منگل : 14 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی عدالت انصاف کا ملک بدری کے حوالے سے اہم فیصلہ[/pullquote]

یورپی عدالت انصاف کے ایک فیصلے کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث تارکین وطن کو بھی مخصوص حالات میں ملک بدر نہیں کیا جا سکے گا۔ ججوں کے مطابق یورپی قوانین کی رو سے کسی شخص کی سیاسی پناہ کی درخواست مسترد کیے جانے کا جنیوا کنونشن کے تحت پناہ کے حق اور یورپی یونین کے بنیادی قوانین سے تعلق نہیں بنتا۔ اس سلسلے میں تین تارک وطن نے یورپی عدالت انصاف سے رجوع کیا تھا۔ بیلجیم اور چیک ریپبلک نے سنگین جرائم میں ملوث ہونے کی وجہ سے ان تینوں کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔

[pullquote]جرمنی: سیاسی بنیاد پر کیے جانے والے جرائم میں کمی[/pullquote]

جرمنی میں سیاسی بنیاد پر کیے جانے والے جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران ایسے واقعات کی تعداد تقریباً چھتیس ہزار رہی، جو 2017ء کے مقابلے میں8.7 فیصد کم ہیں۔ اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے جرمن وزیر نے مزید بتایا کہ گزشتہ برس رجسٹرڈ جرائم میں سے نصف یعنی بیس ہزار سے زائد کا تعلق دائیں بازو کی شدت پسندی سے تھا۔ تاہم سامیت دشمنی اور غیر ملکیوں سے نفرت کی بناء پر کیے جانے والے جرائم میں بالترتیب بیس بیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب مسلم شدت پسندی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

[pullquote]اہم سعودی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، حوثی ٹیلی وژن[/pullquote]

ایران نواز حوثی ملیشیا نے اہم سعودی عرب کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفلیح نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ڈرون کے ذریعے تیل کو پمپ کرنے والے دو اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا، جس سے تیل کی ترسیل رک گئی ہے۔ حوثی ملیشیا نےنشانہ بنائی گئی سعودی تنصیبات کی کوئی تفصیل بیان نہیں کی۔ لیکن اتنا بتایا کہ سات ڈرونز کے ذریعے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملے ایسے وقت پر کیے گئے جب حوثی ملیشیا نے تین بندرگاہی شہروں صلیف، راس عیسیٰ اور حدیدہ سے اپنے جنگجوؤں کو پیچھے ہٹانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

[pullquote]ادلب کی صورت حال، ترک اور روسی وزرائے دفاع کی بات چیت[/pullquote]

ترک وزیر دفاع حلوصی آکار نے شامی علاقے ادلب کی سلامتی کی خراب ہوتی ہوئی صورتحال پر اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ اس بات چیت میں ادلب میں مسلح کشیدگی کو کم کرنے پرتوجہ مرکوز کی گئی۔ اسی دوران ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ادلب میں بگڑتے حالات کا ذمہ دار اسد حکومت کو ٹھہرایا ہے۔ ایردوآن کے مطابق دمشق حکومت روس اور ترکی کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش میں ہے۔ شمال مغربی شامی صوبے ادلب میں شامی فوج اور باغیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کا امریکی قبضے میں لیے گئے بحری جہاز کی واپسی کا مطالبہ[/pullquote]

شمالی کوریا نے واشنگٹن انتظامیہ سے قبضے میں لیے گئے اپنے بحری جہاز اور اُس کے عملے کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شمالی کوریائی حکومت نے امریکا کی جانب سے مال بردار بحری جہاز کو قبضے میں لینے کے فعل کو جارحانہ اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکا نے بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ایسا شمالی کوریائی بحری جہاز قبضے میں لے لیا تھا، جو کوئلے کی مال برداری کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ جہاز کا چوبیس رکنی عملہ بھی حراست میں ہے۔

[pullquote]روسی صدر آج منگل کو امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج منگل چودہ مئی کو بحیرہ اسود کے شہر سوچی میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے اختلافی معاملات کو زیر بحث لائے جانے کا قوی امکان ہے۔ گزشتہ برس جولائی میں ہیلسنکی سمٹ کے بعد امریکا کی روسی صدر کے ساتھ یہ پہلی اہم رابطہ کاری ہے۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ان دونوں ملکوں کے درمیان وینزویلا کا سیاسی بحران ایک اور کشیدگی کا باعث بنا ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پومپیو اور پوٹن کی ملاقات کسی بڑے بریک تھرو کا باعث نہیں بنے گی۔

[pullquote]چین اور امریکا اپنے تجارتی اختلافات حل کر لیں گے، چینی وزیر خارجہ[/pullquote]

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ امریکی و چینی مذاکرات کار اختلافی تجارتی معاملات کے لیے کوئی مناسب حل تلاش کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وانگ یی کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی مذاکراتی ادوار میں کامیابی کے یقین کا اظہار کر چکے ہیں۔ روسی دارالحکومت ماسکو میں دیے گئے بیان میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ فریقین مذاکرات میں تعطل کے باوجود پُرامید ہیں کہ بہتر نتائج کا حصول ممکن ہے۔ امریکا اور چین کے تجارتی اختلافات پر مذاکراتی عمل گزشتہ برس سے جاری ہے لیکن ابھی تک بعض معاملات حل طلب ہیں۔

[pullquote]سوڈان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں چھ افراد ہلاک[/pullquote]

سوڈان میں سلامتی کے اداروں اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مظاہرین کی مرکزی تنظیم سوڈان پروفیشنل ایسوسی ایشن کے مطابق یہ ہلاکتیں پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والی جھڑپوں کے دوران ہوئیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سوڈانی فوج کا ایک میجر بھی شامل ہے۔ سوڈان میں جمہوریت نواز مظاہرین ملٹری کونسل سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ عبوری حکومتی انتظام سویلین کے حوالے کیا جائے۔

[pullquote]وسط مدتی انتخابات میں فلپائنی صدر کے حامیوں کی برتری[/pullquote]

فلپائنی کے وسط مدتی انتخابات میں صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کے حامیوں کو برتری حاصل ہے۔ ملکی پارلیمان کے ایوانِ بالا کی بارہ نشستوں پر بھی ڈوٹیرٹے کے حامی سبقت رکھتے ہیں۔ اپوزیشن کی بڑی جماعت لبرل پارٹی کو کئی انتخابی حلقوں میں شکست کا سامنا ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے ابھی تک اپنی شکست کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ فلپائنی صدر نے انتخابات میں اپنے حامی امیدواروں کی کامیابی کو اپنی پالیسیوں کی عوامی تائید سے تعبیر کیا ہے۔ ڈوٹیرٹے نے پیر کے الیکشن کو اپنی صدارت کا ریفرنڈم بھی قرار دے رکھا ہے۔

[pullquote]سری لنکا میں مسلم مخالف پرتشدد کارروائیاں، ایک مسلمان ہلاک[/pullquote]

سری لنکا میں مسلم آبادی کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ایک مسلمان کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ تصدیق ایک حکومتی وزیر رؤف حکیم نے کی ہے، جن کا تعلق مسلم کانگریس نامی سیاسی جماعت سے ہے۔ یہ سیاسی پارٹی حکومتی اتحاد میں شامل ہے۔ حکیم کے مطابق مشتعل افراد نے پیر تیرہ مئی کو ایک مسلمان شخص کو شمال مغربی سری لنکا میں ہلاک کیا۔ اس کے علاوہ درجنوں دوکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ کئی مساجد کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان حملوں میں مسیحی کمیونٹی اور سری لنکن کی اکثریتی سنہالی آبادی کے افراد شامل ہیں۔ کولمبو حکومت نے شمال مغربی حصے میں کرفیو کا نفاذ کر ر کھا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے سربراہ کا نیوزی لینڈ کی مسجد النور کا دورہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران کرائسٹ چرچ کی مسجد النور کا دورہ کیا۔ النور مسجد میں رواں برس پندرہ مارچ کو ایک دہشت گرادانہ حملے میں کم از کم چالیس نمازیوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ وہ ایک ایسے عالمی پلان کو مرتب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس کا مقصد نفرت کے اظہار کے خلاف جد و جہد ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں نفرت کے جذبات کے اظہار کی افزائش ہو رہی ہے اور یہ عوامی سطح پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مسجد کے باہر جمع افراد سے تقریر کرتے ہوئے کیا۔

[pullquote]انٹرنیشنل کلائمیٹ کانفرنس آج برلن میں[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں آج منگل کو ایک بین الاقوامی ماحولیاتی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس میں پینتیس مختلف ملکوں کے نمائندے شریک ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق کانفرنس کے شرکاء سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل خصوصی خطاب کرتے ہوئے دنیا کو درپیش ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے اپنی ملکی ترجیحات بیان کریں گی۔ یہ کانفرنس سن 2010 میں قائم کیے گئے پیٹرزبرگ ڈائیلاگ کے تحت منعقد ہو رہی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ پیٹرزبرگ ڈائیلاگ اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کے لیے ایک عمل انگیز ثابت ہو سکتا ہے۔ جرمن چانسلر کو ملک کے اندر اس دباؤ کا سامنا ہے کہ وہ کاربن اخراج میں کمی لانے کے عملی اقدام کریں۔

[pullquote]ٹرمپ کانگریس سے خلائی پروگرام کے لیے اضافی امداد طلب کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کانگریس سے ملکی خلائی پروگرام کے لیے اضافی 1.6 بلین ڈالر مختص کرنے کی درخواست کرے گی۔ ٹرمپ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ناسا سن 2024 میں انسان بردار مشن چاند کے لیے روانہ کرے۔ اس مالی اضافے کی منظوری کے بعد امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے سن 2020 تک اخراجات تقریباً تیئس بلین ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔ قبل ازیں ناسا نے سن 2028 میں چاند پر اپنا انسان بردار مشن روانہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ دوسری جانب امریکی خلائی ادارہ اپنی خلائی سرگرمیوں کے لیے نجی اداروں کا تعاون حاصل کرنے کی کوشش میں بھی ہے۔

[pullquote]فرانس میں ہم جنس پرستوں پر ریکارڈ حملے[/pullquote]

فرانسیسی ہم جنس پرستوں کو سن 2018 میں ریکارڈ حملوں کا سامنا رہا۔ ہم جنس پرستوں کی ایک تنظیم ایس او ایس ہوموفوبی نے اپنی رپورٹ میں ان حملوں کی تفصیل بیان کرتے ہوئے گزشتہ برس کو ایک تاریک سال قرار دیا۔ اس رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 231 حملے ہم جنس پرستوں پر کیے گئے۔ سن 2017 میں 188 ایسے حملے کیے گئے تھے۔ اس طرح سن 2018 میں یہ اضافہ چھیاسٹھ فیصد تھا۔ ایس او ایس ہوموفوبی نے ان حملوں کے حوالے سے انیس سو سے زائد افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے۔ ان حملوں میں نازیبا الفاظ کا استعمال، ناپسند کرنے اور ڈارانا دھمکانا بھی شامل ہیں۔

[pullquote]ویتنام: سوائن فلُو کے انسداد کے لیے فوج متحرک کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

ویتنامی حکومت نے سوائن فلو کی وبا کے انسداد کے لیے ملکی فوج کو مختلف علاقوں میں متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وبا کی وجہ سے ویتنام میں اب تک چار فیصد پالتو خنزیر ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں خنزیری فلو کے وائرس کی پہلی مرتبہ نشاندہی رواں برس فروری میں ہوئی تھی۔ اس وبا نے انتیس ویتنامی صوبوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ویتنام کے نائب وزیر زراعت کے مطابق پولیس اور فوج کے دستے سوائن فلو کے خلاف عملی اقدامات کے تحت متاثرہ جانوروں کو تلف کرنے کا سلسلہ شروع کریں گے۔ وزیر کے مطابق ویتنام کو اس وقت ایک انتہائی پیچیدہ اور سنگین مسئلے کا سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے