا جاری ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق حوثی ملیشیا گیارہ سے چودہ مئی کے دوران صلیف، راس عیسیٰ اور حدیدہ سے اپنے دستوں کو نکال لے گی۔ حوثی ان بندرگاہوں کا انتظام کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا جائے گا۔ یہی کوسٹ گارڈز حوثی ملیشیا سے قبل ان بندرگاہوں کے نگران تھے۔ یمن کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو بدھ پندرہ مئی کو خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔ دوسری جانب منصور ہادی کی حکومت نے حوثی ملیشیا کے انخلا کو فریب کی پالیسی قرار دیا ہے۔

[pullquote]فلپائن میں وسط مدتی الیکشن پر سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی[/pullquote]

فلپائن میں پیر تیرہ مئی کو وسط مدتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ منیلا حکومت نے انتخابی علاقوں میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔ وسط مدتی انتخابات میں بلدیاتی کونسلر سے لے کر سینیٹ تک کی مختلف اٹھارہ ہزار پوزیشنوں پر ووٹنگ ہو گی۔ سینیٹ کی کُل ایک درجن نشستوں کا چناؤ کیا جائے گا جب کہ پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کی دو سو چالیس سیٹوں پر پولنگ ہو گی۔ موجودہ صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کے حامیوں کی بھاری کامیابی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تیرہ جنوری سے شروع ہونے والی انتخابی مہم میں اب تک بیس افراد کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

[pullquote]پوپ نے انیس افراد کو پادری کے منصب پر فائز کر دیا[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ایک خصوصی تقریب میں انیس افراد کو پادری کے منصب پر فائز کیا ہے۔ سینٹ پیٹرز باسلیکا میں انہیں یہ منصب ویٹیکن کی کیتھولک مذہبی درسگاہ سے دینی تعلیم مکمل کرنے کے بعد دیا گیا۔ زیادہ تر نئے پادریوں کا تعلق اٹلی سے ہے جب کہ کروشیا، پیرو، ہیٹی اور جاپان کے شہری بھی شامل ہیں۔ پوپ نے انہیں تلقین کی وہ پادری بن کر انسانیت کی خدمت پوری مسرت اور جانفشانی سے کریں۔

[pullquote]چین تجارتی ڈیل طے کرے ورنہ صورت حال خراب ہو سکتی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے کہا ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ تجارتی ڈیل کو ابھی طے کر لے بصورت دیگر سن 2020 میں یہ صورت خراب تر ہو سکتی ہے۔ امریکی صدر سن 2020 میں صدارتی الیکشن جیتنے کی صورت میں اپنی دوسری مدت صدارت کا حوالہ دے رہے تھے۔ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازعات پر مذاکراتی سلسلہ گزشتہ برس سے جاری ہے اور ابھی تک کئی معاملات حل طلب ہیں۔ مذاکرات کا تازہ ترین دور جمعہ دس مئی کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں مکمل ہوا تھا۔ اب اگلے دورے کے لیے امریکی وفد چینی دارالحکومت بیجنگ جائے گا۔

[pullquote]لیتھویانیا میں صدارتی الیکشن کی ووٹنگ[/pullquote]

بالٹک خطے کی ریاست لیتھوینیا میں صدارتی الیکشن میں رجسٹرڈ ووٹرز نے اپنا حق رائے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ انتخابی عمل میں شریک سابق وزیر خزانہ انگریڈا سیمونیٹے اور ماہر اقتصادیات گیٹناس ناؤسیڈا کے درمیان خاصا سخت مقابلہ ہے۔ اِس الیکشن میں ایک تیسرے امیدوار ساؤلیئس سکویرنیلس عوام کی توجہ حاصل کر سکتے ہیں۔ تینوں امیدواروں نے انتخابی مہم میں اپنی توجہ سماجی مسائل پر ریاستی اخراجات میں اضافہ کرنے پر مرکوز رکھی۔ مطلوبہ ووٹ نہ حاصل کرنے کی صورت میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے کا الیکشن چھبیس مئی کو ہو گا۔ دوسری جانب لیتھوینیا کی عوام میں عدم مساوات کا معاملہ حساسیت اختیار کر چکا ہے، جو یورپی یونین میں یہ سب سے زیادہ ہے۔

[pullquote]بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے چھٹے مرحلے کی پولنگ[/pullquote]

بھارت میں لوک سبھا کی انسٹھ نشستوں کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ بارہ مئی کی پولنگ میں 101 ملین سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔ آج دارالحکومت نئی دہلی کے سات حلقوں میں بھی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اتوار کو ہونے والی ووٹنگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ایک امیدوار پراگیا سنگھ ٹھاکر بھی شامل ہیں جو سن 2008 کے ایک بم دھماکے سے متعلق جاری مقدمے میں ملزم ہیں۔ خاتون امیدوار ٹھاکر ان دنوں ضمانت پر ہیں۔ بھارتی الیکشن کا ساتواں اور آخری مرحلہ انیس مئی کو مکمل ہو گا۔ گیارہ مئی سے شروع ہونے والے سات مرحلوں کے انتخابی عمل میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی تیئیس مئی کو ہو گی۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ روسی صدر سے منگل کو ملاقات کریں گے[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو منگل چودہ مئی کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ بحیرہ اسود پر واقع شہر سوچی میں ملاقات کریں گے۔ گزشتہ برس جولائی میں ہیلسنکی سمٹ کے بعد یہ امریکا کی روس صدر کے ساتھ یہ پہلی اہم رابطہ کاری ہے۔ اس دورے کے دوران پومپیو اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ان دونوں ملکوں کے درمیان وینزویلا کا سیاسی بحران ایک اور کشیدگی کا باعث بنا ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پومپیو اور پوٹن کی ملاقات کسی بڑے بریک تھرو کا باعث نہیں بنے گی۔

[pullquote]وینزویلا: اپوزیشن لیڈر گوآئیڈو کی پینٹاگون سے تعاون کی امید[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر خوآن گروآئیڈو نے امریکا میں اپنے سفیر سے کہا ہے کہ وہ ملکی سیاسی بحران کے حل کے لیے امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے اہلکاروں سے ملاقات کریں۔ ابھی دو روز قبل گوآئیڈو نے کہا تھا کہ وہ حکومتی کریک ڈاؤن کے باوجود صدر مادورو کی حکومت پر دباؤ بڑھائے رکھیں گے۔ انہوں نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ مادورو حکومت کے خاتمے کے لیے غیر ملکی فوجی دستوں کو بلانے کی سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشلسٹ حکومت کے پاس موجودہ صورت حال کا حل صرف مذاکرات میں ہے۔ خوآن گوآئیڈو کو امریکا سمیت پچاس کے قریب ملکوں نے وینزویلا کا جائز لیڈر تسلیم کر رکھا ہے.

[pullquote]شمالی و جنوبی کوریا کے موسیقاروں کی مشترکہ پرفارمنس[/pullquote]

چینی بندرگاہی شہر شنگھائی میں جنوبی کوریا کے وائلن نواز وُون ہیونگ جُون نے شمالی کوریا کی گلوکارہ کِم سونگ می کے ساتھ مل کر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ان دونوں فنکاروں نے پہلی مرتبہ کسی کنسرٹ میں ایک ساتھ حصہ لیا۔ شمالی کوریائی گلوکارہ نے اس موقع پر کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تقریب اُن کے علاقے میں مصالحت اور امن کے فروغ کا باعث بنے گی۔ سابقہ سرمائی اولمپکس کے دوران بھی دونوں کوریائی ملکوں کے فنکار ایک میوزیکل کنسرٹ میں شریک ہوئے تھے۔ شنگھائی کنسرٹ ایسے وقت میں منعقد ہوا ہے جب جزیرہ نما کوریا کے شمالی حصے نے کم فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل کے تجربات کیے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے